Tag: governor sindh

  • عمران خان شروع سے منفی سیاست کرتے آئے ہیں، گورنر سندھ

    عمران خان شروع سے منفی سیاست کرتے آئے ہیں، گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان شروع سے منفی سیاست کرتے آئے ہیں، ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، عدالت کے ہر فیصلے کا احترام کریں گے۔

    ان خیلات کا اظہار انہوں نے دو دریا سی ویو پر دیئے گئے عشائیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، گورنر سندھ محمد زبیر کا پانامہ کیس کے فیصلے سے متعلق کہنا تھا کہ ہم کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہیں، ن لیگ نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے آئندہ بھی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان شروع دن سے منفی سیاست کرتے آئے ہیں، وقافی حکومت کراچی میں پانی کے مسئلے کے حل کیلئے ہر طرح کا تعاون کررہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال اپریل تک کے فور اورگرین بس منصوبے جلد مکمل کرلئے جائیں گے،اس موقع پر سینیٹرنہال ہاشمی نے کہا کہ پی پی نے عوام پر بہت ظلم کیے ہیں، ان سے کہتا ہوں صراط مستقیم پر آجائیں۔

    منظور وسان روز نواز شریف اور ان کے ترقیاتی کاموں کے خواب دیکھتے ہیں، پاناما کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے خلاف ماضی میں بھی بہت غلط فیصلے آئے ہیں پاناما کو بھی اسی کی کڑی سمجھ کر قبول کرلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج کے دن بھٹو صاحب کی روح پی پی پی کی موجودہ عوام دشمن پالیسیاں دیکھ کر شرمندہ ہوگی، ن لیگ کراچی کی قیادت کیلئے نرم رویہ رکھتی ہے، تقریب میں ن لیگ کے دیگر رہنماؤں سمیت غیرملکی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

  • تعلیم کے شعبے کو بہترین بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، گورنرسندھ

    تعلیم کے شعبے کو بہترین بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، گورنرسندھ

    کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا تعلیمی میدان میں ترقی سے ہی معاشی و اقتصادی میدان میں ترقی حاصل کی جاسکتی ہے، تعلیم کو عصر حاضر کے مطابق ڈھالنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) میں فارغ التحصیل طالب علموں کے سالانہ ڈنر میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ طالب علمی کا زمانہ سنہری دور ہے اور یہ انسان کو ہر عمر میں بہت یاد آتا ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں طالب علمی کے زمانے کی کچھ یادیں بھی بیان کیں، محمد زبیر نے کہا کہ طالب علم اساتذہ کی محنت سے ہی نمایاں مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن وسائل بروے کار لارہی ہے اس ضمن میں پرانے اسکولوں کی ازسرنو تعمیر اور نئے اسکولوں کے قیام کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیم کو بھی عصر حاضر کے مطابق فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام کی ترقی تعلیم بالخصوص اعلیٰ تعلیم سے ہی ممکن ہے، اس کو حاصل کرنے کے بعد تحقیق کے ذریعے ہی منزل کی جانب سفر کرنا ممکن ہوتا ہے، طالب علم آج ملک سمیت دنیا بھر میں اہم عہدوں پرتعینات ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔

  • کراچی:گورنر سندھ محمد زبیر سے چینی قونصل جنرل وانگ یو کی ملاقات

    کراچی:گورنر سندھ محمد زبیر سے چینی قونصل جنرل وانگ یو کی ملاقات

    کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے چینی قونصل جنرل وانگ یو سے ملاقات کی ، ملاقات میں چینی قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ سی پیک سے پاکستان تیز رفتار ترقی کے دور میں داخل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر کی چینی قونصل جنرل وانگ یو سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کپ چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کریں گے، سی پیک دونوں ممالک کی ترقی وخوشحالی کا منصوبہ ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ سرکلرریلوے کی سی پیک میں شمولیت سے جلد تکمیل میں مدد ملے گی، پاک چین دوستی میں وقت کیساتھ ساتھ مزید اضافہ ہورہا ہے۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، کراچی میں سرمایہ کاری کیلئے فضا نہایت سازگار ہے، وزیر اعظم اقتصادی شعبے پر خصوصی توجہ دے رہےہیں، وزیراعظم کی پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع پیدا ہوئے۔

    ملاقات میں چینی قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان تیز رفتار ترقی کے دور میں داخل ہوگا۔

  • صوبے میں سب کو سیاست کا یکساں موقع دیا جائے گا: گورنرسندھ

    صوبے میں سب کو سیاست کا یکساں موقع دیا جائے گا: گورنرسندھ

    کراچی: گورنرسندھ محمد زبیرنے کہا کہ میرے دروازے تمام سیاسی قوتوں کے لئے کھلے ہیں، سیاست کے یکساں مواقعوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا.

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ سے حافظ نعیم الرحمان کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی،سیاسی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.

    اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا کہ میرے دروازے تمام سیاسی قوتوں کے لئے کھلے ہیں، سیاست کے یکساں مواقعوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، صوبے کی ترقی کے لئےتمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کروں گا.

    مردم شماری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے کی شفافیت کے لئے فوج کی مدد لی جارہی ہے،انتخابی اصلاحات کے ذریعے منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا.

    یہاں پڑھیں:کراچی آپریشن سے پورے صوبے میں امن قائم ہوا، محمد زبیر

    گورنر سندھ نے کہا کہ تمام افراد کو مل کر سندھ کی ترقی کے لئے کام کرنا ہوگا، محمد زبیر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے شہر کی ترقی میں‌ ہی ملک کا روشن مستقبل پوشیدہ ہے.

    یاد رہے، گورنرمحمد زبیر نے رواں ماہ صوبے کے 32 ویں گورنرکی حیثیت سےعہدے کا حلف اٹھایا ہے ، انہوں نے 2012 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیارکی اورپارٹی کے منشور کی تیاری میں معیشت اور ٹیکس ریفارمز کے شعبوں میں معاونت کی۔

    مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کےبعد محمد زبیرکو پہلے بورڈ آف انوسٹمنٹ کا چیئرمین اور دسمبر 2013میں نجکاری کمیشن کا سربراہ بنایا گیا، جبکہ اب وہ گورنر سندھ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں.

  • کراچی:گورنر سندھ سے نیپال کی سفیر  ،انڈو نیشیا کےقونصل جنرل کی ملاقات

    کراچی:گورنر سندھ سے نیپال کی سفیر ،انڈو نیشیا کےقونصل جنرل کی ملاقات

    کراچی : گورنر سندھ نے نیپال کی سفیر اور انڈو نیشیا کے قونصل جنرل سے ملاقات کی ، دو طرفہ تجارتی معاملات اور سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر سے نیپال کی سفیر نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ، ملاقات میں پاک نیپال دو طرفہ تجارتی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ توانائی کا ہے، اس ضمن میں وفاقی حکومت نے توانائی کے حصول کے لئے میگا پروجیکٹس تشکیل دیئے ہیں جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ میں بھی توانائی کے منصوبوں کو اہمیت دی جارہی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ صوبہ میں قیام امن کے بعد سرمایہ کاری کا ماحول ساز بن چکا ہے، صوبائی حکومت بھی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے ۔

    نیپال کی سفیر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ دنیا کی طرح نیپال بھی اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ میں امن وامان قائم ہو گیا ہے، نیپال کے سرمایہ کار بھی پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ میں سر مایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

    دریں اثنا ء گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہاؤس میں انڈونیشیا کے نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات و سرمایہ کاری ، خطہ کی مجموعی صورتحال اور دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال سرمایہ کاری کے لئے انتہائی مفید و موافق ہوچکی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ سے سرمایہ کاری کرکے پرکشش مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے ۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاں انتہائی تربیت و تعلیم یافتہ ہیومن ریسورس بھی دستیاب ہے جبکہ خطہ میں منفرد اہمیت رکھنے والا کراچی شہر سرمایہ کاری کے لئے پر کشش حیثیت رکھتا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ صوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں حصہ لینے والے سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں اس ضمن میں انڈونیشیا کے سرمایہ کار بھی صوبہ میں سرمایہ کاری کرکے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔

  • کراچی آپریشن سے پورے صوبے میں امن قائم ہوا، محمد زبیر

    کراچی آپریشن سے پورے صوبے میں امن قائم ہوا، محمد زبیر

    کراچی : گورنرسندھ محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن سے شہر قائد سمیت پورے صوبے میں امن قائم ہوا ہے، کراچی بیرونی سرمایہ کاری کیلئےموزوں شہربن چکاہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں وفاقی وزیرعبدالقادر بلوچ کی ملاقات کے موقع پر ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، گورنر ہاؤس کراچی میں وفاقی وزیرعبدالقادربلوچ نے گورنرسندھ محمد زبیر عمر سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں سندھ میں امن وامان کی صورتحال اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں قانون نافذ کرنیوالےاداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے، قیام امن کے باعث کراچی بیرونی سرمایہ کاری کیلئے موزوں شہربن چکا ہے۔

    سرمایہ کاراب بلاخوف و خطرپاکستان میں سرمایہ کاری کرسکتےہیں، محمد زبیر عمر نے کہا کہ پریشن ضرب عضب سے ملک بھرمیں دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی ہے۔

  • محمد زبیرکی بطور گورنر تقرری خوش آئند ہے، عشرت العباد

    محمد زبیرکی بطور گورنر تقرری خوش آئند ہے، عشرت العباد

    کراچی : سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا ہے کہ محمد زبیر اچھے آدمی ہیں، گورنرسندھ تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، امید ہے کہ وہ کراچی کے تمام مسائل کو حل کریں گے اور شہرمیں امن و امان کی فضا کو قائم کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا کہ محمد زبیر کو گورنرسندھ مقرر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، محمد زبیراچھے آدمی ہیں میری اکثر ملاقاتیں بھی رہی ہیں۔

    سندھ کے مخصوص حالات میں گورنر کا عہدہ اہم ہے، محمد زبیر پر منحصر ہے کہ وہ گورنر کے عہدے کو کس طرح رکھنا چاہتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ میری سیاسی سرگرمیوں کادوردورتک امکان نہیں، سب سے اچھے رابطے اور دعا سلام ہے، انشااللہ بہت جلد پاکستان بھی آؤں گا۔

    گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے پی ایس پی کے جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والا کل کا جلسہ نہیں دیکھ پایا لیکن جلسہ کرنے والوں کو ابھی محنت کرنے کی شدید ضرورت ہے، بےنام طاقت موجود ہے،اس کے ردعمل کا تعین ہوناہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع اور پورے صوبے کو ترقی دی جائے۔

  • چیف جسٹس پاکستان کی گورنر سندھ سے عیادت

    چیف جسٹس پاکستان کی گورنر سندھ سے عیادت

    کراچی : چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی نے کراچی میں گورنر سندھ اور جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی سے ملاقات کر کےان کی خیریت دریافت کی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے آج کراچی کے نجی اسپتال میں گورنرسندھ  ریٹائرڈ جسٹس سعید الزماں صدیقی کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

    چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ امید ہے کہ گورنرسندھ جلد اپنے فرائض منصبی سنبھال لیں گے اور سندھ کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے جب کہ سندھ حکومت گورنر سندھ کی صلاحیتوں سے استفادہ کرے گی۔

    اس موقع پر نو منتخب گورنرسندھ سعید الزماں صدیقی کا کہنا تھا نیک خواہشات پر چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا شکر گزار ہوں اور آپ تمام احباب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کے باعث جلد ہی اپنی آئینی ذمہ داریاں سنبھال لوں گا۔

    واضح رہے کہ سندھ میں سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کے 14 سالہ دورِ گورنری کے اچانک خاتمے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے معتمد خاص اور قابل اعتماد ساتھی جسٹس ( ر ) سعید الزماں صدیقی کو نئے گورنر کی ذمہ داری سونپی گئی ہیں تاہم 79 سالہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی حلف اُٹھانے کے اگلے روز ہی علیل ہوگئے اور کراچی کے مقامی اسپتال میں تاحال زیرِ علاج ہیں۔

  • گورنر سندھ کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، ڈاکٹرز

    گورنر سندھ کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، ڈاکٹرز

    کراچی: گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد مزید کچھ دن  اسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے گورنرسندھ کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے نجی اسپتال میں گزشتہ چار روز سے داخل گورنرسندھ سعید الزماں صدیقی کی طبیعت میں بہتری نہ آسکی، ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنے کے بعد گورنر سندھ کو مزیدکچھ دن اسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    جمعرات کو ڈاکٹروں کی دو رکنی ٹیم نے  گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کا معائنہ کیا، ٹیم کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے، معائنے کے بعد میڈیکل بورڈ نے رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد گورنر سندھ کو  مزید اسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔


    پڑھیں: ’’ گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل ‘‘


    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی حالت میں بہتری آئی ہے تاہم عمر رسیدہ ہونے کے باعث قوتِ مدافعت کمزور ہونے کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
    خیال رہے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی نے گیارہ نومبر کو گورنرسندھ کا حلف اٹھایا تھا ۔چودہ نومبر کو انہیں طبعیت خراب ہونے پر اسپتال کے  انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں داخل کروایا گیا تھا تاہم گزشتہ روز مختلف ٹیسٹوں کی رپورٹس آنے کے بعد گورنر سندھ کو روم میں شفٹ کردیا گیا ہے۔
  • گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل

    گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل

    کراچی: نومنتخب علیل گورنر سندھ جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) سے روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق نومنتخب گورنر سندھ کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹس کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سعید الزماں صدیقی کو انتہائی نگہداشت وارڈ سے روم میں منتقل کردیا ہے۔

    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹرز کی تجویز پر گورنر سندھ کے دل کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن کی رپورٹس تسلی بخش قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹے میں طبیعت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کردیا جائے گا۔

    پڑھیں:  ’’ گورنرسندھ کی اچانک طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل ‘‘

    خیال رہے دو روز قبل نومنتخب گورنر سندھ کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں کلفٹن کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ ترجمان گورنر ہاؤس نے جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت ناسازی اور اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا تھا کہ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

    نومنتخب گورنر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں داخل کروانے کامشورہ دیتے ہوئے مختلف ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی۔