Tag: governor sindh

  • گورنرسندھ کی اچانک طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل

    گورنرسندھ کی اچانک طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل

    کراچی : سندھ کے گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی ان کو نجی اسپتال متقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے نئے گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے باعث انہیں فوری طور پر کلفٹن کراچی کے نجی اسپتال میں پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹر ز نے ان کا معائنہ کرنے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرلیا۔

      ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کو سانس میں دشواری کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا ۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان کو انہائی نگہداشت کے وارڈ(آ ئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان گورنر ہاؤس نے کہا ہے کہ گورنرسندھ جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کی طبیعت اب بہتر ہے ان کے سینے میں انفیکشن کی وجہ سے انہیں صرف ایک روز کیلیے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعید الزماں صدیقی نے گورنرسندھ کا حلف اٹھا لیا

    قبل ازیں گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی نے جمعہ کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تاہم اس وقت بھی ان کی طبیعت کی ناسازی کے حوالے سے خبریں زیر گردش تھیں۔

  • گورنرسندھ کی تبدیلی‘ نواز شریف اپنی بادشاہت بچارہے ہیں: بلاول

    گورنرسندھ کی تبدیلی‘ نواز شریف اپنی بادشاہت بچارہے ہیں: بلاول

    کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کوبغیر بتائے ہٹایا گیا‘ شریف خاندان اپنی بادشاہت بچارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاو ل بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ نئے گورنر سندھ کی تعیناتی سابق گورنر ڈاکٹرعشرت العباد اور چیف منسٹر سندھ مراد علی شاہ کو اعتماد میں لیے بغیر کیا گیا۔

    انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے مذکورہ بالا اشخاص کو ایک کال تک کرنے کی زحمت نہیں کی، شریف خاندان اپنی بادشاہت کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔

    بلاول نے یہ ٹویٹ پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما نفیسہ شاہ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے شک کا اظہا کیا تھا کہ’ کہیں سابق جج کی بحیثیت گورنر سندھ تعیناتی شریف خاندان کی جانب سے پنامہ لیکس کیس میں عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں ہے؟‘‘۔

    دوسری جانب سابق گورنر سندھ عشرت العباد خان نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹوز رداری کے اس بیان کی تصدیق کی ہے کہ اس معاملے پرانہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    سابق گورنر نے وفاقی حکومت سے شکوہ کیا کہ انہیں گورنر کی تبدیلی کی اطلاع اخبارات اور میڈیا کے ذریعے ملی۔ وفاق نے اس تبدیلی سے متعلق ان سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کسی بھی سطح پر مطلع کیا گیا کہ اب ان کی خدمات کی ضرورت نہیں رہی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم نواز شریف اور صدرِ مملکت ممنون حسین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں گورنر سندھ کی تبدیلی اور سابق جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    سابق جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے آج کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی نیابت میں سندھ کے تیسویں گورنر کی حیثیت سے حلف لیا ۔

  • گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    گورنر شپ کے 14 برس، عشرت العباد کا کتاب لکھنے کا اعلان

    کراچی: ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ 14 سالہ گورنر کے دوران سخت تجربات کا سامنا کرنا پڑا اور اس حالات میں بہت اتار چڑھاؤ آئے، انہوں نے ان پر کتاب لکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے الوداعی ملاقات کے بعد نمائندہ اے آر وائی ارباب چانڈیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے اپنے 14 سالہ تجربات پر کتاب لکھنے کا عندیہ دیا۔

    عشرت العباد نے کہا کہ گورنر شپ کے دوران بہت سارے نشیب وفراز آئے، ان تمام حالات پر ایک کتاب ’’وہ جو کچھ میں کہہ نہ سکا‘‘ کے نام سے لکھنے کا اعلان کیا۔ عشرت العباد نے نئے آنے والے گورنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔


    ’’پڑھیں:  جسٹس(ر) سعید الزماں‌ صدیقی گورنر سندھ تعینات‘‘


    انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے اپنے اہل خانہ کو وقت نہیں دے سکا تھا تاہم اب زیادہ وقت بچوں کے ساتھ گزاروں گا, سیاسی زندگی کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ فی الحال ارادہ نہیں ہے مگر وقت کے ساتھ ساتھ سب کچھ سامنے آجائے گا۔


    ’’مزید پڑھیں:  طویل ترین گورنر شپ کا خاتمہ‘‘


    مراد علی شاہ کی گورنر سے الوداعی ملاقات

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ سے الوداعی ملاقات کی اور اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پیپلز پارٹی کے کردار کو سراہا اور خواہش ظاہر کی کہ سندھ مزید ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرنے کا سفر اسی طرح تیزی سے جاری رکھے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کم وقت میں بھی عشرت العباد کے تجربات سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، مختصر وقت میں بھی گورنر نے ہم سب کی بھرپور رہنمائی کی اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

  • جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی گورنر سندھ نامزد

    جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی گورنر سندھ نامزد

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سندھ میں گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا‘ سابق چیف جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نئے گورنر سندھ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ آج صبح اسلام آباد میں صدرِ مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات میں کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ اور بالخصوص کراچی کے معاملات بہتر بنانے کے لیے گورنرسندھ کی تبدیلی ناگزیر ہے لہذا ان کی جگہ سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ تعینات کیا جائے۔

    جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

    جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علم میں نہیں ہیں کہ انہیں گورنر سندھ تعینا ت کردیا گیا ہے‘ تاہم ان سے اس عہدےکے لیے عندیہ ضرور لیا گیا تھا۔

    موجودہ گورنر سندھ عشرت العباد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے گورنر ہیں اور تیرہ سال انتہائی کامیابی کے ساتھ گزار چکے ہیں۔

    یاد رہےکہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی صدارتی انتخابات میں سابق صدر آصف علی زرداری کے مدمقابل مسلم لیگ ن کی جانب سے صدارتی امیدوار بھی رہ چکے ہیں۔

    سعید الزماں صدیقی 1 دسمبر 1937ء کو لکھنؤ, حیدر آباد، بھارت میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے پندرہویں منصف اعظم تھے۔ وہ 1 جولائی 1999ء سے26 جنوری 2000ءتک منصف اعظم رہے۔

    سعید الزماں صدیقی نے ابتدائی تعلیم لکھنئو سے حاصل کی۔ 1954ء میں انہوں نے جامعہ ڈھاکہ سے انجنیرنگ میں گریجویشن کی۔ جامعہ کراچی سے انہوں نے 1958ء میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔

     واضح رہے کہ ڈاکٹرعشرت العباد سن 2002 سے گورنر سندھ عہدے پر فائز ہیں اوراس عرصے میں وہ سابق آرمی چیف پرویز مشرف‘ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران وفاق کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

  • مصطفیٰ کمال کا ذہنی توازن درست نہیں، ڈاکٹرعشرت العباد

    مصطفیٰ کمال کا ذہنی توازن درست نہیں، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنر ہاؤس کے ترجمان نے ایک بے سروپا پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے متعلق الزامات کو بے بنیاد ، گمراہ اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ جبکہ گورنرسندھ کا کہنا ہے کہ ان کاذہنی توازن درست نہیں۔ مصطفی کمال استعمال شدہ کارتوس ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے گورنر سندھ پر الزامات کے بعد ترجمان گورنر ہاؤس نے کہا ہے کہ ان الزامات کے برعکس گورنر کا کردار عوام کے سامنے ہے اورہرطبقے سے انہیں بے انتہا عزت اور پزیرائی حاصل ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے تمام بیانات اور ان کی پریس کانفرنسوں کا جائزہ لیا جائے تو وہ انتہائی ذہنی دباؤ اور تضادات کا شکار نظر آتے ہیں، ان کی بائی پالر شخصیت کے مدنظر اگر انہیں کسی ڈاکٹر سے علاج کی ضرورت ہے تو بہترین ماہر نفسیات تجویز کیا جاسکتا ہے، ایک ان گائیڈڈ میزائل اور استعمال شدہ کارتوس کو اس ہی کیفیت سے دوچار ہونا تھا۔

    ترجمان نے کہا کہ شاید تواتر کے ساتھ ناکامیوں نے انہیں اس ذہنی سطح تک پہنچادیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ہمیشہ میرٹ، شفافیت اور عوام کی فلاح کو یقینی بنایا ہے اور آج بھی قومی و بین الاقوامی سطح پر انہیں پزیرائی حاصل ہے۔

    علاوہ ازیں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مصطفیٰ کمال کے الزامات مسترد کردیئے۔ اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لگتا ہے مصطفیٰ کمال کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ وہ ایک استعمال شدہ کارتوس ہیں، ناکامیوں نے ان کی ذہنی سطح کو اس حد تک پہنچادیا۔

    اسی سے متعلق : عشرت العباد کرپٹ ترین گورنر ہیں،مصطفیٰ کمال

     واضح رہے کہ مصطفیٰ کمال نے گورنر سندھ پر الزامات کی بارش کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیطانی قوتوں کو آکسیجن عشرت العباد سے ملتی ہے، لوگ انہیں رشوت العباد بھی کہتے ہیں، بانی ایم کیوایم کو اس نہج پرپہنچانے والے بھی گورنرسندھ ہی ہیں۔

     

  • عاشورہ : امن و امان اورفول پروف سیکیورٹی پرگورنرسندھ کا اظہاراطمینان

    عاشورہ : امن و امان اورفول پروف سیکیورٹی پرگورنرسندھ کا اظہاراطمینان

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی عاشورہ محرم کے دوران صوبہ میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کاوشوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مسلسل اجلاسوں کے انعقاد ،بریفنگز اور دوروں کے ذریعہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چیف سکریٹری سندھ محمد صدیق میمن ،ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر،ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وھرہ ،انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ اور ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر سے بھی رابطہ کیا۔

    گورنر سندھ نے عاشورہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے عوام، علمائے کرام ،جلوسوں کے شرکاءاور منتظمین کی جانب سے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کی تعریف کی۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی مجالس ،جلوسوں کی سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے لئے مثالی اقدامات کئے گئے۔ فول پروف سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنانے پر رینجرز و پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے اور اسکاؤ ٹس تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ امام بارگاہوں ،مساجد اور مجالس کے مقامات کے باہر اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے لئے ڈپٹی میئر کراچی نے نمایاں کردار ادا کیا۔

    صوبہ کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کے موثر اور مربوط اقدامات کے باعث تمام اضلاع میں صورتحال کنٹرول میں رہی۔

     

  • مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے، گورنر سندھ

    مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں تمام مذاہب و مسالک کو آئین و قانون کے تحت مذہبی و مسالکی عبادات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے مذہبی و مسالکی ایام میں پر امن عبادتوں کی ادائیگی کے لئے صوبہ میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن،ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر،ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ ،انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ کرکے ان سے محرم الحرام کی مجالس ،جلوسوں کی سکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے حوالہ سے معلومات حاصل کیں ۔

    گورنر سندھ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فول پروف سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اس ضمن میں جلوسوں کے راستوں پر نگراں کیمروں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ آغاز سے اختتام تک تمام جلوسوں کی مکمل نگرانی کی جاسکے۔

    انہوں نے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں ،مساجد اور مجالس کے مقامات کے باہر اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ صوبہ کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں سے صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہی حاصل کی جائے۔

    ڈاکٹر عشرت العباد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل چوکس رہے، صوبے میں امن و امان کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کے لیے ادارے بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تمام افراد قانون فافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی سے کسی بھی خوش گوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔

    آپریشن ضرب عضب پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ملک بھر میں جاری آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید مستحکم کیا جائے جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔

  • پاک چین اقتصادی راہداری ہر حال میں مکمل کی جائے گی، گورنرسندھ

    پاک چین اقتصادی راہداری ہر حال میں مکمل کی جائے گی، گورنرسندھ

    کراچی : گورنر سندھ  ڈاکٹرعشرت العبادخان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے جسے ہر حال میں مکمل کیا جائے گا تاکہ نئی صنعتوں کے قیام کے ساتھ ملک بھر میں نئی ملازمتوں کو بھی یقینی بنایا جاسکے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں چین کے نئے قونصل جنرل وانگ یو سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔

    انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اس اقتصادی راہداری کی بروقت تکمیل چاہتا ہے غیر ملکی عناصر اس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک سے منسلک اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لئے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی خدمات جاری رکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس حکام کو اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کے تحفظ کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔

    انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا نہایت قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں بھرپور انداز میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستانی عوام اسے نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحرالکاہل سے گہری ہے جسے سی پیک مزید مستحکم ، مضبوط اور دیرپا بنانے میں مدد دے گی۔

    چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے باعث کئی چینی کمپنیاں پاکستان آرہی ہیں اور اس کی تکمیل کے قریب قریب مزید چینی کمپنیاں اپنی کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ بڑھائیں گی۔ انہوں نے صوبہ میں چینی انجینئرز کے لئے خصوصی انتظامات پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

     

  • شہر کی صفائی ستھرائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، ڈاکٹر عشرت العباد

    شہر کی صفائی ستھرائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، ڈاکٹر عشرت العباد

    کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا ہے کہ رواں سال 20 فیصد زیادہ قربانی ہوئی ہے تاہم شہر کی صفائی ستھرائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ اگر شہر میں صفائی نہ کی گئی تو بیماریاں بہت تیزی سے پھیلیں گی تاہم عوام کے تحفظ کے لیے صفائی ستھرائی کے معاملات میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ  مخصوص اختیارات کے باجود بلدیاتی نمائندوں نے ذمہ داری سے فرائض سرانجام دئیے جبکہ عوام کی جانب سے بھی انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’’جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کا کام بہت بڑا ہے تاہم بلدیاتی نمائندے اس کام کو نیک نیتی کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں‘‘۔

    ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ ’’کراچی کے عوام کا خوف ختم ہوگیا ہے اور اب شہر میں امن و امان بھی قائم ہوچکا ہے ۔ یہ سب کراچی آپریشن کے مثبت نتائج کا نتیجہ ہے۔ اس صورتحال کے باعث عوام کا حکومت پر اعتماد بحال بھی ہوا ہے، شہر کو مزید ترقی دینے کے لیے بلدیاتی نمائندوں کو جائز اختیارات دینے ہوں گے‘‘۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ’’فورسز کی بہتر سیکیورٹی کے باعث شکار پور روہڑی محفوظ رہااور اہلکاروں نے اس حملے کو ناکام بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا اور نمازیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا ۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ’’کراچی آپریشن پرسیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں تاہم اگر کسی کو مسائل ہیں تو میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں‘‘۔

    ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ ’’ڈاکٹر فاروق ستار سے بات ہوئی وہ اب خیریت سے ہیں ، اللہ کا شکر ہے کہ وہ حادثے میں بالکل محفوظ رہے‘‘۔

    قبل ازیں گورنر سندھ عشرت العباد، ڈپٹی میئر اور کمشنز کراچی کے ہمراہ مختلف علاقوں پرانی سبزی منڈی، نیپا چورنگی، حسن اسکوائر اور ناظم آباد کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

  • وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی گورنر سندھ سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

    وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی گورنر سندھ سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےگورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ جس میں اہم امورپر بات چیت کی گئی۔

    ملاقا ت میں صوبہ میں امن امان کے قیام اور ٹارگٹڈ آپریشن اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں کراچی میں جاری بارش اور اس کے حوالے سے پیدا ہونے مسائل پر بھی گفتگو کی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے میں بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیش نہ آئے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ،بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبہ میں امن و ا مان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جس کے باعث ہی امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آرہی ہے ، امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد غیر ملکی سرمایہ کار تیزی سے صوبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔

    وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس ضمن میں تمام وسائل کو بروئے کا ر لائے جائیں گے۔