Tag: governor sindh

  • گورنر سندھ نے لوکل باڈیز بل 2014اور متحدہ کے وزراء کے استعفوں کی منظوری دیدی

    گورنر سندھ نے لوکل باڈیز بل 2014اور متحدہ کے وزراء کے استعفوں کی منظوری دیدی

    کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے سندھ اسمبلی سے پاس شدہ حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر دستخط کردیئے ہیں۔

    گورنر سندھ نے لوکل باڈیز ترمیمی بل دو ہزار چودہ کی منظوری دے دی ہے، سندھ اسمبلی نے حلقہ بندیوں کے اختیارات الیکشن کمیشن کو دینے کا بل منظور کیا تھا، سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل دوہزار چودہ میں ترمیم کے تحت بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اختیار صوبائی حکومت سے الیکشن کمیشن کو منتقل کیا جائے گا۔

    بل کے مطابق شہری علاقوں میں حلقہ بندیاں یونین کمیٹی، میونسپل کمیٹی، ٹائون کمیٹی اور میونسپل کارپوریشن کے لحاظ سے ہوگی۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ سمیت صوبائی اسمبلیوں کو بلدیاتی الیکشن کے لئے حلقہ بندیوں سے متعلق قانون سازی کا حکم دیا تھا، اعلیٰ عدالت نے ایسا نہ کرنے پر وزرائے علیٰ کے خلاف کارروائی کا انتباہ کیا تھا۔

    دوسری جانب گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے متحدہ قومی موومنٹ کے وزراء کے استعفے منظور کرلئے ہیں، عبدالروف صدیقی کے پاس صنعت و تجارت اور ڈاکٹر صغیرکے پاس وزارتِ صحت کا قلمدان تھا۔

    گورنرسندھ نے دونوں صوبائی وزراء کے استعفوں پر دستخط کرکے وزیرِاعلی ہاوس بھجوا دیئے ہیں۔

    خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر سے متعلق بیان پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، جس کے بعد ایم کیو ایم کے صوبائی وزراء مشیروں اور معاون خصوصی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ صوبائی مشیروں فیصل سبزواری،عادل صدیقی اور معاون خصوصی عبدالحسیب خان کے استعفے پہلے ہی وزیرِاعلیٰ سندھ نے منظور کرلیے تھے۔

  • سندھ بھر میں جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری

    سندھ بھر میں جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری

    کراچی : ملک بھر میں جشن آزادی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، سندھ بھر میں جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، گورنر سندھ اور وزیر اعلی قائم علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    جشن آزادی کے سلسلے میں سندھ بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کے ہمراہ سند ھ اسمبلی کے اراکین نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر گورنر سندھ عشرت العباد نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

    وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے بانی پاکستان قائداعظم کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا، قائد اعظم کے مزار پر اراکین سندھ اسمبلی نے قوم کو جشن آزای کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد برقرار رکھنے کا پیغام دیا۔

    یوم آزادی پر کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • آزادی کسی بھی قوم کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں, گورنر سندھ

    آزادی کسی بھی قوم کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں, گورنر سندھ

    کراچی : یوم آزادی کے موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پیغام میں کہا کہ آزادی کسی بھی قوم کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں، برصغیر کے مسلمانوں نے بھی ایک آزاد اسلامی ریاست کا خواب دیکھا اوراسے شرمندہ تعمیر کرنے کے لئےعظیم جدوجہد اور لازوال قربانیاں دیں اور اپنی قوم کو غلامی کے طوق سے چھٹکارا دلایا ۔

    ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ آزادی کے لئے ہمارے آباؤ اجداد نے انتھک محنت اور بے مثال قربانیوں کے نذرانے پیش کئے ،یہ غلامی سے آزادی تک کی ایک لا زوال جد وجہد کے انمٹ نقوش پر مشتمل طویل داستان ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کے ثمر میں ملنے والی آزادی کی قدر و منزلت اور احترام کی ذمہ داریوں کواحسن طریقے سے پورا کرنا ہوگا، زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ شایانِ شان منایا کرتی ہیں۔ آزادی کا دن باہمی ربط ، اخوت ، بھائی چارے ، برداشت، اتحا د و اتفاق اور رواداری کا درس دیتا ہے ۔

    انھوں نے کہا کہ وطن عزیز کے لئے ہمیں اپنے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک سوچ اپنانا ہوگی ایک ملک، ایک قوم، ایک نظریہ اور ایک سوچ کے ساتھ ہی ہم دنیا میں اپنا منفرد مقام حاصل کرسکتے ہیں ۔

    ہر پاکستانی کی طرح میری بھی یہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، یہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے، تعمیری کاموں کا زیادہ سے زیادہ فروغ اور تخریب کاری کا خاتمہ ہو ۔ پاکستان محبت اور امن کا گہوارہ بن جائے۔

  • گورنرسندھ کی ہدایت، پارکنگ مافیا کیخلاف کاروائی، 40افراد گرفتار

    گورنرسندھ کی ہدایت، پارکنگ مافیا کیخلاف کاروائی، 40افراد گرفتار

    کراچی : اے آروائی نیوز کی خبر پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے شاپنگ سینٹر کے اطراف پارکنگ فیس کے نام پر سرگرم مافیا کے خلاف کاروائی کی ہدایات جاری کردیں، رینجرز نے غیر قانونی پارکنگ فیس کی وصولی میں ملوث چالیس افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تین روز قبل  اے آروائی نیوز نے غیر قانونی پارکنگ مافیا کی نشاندہی کی تھی کہ کس طرح پارکنگ مافیا شہر کی مختلف مارکیٹوں سے پارکنگ فیس کے نام پر بھتے کی صورت میں فی موٹر سائیکل بیس روپے اور گاڑی کے پچاس روپے وصول کر رہی ہے جبکہ کے ایم سی کی جانب سے موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس پانچ روپے اور گاڑی کی فیس بیس روپے مقرر ہے۔

    اے آروائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد گورنر سندھ  ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کمشنر کراچی اور رینجرز اور پولیس حکام کو پارکنگ مافیا کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔

    دوسری جانب رینجرز نے رات گئے شہر کی مختلف مارکیٹوں کے اطراف غیر قانونی پارکنگ میں ملوث چالیس افراد کو حراست میں لے لیا، رینجرز ترجمان کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد پارکنگ کے نام پر شہریوں سے پیسے وصول کر رہے تھے۔