Tag: governor sindh

  • گورنر سندھ نے گوٹھوں کی ریگولرائزیشن کمیٹی پر اعتراض اٹھا دیا

    گورنر سندھ نے گوٹھوں کی ریگولرائزیشن کمیٹی پر اعتراض اٹھا دیا

    کراچی: گورنر سندھ نے گوٹھوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے بنائی گئی کمیٹی پر اعتراض اٹھا دیا، اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ایک خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی زمینوں پر قبضہ کر کے بنائے گئے گوٹھوں کو ریگولرائز کرنے کے معاملے پر اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے گورنر سندھ نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ گوٹھوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے جو کمیٹی بنائی گئی اس میں تمام تر جماعتوں کا ہونا ضروری ہے، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سمیت این جی اوز کو بھی اس پر تحفظات ہیں۔

    گورنر سندھ کے وزیر اعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ زمینوں پر قبضے سے متعلق بدعنوانی کے دروازے بند کرنے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا زمینوں پر قبضے کے خلاف ہیں۔

    انھوں نے لکھا کہ کمیٹی کا قیام شفاف طریقے سے ہونا چاہیے، جب کمیٹی پر تحفظات ہوں تو کیسے یہ معاملہ شفاف ہو سکتا ہے، ریگولرائزیشن کمیٹی کو ختم کر کے اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی میں کچی آبادی، گوٹھ آباد کے قوانین دھوکا دہی، جعل سازی اور بدعنوانی کا ذریعہ رہے ہیں، یہ عمل نجی یا سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی ترغیب دیتا ہے، اور مستقبل میں ایسی زمین کو باقاعدہ ریگولرائز کر دیا جاتا ہے۔

  • عالمی اداروں سے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امداد کی درخواست ہے: گورنر سندھ

    عالمی اداروں سے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امداد کی درخواست ہے: گورنر سندھ

    کراچی: صوبہ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ عالمی اداروں سے سیلاب متاثرین کی مالی مدد کے لیے مزید تعاون کی درخواست ہے، مقامی مخیر حضرات کے تعاون سے سیلاب سے تباہ حال گھروں کی بحالی ممکن ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نیشنل فورم برائے ماحولیات و صحت کی تقریب میں شرکت کی، اپنے خطاب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کی مہم میں مختلف تجارتی ادارے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں سے سیلاب متاثرین کی مالی مدد کے لیے مزید تعاون کی درخواست ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس جو گھر تباہ ہوئے ان کی بحالی کے لیے غیر ملکی اور مقامی مخیر حضرات کا تعاون ناگزیر ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے ہی تباہ حال گھروں کی بحالی ممکن ہو سکتی ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے متاثرین سیلاب کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا ہوا ہے، پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے تاکہ غریب افراد کی بھرپور مدد یقینی بنائی جا سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کلین اینڈ گرین پروگرام شہر کے لیے انتہائی شاندار ثابت ہو رہا ہے، اس ضمن میں ایڈمنسٹریٹر کراچی اچھا کام کر رہے ہیں۔

  • گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ کیوں دیا؟

    گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ کیوں دیا؟

    کراچی: گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری باڈی بلڈنگ کے مقابلے دیکھنے کے لیے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پہنچے، کے ایم ڈی سی میں منعقدہ تن سازی مقابلے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر دل چسپ گفتگو کی، انھوں نے کہا ’’میں مشورہ دوں گا اسحاق ڈار صاحب کو کہ آئندہ جب جائیں آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے، تو ان باڈی بلڈر میں سے دو سے تین لے جائیں۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے ازراہ تفنن تن ساز ساتھ لے جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یقین کریں ایسا کرنے سے مایوسی نہیں ہوگی اور مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے حصول کے لیے کئی مہینوں سے وزارت خزانہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں، لیکن مانیٹری فنڈ پاکستانی عوام کے لیے نہایت تشویش ناک اور سخت شرائط کے اطلاق کے باوجود تاحال قرض دینے پر راضی نہیں ہوا ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان معاشی اور معاشرتی مسائل میں گھرا ہوا ہے، ہم میں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی عادت نہیں رہی، ہمارے سیاست دانوں کے پاس وقت نہیں ہے کہ ہم پر توجہ دے سکیں۔

    انھوں نے ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا ’’کوئی مسیحا نہیں آئے گا البتہ نعرہ ضرور آئے گا، کراچی کو پیرس بنانے کا منصوبہ تھا لیکن یہاں نہ بجلی ہے نہ گیس، بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، جو سیاست میں آتا ہے خود ارب پتی ہو جاتا ہے عوام غریب ہو جاتی ہے، ایسے ماحول میں ان کھیلوں کا انعقاد خوش آئند عمل ہے۔

  • پولیس آفس حملہ : دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، گورنرسندھ

    پولیس آفس حملہ : دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، گورنرسندھ

    کراچی : گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے دہشت گرد حملے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے سخت سے سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ جگہ پرخصوصی فورسز بھیجی جائیں اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ شہر کی انتہائی اہم نوعیت کی عمارت پر دہشت گردوں کا حملہ باعث تشویش ہے، دہشت گرد انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ گہری سازش ہے، کسی کو بھی امن وامان کی صورتحال خراب نہیں کرنے دیں گے۔

    مزید پڑھیں : کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملہ

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے تعاون سے مٹھی بھر دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے رہے گی، تھوڑی دیر میں متاثرہ جگہ کا دورہ کروں گا۔

  • ’گورنر ہاؤس میں گیس نہیں آ رہی، اس لیے باہر کھانا کھانے آنا پڑا‘

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری گزشتہ رات سرد موسم کا مزہ لینے کیماڑی کی مشہور سی فوڈ اسٹریٹ پہنچ گئے تھے، جہاں انھوں نے کیکڑے کا سوپ، جھینگا کڑھائی اور باربی کیو مچھلی آرڈر کی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ ’’گورنر ہاؤس میں گیس نہیں آ رہی ہے، اس لیے باہر کھانا کھانے آنا پڑا۔‘‘

    کراچی میں سردی شروع ہوتے ہی ایس ایس جی سی کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں کی زندگی بجلی کے بعد ایک اور عذاب سے دوچار ہو گئی ہے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا ’’2 ماہ سے گورنر ہاؤس میں بھی گیس نہیں آ رہی ہے، اور دن میں 3 بار بجلی کی بھی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، مجھے بتایا گیا کہ گورنر ہاؤس میں کھانا تیار ہونے میں دیر لگے گی، اس لیے جھینگے کی کڑھائی اور کیکڑے کا سوپ پینے آیا ہوں۔‘‘

    گورنر سندھ نے اپنا مخصوص جملہ ایک بار پھر دہرایا ’’کھانا جتنا کھانا ہے کھاؤ لیکن کراچی کسی کو نہیں کھانے دیں گے۔‘‘ انھوں نے کہا ’’جس کو سیاست کرنے کا شوق ہے اس کو مشورہ دوں گا کہ وہ کیماڑی آ کر سوپ پیے۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایم کیو ایم دھڑوں کے ملنے کو صفر کا درجہ دینے والے سن لیں، ان صفر کو عوام پلس کر کے دکھائیں گے، اگر حافظ نعیم جوڑ توڑ کر کے میئر بن جاتے ہیں تو انھیں مبارک باد دوں گا، کیوں کہ میں صرف جوڑنے آیا ہوں توڑنے پر یقین نہیں رکھتا۔

    گورنر سندھ نے کہا ’’عوام بجلی، گیس، پانی نہ ہونے اور اسٹریٹ کرائمز کے باوجود خوش ہیں، یہی پاکستان اور میرا کراچی ہے!‘‘

  • کسی کا بھجوایا کھانا کھانے کے بعد گورنر سندھ کو الٹیاں، سانس لینے میں دشواری

    کسی کا بھجوایا کھانا کھانے کے بعد گورنر سندھ کو الٹیاں، سانس لینے میں دشواری

    کراچی: کسی کا بھجوایا کھانا کھانے کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی طبیعت خراب ہو گئی، ان کو الٹیاں لگنے کے بعد سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو کھانے میں کچھ ملا کر کھلانے کی کوشش کی گئی ہے، جس کی وجہ سے ان کی طبعیت سخت ناساز ہو گئی۔

    ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کو گزشتہ روز ان کا من پسند کھانا کسی نے ان کے گھر بھجوایا تھا، جسے کھانے کے بعد انھیں الٹیاں لگ گئی ہیں، پیٹ خراب ہو گیا ہے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    کامران ٹیسوری کو گورنر ہاؤس میں زیر علاج رکھا گیا ہے، ان کا بلڈ پریشر بھی بہت زیادہ گر گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کو کھلائے گئے کھانے کو ٹیسٹ کرانے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کھانے پینے کے بہت شوقین ہیں، انھوں نے گزشتہ دنوں کراچی اور لاہور میں کھانے کے مشہور مقامات پر جا کر لوگوں کے درمیان بیٹھ کر کھانا کھایا۔

  • ایم کیو ایم دھڑے مل گئے تو سربراہ کون ہوگا، میں نے کوئی مشورہ نہیں دیا: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اگر ایم کیو ایم کے تمام دھڑے مل گئے تو سربراہ کون ہوگا، انھوں نے اس سلسلے میں کوئی مشورہ نہیں دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم دھڑوں کے ایک ساتھ بیٹھنے اور یکجا ہونے کے سلسلے میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیا۔

    گورنر نے کہا اگر سارے دھڑے مل گئے تو سربراہ کون ہوگا، میری طرف سے کسی کو سربراہ بنانے کی بات نہیں کی گئی، نہ یہ مشورہ دیا ہے کہ سینئر ڈپٹی کنونئیر کون بنے گا، انھوں نے کہا یہ پارٹی کے لوگوں کا آپسی فیصلہ ہے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ سب کی آپسی لڑائی سے صوبے کے ترقیاتی کام 4 برس سے التوا کا شکار ہیں، ان سب سے ایک ہی بات کی کہ آپس میں اتفاق اور بھائی چارہ قائم کریں، میری کوشش صرف اتنی ہے کہ ان کو ایک جگہ بٹھا کر ان کے درمیان ذاتی اختلاف کو ختم کیا جائے۔

    انھوں نے کہا ’’میں نے ان سب سے کہا ایک دوسرے کو ٹھیک کرنے کی بجائے صوبے اور شہر کو ٹھیک کریں۔‘‘

    حلقہ بندیوں کے حوالے سے انھوں نے کہا ’’ایم کیو ایم کے حلقہ بندیوں سے متعلق تحفظات وفاق کو پہنچا دیے ہیں، اب وفاق کیا فیصلہ کرتا ہے اس پر نظریں ہیں۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے کہا ’’پیپلز پارٹی سے معاہدہ قائم رکھنا ہے یا نہیں، پی ڈی ایم میں رہنا ہے یا نہیں، یہ فیصلہ خالد مقبول نے کرنا ہے، ایم کیو ایم، پی پی معاہدے کی شق نمبر 7 حلقہ بندی کی درستگی پر ہے، اس پر وعدے کے مطابق عمل درآمد نہیں ہوا، یہ بات آصف زرداری کے سامنے بھی رکھی، اور کہا کہ جو باتیں افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے طے کی گئیں، ان پر من و عن عمل ہونا چاہیے۔‘‘

    گورنر کا کہنا تھا کہ نااتفاقی سے پی ڈی ایم کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ملک پہلے ہی سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے، ایک طرف ہم معاشی مسائل کو لے کر دنیا سے مدد مانگ رہے ہیں، دوسری طرف ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوگا تو کون ہمارا اعتبار کرے گا۔

    انھوں نے کہا ’’ہم کام کر رہے ہیں اور میرا کام لوگوں کو نظر آ رہا ہے، عوام فیصلہ کریں گے کہ میں اور میرا ہاؤس سازش کا مرکز ہے یا میں اور میرا ہاؤس شہریوں کے لیے کام کر رہا ہے۔‘‘

  • گورنر سندھ کراچی کی نہاری کے بعد لاہور کے سری پائے کھانے پہنچ گئے

    لاہور: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کراچی کی نہاری کے بعد لاہور کے سری پائے کھانے کے بھی شوقین نکلے، سری پائے کھانے وہ مزنگ چورنگی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لاہور میں بھی عوامی انداز اپنایا، جس طرح وہ کراچی میں نہاری کھانے کے لیے فیڈرل بی ایریا گئے تھے، ویسے ہی لاہور میں وہ مشہور سری پائے کھانے مزنگ چورنگی پہنچے۔

    گورنر سندھ نے لاہوری عوام کے ساتھ سری پائے کا مزہ لیا، اس موقع پر شہریوں نے کامران ٹیسوری کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔

    واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری لاہور کے دورے پر ہیں، انھیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے دعوت دی تھی، گزشتہ روز انھوں نے گورنر پنجاب سے ملاقات بھی کی تھی۔

    کراچی میں گورنر سندھ نے کوٹ اتار کر اور آستینیں چڑھا کر مغز نلی نہاری کھائی تھی، اس موقع پر انھوں نے کہا تھا ’’میری صحت دیکھ لیں میں کھانے پینے کا شوقین ہوں، لیکن میں کسی کو ’کھانے پینے‘ نہیں دوں گا۔‘‘

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ’مولا جٹ‘ دیکھنے کے بعد کیا کہا؟

    کامران ٹیسوری نے دل چسپ بات بتائی کہ انھیں گورنر شپ کے 70 دنوں میں رات کا کھانا دو مرتبہ کھانا پڑا، ایک دفعہ اہلیہ کے ساتھ دوسری مرتبہ لوگوں کے ساتھ۔

    انھوں نے کہا ’’میں نے اہلیہ کو کبھی نہیں بتایا کہ میں کھا چکا ہوں، آج بھی تھوڑا بہت اہلیہ کا دل رکھنے کے لیے ان کے ساتھ کھاؤں گا۔‘‘

  • نیوائیرنائٹ : گورنر سندھ کی عوام سے نمائش چورنگی پہنچنے کی اپیل

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نئے سال کی آمد کا جشن منانے کیلئے عوام سے نمائش چورنگی پہنچنے کی اپیل کردی۔

    سال 2022 کی آخری رات کو الوداع اور نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے ہر سال کی طرح اس سال بھی شہر کراچی میں جشن کا سماں ہوگا۔

    اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی کافی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں، ان کی جانب سے نمائش چورنگی کراچی پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری خود عوام کا استقبال کریں گے، کراچی کی مرکزی نمائش چورنگی پر نیوائیرنائٹ کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

    گورنر سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کیلئے نمائش چورنگی پہنچیں اور نئے سال کی خوشیاں ہم مل کر ساتھ منائیں گے۔

    یاد رہے کہ آج صبح سندھ حکومت نے چند گھنٹوں بعد ہی دفعہ 144 کے نفاذ کے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے سال نو پر موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : سال نو پر ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ واپس

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے سال نو کے موقع دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی اور کمشنر کراچی نے ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹفیکیشن جاری کردیا۔

    اس فیصلے کے کچھ دیر بعد ہی صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے شہریوں کو خوشخبری دی کہ سال نو کے موقع پر موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی نہیں ہے، شہری نئے سال کا جشن بھرپور طریقے سے منائیں۔

  • پی ایس پی اور ڈاکٹر فاروق ستار کی واپسی پر ایم کیو ایم کا اصولی فیصلہ

    کراچی: پاکستان متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) اور ڈاکٹر فاروق ستار کی پارٹی میں واپسی کے سلسلے میں ایک متفقہ اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں رات گئے ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، اجلاس میں پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال سمیت دیگر رہنماؤں کی ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق اجلاس میں ڈاکٹر فاروق ستار کی واپسی پر بھی بات چیت کی گئی، رابطہ کمیٹی نے اس نکتے پر اتفاق رائے کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہوئے ہیں جو پارٹی کے آئین اور قانون سمیت تنظیمی نظم و ضبط کی پابندی کرے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے 35 سے زائد اراکین موجود تھے، جس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بھی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کی، اور یہ طے ہوا کہ پی ایس پی اور ڈاکٹر فاروق ستار کی واپسی کے حوالے سے رابطہ کمیٹی کے مزید اجلاس ہوں گے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے دروازے ہر شخص کیلیے کھلے ہیں، رابطہ کمیٹی

    رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین نے کہا کہ کسی کے آنے پر کوئی اعتراض نہیں،خالد مقبول پہلے ہی سب کو آنے کی دعوت دے چکے ہیں، کامران ٹیسوری بھی خالد مقبول کی پارٹی کارکنان کی واپسی کی پریس کانفرنس کے بعد ہی پارٹی میں شامل ہوئے۔

    اجلاس میں ضلع وسطی کے لیے نامزد ایڈمنسٹریٹر فرقان اطیب کا نوٹیفکیشن نہ ہونے پر اظہار تشویش کیا گیا، گورنر سندھ نے جلد ضلعی ایڈمنسٹریٹر کا نوٹیفکیشن نکلوانے پر زور دیا۔

    دوسری طرف گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پی ایس پی رہنماؤں اور فاروق ستار سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا، اور اب تک ہونے والی ملاقاتوں اور پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔