Tag: governor sindh

  • متحدہ کے دھڑوں کو متحد کرنے کا مشن، گورنر ہاؤس میں اہم ملاقات

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے تمام دھڑوں کو ملا کر ایک کرنے کے کیلئے مشن پر کام تیزی سے جاری ہے اس سلسلے میں گورنر ہاؤس میں بڑی بیٹھک کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کام کی تکمیل کیلئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، گورنر ہاؤس میں خصوصی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین اورمتحدہ کے کنوینئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سر براہی میں ایک وفد گورنر ہاؤس پہنچ گیا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی اہم ملاقات شروع ہوگئی، ملاقات کنونئیر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول کی صدارت میں جاری ہے، ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے 35 سے زائد اراکین موجود ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن سمیت ایم کیو ایم پی پی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں ایم کیو ایم ک ےدھڑوں پی ایس پی اور فاروق ستار کو ملانے کے حوالے سے بھی معاملہ زیر غور آیا، گورنر سندھ نے پی ایس پی رہنماؤں اور فاروق ستار سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھی خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے گورنر سندھ کو ایک بار پھر حلقہ بندیوں، بلدیاتی ترمیم ایکٹ اور سپریم کورٹ کے 140 اے کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیراعظم اور پیپلز پارٹی سے بات کرنے کا مطالبہ کیا۔

    قبل ازیں گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ اور سہارا بننا ہے ہمیں اس تقسیم کو ختم کرنا ہوگا،اس ملک اور صوبے کو ہم ہی آگے لے جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں سمندر ہے لیکن شہریوں کے لیے پینے کا پانی نہیں، یہ شہر پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے لیکن خود پانی، بجلی اور گیس سے محروم ہے۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ کون ہے جو آگے بڑھ کر ان 3 کروڑ لوگوں کا ہاتھ تھامے گا۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور بےروزگاری بڑھ رہی ہے، جب روزگار، بجلی ،پانی نہ ہو تو لوگ سڑکوں پر نہ آئیں تو اورکیا کریں۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے بعد صوبہ سندھ تباہ حالی کا شکار ہوگیا ہے، وسائل نہیں ہیں عوام مزید غریب ہوتے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں آج اعلان کرتا ہوں کہ گورنر ہاؤس میں ایک سیل بنائیں گے، جو اس شہر کا درد رکھتے ہیں وہ آگے آئیں اور اس شہر کو اپنائیں، ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد یہ ملک ملا ہے، مایوسی کو ختم کرکے آگے بڑھیں، اس ملک اور صوبے کو ہم ہی آگے لے کر جاسکتے ہیں۔

  • گورنر سندھ نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا معاملہ وزیراعظم کے سامنےاٹھا دیا

    گورنر سندھ نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا معاملہ وزیراعظم کے سامنےاٹھا دیا

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے وزیر اعظم سے بھی معاونت طلب کرلی۔

    اس حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ خیرپور کے موقع پرگورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ان سے خصوصی ملاقات کی جس میں کراچی کے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کراچی کی سیاسی صورتحال اور امن و امان کے مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا معاملہ وزیراعظم شہبازشریف کے سامنےاٹھا دیا۔

    انہوں نے کہاکہ میری درخواست ہے کہ ان وارداتوں میں بے گناہ شہری اور نوجوان جان ومال دونوں سے محروم ہورہے ہیں وزیراعظم معاملے کو ضرور دیکھیں۔

    گورنر سندھ نے وزیراعظم کو فوری کراچی آکر معاملے کو دیکھنے کی دعوت دی، ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے مسائل ان کی تعداد، انٹیلی جنس نظام کو بہترکرنا ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے گورنر سندھ کی کراچی آنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ جلد کراچی کا دورہ کروں گا، اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : ڈکیتی میں مزاحمت : گورنر سندھ نے پولیس چیف کے بیان کی حمایت کردی

    وزیراعظم نے گورنر سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت اس ضمن میں جو تعاون کرسکی ضرور کرے گی،اسٹریٹ کرائم کے خاتمے، شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بھی اقدام کیے جائیں گے۔

  • مصطفیٰ کمال کے بعد فاروق ستار بھی گورنر سے ملنے پہنچ گئے

    مصطفیٰ کمال کے بعد فاروق ستار بھی گورنر سے ملنے پہنچ گئے

    کراچی : شہر قائد کی سیاست میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی، مصطفیٰ کمال کے بعد ڈاکٹرفاروق ستار بھی گورنر ہاؤس پہنچ گئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر ہاؤس جاکر گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال کے علاوہ خصوصی طور پر شہر قائد میں ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ پہلے بھی تمام لوگوں کو ملانے کی بات کرچکے ہیں، اسی تناظرمیں صبح مصطفیٰ کمال اور اس کے بعد فاروق ستار سے ملاقات ہوئی ہے۔

    کراچی کی سیاست میں تبدیلی، مصطفیٰ کمال گورنر ہاؤس پہنچ گئے

    ذرائع کے مطابق دونوں شخصیات کی ملاقات میں شہر کی ترقی، سلامتی اور استحکام کیلئےمل کرچلنے اور ساتھ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    ملاقات میں پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال سے ہونے والی ملاقات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا، صوبے میں مہاجر سیاست کرنے والی تنظیموں کو ایک جگہ کرنے سے متعلق جلد بڑے بریک تھرو کا امکان ہے۔

  • کراچی کی سیاست میں تبدیلی کے آثار، مصطفیٰ کمال گورنر ہاؤس پہنچ گئے

    کراچی کی سیاست میں تبدیلی کے آثار، مصطفیٰ کمال گورنر ہاؤس پہنچ گئے

    کراچی: شہر قائد کی سیاست میں تبدیلی کے آثار پیدا ہو گئے ہیں، پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال گورنر ہاؤس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال گورنر ہاؤس پہنچ گئے، ان کے ساتھ انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔

    مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل سمیت مختلف امور زیر غور آئے۔

    گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کراچی کی بہتری، ترقی اور استحکام کے لیے ساتھ چلنے اور مل کر کام کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔

    اس سے قبل صوبے میں گیس کی بڑھتی لوڈ شیڈنگ اور گھریلو صارفین کو مشکلات کے سلسلے میں گورنر سندھ نے ایم ڈی سوئی گیس کو گورنر ہاؤس طلب کر کے ملاقات کی تھی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران منیر کے سامنے کمپنی کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

    ایم ڈی نے اپنی مجبوریاں بتائیں جنھیں گورنر سندھ نے مسترد کرتے ہوئے سوئی سدرن کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی، اور کہا کہ وہ وفاقی وزیر مصدق ملک اور دیگر متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔

  • کےالیکٹرک کو شرم دلائیں گے کہ اب سدھر جاؤ، گورنر سندھ

    کےالیکٹرک کو شرم دلائیں گے کہ اب سدھر جاؤ، گورنر سندھ

    کراچی : گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو اپنا قبلہ درست کرنا پڑے گا،اور سب سے پہلے صف اوّل پر کےالیکٹرک کو قبلہ ہی نہیں اپنی سمت کو بھی درست کرنا پڑے گا۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے شہر قائد میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے کڑی تنقید کی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر کےالیکٹرک کو تھوڑی شرم دلائیں گے کہ اب تو سدھر جاؤ، اگر کےالیکٹرک نہیں سدھرتی تو ان کے لائسنس رینیو میں رکاوٹ کھڑی کریں گے۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ جب میں نے عہدہ سنبھالا تھا تو کچھ لوگوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر نہیں بلکہ مولاجٹ آگیا ہے، میں ان سب افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    مزید پڑھیں : ایم کیو ایم کوحلقہ بندیوں پر شدید اعتراضات ہیں، گورنرسندھ

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور آپ کے درمیان میں ایک برج کا کردار ادا کروں گا، ایم ڈی واٹر بورڈ کے ساتھ بھی بیٹھیں گے اور شہر میں جاری پانی کا مسئلہ حل کرائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں انڈسٹریز کے قیمتی پلاٹوں پر قبضے کیے جارہے ہیں، قبضہ مافیاز کو خبردار کرتا ہوں کہ کراچی کو چھوڑ دیں۔

    انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر مجھے کہیں سے بھی شکایت موصول ہوئی کہ قبضہ ہورہا ہے تو میں خود جاکر ایکشن لوں گا، اس حوالے سے آباد والوں کو بھی دیرینہ مسئلہ درپیش ہے۔

  • جامعہ بنوریہ عالمیہ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا: گورنر سندھ

    جامعہ بنوریہ عالمیہ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ کے دورے کے موقع پر طلبہ اور اساتذہ سے خطاب میں اعلان کیا کہ اس ماہ آپ کو ان شاء اللہ خوش خبری ملے گی، اور اس درس گاہ کو یونیورسٹی کا درجہ ضرور ملے گا۔

    جامعہ بنوریہ عالمیہ میں آمد کے موقع پر گورنر سندھ کا زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کی جانب سے استقبال کیا گیا، انھوں نے جامعہ کے شعبہ بیرون میں مختلف ممالک کے طلبہ سے ملاقاتوں کے علاوہ مہتمم مفتی نعمان نعیم سے بھی ملاقات کی۔

    کامران ٹیسوری نے کہا دنیا بھر سے طلبہ یہاں آ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں، یہ جامعہ ایک ریاست کا کام کر رہی ہے، اسے یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا، کسی بھی دینی ادارے کو پہلی بار یونیورسٹی کا درجہ ملے گا، میرا جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رہے گا۔

    انھوں نے کہا میں سی ایس ایس کی تمام تیاریوں کی جامعہ بنوریہ میں ہی سہولیات کی فراہمی کا حکم دیتا ہوں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ان کے حکم پر ایک ایپ بنایا جا رہا ہے، جن کو ملازمت نہیں ملتی وہ اس پر ہم سے رابطہ کریں گے، تو ہم انھیں ملازمت فراہم کریں گے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا مفتی نعیم مرحوم سے میرا قریبی تعلق تھا، میں اپنی تمام پریشانیوں میں اس سے رابطے میں رہتا تھا، انھوں نے ایک ایسی درسگاہ بنائی جس کی مثال نہیں ملتی، امید ہے مفتی نعیم کے صاحب زادے اس جامعہ کو مزید وسعت دیں گے۔

    گورنر سندھ نے کہا میں اس ادارے کے گیٹ چوکیدار سے لے کر اس کے مہتمم اعلیٰ تک سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

  • صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی

    صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 101، ون کے تحت کامران ٹیسوری کی بہ طور گورنر سندھ منظوری دے دی۔

    گورنر سندھ کا عہدہ عمران اسماعیل کے استعفے کے بعد سے خالی تھا، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے نئے گورنر سندھ کی تعیناتی کی سمری صدر مملکت کو بھجوائی گئی تھی۔

    سندھ اور وفاقی حکومتوں کی مشاورت کے بعد کامران خان ٹیسوری کا نام عہدے کے لیے فائنل کیا گیا تھا۔

  • گورنر سندھ کون ہوگا؟ ایم کیو ایم نے 5 نام بھجوا دیے

    گورنر سندھ کون ہوگا؟ ایم کیو ایم نے 5 نام بھجوا دیے

    کراچی: سندھ کا اگلا گورنر کون ہوگا؟ اس سلسلے میں ایم کیو ایم قیادت نے حتمی 5 نام وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کر دیے۔

    ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کے نام پر مسلم لیگ ن کا ایم کیو ایم قیادت سے رابطہ ہوا جس کے بعد کنوینئر ایم کیو ایم نے رابطہ کمیٹی سے مشاورت کر کے پانچ نام وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوا دیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی سے حتمی رائے لینے کے بعد ناموں کی فہرست شہباز شریف کو بھجوائی گئی ہے۔

    ایم کیو ایم ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے عامر خان، وسیم اختر، نسرین جلیل، کشور زہرہ اور عامر چشتی کے نام وزیر اعظم کو ارسال کیے گئے ہیں، اور ان ناموں پر رابطہ کمیٹی کے ہر رکن سے رائے لی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم سے گورنر سندھ کے لیے نام مانگے تھے، جس پر ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت سے وقت مانگ لیا تھا، اس وقت ذرائع کا کہنا تھا کہ عامر خان، فروغ نسیم اور نسرین جلیل کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ اب ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کے لیے مشاورت میں شامل فروغ نسیم نے اپنا نام خود واپس لے لیا تھا۔

    سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ 18 اپریل کو منظور ہوا تھا، جس کے بعد سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

  • میں نیوٹرل ہوں حق اور سچ کا ساتھ دوں گا،عامر لیاقت

    میں نیوٹرل ہوں حق اور سچ کا ساتھ دوں گا،عامر لیاقت

    کراچی : قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن عامر لیاقت نے کہا ہے کہ میں نیوٹرل ہوں، حق اور سچ کا ساتھ دوں گا، یہ بات انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    حکومت اپنے اتحادیوں سمیت پی ٹی آئی اراکین کی ناراضگیاں دور کرکے انہیں منانے کیلئے تگ و دو میں مصروف ہے تاہم ابھی پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکے۔

    اسی سلسلے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن عامر لیاقت سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ سیاسی معاملات پر گفتگو کی۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران وسماعیل نے کہا کہ میں روٹھے ہوئے کو منانے نہیں بلکہ اپنے بھائی کے گھر چائے پینے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے عامر لیاقت انمول ہے اس کے ضمیر کو کوئی نہیں خرید سکتا۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں اس وقت خریدو فروخت کا بازار لگا ہوا ہے، لوگ اپنے ضمیر کی قیمتیں لگارہے ہیں، خریدنے والے لوگ تصور نہیں کرسکتے کہ عامر لیاقت حسین کی قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے،

    اب ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ اصل گم ابسولوٹلی ناٹ کا ہے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو ایبسلوٹلی ناٹ کہنے کی ضرورت کیا تھی؟ شہباز شریف نےچیہ بات اپنی تمام غیرت کو الگ رکھ کر کہی،

    عامرلیاقت حسین پیسوں پر بکنے والا شخص نہیں ہے، سندھ ہاؤس میں سودے ہورہے ہیں، ہماری ایجنسیوں کو علم ہے وہ وزیراعظم کو ہرچیز پہنچارہے ہیں۔،

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نھے مزید کہا کہ سب کی فائلیں بن رہی ہیں، عمران خان کامیاب ہوکر باہر نکلے گا تو چھوڑے گا نہیں چن چن کر مارے گا۔

    اس حوالے سے عامر لیاقت حسین کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات سے قبل کہا گیا تھا کہ حلقے سے منتخب ہونے والے ممبر صوبائی اسمبلی علی جی جی اس موقع پر شریک نہیں ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق عامر لیاقت کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایم پی اے علی عزیز جی جی ملاقات سے غیر حاضر رہے، علی عزیز جی جی کو فون کرکے عامر لیاقت کے گھر آنے سے روک دیا گیا تھا، ملاقات میں حلقے سے منتخب دوسرے ایم پی اے جمال صدیقی موجود تھے۔

     علاوہ ازیں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی جی جی نے کہا کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ورکر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ گہری وابستگی ہے، آج بھی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پولیس کمانڈوز تعیناتی پر قرارداد جمع کرائی ہے۔

    علی جی جی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے ہارس ٹریڈنگ کی لعنت نے سر اٹھا لیا ہے، اسمبلی اراکین کو وفاداریاں بدلنے کے لیے منافع بخش آفرز کی جارہی ہیں۔

  • اتحادیوں پربھروسہ ہے، گورنر سندھ، ہمارے آپشن کھلے ہیں، خالد مقبول

    اتحادیوں پربھروسہ ہے، گورنر سندھ، ہمارے آپشن کھلے ہیں، خالد مقبول

    گورنر سندھ نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے انہیں وزیراعظم کا پیغام پہنچایا ایم کیوایم نے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔

    پل پل بدلتی سیاسی صورتحال میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کے مرکز  بہادر آباد پہنچ کر متحدہ پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں ان کی تواضع چائے اور بسکٹ سے کی گئی جس کا شکوہ گورنر سندھ میں میڈیا سے اپنی گفتگو میں خوشگوار انداز میں یہ کہتے ہوئے کردیا کہ آج ایم کیوایم نے پہلی بارچائےبسکٹ پرنمٹایا ہے۔

    ملاقات کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کی۔

    ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم حکومت کاحصہ ہیں اس لیےحکومت آج بھی ہے لیکن اپوزیشن بھی ہم سے رابطےمیں ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس کامقدمہ مضبوط ہے ہم نےان کو بھی جواب نہیں دیا ہے۔

    خالد مقبول کا کہنا تھا کہ ق لیگ کےساتھ رابطےمیں ہیں آن بورڈنہیں ہیں، ق لیگ کواپنا فیصلہ کرنا ہے اور ہم نےاپنا، ایم کیوایم کے معاملات دیگرجماعتوں سےمختلف ہیں، ہمارےآپشن کھلےہیں، جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرناچاہتےہیں۔

    متحدہ رہنما نے کہا کہ ایک دوسرےکو تسلیم کیے بغیر تو خاندان بھی ایک نہیں رہتے، پی ٹی آئی کوموقع ملےگا تواس سےزیادہ کوشش کرےگی۔

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کاپیغام لیکرایم کیوایم کےدفترآیا ہوں، ایم کیوایم سےکہا ہے کہ ہمارے پاس اپنے نمبرز پورے ہیں، ہمیں مانگے تانگے کی ضرورت نہیں ہے، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دریا پار کریں گے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ خالد مقبول نے اپنے فیصلے کا پیمانہ رکھا ہے اس سے مطمئن ہوں، ایم کیو ایم حق اور سچ کے پیمانے کیساتھ کھڑی ہوگی، ہمیں اپنےاتحادیوں پربھروسہ رہا ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اکٹھا ہوکر وزیراعظم کو ہٹانا چاہتی ہے لیکن وہ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں، ایم کیوایم بھی وزیراعظم کےساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم مضبوط ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں، ایم کیوایم نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے، ہمارےتعلقات پہلے سے زیادہ بہترہوئے ہیں۔