Tag: Governor

  • پنجاب میں دوماہ کے لیے رینجرز بلانے کا فیصلہ

    پنجاب میں دوماہ کے لیے رینجرز بلانے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب میں رینجرز کو تعینات کرنے کی سمری گورنر کو ارسال کر دی گئی، سمری میں رینجرز کو 60 روز کے لیے بلانے کی سفارش کی گئی ہے، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آپریشن کےعلاقوں کا فیصلہ ایپکس کمیٹی کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد پنجاب حکومت نے بڑا قدام اٹھا لیا، پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لئے اب رینجرز آرہی ہے۔

    دہشت گردوں، سہولت کاروں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن میں رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے پنجاب میں کہیں بھی ٹارگٹڈ آپریشن کے لیے رینجرز کو ضرورت کے تحت بلایا جا سکے گا۔

    پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے رینجرز بلانے کے لیے منظوری ملنا باقی ہے جس کے لیے سمری بنا کر گورنر ہاؤس کو بھیج دی گئی ہے، رینجرز کو اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دئیے جائیں گے۔

    پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ رینجرز آپریشن کن علاقوں میں ہوں گے یہ فیصلہ ایپکس کمیٹی کرے گی جبکہ پنجاب میں رینجرز آپریشن حساس اداروں کی اطلاعات پرہوں گے۔

    صوبائی وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں رینجرز اختیارات پر وزیراعظم سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا۔

  • فاٹا عمائدین کا 3 ہزار ارب روپے کے پیکیج کا مطالبہ

    فاٹا عمائدین کا 3 ہزار ارب روپے کے پیکیج کا مطالبہ

    اسلام آباد: فاٹا میں قبائلی عمائدین پر مبنی جرگے نے اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فاٹا میں مقامی گورنر کی تعیناتی اور 2 سے 3 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا جائے بصورت دیگر وہ تحریک چلائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فاٹا اصلاحات سے متعلق قبائلی عمائدین کے جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے فاٹا میں اصلاحات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

    اعلامیے میں اراکین کا کہنا تھا کہ فاٹا جرگہ حکومتی فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ کو مکمل رد کرتا ہے، رپورٹ میں ہتک آمیز الفاظ پر کمیٹی فاٹا کے عوام سے معافی مانگے، فاٹا میں اصلاحات اور مستقبل کا تعین وہاں کے عوام کی رائے سے ہونا چاہیے۔

    اعلامیے میں حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا میں تمام اقدام عوام کی رائے سے اٹھائے جائیں، ایف سی آر کے کالے قوانین کو جلد از جلد منسوخ کیا جائے، فاٹا کو انسانی حقوق، جمہوری اصولوں پر مبنی قانون سازی کا موقع دیا جائے،فاٹا میں عوام کی حمایت و تعاون سے پائیدار امن قائم کیا جائے۔

    مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا کے لیے فاٹا ہی سے گورنر مقرر کیا جائے، قومی اسمبلی و سینیٹ میں فاٹا خواتین اور اقلیتی نشستیں مختص کی جائیں، فاٹا میں کوئی بھی قانون اسلام کے منافی نہ بنایا جائے، آئی ڈی پیز کو جلد بحال کرکے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

    مزید کہا گیا کہ فاٹا کی بحالی و ترقی کے لیے 2 سے 3 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا جائے، سرکاری ملازمتوں میں فاٹا کا کوٹا بڑھایا جائے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو پھرپور تحریک چلائیں گے۔

  • قبائلی متاثرین رواں ماہ گھروں کو چلے جائیں گے، گورنرکے پی کے

    قبائلی متاثرین رواں ماہ گھروں کو چلے جائیں گے، گورنرکے پی کے

    پشاور: خیبر پختونخواکے گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ قبائلی متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی کا عمل رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا جبکہ پارلیمنٹ سے اصلاحاتی سفارشات کی منظوری کے بعد فاٹا کو مرحلہ وار طریقے سے خیبر پختونخوا میں ضم کرنے اور وہاں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا عمل بھی شروع کرلیا جائےگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ خیبر ایجنسی کے نمائندوں کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف فاٹا کو قبائلی عوام کی مرضی اور مشاورت سے قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ کی اصلاحاتی کمیٹی نے تمام ایجنسیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں۔


    پڑھیں: ’’ قبائلی علاقوں کے عوام گھرواپسی پرمشکلات کا شکار ‘‘


    گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ فاٹا سے متعلق موصول ہونے والی آرا اور سفارشات کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جاچکا ہے جو زیرغور ہے، انہوں نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی کے باعث 4 لاکھ 4 ہزار 197 خاندان نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے تاہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    اقبال جھگڑا نے کہا کہ فاٹا میں امن و امان کی صورتحال قائم ہونے کے بعد اب تک 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد خاندان اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں جبکہ بقیہ افرادکی واپسی اس ماہ کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔


    مزید پڑھیں: ’’ قبائلی عوام کی حالت کشمیریوں سے بھی بدتر ہے،مولانا فضل الرحمٰن ‘‘


    اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر‘ پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر سکندر قیوم اور فاٹا سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ جرگے کی قیادت سابق وفاقی وزیر مملکت ملک وارث خان آفریدی نے کی‘ جرگے کے شرکاء نے گورنر کو متعلقہ علاقے کے عوام کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔

  • گورنر و وزیرداخلہ کی جسٹس سجاد سے ملاقات، اویس شاہ کی بازیابی کی یقین دہانی

    گورنر و وزیرداخلہ کی جسٹس سجاد سے ملاقات، اویس شاہ کی بازیابی کی یقین دہانی

    کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے وفاقی وزیر داخلہ نے ون ٹو ون ملاقات کی اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، شہر میں جاری آپریشن اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،دونوں ذمہ داران نے جسٹس سجاد علی شاہ سے  بھی ملاقات کی اور انہیں اویس شاہ کی بازیابی کی یقین دہانی کرائی بعدازاں انہوں نے امجد صابری کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

    دونوں نے آپریشن کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھنے اور اسے ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیا۔گورنر سندھ نے وفاقی وزیر داخلہ کو دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، اغوا برائے تاوان کے مجرموں اور بھتہ خوری کے خلاف جاری آپریشن سے آگاہ کیا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال پورے ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔

    جسٹس سجاد علی شاہ سے ملاقات، اویس شاہ کی بازیابی کی یقین دہانی

    ملاقات کے بعد گورنر اور وزیر داخلہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ان سے ملاقات کی۔ گورنر اور وزیر داخلہ نے اویس شاہ کے اغوا پر ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اویس شاہ کی بازیابی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔

    چوہدری نثار نے چیف جسٹس کو یقین دلایا کہ جلد اویس شاہ کو بازیاب کرالیا جائے گا اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

    امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت، قاتلوں کو جلد گرفتار کرلیں گے، وزیرداخلہ،گورنر

    ملاقات کے بعد گورنر اور وزیر داخلہ چوہدری نثار تعزیت کےلیے امجد صابری کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انھوں نے اہل خانہ سے ملاقات کی اور امجد صابری کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ نے امجد صابری کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور جو دہشت گرد قتل میں ملوث ہوئے ان کو گرفتارکیا جائے گا۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے تیزی سے تفتیش کو آگے بڑھا رہے ہیں قاتل کسی صورت نہیں بچیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امجد صابری کا قتل انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد تھی۔

  • گلگت،بلتستان کے معاملات جمہوری طریقے سے حل کرنا ہونگے، نواز شریف

    گلگت،بلتستان کے معاملات جمہوری طریقے سے حل کرنا ہونگے، نواز شریف

    گلگت بلتستان : وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اصلاحات چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان کے نئے گورنر کی حلف برداری کی تقریب کےدوران خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم نے میرغضنفر علی کو گورنر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میر غضنفر کی اپنے علاقے کیلئے خدمات قابل فخر ہیں اور ہم سب گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے پرعزم ہیں۔

    وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر پچاس ارب روپے کی لاگت سے گلگت اسکردو شاہراہ پر جلد کام شروع کرانے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان جمہوری انداز میں اپنے معاملات چلائے جبکہ عوام سے وعدہ بھی کیا کہ وہ گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سکردو سے گلگت شاہراہ پر جلد کام شروع کیا جائے گا جس پر 50 ارب روپے لاگت آئے گی۔ گلگت کو خنجراب سے ملانے والی عطاءآباد ٹنل بنائی ہے جس پر 27 ارب روپے خرچ آیا ہے جبکہ لواری ٹنل منصوبہ آئندہ سال مکمل ہو جائے گا اور وفاقی حکومت یہاں کے اہم منصوبوں کی تکمیل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت،بلتستان کے معاملات جمہوری طریقے سے حل کرنا ہونگے گلگت،بلتستان میں جمہوریت کیلئے اصلاحات کی گئی ہیں گلگت سے اسکردو تک شاہراہ بنائی جائیگی گلگت سے اسکردو تک شاہراہ پر 50ارب کی لاگت آئے گی لواری ٹنل پر کام جاری ہے،اگلے سال تک کام مکمل ہوجائے گا۔

  • پاکستان کی پہلی لاء یونیورسٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی افتتاحی تقریب

    پاکستان کی پہلی لاء یونیورسٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی افتتاحی تقریب

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ بلاشبہ جامعات کو تعلیم ، علم ، حکمت اور تحقیق کا اعلیٰ ترین ادارہ سمجھا جاتا ہے یہ صرف فارغ التحصیل طالب علم ہی پیدا نہیں کرتے بلکہ فلسفہ اور ڈاکٹریٹ کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں تاکہ لوگ ان سے استفادہ حاصل کرسکیں اور پھر لوگوں کی رہنمائی کریں تاکہ وہ تہذیب و تمدن اور ملک کی ترقی میں اپنا نام پیدا کرسکیں اوربا مقصد زندگی گذارسکیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی پہلی لاء یونیورسٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کلفٹن کراچی کی افتتاحی تقریب سے خطا ب میں کیا ۔

    تقریب میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ فیصل عرب ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قاضی خالد علی ، ہائی کورٹ کے ججز صاحبان ، سابق ججز سپریم کورٹ و ہائی کورٹ ،تاجکستان کے سفیر ایچ ای شیر علی اورمشیر اعلیٰ تعلیم سید وجاھت علی سمیت دیگر قانونی ماہرین نے شریک تھے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ میرے لئے یہ بات قابل ستائش ہے کہ آج میں ان لوگوں کے درمیان موجود ہوں جنھیں اللہ تعالیٰ نے حکمت اور تدبر دونوں عطا کی ہیں اور مجھے یہ اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ آج پاکستان کی پہلی جامعہ برائے قانون کا آغاز کررہا ہوں جسے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اور یہ اپنی طرز کی پہلی جامعہ ہے جس میں خصوصی طور پر حکومت سندھ کی تعریف کروں گا جنہوں نے اس جامعہ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اسے فوقیت دی اور یہ اعزاز بخشا کہ مختصر وقت میں اس کا آغاز ہو سکے ۔

    انہوں نے کہا کہ ہر بڑے منصوبے کا آغاز اس یقین اور امید سے کیا جاتا ہے کہ اسے با مقصد بنایا جائے گا ایسی مثالیں موجود ہیں جہاں حسین شاہکار کو بناتے ہوئے تمام تر لگن اور توجہ کے ساتھ انتہائی قلیل وسائل اور نا موافق حالات میں مکمل کیا جاتا ہے اور انھیں صفر سے ابتداء کرنا پڑتا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے خو شی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جامعہ برائے قانون کو ایسے لوگوں کی رہنمائی اور سرپرستی حاصل ہے جنھیں اللہ تعالیٰ نے کئی خصوصیات سے نوازا ہے جن کے پاس صلاحیت ، تجربہ ، علم اور معیار تمام چیزیں موجود ہیں ۔

    مجھے یقین ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قاضی خالد علی کی سربراہی میں یہ ادارہ ترقی کی راہوں کو عبور کرتا ہوا ایسا مقام حاصل کرے گا جو دوسرے کے لئے نمونہ ہوگا ۔

    انہوں نے کہا کہ میں ان خیالات کا اظہار کر نا چاہوں گا کہ قانون اور قانونی جامعہ کی مہذب معاشرے میں کیا اہمیت ہے زندگی کے ساتھ قانون کا بڑا گہرا رشتہ ہے یہ صرف دلائل اور عقل کی لڑائی نہیں ہے ان کا بنیادی فائدہ یہ ہے کہ یہ سچائی کے ذریعے ذہنوں کو روشن کرتا ہے اور قانون انصاف اور سچائی کے لئے کھڑا ہو تا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ جامعہ ایسے قانونی ماہرین فراہم کریگا جو قانونی ماہرین اور اعلیٰ ترین سوچ کے حامل اور قائدانہ صلاحیتوں سے آراستہ اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سچ کو قائم کرتے ہوئے ایک خوبصورت معاشرے کی تکمیل میں مدد فراہم کرینگے۔

    یہ بات بھی قابل تعریف ہے کہ اس جامعہ میں بزنس ایڈمنسٹریشن ، معاشیات ، کرمنالوجی کے شعبے بھی بنائے جارہے ہیں اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں بزنس ، معاشیات اور قانون کی بالادستی ہے ۔

  • گورنرکا عہدہ زیادہ عرصہ خالی نہیں رکھا جا سکتا،لاہور ہائیکورٹ

    گورنرکا عہدہ زیادہ عرصہ خالی نہیں رکھا جا سکتا،لاہور ہائیکورٹ

    لاہور: پنجاب کے گورنر کی تعیناتی کے لئے ہونے والی پیش رفت کی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ نے طلب کر لی ۔ عدالت نے قرار دیا کہ گورنر آئینی عہد ہ ہے، اس کو خالی نہیں رکھا جا سکتا۔

    جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صوبے کا منصب سیاسی نوعیت کا ہے اس پر نئے تقرر کے لئے مشاورت کا عمل جاری ہے ۔

    سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں گورنر کے عہدے پر تقرر چھ ماہ تک کیا جاسکتا ہے۔ درخواست گزار نے دلائل دیئے کہ آئین پاکستان میں اس قسم کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گورنر کا عہدہ آئینی ہے، اسے خالی نہیں رکھا جا سکتا ۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ پنجاب کے نئے گورنر کی تعیناتی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے ۔

    کیس کی مزید سماعت ستائیس فروری تک ملتو ی کردی گئی ہے ۔

  • وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں شہداء پشاور کے چہلم کی تقریب

    وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں شہداء پشاور کے چہلم کی تقریب

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان تقریب میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئے، تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور میں ہونے والے سانحہ کے شہداء کے چہلم کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچ گئے۔

      گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمد عباسی بھی گورنرہاؤس سے  پیدل وزیراعلیٰ ہاؤس  پہنچے ،دونوں شخصیات بغیر کسی پروٹوکول کے وزیراعلیٰ ہاؤس آئیں۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کا آغاز ہوچکا ہے۔

    اس سے قبل اسلام آباد میں پشاور روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کاآصف زرداری کے دور سے بھی براحال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دھرنا ہوتا توحکومت پیٹرول کی قلت کا الزام بھی ہم پر لگا دیتی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے سانحہ پشاور کے شہداء کے چہلم کے موقع پر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہیں، ان کہ کہنا تھا کہ میں جو بھی فیصلہ کرتا ہوں میرے سامنے ان شہید بچوں کا چہرہ ہوتا ہے۔

  • نئی مانیٹری پالیسی تاخیرکا شکار،آئندہ ہفتے جاری ہوگی

    نئی مانیٹری پالیسی تاخیرکا شکار،آئندہ ہفتے جاری ہوگی

    اسلام آباد : گورنراسٹیٹ بینک کی اسلام آباد میں مصروفیت بڑھ گئی،نئی مانیٹری پالیسی تاخیر کا شکار ہوگئی اب آئندہ آئندہ ہفتے جاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنراسٹیٹ بینک محمود اشرف وتھرا سمیت اسٹیٹ بینک حکام کی اسلام آباد میں مصروفیت کےباعث نئی مانیٹری پالیسی تاخیرکاشکار ہوگئی ہے۔

    شرح سود کےتعین کیلئےاسٹیٹ بینک کی جانب سےہر دوسرے ماہ کےدوسرےہفتےمیں مانیٹری پالیسی کا اعلان کیاجاتاہے۔

    ذرائع کےمطابق اب اسٹیٹ بینک نئی مانیٹری پالیسی آئندہ ہفتےجاری کرےگا۔گورنراسٹیٹ بینک نےجمعرات کو وزیرداخلہ،وزارت خزانہ اور ایف بی آرحکام سےملاقات کی۔

    ذرائع کاکہنا ہےکہ دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنےکیلئےمشترکہ لائحہ عمل بنایاجارہا ہے۔