Tag: governors rule

  • حکومتی اراکین نے سندھ میں گورنر راج کی مخالفت کر دی

    حکومتی اراکین نے سندھ میں گورنر راج کی مخالفت کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اراکین کی اکثریت نے سندھ میں گورنر راج کی مخالفت کر دی۔

    ذرائع کے مطابق حکومتی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں‌ اراکین کی اکثریت نے رائے دی کہ اگر سندھ میں‌ گورنر راج لگایا گیا تو اس سے معاملات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

    اراکین کا کہنا ہے کہ گورنر راج سے قانونی معاملات میں بھی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، اراکین کی رائے سن کر وزیر اعظم عمران خان نے معاملے پر مزید غور کرنے کی ہدایت کر دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں‌گورنر راج کے صرف 2 حمایتی ہیں، جن میں‌ ایک شیخ رشید ہیں۔

    دوسری طرف اجلاس میں وفاقی حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس لانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ریفرنس سپریم کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں لایا جائے گا، اس سلسلے میں مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان اور اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم کو بریفنگ بھی دی۔

    سندھ میں گورنر راج کا معاملہ، وزارت داخلہ میں مشاورت کا عمل مکمل

    سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کا بھی عزم کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کی بات کی، انھوں نے کہا ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ ہو۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا 27 مارچ کے جلسے میں قوم تبدیلی کے ساتھ نظر آئے گی، یہ چاہے جتنا بھی پیسہ لگا لیں، ان کا مقابلہ کروں گا۔

  • ایم کیو ایم کا سندھ میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ

    ایم کیو ایم کا سندھ میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ

    کراچی: سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، پاکستان تحریک انصاف سندھ کے بعد متحدہ پاکستان نے بھی صوبے میں گورنر راج لگانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ پاکستان کے کنوینئر عامر خان نے کہا کہ صوبہ بنانےکیلئےصوبائی اسمبلی سےدوتہائی اکثریت چاہیےہوتی ہے ،18ویں ترمیم میں صوبوں کو سارے اختیارات دےدیئےگئے، ایسی صورت میں18ویں ترمیم میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

    عامر خان نے کہا کہ ملکی سلامتی دفاعی اداروں سےجڑی ہے، دفاعی اداروں کی ضرورت صوبہ پوری کرتا ہے، ملکی سلامتی کیلئےضروری ہے کہ وفاق فوری سندھ میں گورنر راج لگائے تاکہ ان دشمن عناصر سےچھٹکارا مل سکے۔

    متحدہ پاکستان کے کنوینئر نے ایک بار پھر صوبے میں نئی مردم شماری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہرفرد کہتا ہے کہ اس شہرکی آبادی تین کروڑسےزائدہے مگر اسے ٹھیک طرح سے نہیں گِنا گیا، کراچی میں زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے لئے کم وبیش چالیس لاکھ جعلی ووٹوں کا اندراج کیا گیا، یہ 40 لاکھ ووٹ دھاندلی کیلئےاستعمال کئے جاتے ہیں، یہ پوری ایک پلاننگ ہے کوئی ماسٹرمائنڈہے۔

    عامر خان نے مزید کہا کہ جمہوریت کےلبادےمیں ملک دشمن لوگ اقتدار میں آتےہیں، ایف آئی اےکی رپورٹ میں ہمارےدعویٰ سچ ہونے کاثبوت ہے، 50سے60فیصدتک نادراکا عملہ کرپشن میں ملوث پایاگیا، نادراکےعملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، دہشتگردوں کےبھی شناختی کارڈبنائےگئےہیں، ایف آئی اےرپورٹ کےبعدسندھ حکومت کاکرپٹ چہرہ بےنقاب ہوچکا۔

    پریس کانفرنس میں عامر خان نے مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر اپنی پارٹی کو ہی فائدہ پہنچائے گا، سیاسی ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی دھاندلی کا ہی طریقہ ہے، ایک غیر جانبدار کو آدمی کو سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگایا جائے۔

    اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی محمد حسین کا کہنا تھا کہ مرتضی وہاب کو کراچی بہتری کیلئے نہیں بلکہ بلدیاتی اداروں میں اندرون سندھ سے لائے افسران کو مضبوط کرنے کے لئے لایا جارہا ہے۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں محبوبہ مفتی  کی حکومت ختم ، گورنر راج نافذ

    مقبوضہ کشمیرمیں محبوبہ مفتی کی حکومت ختم ، گورنر راج نافذ

    سری نگر :مقبوضہ کشمیرمیں مودی سرکارنے اپنی ہی کٹھ پتلی حکومت کا خاتمہ کردیا اور وزیراعلی محبوبہ مفتی کی پارٹی سے اتحاد ختم کرکے گورنر راج نافذ کردیا جبکہ پلواما میں مزید تین کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پرخاموش رہنے والی کٹھ پتلی وزیراعلی محبوبہ مفتی بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے کے باوجود اپنا اقتدار نہ بچا سکیں۔

    بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے استعفیٰ دے دیا۔

    وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے مستعفی ہوتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔

    مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیرمیں محبوبہ مفتی حکومت ختم کرکے گورنرراج نافذ کردیا اور گورنر نریندر ناتھ وہرا کو وادی میں اختیارات تفویض کردیے گئے ہیں۔

    گورنر نریندر ناتھ وہرا چوتھی بار مقبوضہ کشمیر کی حکومت سنبھال رہے ہیں، اس سے قبل وہ 2008، 2015 اور 2016 میں گورنر راج لگائے جانے کے دوران خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    پلواما میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید

    دوسری جانب مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز بدستور کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہیں، پلوامہ میں مزید تین کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

    ترال کے علاقے میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کی جان لی گئی جبکہ کارروائی کے دوران ایک گھر کو تباہ کر دیا۔

    اس سے پہلے علاقے میں بھارتی فوج کا ایک افسر اور جوان حملے میں زخمی ہوئے تھے، علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے

    پلواما اور ترال میں نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج جاری ہے ، مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند کردی گئی اور احتجاج دبانے کے لئے فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔