Tag: GOV’T

  • متحدہ کے مزید 10 دفاتر مسمار، دو روز میں تعداد 42 ہوگئی

    متحدہ کے مزید 10 دفاتر مسمار، دو روز میں تعداد 42 ہوگئی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے مزید 10 دفاتر مسمار کردیے گئے جس کے بعد دو روز میں مسمار ہونے والے دفاتر کی تعداد 42 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اشتعال انگیز تقریر کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا، شہر قائد میں سرکاری اراضی پر قائم متحدہ کے دفاتر مسمار کرنے کا سلسلہ دسرے روز بھی جاری رہا۔

    گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے سرکاری اراضی پر گرانے کے فیصلے پر فوری اطلاق کیا گیا، جس کے نتیجے میں آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم کے مزید 10 دفاتر مسمار کیے گئے۔ دوروز میں منہدم کیے جانے والے دفاتر کی تعداد 42 ہوگئی۔

    پڑھیں: ایم کیو ایم کے سیکٹر اور یونٹ کے دفاتر مسمار کرنے کا سلسلہ جاری

    اطلاعات کے مطابق مسمار کیے جانے والے سیکٹر اور یونٹ آفسس غیرقانونی طور پر سرکاری اراضی پر بنائے گئے تھے جن کے خلاف وزیر اعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    مزید پڑھیں:  وفاقی حکومت کا ملک بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر بند کرنے کا فیصلہ

    دوسری جانب سرکاری دفاتر میں آویزاں قائد ایم کیو ایم کی تصاویر بھی اتار لی گئی اور شہر قائد میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے 218 دفاتر سیل کئے جا چکے ہیں۔ سندھ پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ضلع ویسٹ میں متحدہ کے 37، ایسٹ میں 35، کورنگی میں 38، ضلع وسطی میں 68، ضلع ساؤتھ میں 25 اور ملیر میں 15 دفاتر سیل کیے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں حیدر آباد ، میر پورخاص اور سکھر میں بھی متحدہ کے متعدد دفاتر سیل کردئیے گئے ہیں جبکہ غیرقانونی طور پر بنائے گئے زونز و یونٹس کو مہندم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • ستمبر میں سڑکوں پر ہی فیصلہ ہوگا، شیخ رشید

    ستمبر میں سڑکوں پر ہی فیصلہ ہوگا، شیخ رشید

    اسلام آباد : پاکستان عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت کا کردار پوری قوم کے سامنے آگیا اب فیصلہ ہوگیا ہے کہ ملک کو کرپشن سے نجات دلائی جائے گی جس کے لیے اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اتحاد کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’’اسحاق ڈار نے جس دن سچ بولا اُن کی سیاست ختم ہوجائے گی وہ جعلی دستاویزات بنانے کے ماہر ہیں‘‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’اس وقت خزانے میں 20 ہزار ارب روپے ہیں جن میں سے 13 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا ہے، حکمرانوں نے کرپشن کر کے پاکستانی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن ہر پروجیکٹ میں ناکام نظر آرہی ہے قائد اعظم سولر پارک کا منصوبہ بھی بری طرح سے ناکام ہوا جس کے باعث ملکی خزانے کو اربوں کا ٹیکا لگایا گیا‘‘۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’’وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ جانا سیاسی طور پر ٹھیک نہیں ہے تاہم اسپیکر اور الیکشن کمیشن میں دائر نااہلی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد اپوزیشن کی جماعتیں سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ میاں محمد نواز شریف اپنے خلاف کبھی بھی احتساب کا عمل شروع نہیں کریں گے‘‘۔

    عوامی مسلم لیگ نے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ’’حکومت کے کچھ وزراء اور اپوزیشن کے اراکین نے اپنے خاندانوں کے ہمراہ بیرونِ ملک جانے کی تیاری مکمل کرلی ہے اور وہ جلد ملک سے پیسہ سمیٹ کر بھاگ جائیں گے۔ ستمبر کا مہینہ حکومت کے لیے بہت بھاری ہوگا اور اسی مہینے میں بڑا فیصلہ ہوگا‘‘۔

    ایک سوال کے جواب میں عوامی لیگ سے سربراہ کا کہنا تھاکہ ’’اگر ملک میں کوئی مسئلہ ہوا تو فوج خاموش نہیں بیٹھے گی، اپوزیشن کی تمام جماعتیں متحد ہیں تاہم پیپلزپارٹی کی سنجیدگی کا علم ستمبر میں ہوگا، اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک متحد ہیں جبکہ چیئرمین پی پی اور سینیٹر اعتزاز احسن بھی موجودہ صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں‘‘۔

    شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ’’کچھ لوگ مجھے عمران خان کے ساتھ نہیں دیکھنا چاہتے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ شیخ رشید خودکش سیاستدان ہے اس کے ساتھ جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلنا پڑتا ہے،  اُن کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا تھا فیصلہ سڑکوں پر ہی ہوگا اور آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں‘‘

    حکومت نے اپوزیشن کے اتحاد کو توڑنے کےلیے بہت حربے استعمال کیے تاہم ابھی تک اپوزیشن متحد ہے مگر یہ ضروری نہیں کہ کنٹینر کے معاملے میں بھی تمام جماعتوں کا مؤقف ایک ہی ہو،  اپوزیشن جماعتیں شریف برادران کے کردار کو جانتی ہیں اس لیے سب نے ستمبر میں سڑکوں پر آنے کی پکی تیاری کررکھی ہے‘‘۔

    فضل الرحمان کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ’’اگر حالات ایسے ہی رہے تو جلد ہی مولانا صاحب بھی اپوزیشن کے ساتھ موجود ہوں گے، سیاسی جماعتوں کے ووٹ بینک پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ‘‘پنجاب کا بہت بڑا ووٹ بینک عمران خان کے ساتھ ہے جبکہ سندھ میں پی پی کا ووٹ بینک ٹوٹ رہا ہے‘‘۔

     

  • ایم کیو ایم کا ٹی او آر کمیٹی سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ

    ایم کیو ایم کا ٹی او آر کمیٹی سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ نے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے رویوں پر احتجاجًا پاناما لیکس پر بننے والی اپوزیشن کی ٹی او آر کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی لندن و پاکستان کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف احتجاجاً پاناما لیکس کی ٹی او آرز کمیٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’کارکنان کی گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی گئی تاہم حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے  اس مسئلے پر آواز بلند نہیں کی گئی۔ جو جمہوری معاشرے کےلیے مایوس کُن ہے‘‘۔

    رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں تمام ممبران کی مشاورت کے بعد کئے جانے والے فیصلے کی قائد ایم کیو ایم نے بھی توثیق کردی ہے۔

    ایم کیوایم کے رہنماء ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’’عوامی مسائل حل کرنے سے روکا جارہا ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی گئی ہے‘‘۔

    پڑھیں :    گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کے کارکنان کا شاہراہ فیصل پر احتجاج

    عامر لیاقت کا مزید کہنا تھا کہ ’’ایم کیو ایم نے ہمیشہ لچک کا مظاہرہ کیا مگر دیگر جماعتوں کی جانب سے کوئی لچک نہیں دکھائی گئی، اگر ہم سے بات چیت کرکے ہمارے تحفظات دور کردئیے جائیں متحدہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرسکتی ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں:     ایم کیو ایم کا اجتماعی گرفتاریاں دینے پر غور

    دوسری جانب کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان و لندن کا اہم اجلاس دوبارہ شروع ہوگیا ہے، جس کے بعد ایم کیو ایم ساڑھے 6 بجے پریس کانفرنس کر کے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

     

  • ہیلی کاپٹر کی بازیابی کیلئے آرمی چیف کا امریکی و افغان حکام کو فون

    ہیلی کاپٹر کی بازیابی کیلئے آرمی چیف کا امریکی و افغان حکام کو فون

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں موجود امریکی مشن کے سربراہ اور افغان حکام سے ٹیلی فون پر رابطے کیے اور وہاں‌ گرنے والے ہیلی کاپٹر اور عملے کی بازیابی میں مدد کی درخواست کی۔

    ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف آف اسٹاف نے افغانستان کے صوبے لوگر میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی تلاش اور عملے کو بازیاب کروانے کے حوالے سے افغانستان میں امریکی مشن کے جنرل نکولسن سے رابطہ کر کے مدد طلب کرلی۔

    ڈی جی ایس پی آر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ ’’ہیلی کاپٹر مرمت کے لیے ازبکستان سے ہوتا ہوا روس جارہا تھا،امریکی جنرل نکلولسن نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ’’ہیلی کاپٹر کی گمشدگی کے حوالے سے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف نے افغان حکومت اور افغان نیشنل آرمی سے بھی رابطے کیے ہیں، افغان حکام نے بھی جلد از جلد عملے کی بازیابی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ، عملے کو طالبان نے پکڑ لیا

    یاد رہے کہ پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے سبب افغان لوگر میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی جہاں طالبان نے ہیلی کاپٹر میں موجود سات افراد کو یرغمال بناتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو تباہ کردیا، افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں لینڈنگ سے قبل ہی آگ لگی ہوئی تھی تاہم اس علاقے میں طالبان کا اثرو رسوخ ہونے کے باعث شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ عملے کو اغوا کیا گیا ہے۔

  • احتجاج کے ذریعے حکومت گرانے والوں کے دن پورے ہوگیے، ایاز صادق

    احتجاج کے ذریعے حکومت گرانے والوں کے دن پورے ہوگیے، ایاز صادق

    لاہور : اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ احتجاج سب کا حق ہے مگر اس کے ذریعے حکومت گرانے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹی او آراز کا فیصلہ سڑکوں پر حل نہیں ہوسکتا، حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتیں ٹی او آرز پر ایک اور نشست کے لیے خواہش مند ہیں‘‘۔

    ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ ’’میری کوشش ہے کہ ٹی او آرز کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن مٹینگ میں بیٹھ جائے، حکومت ٹی او آرز پر مٹینگ کرنا چاہتی ہے اس ضمن میں گزشتہ رات اعتزاز احسن اور شیری مزاری کو آگاہ کردیا ہے تاہم شاہ محمود قریشی سے رابطہ ہوا تو علم میں آیا کہ وہ ملک سے باہر ہیں‘‘۔

    پڑھیں :     پانامہ پیپرز: ٹی او آرز کمیٹی، ڈیڈ لاک برقرار

    اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ ’’مجھے جمہوریت کے خلاف کوئی سازش ہوتی نظر نہیں آرہی، تحریک انصاف کے اراکین جمہوریت پسند لوگ ہیں وہ اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دیں گے‘‘۔

    سندھ کابینہ میں ہونے والی تبدیلیوں پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’سندھ میں تبدیلی پیپلزپارٹی کی مشاورت سے کی گئی ہے، اس تبدیلی سے صوبے میں بہتری آتی ہے تو یہ ملک کی بہتری ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم کے لیے بہتر ہے اپوزیشن کے ٹی او آرز تسلیم کرلیں، خورشید شاہ

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’پانامالیکس کے معاملے پر کسی فریق کی حمایت میں نہیں ہوں تاہم حکومت اور اپوزیشن کے ڈیڈ لاک کو ختم کروانے کے لیے کردار ادا کررہا ہوں، انہوں نے کہا کہ ’’مسلم لیگ میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں ہے مجھے اسمبلی میں کوئی فاروڈ بلاک نظر نہیں آرہا‘‘۔

    یاد رہے پاناما لیکس کے معاملے پر ٹی او آرز کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کےدرمیان ڈیڈ لاک تاحال جاری ہے، حکومتی کمیٹی نے ٹی او آرز میں وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کا نام شامل کرنے مطالبہ کیا ہے اور وہ اس سے کسی صورت دستبردار ہونے کو تیار نہیں ہیں جبکہ حکومتی وزراء کا مؤقف ہے کہ پانامالیکس میں وزیراعظم کا نام موجود نہیں لہذا ٹی او آرز میں اُن کا نام شامل نہیں کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں : کوئی ابہام نہ رہے، وزیراعظم کا نام ٹی او آرز میں شامل کرائیں گے، بلاول زرداری

    دوسری جانب اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے حکومت کو ٹی او آرز کے معاملے پر آڑے ہاتھوں لیا ہوا ہے اور انہوں نے اپنی پارٹی اراکین قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ ’’حکمراں جماعت کو کسی صورت ریلیف فراہم نہ کیا جائے جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ’’حکومت کو اپوزیشن کے ٹی او آرز ہر صورت تسلیم کرنے ہوں گے‘‘۔

    اسے بھی پڑھیں : عمران خان کا 7ا گست سے تحریک چلانے کااعلان

    تحریک انصاف کی جانب سے بھی اگست میں کرپشن کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا ہے ، اس ضمن میں چیئرمین تحریک انصاف نے پارٹی رہنماؤں کو دھرنے کی تیاری کی ہدایت کردی ہے‘‘۔

  • بلدیاتی انتخابات ، حکومت نے گرین ٹیکسی اسکیم کی قرعہ اندازی کردی

    بلدیاتی انتخابات ، حکومت نے گرین ٹیکسی اسکیم کی قرعہ اندازی کردی

    لاہور:‌بلدیاتی انتخابات سے تین روز پہلے حکومت نے گرین ٹیکسی اسکیم کی قرعہ اندازی کردی۔ تحریک انصاف نے غیرقانونی قراردے دیا.

    صوبائی حکومت نے بلدیاتی الیکشن سے تین روز پہلے قرعہ اندازی کرکے ناموں کا اعلان کردیا ہے، بلدیاتی انتخابات سے تین روز پہلے تیرہ ہزار سے زائد ٹیکسیوں کی تقسیم پرصوبائی وزیر خزانہ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ جاری منصوبہ ہے، اس سے الیکشن کمیشن کے قوانین نہیں ٹوٹتے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف نے اسے پری پول رگنگ قرار دے دیا ہے جبکہ سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد بھی اسکیم کو غیر قانونی قرار دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے خلاف کارروائی بھی ہوسکتی ہے.

    تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس اسکیم کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے۔

  • ایم کیو ایم کو منانے کی ذمہ داری ایک بارپھر مولانا کے حوالے

    ایم کیو ایم کو منانے کی ذمہ داری ایک بارپھر مولانا کے حوالے

    اسلام آباد: ایم کیوایم کے انکار کے بعدحکومت نے ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کردی جبکہ استعفوں کی واپسی کیلئے الطاف حسین سے بات کرنے کی بھی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امتحدہ قومی موومنٹ کاحکومت سےمذاکراتی عمل ختم کرنےکا اعلان ن لیگ پھر متحرک ہوگئی، وزیرِاعظم نے ایم کیو ایم کو منانے کی ذمہ داری اسحاق ڈار کے سپرد کی، انکا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان استعفوں کے مسئلے پر کردار ادا کریں۔

    وزیراعظم کی ہدایت پر اسحاق ڈار نے مولانافضل الرحمان سے رابطہ کیا اور ان سے استعفوں کی واپسی کی لئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے رابطے کی درخواست کی، حکومتی درخواست کے بعد مولانا نے ایم کیوایم رہنما فاروق ستار سے رابطہ کرلیا، فاروق ستار نے فضل الرحمان کو لیگیوں کے غیر سنجیدہ رویے سے آگاہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے ایم کیو ایم کے مطالبات دہرائے۔

    اس سے قبل ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، فاروق ستار کا شکوہ تھا کہ حکومت کا رویہ سنجیدہ نہیں ۔ایم کیوایم کی سیاسی اورفلاحی سرگرمیوں اورالطا ف حسین کےخطاب پرپابندی ہے۔

    دوسری جانب اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایم کیو ایم کے وفد نے سید خورشید شاہ سے بھی ملاقات کی، متحدہ کےوفد نے پی پی رہنماء سے موجودہ سیاسی صورتحال اور استعفوں سےمتعلق اہم گفتگو کی۔

  • عید توکیا ایک سال بھی بیٹھنا پڑا توبیٹھوں گا، عمران خان

    عید توکیا ایک سال بھی بیٹھنا پڑا توبیٹھوں گا، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نےکہا کہ اٹھارہ سال کی سیاست ایک طرف اورپینتیس دن کی خوشی ایک طرف، بے شک وزیراعظم نہ بنوں لیکن چاہتاہوں کسی پرظلم نہ ہو۔

    اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ جمہوریت میں عوام کے پیسے کا کوئی حساب نہیں رکھا جاتا رائے ونڈ محلات پر خرچ ہونے والے پیسوں کا پوچھا تھا ابھی تک جواب نہیں آیا، نواز شریف کے امریکا کے چار دن کے دورے پر ساڑھے چار کروڑ خرچ ہوں گے، ان کا یہ بھی کہنا تھا اسمبلی میں بڑی گھٹیا تقریریں کی جارہی ہیں اسمبلی والوں کو ڈر ہے کہ کہیں عوام جاگ نہ جائے ۔

    عمران خان نے کہا کہ جمہوری حکمران اپنے نفس کو نہیں عوام کو بچاتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن والے بتائیں دھرنے میں کون سی چیز غیر قانونی ہے۔ گلو بٹوں سے ڈرنے والے نہیں، وزیراعظم سے استعفیٰ لئے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ کپتان کہتے ہیں عوام اپنے حقوق کیلئے کھڑے ہو رہے ہیں، عدالت کے فیصلے کے باوجود کنٹینرز نہیں ہٹائے گئے کس قانون کے تحت کنٹینرز لگائے اور اسکول بند کیے ہوئے ہیں اگر دھرنے میں کوئی خطرہ ہوتا تو کیا یہاں خواتین ، بچے آتے جو جتنا ہمیں برا بھلا کہتا ہے وہ اتنا ہی بڑا ڈاکو ہے۔ مسلسل 35دن لوگ فوج کے کہنے پر باہر نہیں نکلا کرتے۔

    تحریک انصاف نے اعلان کیا کہ آپ کا پیغام پورے پاکستان میں جا چکا ہے، میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جہاں بھی گیا ایک ہی نعرہ سننے کو ملا وہ نعرہ ’گو نواز گو‘ تھا، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ا ب چاہے مجھے ایک سال بھی دھرنا دینا پڑے میں یہیں موجود ہوں، عید تو پہلے ہی یہاں گزارنے کا اعلان کر چکا ہوں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں ہونے سے پاکستانی قوم اپنے حقوق سے آ گاہ ہو رہی ہے اور ان حقوق کو حاصل کرنے کے لئے بیدار ہو رہی ہے۔ مجھے زندگی میں کبھی اتنی خوشی نہیں ہوئی جتنی اس بیداری کو دیکھ کر ہو رہی ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا قائداعظم اپنی ذات اور بادشاہ بننے کیلئے پاکستان نہیں بنا رہے تھے اسلیے لوگ قائداعظم کی عزت کرتے ہیں، نیلسن منڈیلا نے 27 سال جیل میں گزارے اور جیل کاٹنے کے بعد سب کو معاف کر کے جنوبی افریقہ کو خون سے بچایا، ان کا مزید کا کہنا تھا ہم نے فیصلہ کرنا ہے ظالموں کا ساتھ دینا ہے یا نیا پاکستان بنانا ہے اس وقت بجلی کی قیمت 80 فیصد بڑھا دی گئی، 70 فیصد ارکان اسمبلی ٹیکس نہیں دیتے۔ دنیا میں سب سے کم ٹیکس پاکستان میں اکٹھا کیا جاتا ہے ۔

  • عمران خان کاجمعہ کو "گونوازگو ڈے” منانے کااعلان

    عمران خان کاجمعہ کو "گونوازگو ڈے” منانے کااعلان

    اسلام آباد: عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اپنےاوربچوں کےاثاثےبتادیں دھرنا ختم کردوں گایا پھر مجھ سےمنسوب ایسی چیزبتائیں جومیں نےظاہرنہ کی ہوتو سیاست چھوڑدوں گا۔

    اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے قرضوں کی قسطیں عوام اپنے خون سے دے رہی ہے، حکمرانوں کو پاکستان کے ٹیکس کے پیسوں کی فکر نہیں ہے،حکومت بجلی چوروں کو پکڑنے کی بجائےعوام سے قیمت وصول کرتے ہیں، کسان اورمزدوردگنی بجلی کا بل کیسے ادا کرے گا، بجلی کی قیمت دگنا کرنے پرحکومت کواس کا جواب دینا ہوگا۔

    عمران خان کا جمعے کے روز’گو نواز گو‘ ڈے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جمعہ کو اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع ہوگا، جمعہ کو پوری قوم دھرنے میں شرکت کرے، ہم سب بجلی کے بل جلائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف کل عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے،عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم نوازشریف اپنے اثاثے ظاہر کردیں تو میں آج ہی اپنا دھرنا ختم کر دوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ سلمان شہباز نے کل الزام عائد کیا کہ میں جھوٹ بول رہا ہوں اوران کی کوئی شوگر ملز ہی نہیں ہے،تو میں کہتا ہوں کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ جھنگ اور چنیوٹ کے بیچ میں بھوانہ کے مقام پر رمضان شوگرملز موجود ہے اوراس کے لئے اس عوام کے پیسوں سے پل بنایا جا رہا ہے، جس کا فائدہ صرف اورصرف شوگرملزکو ہورہا ہے، عوام کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

    خطاب کے آخر میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے یہاں آ کر ہمیں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اوردھرنا چلانے کے لئے فنڈز دیئے، سوشل میڈیا ٹیم نے دنیا بھر میں ہماراپیغام دے کر قابل تحسین کام کیا اورمیڈیا کو بھی مسلسل کوریج دینے پر سلام پیش کرتے ہیں۔

  • دھرنے سے ظلم کی زنجیریں ٹوٹ رہی ہیں، عمران خان

    دھرنے سے ظلم کی زنجیریں ٹوٹ رہی ہیں، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نے کہا کہ ہم طاقت میں آنے کے بعد ایوانِ صدر خالی کرائیں گے، منی لانڈرنگ کرنے والے کو مجرم نہ کہوں تو اور کیا کہوں۔

    اسلام آباد میں آزادی مارچ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ظالم کے سامنے کھڑے نہیں ہونگے تو ہم میں اور جانوروں میں کوئی فرق نہیں ہوگا،دھرنے سے ظلم کی زنجیریں ٹوٹ رہی ہیں، جب ہم خود غرضی نہیں کریں گے تب نیا پاکستان بنے گا۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لئے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جھوٹ بولتے ہیں، نواز شریف آپ لوگوں کو بے وقوف نہیں بنا سکتے،جتنا مرضی پیسا بنا لیں ان ظالموں کا پیٹ نہیں بھرے گا، اپنا پیسا بنانے کے سوا انہیں کچھ نظر نہیں آتا، نواز شریف کے شوگر مل کے لئے 2.5 ارب کا پل بن رہا ہے ۔

    عمران خان نے کہا کہ کرپشن کی انتہا کے باعث  لوگ پاکستان میں کاروبار کیلئے نہیں آتے، پانچ سال میں 27 لاکھ پاکستانی بیرونِ ملک چلے گئے ہیں، نواز شریف نے چند سال بعد ٹیکس دیا وہ بھی چند ہزار روپے، لندن میں نواز شریف کا بیٹا 800 کروڑ رہوپے کے فلیٹ میں رہتا ہے ۔ ورلڈ اکنومک فورم کہتا ہے کہ پاکستان کی معاشی حالت خراب ہے ۔

    عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کو صرف پیسہ بنانے کے علاوہ اور کچھ نہیں آتا۔ حکمران جتنا مرضی پیسہ بنا لیں، ان کا پیٹ نہیں بھرے گا، میں اربوں کے ڈاکے مارنے والوں کو ڈاکو نہ کہوں تو اور کیا کہوں؟،نواز شریف کا خاندان برطانوی حکومت کو 200 کروڑ اور پاکستان میں پانچ ہزار ٹیکس دیتا ہے، ان کو ٹیکس چور نہ کہوں تو اور کیا کہوں؟، منی لانڈرنگ کرنے والے کو مجرم نہ کہوں تو اور کیا کہوں؟ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہمارے پرامن احتجاج کا ریکارڈ بن رہا ہے۔ دھرنے کے لوگوں کو پاکستان کا ہیرو مانتا ہوں۔