Tag: Grand Jirga of Kurram

  • کرم گرینڈ جرگہ، اسلحہ جمع کرانے پر فریقین میں تحفظات کے باعث معاہدے پر دستخط نہیں ہو سکے

    کرم گرینڈ جرگہ، اسلحہ جمع کرانے پر فریقین میں تحفظات کے باعث معاہدے پر دستخط نہیں ہو سکے

    کوہاٹ: کرم میں قیام امن کے لیے کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ جاری ہے، فریقین میں اسلحہ جمع کرانے پر تحفظات کے باعث معاہدے پر دستخط نہیں ہو سکے۔

    ذرائع کے مطابق کرم گرینڈ جرگے میں ایک فریق کو بھاری اسلحہ قومی مشران کے پاس جمع کرانے پر تحفظات ہیں، اس کا مطالبہ ہے کہ اسلحہ دونوں جانب سے حکومت کے پاس جمع کرانا ہوگا۔

    ایک فریق کا کہنا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر ہی عمل کیا جائے، جرگہ ارکان کا کہنا ہے کہ بہت سے نکات پر فریقین متفق ہو چکے ہیں، ایپکس کمیٹی میں جو فیصلے ہوئے اس سے متفق ہیں۔

    جرگہ ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ بگن بازار اور گھروں کی از سرنو تعمیر کی جائے، متاثرہ دکان داروں اور خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے۔

    دوسری طرف راستوں کی بندش کے خلاف پاراچنار میں 5 مقامات پر دھرنا جاری ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جب تک سڑکیں نہیں کھولی جاتیں دھرنا جاری رہے گا۔

    کراچی کے 13 مقامات پر مجلس وحدت مسلمین کا احتجاج، کئی سڑکیں بند

    مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے کہا کہ کرم میں ادویات دی جا رہی ہیں، پاراچنار ڈی ایچ کیو میں اب تک تاریخ کی سب سے زیادہ او پی ڈی ریکارڈ کی گئی، جب تک راستے نہیں کھل جاتے ادویات کی سپلائی جاری رہے گی۔

    ادھر کرم کے مسئلے پر کراچی میں احتجاج جاری ہے، ملک کے تجارتی مرکز کی مختلف سڑکیں تین روز سے بند ہیں، ملیر سے صدر جانے والے شارع فیصل کے ٹریک پر بدترین ٹریفک جام ہے، ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں، ناتھاخان کے قریب احتجاج کے باعث ایئرپورٹ جانے والی سڑک بند ہے۔

    ملیر پندرہ میں دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہے، اسٹیل ٹاؤن موڑ پر بھی احتجاج جاری ہے، عباس ٹاؤن کے قریب دھرنا دیا جا رہا ہے، ابوالحسن اصفہانی روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے، کامران چورنگی چاروں طرف سے بند ہے، نمائش چورنگی پر احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔ فائیو اسٹار چورنگی، انچولی اور سرجانی ٹاؤن جانے والے راستے پر بھی احتجاج ہو رہا ہے، شاہراہ پاکستان سہراب گوٹھ والا ٹریک بند ہے اور ناظم آباد میں رضویہ کے قریب سڑک بند ہے۔

  • ضلع کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر ہے: بیرسٹر سیف

    ضلع کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر ہے: بیرسٹر سیف

    کوہاٹ: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ضلع کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیراطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے ضلع کرم کے گرینڈ جرگے سے خطاب میں کہا کہ ہمیں نفرتوں کو مٹانا ہوگا، جنگ خود بخود ختم ہو جائے گی، کرم کی مرکزی شاہراہ جلد آمد و رفت کیلئےکھول دی جائیں گی۔

    بیرسٹر سیف نے کہا کہ مرکزی شاہراہ پر قائم بنکرز کو عوامی تعاون سے جلد ختم کیا جائے گا، ضلع کرم کو بھاری ہتھیاروں سے پاک کرنا ناگزیر ہے، دونوں فریقین امن چاہتےکچھ عناصر کے مفادات جنگ سے وابستہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان عناصر کی نشاندہی عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، ان عناصر کیخلاف حکومت سخت ترین کارروائی کرے گی اور مجھے امید ہے جنگ بندی کا یہ عمل مستقل طور پر جاری رہے گا۔

    خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گرینڈ جرگے کو اس بار اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا ہوگا، صوبائی حکومت آپ کیساتھ ہے امن کے قیام کیلئے ہر قدم اٹھائیگی، وزیراعلیٰ کےپی نے صوبائی سطح پر ایک سپروائزری کمیٹی قائم کی ہے، اس کمیٹی میں سول انتظامی، سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔

    خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ہیلی کاپٹرکے ذریعے ادویات کی فراہمی جاری رکھے گی، فضائی آمدورفت کی بحالی زیر غور ہے اور چند دنوں میں فیصلہ ہوگا۔