Tag: Graveyards

  • لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات: قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کا فیصلہ

    لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات: قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہروں گجرات اور اوکاڑہ میں لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات کے بعد قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات کے پیش نظر قبرستانوں کی سیکیورٹی اور انتظام بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے چوکیدار رکھے جائیں گے، قبرستانوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے منیجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

    اجلاس میں واقعات میں ملوث مجرموں کو فوری گرفتار کرنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ مجرموں کے فنگر پرنٹس کا ڈیٹامرتب کیا جائے۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عدم توجہ کے باعث قبرستان جرائم کی آماجگاہ بن رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل گجرات کے ایک گاؤں کے قبرستان میں خاتون کی لاش کو قبر سے نکال کر برہنہ حالت میں پھینک دیا گیا تھا۔

    گاؤں چک کمالہ کا رہائشی محمد نذیر اپنی اٹھارہ برس کی ذہنی معذور بیٹی کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے پہنچا جہاں اس نے قبر کھلی ہوئی اور میت غائب دیکھی، تلاش پر قریبی جھاڑیوں سے لاش بغیر کفن کے برآمد ہوئی۔

    پولیس نے لاش کا میڈیکل کروا کر رپورٹ پنجاب فرانزک لیب بھجوا دی، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، لاش سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاش کی بے حرمتی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • کراچی : قبرستانوں میں قبضہ مافیا کیسے پنجے گاڑتی ہے؟ جانیے

    کراچی : قبرستانوں میں قبضہ مافیا کیسے پنجے گاڑتی ہے؟ جانیے

    کراچی : شہر قائد میں سرگرم قبضہ مافیا کے بے لگام کارندوں نے قبرستانوں کو بھی نہیں چھوڑا، بااثر مافیا مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ یہ گھناؤنا کام انجام دے رہی ہے۔

    مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہر خموشاں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بااثر افراد نے قبروں کی جگہ پر گھروں کی تعمیرات بھی شروع کر دی ہیں، کئی قبرستان ایسے ہیں جہاں پر قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ کر مسلح افراد بٹھا دیے ہیں۔

    قبرستان کے گورکن ملازم کے بجائے مالک کا کردار ادا کرتے ہوئے قبر کی سرکاری قیمت کے بجائے ہزاروں روپے اضافی رقم وصول کرتے ہیں اور کسی پرانی قبر کو ختم کرکے وہاں نئی قبر بنا دی جاتی ہے۔

    اب حالت یہ ہے کہ قبرستانوں کی کمی سنگین شکل اختیار کرچکی ہے،اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں یومیہ ڈیڑھ ہزار کے قریب اموات رپورٹ ہوتی ہیں جن کی تدفین کیلئے لواحقین کو بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا بھی ماننا ہے کہ کے ایم سی کے قبرستانوں کی صورتحال افسوسناک حد تک خراب ہے اور ان پر قبرستان مافیا کا قبضہ ہے۔

    انہوں نے گزشتہ روز ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام قبرستانوں میں تدفین اور ضروری کاغذات کی تیاری کا پورا عمل ون ونڈو کے ذریعے ہونا چاہئے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، فلاحی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل یہ کمیٹیاں کے ایم سی کے ساتھ مل کر ان قبرستانوں کا انتظام و انصرام سنبھالیں گی۔

    علاوہ ازیں کراچی شہر میں مختلف مقامات پر ہونے والے قبضوں پر عدالت بھی نوٹس لے کر احکامات جاری کرچکی ہے، حال ہی میں سپریم کورٹ نے نالوں پر قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • ‘شبِ برات پر عوام کے قبرستان جانے پر پابندی ہوگی’

    ‘شبِ برات پر عوام کے قبرستان جانے پر پابندی ہوگی’

    کراچی : وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ کا کہنا ہے کہ شب برات پرعوام کےقبرستان جانےپرپابندی ہوگی، عوام گھروں میں رہ کر کورونا سے نجات کےلیےدعائیں مانگیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے شب برات کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ شہری احتیاط کریں شب برات پرگھروں میں عبادات کریں، شب برات پرعوام کےقبرستان جانےپرپابندی ہوگی،وزیراطلاعات سندھ

    وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ عوام سےگھروں میں عبادت کی تلقین کی جاتی ہے، عوام کوروناسےمحفوظ رکھنے کے مشکل فیصلےکیے اور علما کے متفقہ فیصلےکے بعد عوام سےشب برات پرگھروں میں رہنےکی اپیل ہے۔

    ناصرحسین شاہ نے کہا کہ عوام گھروں میں رہ کرکوروناسےنجات کےلیےدعائیں مانگیں اور کوروناسےحفاظت اوراحتیاطی تدابیرپرسنجیدگی سےعمل کریں۔

    یاد رہے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا عوام سے درخواست ہے احتیاط کریں اور انفرادی عبادت کریں، زندگی میں کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے، لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ طبی ماہرین بھی یہی رائے رکھتے ہیں کہ سماجی فاصلے رکھیں، صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قبرستان بند ہوں گے لوگوں کو جمع ہونے نہیں دیا جائے گا۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ لوگ گھروں میں کرونا وبا سے چھٹکارے کے لیے بھی دعا کریں، آج وزیراعلیٰ سندھ خود دورے پر نکلے تھے اور حالات کا جائزہ لیا، مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائے۔

  • ہوائی جہازوں کے قبرستان کی سیر کرنا چاہیں گے؟

    ہوائی جہازوں کے قبرستان کی سیر کرنا چاہیں گے؟

    کیا آپ نے جہازوں کے قبرستان کے بارے میں سنا ہے؟ یہ وہ جگہ ہوتی ہے جہاں اپنی مدت پوری کرنے والے یا ناکارہ ہوجانے والے ہوائی جہاز پارک کردیے جاتے ہیں۔

    ہوائی جہاز کی جسامت ایسی نہیں ہوتی کہ ناکارہ ہونے پر اسے ایئرپورٹ کے کسی عقبی کونے میں کھڑا کردیا جائے، اس کے لیے اسے باقاعدہ ایک وسیع جگہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسی جگہوں کو، جہاں ناکارہ جہاز کھڑے کردیے جائیں بون یارڈ یا جہازوں کا قبرستان کہا جاتا ہے۔

    بون یارڈ میں رکھے جانے والے جہاز عسکری اور تجارتی بنیادوں پر استعمال شدہ جہاز ہوتے ہیں۔

    امریکی ریاست ایریزونا میں واقع ڈیوس مونتھن فورس بیس سب سے بڑا بون یارڈ ہے۔ جنگ عظیم دوئم کے بعد قائم کیے جانے والے اس قبرستان میں 4 ہزار 400 ناکارہ جہاز کھڑے ہیں۔

    ان میں امریکی خلائی ادارے ناسا کے استعمال شدہ جہاز بھی شامل ہیں۔

    زیادہ تر بون یارڈز عوام کے لیے بند ہوتے ہیں تاہم ایریزونا کا یہ بون یارڈ عام لوگوں کے لیے کھلا ہے اور جہازوں میں دلچسپی رکھنے والے افراد اور سیاح بس میں بیٹھ کر اس پورے میدان کا چکر لگا سکتے ہیں۔

    کیا آپ اس قبرستان کی سیر کرنا چاہیں گے؟