Tag: Green Card

  • جوبائیڈن نے ٹرمپ کے ایک اور فیصلے کو منسوخ کردیا

    جوبائیڈن نے ٹرمپ کے ایک اور فیصلے کو منسوخ کردیا

    واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے گرین کارڈ جاری کرنے پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا، مذکورہ پابندی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال عائد کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جوبائیڈن نے اس پابندی کو ختم کر دیا ہے جس کے تحت گرین کارڈ کے بہت سے درخواست گزاروں کا امریکا میں داخلہ ممنوع تھا،ان کا کہنا ہے کہ امریکا کو اس پابندی سے فائدے کے بجائے نقصان پہنچ رہا ہے۔

    امریکی صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق حکومت کا یہ فیصلہ امریکہ کے مفاد میں نہیں تھا، اس کے برعکس یہ امریکی عوام کے لئے مشکلات پیدا کرنے کا فیصلہ تھا جس سے امریکی شہریوں اور جائز مقامی رہائشیوں کو ان کے اہل خانہ سے ملنے میں دشواری ہوئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قانون سے ان امریکی صنعتوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے جو اپنے کام کے لیے دنیا بھر کی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جو2020 میں یہ پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی بھاری بے روزگاری کے درمیان امریکی ملازمین کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے۔

  • امریکا میں تارکین وطن کے لیے گرین کارڈ کے حوالے سے بری خبر

    امریکا میں تارکین وطن کے لیے گرین کارڈ کے حوالے سے بری خبر

    واشنگٹن: امریکا میں تارکین وطن کے لیے گرین کارڈ کے حوالے سے یہ بری خبر آئی ہے کہ حکومت پر بوجھ بننے والے امیگرنٹس کو گرین کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے امیگریشن پبلک چارج قانون پر عمل درآمد کی اجازت دے دی ہے، سپریم کورٹ میں اس متنازعہ قانون کو 4 کے مقابلے میں 5 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔

    نئے قانون کے مطابق حکومتی فنڈز حاصل کرنے والے امیگرنٹس آیندہ گرین کارڈ حاصل نہیں کر سکیں گے، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پبلک فنڈز استعمال کرنے والے تارکین وطن امریکی شہریت کے اہل نہیں ہوں گے۔

    نئے قانون کی منظوری کے بعد اب عوامی سہولیات جیسا کہ میڈیکل ایڈ، فوڈ اسٹیمپس اور ہاؤس واؤچرز سے تھوڑے بھی مستفید ہونے والے امیگرنٹس امریکی شہریت کے اہل نہیں رہے ہیں۔ عدالت نے اس سلسلے میں ٹرمپ انتظامیہ کو اپنے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی اجازت دے دی ہے۔

    نئی پالیسی کے تحت امیگریشن آفسز قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کو گرین کارڈ دینے سے انکار کر سکتے ہیں اگر وہ عوامی سہولیات استعمال کر رہے ہوں گے، تارکین وطن کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ امریکا پر بوجھ نہیں بنیں گے اور عوامی سہولیات استعمال نہیں کریں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جو قانون تھا اس کے تحت غیر نقد سہولیات جن میں فوڈ اسٹیمپ اور میڈیکل ایڈ اور ہاؤس واؤچرز شامل ہیں، حاصل کرنے والے لوگوں کو پبلک چارجز تصور نہیں کیا جاتا تھا، تاہم اب انھیں پبلک چارجز تصور کیا جائے گا اور وہ گرین کارڈ سے محروم رہیں گے۔