Tag: Green Line Bur Project

  • مزید 40 گرین لائن بسیں کراچی پورٹ پہنچ گئیں

    مزید 40 گرین لائن بسیں کراچی پورٹ پہنچ گئیں

    کراچی : گرین لائن کے لیے مزید40 بسیں بندرگاہ پہنچ گئیں، بحری جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پہنچنے والی گرین لائن بسوں کی اب تک تعداد80ہوگئی ہے، اس سے قبل پچھلے ماہ 19 ستمبر کو چالیس بسیں آئی تھیں۔

    اوشین نامی بحری جہاز چین سے14اکتوبر کی رات کو کراچی پہنچا تھا، بڑے ڈرافٹ والے جہاز کی برتھ خالی نہ ہونے کے باعث لنگر انداز ہونے میں تاخیر ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق بحری جہاز کو6روز تاخیر سے برتھ ملا، گرین لائن بسیں سرجانی ڈپو پہنچائی جائیں گی سرجانی ڈپو پر چینی ماہرین بسوں کا تکنیکی جائزہ لیں گے۔

    اس سے قبل مزید چالیس بسیں کراچی پہنچنے کے بعد شہریوں کیلئے اسی ماہ سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ڈرائیورز کی تربیت کے لئے چینی ماہرین کراچی میں ہیں، چینی ماہرین کی تکنیکی جائزے کے بعد بسوں کو ٹرائل پر چلایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ مہینہ ختم ہونے میں 10روز باقی ہیں جبکہ یہ منصوبہ 2016ء میں شروع ہوا تھا۔ حکام کے مطابق پہلے فیز میں گرین لائن بسیں سرجانی ٹاؤن سے نمائش چورنگی تک چلائی جائیں گی۔

  • وزیراعظم عمران خان آج کراچی پیکج کا اعلان کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج کراچی پیکج کا اعلان کریں گے

    کراچی : وزیراعظم عمران خان آج کراچی پیکج کا اعلان کریں گے، گرین لائن منصوبہ سرجانی سے نمائش تک فعال کرنے کیلئے8ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان دورہ سندھ کیلئے کراچی پہنچ گئے، وزیراعظم آج کراچی پیکج کا اعلان کریں گے، کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی اور گورنر سندھ نے کراچی پیکج کو حتمی شکل دے دی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرین لائن منصوبہ سرجانی سے نمائش تک فعال کرنے کیلئے8ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کراچی کا نیاماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    منصوبے کوماسٹرپلان2047 کا نام دیا گیا ہے، لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوطرفہ ٹریک کو مزید بہتر بنانے کیلئے 2دو ارب روپے کا خصوصی فنڈ جاری کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی کراچی آمد، بغیرپروٹوکول گورنر ہاؤس پہنچے

    ذرائع کے مطابق کورنگی میں سیوریج کا پانی قابل استعمال بنانے کے لئے پلانٹ قائم کرنے کی فنڈنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پانی کے منصوبے کے فور کی نئی لاگت کی50فیصد فنڈنگ وفاقی حکومت کرے گی۔

  • ناظم آباد پل ٹریفک کے لیے بند، آج منہدم کیا جائے گا

    ناظم آباد پل ٹریفک کے لیے بند، آج منہدم کیا جائے گا

    کراچی: ناظم آباد سات نمبر کا پل ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، اورنج لائن اور گرین لائن منصوبے کے تحت ناظم آباد سات نمبر پر قائم پل کو گرانے کا عمل آج سے شروع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گرین لائن منصوبے کے لئے ناظم آباد بورڈ آفس پل کو گرانے کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے لیکن متبادل روٹ کے حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا۔

    کراچی والوں کو بہتر سفری سہولیات کےخواب کی تعبیر کیلئے کل سے نئی اذیت جھیلنا ہوگی، نصف صدی قدیم ناظم آباد کے پل کو گرانے کا کام آج سے شروع ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پل گرانے کا کام ایک ماہ جاری رہے گا، پہلے مرحلے میں بورڈ آفس سے عباسی شہید اسپتال جانے والا حصہ زمین بوس کیا جائے گا۔

    دوسرے مرحلے میں ناظم آباد سے بورڈ آفس جانے والے ٹریک کو منہدم کیاجا ئے گا۔ ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، نارتھ کراچی، نیوکراچی اور سرجانی ٹاؤن جانے والے لاکھوں شہری روزانہ ناظم آباد پل استعمال کرتےہیں، پل کے انہدام کے بعد ٹریفک جام میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔

    علاوہ ازیں عباسی اسپتال جانے والے مریضوں اور اطراف میں قائم اسکولوں کے طلبہ وطالبات کو سخت مشکلات کاسامنا ہونے کا قوی امکان ہے، شہریوں کا کہنا ہے پل کو منہدم کئے جانے سے قبل متبادل راستہ بنایا جائے اس پل کے منہدم کئے جانے کے بعد شہر کی نصف سے زائد آبادی کے شہریوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ ناظم آباد پل کا ایک حصہ 56 سال پرانا جبکہ نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد جانےوالے حصہ انیس سو چھیانوے میں تعمیر کیا گیا تھا۔