Tag: Green Line Bus Project

  • گرین لائن منصوبہ: ایم اے جناح روڈ کا دوسرا روڈ بھی بند، متبادل راستے کا اعلامیہ جاری

    گرین لائن منصوبہ: ایم اے جناح روڈ کا دوسرا روڈ بھی بند، متبادل راستے کا اعلامیہ جاری

    کراچی : ٹریفک پولیس کراچی نے گرین لائن منصوبے کے انڈر پاس کے تعمیراتی کام کے باعث مورخہ یکم دسمبر سے ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش تک کا روڈ بند کرنے کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق شہر قائد میں گرین لائن بس منصوبے کی تعمیر کا کام جاری ہے، تعمیراتی کام کے دوران کسی بھی نقصان سے بچنے کے لیے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے ایم اے جناح روڈ کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل روٹ پلان جاری کردیا۔

    اعلامیہ میں شہریوں کو زحمت اور پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مورخہ یکم دسمبر بروز ہفتہ انڈر پاس پر تعمیراتی کام کے باعث ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش تک دوسرا روڈ بھی بند کردیا جائے گا، شہری زحمت اور پریشانی سے بچنے کیلئے متبادل راستہ اختیار کریں۔

    لیاقت آباد نمبر دس اور گرومندر سے جانے والے حضرات پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی سے کوریڈور تھری صدر دواخانہ والا راستہ اختیار کریں، بہادریار جنگ روڈ سولجر بازار ، ہولی فیملی ، کیپری سنیما سگنل ایم اے جناح روڈ کے راستے سے سفر کریں۔

    اسی طرح ٹاور سے گرومندر جانے والے حضرات تبت چوک ، گارڈن چوک، آغا خان سوئم روڈ، انکل سریا چوک سے دائیں جانب بہادریار جنگ روڈ سولجر بازار سے گرومندر  کا راستہ اختیار کریں۔

    اس کے علاوہ تبت چوک، کیپری چوک سے دائیں صدر دواخانہ سے بائیں جانب کوریڈور تھری کا راستہ اختیار کریں۔ محکمہ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشانی سے محفوظ رہنے کے لیے ہدایت پر عمل کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

  • کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، بلاول بھٹو کی ہدایت

    کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، بلاول بھٹو کی ہدایت

    کراچی : سندھ حکومت نے شہر قائد میں گرین لائن بس منصوبہ وفاق کے بجائے اپنے وسائل سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے، بلاول  بھٹو زرداری نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے ملاقات کی،صوبائی وزیر نے پی پی چیئرمین کو سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاق کی جانب سے کراچی میں شروع کیے گئے گرین لائن بس منصوبہ کو سندھ حکومت اپنے وسائل سے چلائے گی، وفاق کے تاخیری حربوں سے پروجیکٹ کی تکمیل تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔

    اویس شاہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ پیپلزپارٹی کی جانب سے کراچی کے عوام کیلئے بہترین تحفہ ہوگا، اب تک گرین لائن منصوبے پر80فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، اس موقع پر بلاول بھٹو کی جانب سے صوبائی وزیر کو گرین بس پروجیکٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    گرین لائن منصوبہ رواں مالی سال گرومندر تک مکمل ہوجائے گا‘

    واضح رہے کہ سرجانی ٹاؤن سے جامع کلاتھ تک جانے والا گرین لائن منصوبہ رواں مالی سال گرومندر تک مکمل ہوجائے گا، رواں سال ماہ فروری میں گرین لائن بس منصوبے کے نگراں صالح فاروقی کا کہنا تھا کہ تاخیر ہوئی لیکن اب اسے بہتر انداز میں مکمل کیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ابتدائی طور پر صرف گرومندر تک تھا‘ تبدیلیوں کی وجہ سے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی تاہم اب یہ بہتر انداز میں تکمیل کی جانب گامزن ہے۔