Tag: Greg Barclay

  • آئی سی سی چیئرمین گریک بارکلے اور چیف ایگزیکٹو پاکستان پہنچ گئے

    آئی سی سی چیئرمین گریک بارکلے اور چیف ایگزیکٹو پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: آئی سی سی چیئرمین گریک بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، غیر ملکی مہمان دورے کے دوران چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی سمیت بورڈ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس آج صبح لاہور ایئر پورٹ پہنچے، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر سمیت پی سی بی کے دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    جیف ایلرڈائس آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو اور جنرل منیجر کی حیثیت سے پہلے بھی پاکستان آ چکے ہیں، البتہ گریگ بارکلے کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے، گریگ بارکلے 15 سال کے عرصے میں پاکستان آنے والے آئی سی سی کے پہلے چیئرمین ہیں۔

    آخری بار 2008 میں آئی سی سی کے صدر رے مالی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، اکتوبر 2004 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے دو اعلیٰ ترین افسران پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر رہے ہیں۔

  • شیڈول عالمی ٹورنامنٹس کرانے ہوں گے ورنہ آئی سی سی کو نقصان اٹھانا پڑے گا: نو منتخب چیئرمین

    شیڈول عالمی ٹورنامنٹس کرانے ہوں گے ورنہ آئی سی سی کو نقصان اٹھانا پڑے گا: نو منتخب چیئرمین

    دبئی: نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے نئے چیئرمین کا انتخاب عمل میں آ گیا ہے، نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے نے بھارت کے ششانک منوہر کی جگہ لی ہے۔

    گریگ بارکلے 2012 سے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر ہیں، چیئرمین بننے کے لیے بارکلے کو ڈائریکٹر نیوزلینڈ کا عہدہ چھوڑنا ہوگا۔

    گریگ بارکلے نے منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی چیئرمین بننا میرے لیے باعث فخر ہے، کرکٹ کو آگے لے جانے کے لیے ان تھک محنت کریں گے۔

    انھوں نے روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کو اگلے تین برسوں میں اپنے اہم مقابلے ہر حال میں منعقد کروانے ہوں گے، ورنہ کھیل کو سنگین مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ کو وِڈ 19 کی عالم گیر وبا نے آئی سی سی کو اپنے 3 عالمی ٹورنامنٹس کو ری شیڈول کرانے پر مجبور کیا، بارکلے نے منگل کے روز عالمی گورننگ باڈی کے چیئرمین کی حیثیت سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انھیں موجودہ نشریاتی معاہدے کے تحت ان ٹورنامنٹس کو منعقد کرانا پڑے گا۔

    ری شیڈول ہونے والے عالمی مقابلوں میں آسٹریلیا میں رواں سال شیڈول مینز ٹی 20 ورلڈ کپ، اور 2021 میں نیوزی لینڈ میں شیڈول وومنز ورلڈ کپ شامل ہیں، جو اب 2022 میں ہوں گے۔ جب کہ بھارت میں 2023 میں شیڈول مینز ورلڈ کپ سال کے بالکل آخر میں چلا گیا ہے۔

    بارکلے نے مزید کہا کہ اگر ہم ان تمام ایونٹس کے بروقت انعقاد میں ناکام رہے تو پھر براڈ کاسٹرز کی جانب سے ہم پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ہمیں جاری ادائیگیوں کی آخری رقم موصول نہیں ہوگی۔