Tag: groom died

  • دعوت ولیمہ کے دوران دولہا اچانک چل بسا

    دعوت ولیمہ کے دوران دولہا اچانک چل بسا

    وزیرآباد: پنجاب کے شہر وزیر آباد کے ایک نواحی علاقے میں دعوت ولیمہ کے دوران دولہا اچانک چل بسا۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق گاؤں بینکہ چیمہ کے رہائشی حافظ عمر کا گزشتہ روز ولیمہ تھا، دعوت ولیمہ میں اچانک طبیعت بگڑنے پر دولہا کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسپتال نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔

    وزیر آباد دولہا

    اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ دلہا حافظ عمر کی موت ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی ہے۔ حافظ عمر کی اچانک موت سے خوشیوں سے بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل میں ہارٹ اٹیک کی بڑھتی ہوئی شرح حالیہ برسوں میں صحت کا مسئلہ بن گئی ہے، روایتی طور پر بوڑھے افراد سے وابستہ دل کے امراض اب نوجوانوں کی صحت پر اثر انداز ہو رہے ہیں، جنھیں ایسے قلبی خطرات سے نسبتاً محفوظ تصور کیا جاتا تھا۔

    نئی نویلی دلہن کی بیوٹی پارلر میں ہارٹ اٹیک سے موت

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں دل کے دورے کے واقعات میں اضافے کی کئی وجوہ ہیں، جن میں پراسیسڈ فوڈز، الم غلم غذائیں، سیچوریٹڈ فیٹس، اور چینی سے بھرپور خوراک شامل ہیں، متوازن غذا کی اہمیت اور دل کی صحت پر اس کے اثرات کے بارے میں آگاہی کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے خوراک کی خراب عادتیں پیدا ہوتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق جدید سہولتوں کے ساتھ ساتھ ڈیسک تک محدود ملازمتیں اور کمپیوٹر یا موبائل کے زیادہ استعمال میں اضافے سے بھی نوجوان نسل میں دل کی صحت سے متعلق مختلف عوامل نے جنم لیا ہے۔ جب کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی کی کمی اور موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر اور ہارٹ اٹیک جیسے امراض کا راستہ کھولتے ہیں۔

  • شادی کے تیسرے روز دولہا ہلاک، گھر میں صف ماتم بچھ گئی

    شادی کے تیسرے روز دولہا ہلاک، گھر میں صف ماتم بچھ گئی

    حیدرآباد : بھارت کا ایک مسلمان نوجوان اپنے ولیمے سے دو روز قبل ہونے والے اندوہناک حادثے میں جاں بحق ہوگیا، بچے کو بچانے کوشش میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز دولت آباد کے علاقہ اللہ پور میں پیش آیا، حادثے سے دو روز قبل جمعرات کے روز 23سالہ یاسین کی شادی ہوئی تھی۔

    شادی کے بعد لڑکے کے گھر والوں نے پکنک کا پروگرام بنایا اور ہفتہ کی دوپہر یہ خاندان علاقے کے بڑے تالاب  میں تفریح کے لئے گئے تھے۔

    اسی دوران دولہا یاسین کا بھتیجا سمیر کھیلتے ہوئے اتفاقی طور پر تالاب میں گرگیا اس کو بچانے کی کوشش میں یاسین بھی تالاب میں کود گیا۔

    یاسین نے پوری کوشش کرکے بچے کو تو کنارے تک پہنچا دیا لیکن خود کیچڑ میں پھنس گیا، بعد ازاں مقامی افراد نے دونوں کو تالاب سے نکال لیا اس دوران یاسین کی اسپتال پہنچنے سے قبل موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق متوفی یاسین کی دو دن قبل ہی حیدرآباد کے فلک نما کی رہنے والی ایک لڑکی کے ساتھ شادی ہوئی تھی اور آئندہ اتوار کو ان کی تقریب ولیمہ کا انعقاد ہونا تھا۔

  • پشاور : شادی کی تقریب میں جھگڑا، فائرنگ سے دولہا جاں بحق

    پشاور : شادی کی تقریب میں جھگڑا، فائرنگ سے دولہا جاں بحق

    پشاور : خواتین کی ویڈیو اور تصاویر بنانے کے معاملے نے دولہا کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزمان میں مقتول کا بہنوئی بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے مضافاتی علاقے سردار گڑھی کے محلے چغل پورہ میں ایک شادی کی تقریب کے دوران خواتین کی تصاویر اور ویڈیو بنانے پر جھگڑا ہوگیا.

    بات تلخ کلامی سے بڑھ کر ہاتھا پائی اور پھر اسلحے تک پہنچ گئی، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دولہا عابد جاں زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلیے لے جایا رہا تھا کہ اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا، واقعے کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

    پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کردی، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے نام شہزاد، شبیر اور شاہ فہد ہیں اور ان میں ایک ملزم مقتول کا بہنوئی بھی ہے۔

     ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے خصوصی ٹیم متشکیل دے دی ہے جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔