Tag: grounding hundreds of flights

  • ایئر کینیڈا کے فضائی میزبانوں کی ہڑتال، سیکڑوں پروازیں گراؤنڈ

    ایئر کینیڈا کے فضائی میزبانوں کی ہڑتال، سیکڑوں پروازیں گراؤنڈ

    ایئر کینیڈا کے 10 ہزار کیبن عملے کی جانب سے آج صبح تنخواہوں پر مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ہڑتال کردی گئی، جس کے باعث ملک کی سب سے بڑی فضائی کمپنی نے اپنی بیشتر پروازیں گراؤنڈ کردیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایئر کینیڈا کے 10ہزار سے زائد فلائٹ اٹینڈنٹس ہڑتال پر جا چکے ہیں، جس سے روزانہ 1 لاکھ 30 ہزار مسافر متاثر ہوں گے، ہڑتال کے دوران عملہ کینیڈا کے بڑے ہوائی اڈوں پر احتجاجی مظاہرے بھی کرے گا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ 1985ء کے بعد فضائی میزبانوں کی پہلی بڑی ہڑتال ہے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہڑتال سے ایئر لائن سروسز بند ہونے اور موسمِ گرما میں ایک لاکھ سے زائد مسافروں کے سفری منصوبے بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ملک کی سب سے بڑی فضائی کمپنی کی یونین کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آیا ہے کہ فضائی میزبانوں کو صرف پرواز کے دوران نہیں بلکہ زمینی وقت پر بھی معاوضہ دیا جائے جب وہ مسافروں کو بورڈنگ اور دیگر خدمات فراہم کر رہے ہوتے ہیں۔

    اڑان بھرنے کیلیے آگے بڑھتے طیارے آپس میں ٹکرا گئے

    دوسری جانب ایئر کینیڈا کی جانب سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایئر کینیڈا اور اس کی بجٹ ایئرلائن ایئر کینیڈا رُوژ کی تمام پروازوں کو معطل کردیا گیا ہے، البتہ ریجنل آپریٹرز ایئر کینیڈا جاز اور پی اے ایل ایئرلائنز کی پروازیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کمپنی نے جمعہ تک 623 پروازیں منسوخ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔