Tag: Growth

  • سعودی عرب: تیل کے علاوہ دیگر شعبوں کی ترقی بھی عروج پر

    سعودی عرب: تیل کے علاوہ دیگر شعبوں کی ترقی بھی عروج پر

    ریاض: سعودی عرب میں تیل کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی روز افزوں ترقی ہورہی ہے۔ رواں برس دوسری سہ ماہی میں مملکت کی نان آئل جی ڈی پی میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایک کاروباری سروے سے علم ہوا کہ سعودی عرب کے نان آئل سیکٹر نے مئی میں خاطر خواہ رفتار حاصل کی ہے کیونکہ مملکت کی اقتصادی تنوع کی حکمت عملی جاری ہے۔

    ریاض بینک سعودی عرب پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مملکت کا پی ایم آئی مئی میں 58.5 پر تھا جو کہ اقتصادی ترقی کی نشاندہی کرتا ہے، یہ اپریل میں 59.6 کے اعداد و شمار کے مقابلے میں معمولی کمی تھی۔

    ریاض بینک کے چیف اکنامسٹ نایف الغیث کا کہنا ہے کہ چھوٹی کمی کے باوجود اعلیٰ اعداد و شمار اس خیال کو تقویت دیتے ہیں کہ سعودی عرب میں مجموعی اقتصادی سرگرمیاں اچھی طرح سے جاری ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی بدولت اس سال دوسری سہ ماہی میں مملکت کی نان آئل جی ڈی پی (مجموعی گھریلو پیداوار) میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

    رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ مملکت میں غیر تیل کے نجی شعبے کے کاروبار میں نئے آرڈر کی آمد میں مئی میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا جبکہ اپریل میں ترقی صرف ساڑھے 8 سالوں میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    رپورٹ کے مطابق نئے آرڈرز میں اضافے نے سعودی عرب میں سیاحت اور تعمیراتی شعبوں پر مثبت اثر ڈالا جس کے نتیجے میں مئی میں ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ ہوا۔

    نایف الغیث کا کہنا ہے کہ نئے آرڈرز میں کافی اضافہ ہوا جو خاص طور پر سیاحتی سرگرمیوں اور تعمیرات میں مانگ میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

    اس سے 2018 کے بعد سے ملازمتوں کی تخلیق کی مشترکہ تیز ترین شرح ہوئی جس نے فرموں کو اس ماہ تیز رفتاری سے بیک لاگ کے ذریعے کام کرنے کی اجازت دی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ ملازمت اور سرگرمی نے اجرتوں میں سات برسوں میں دوسری تیز ترین رفتار سے اضافہ کیا۔

    رپورٹ کے مطابق مئی میں اگلے 12 ماہ کے لیے کاروباری توقعات میں قدرے نرمی آئی تاہم فرمیں ترقی کے امکانات میں مدد کے لیے بہتر مارکیٹ کے حالات، مضبوط فروخت اور معاون حکومتی اقتصادی پالیسی کی توقع کر رہی ہیں۔

  • دبئی کی سیاحت میں ریکارڈ اضافہ

    دبئی کی سیاحت میں ریکارڈ اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سیاحت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 60 لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ شعبہ سیاحت کی کارکردگی میں غیر معمولی بہتری آئی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا تھا کہ سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 6.02 ملین غیر ملکی سیاح دبئی آئے، یہ تعداد 2022 کے ابتدائی 4 ماہ کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہیں۔

    محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ 2022 کے مقابلے میں سال رواں کے دوران سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ رواں برس کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سب سے زیادہ سیاح بھارت سے آئے، ان کی تعداد 8 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جبکہ 4 لاکھ 74 ہزار روس سے، 3 لاکھ 91 ہزار برطانیہ سے اور 3 لاکھ 52 ہزار سعودی عرب سے آئے۔

    محکمہ سیاحت نے توجہ دلائی کہ دبئی میں سال رواں کے دوران ہوٹل 80 فیصد مصروف رہے جبکہ 2022 میں اسی عرصے کے دوران ہوٹل 76 فیصد تک مصروف تھے۔

  • سعودی عرب میں آن لائن کاربار میں کئی فیصد اضافہ

    سعودی عرب میں آن لائن کاربار میں کئی فیصد اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں صرف چند ماہ کے دوران آن لائن کاروبار میں 32 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران مملکت میں آن لائن کاروبار میں سالانہ کی بنیاد پر 32 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

    وزارت تجارت نے اپنے بیان میں کہا کہ سنہ 2023 کی پہلی سہ ماہی میں 4 ہزار 93 سجل تجاری (لائسنس) جاری ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران ان کی تعداد 3 ہزار 499 تھی۔

    وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ سنہ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران آن لائن کاروبار کے لیے سب سے زیادہ سجل تجاری ریاض ریجن میں جاری ہوئے جن کی تعداد 13 ہزار 195 ریکارڈ کی گئی۔

    مکہ مکرمہ میں 8 ہزار 605، مشرقی ریجن میں 5 ہزار 294، مدینہ منورہ میں 16 سو 49 اور القصیم میں 11 سو 7 لائسنس جاری ہوئے۔

    خیال رہے کہ مملکت بھر میں مؤثر ہوم ڈلیوری سروس کے باعث آن لائن کاروبار کا دائرہ بھی وسیع ہوا ہے جس سے وقت کی بھی بچت ہو رہی ہے۔

  • بچوں کے بال تیزی سے کیسے بڑھائے جاسکتے ہیں؟

    بچوں کے بال تیزی سے کیسے بڑھائے جاسکتے ہیں؟

    اکثر والدین بچوں کے بالوں کے حوالے سے پریشان رہتے ہیں، خصوصاً بچیوں کے بالوں کے لیے کہ انہیں کیسے بڑھایا جائے، تاہم یہ بات یاد رکھنی ضروری ہے کہ بال بڑھانے کے لیے بچپن ہی سے صحت مند غذا اور بھرپور خیال رکھنا ضروری ہے۔

    بالوں کی نشونما کے لیے سب پہلے بچوں کی غذا کا خیال رکھیں، بال چونکہ کیروٹین سے بنے ہوتے ہیں لہٰذا اسی کی مناسبت سے غذا کا انتخاب کریں۔

    یہاں چھوٹے بچوں کے بال بڑھانے کے لیے کچھ ایسے طریقے بتا ئے جارہے ہیں جن پر عمل کر کے بچوں کے بال بڑھنے کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    نرمی سے برش کریں

    بالوں کو تیزی سے بڑھانے کے لیے بچپن ہی سے خیال رکھنا شروع کریں، اکثر بچے جب چند ماہ کے ہوتے ہیں تو ان کے بال بہت کم ہوتے ہیں جنہیں دیکھ والدین پریشان ہوجاتے ہیں کہ یہ کس طرح بڑھیں گے تو یہ بات جان لیں کہ چھوٹے بچوں کے بال کم ہوتے ہیں۔

    چند ماہ کے بچوں کے بالوں میں نرم برش پھیریں، اس طرح سر میں خون کی روانی بڑھے گی جس سے بالوں کی نشوونما میں اضافہ ہوگا۔

    چھوٹے بچوں کے بالوں میں کنگھی کرنے سے پہلے تیل ضرور لگائیں اور ہلکے ہاتھوں سے مساج بھی کریں۔

    ناریل کا تیل

    ناریل کا تیل ہر عمر کے افراد کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔

    بچوں کے سر میں روز ناریل کا تیل لگائیں، یہ بال بڑھانے کے ساتھ بچوں کے سر کے دیگر مسائل سے بھی نجات دے گا۔

    کوشش کریں روز تیل لگا کر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں، اس طرح بالوں کی مضبوطی کے ساتھ چمک میں بھی اضافہ ہوگا۔

    بالوں کی پونی نہ بنائیں

    بچیوں کے بال بڑے ہوتے ہیں تو مائیں ان کی پونی یا کلپ لگا دیتی ہیں، اس طرح بال کمزور ہونے لگتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹے بچوں کی بالوں کی جڑیں نہایت کمزور ہوتی ہیں، انہیں اس طرح باندھنے سے گریز کریں۔

    شیمپو

    بچوں میں بال بڑھانے کے لیے ان کا صاف ہونا بھی نہایت ضروری ہے، اس کے لیے بے بی شیمپو کی مدد سے بچوں کا سر دھوئیں اور سر کو صاف رکھیں۔

    اگر ڈاکٹر باقاعدگی سے دھونے سے منع کریں تو ان کی ہدایت کے مطابق سر دھلوائیں تاکہ میل اور خشکی جمع نہ ہونے پائے۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا جلد کے ساتھ بالوں کے لیے بھی بہت افادیت رکھتا ہے، ایلو ویرا کاجیل تھوڑا سا ہاتھوں میں لے کر بچوں کے سر پہ مساج کریں، اس سے بال تیزی سے بڑھنے لگیں گے۔

  • سال 2019: ملکی معیشت میں نمایاں بہتری، زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی

    سال 2019: ملکی معیشت میں نمایاں بہتری، زر مبادلہ ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی

    اسلام آباد: سال 2019 اختتام کے قریب ہے، اس سال ملکی معیشت کے بیرونی کھاتوں میں نمایاں بہتری نظر آئی۔ بیرونی کھاتوں کے بیشتر اشاریے معاشی بہتری کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2019 ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوا، پاکستانی معیشت کے کھاتے نہ صرف بہتر ہوئے بلکہ جاری کھاتوں کا خسارہ کرنٹ اکاؤنٹ بھی سرپلس بن گیا۔

    رواں برس تجارتی خسارے میں خاطر خواہ کمی ہوئی۔ ترسیلات بڑھنے سے زر مبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا۔

    گزشتہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ کا موازنہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ سے کیا جائے تو جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ جولائی تا نومبر 2018 میں جاری کھاتوں کا خسارہ 6 ارب 73 کروڑ ڈالر تھاجو رواں مالی سال کم ہو کر 1 ارب 82 کروڑ ڈالرہوگیا۔

    اکتوبر میں جاری کھاتے 70 کروڑ سرپلس ہوئے۔

    گزشتہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے مقابلے میں تجارتی خسارے میں 36 فیصد کی کمی ہوئی۔ تجارتی خسارے کا حجم 15 ارب 10 کروڑ ڈالر تھا جو کہ رواں مالی سال میں کم ہو کر 9 ارب 62 کروڑ ڈالر ہوگیا۔

    برآمدات بھی گزشتہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے مقابلے میں رواں سال 5 فیصد بڑھی۔ درآمدات میں 21 فیصد کی کمی ہوئی۔

    نومبر میں ترسیلات زر گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 9.3 فیصد زائد رہیں، 5 ماہ کی ترسیلات کا حجم 9 ارب 29 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ترسیلات رواں مالی سال مقررہ ہدف سے زائد ہونے کا امکان ہے۔