Tag: Guantanamo Bay

  • گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری رہائی کے بعد گھر پہنچ گیا

    گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری رہائی کے بعد گھر پہنچ گیا

    اسلام آباد: امریکا کی گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھر کراچی پہنچ گئے، انہیں سنہ 2003 میں بنکاک ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گوانتانامو بے جیل میں قید پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو رہا کر دیا گیا، گوانتانامو بے جیل سے رہا ہونے کے بعد سیف اللہ پراچہ پاکستان پہنچ گئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے سیف اللہ پراچہ کی وطن واپسی کے لیے وسیع انٹر ایجنسی عمل مکمل کیا، خوشی ہے بیرون ملک زیر حراست پاکستانی شہری بالآخر اپنے خاندان سے مل گیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیف اللہ پراچہ کو امریکی سی آئی اے نے جولائی سنہ 2003 میں بنکاک ایئر پورٹ سے حراست میں لیا تھا۔

    بعد ازاں انہیں افغانستان کے بگرام ایئر بیس پر منتقل کیا گیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ انہیں القاعدہ کو معاونت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    حراست میں لیے جانے کے بعد ستمبر 2004 تک سیف اللہ پراچہ کو افغانستان میں بگرام کے فضائی اڈے پر واقع حراستی مرکز میں قید رکھا گیا اور پھر گوانتانامو بے کی امریکی جیل منتقل کر دیا گیا۔

    گوانتا نامو میں وہ 17 سال تک قید میں رہنے والے واحد قیدی تھے جن پر نہ تو کوئی فرد جرم عائد کی گئی ہے اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلایا گیا، ان کی اپنے گھر واپسی اب 19 برس بعد ہو رہی ہے۔

  • کیا امریکی صدر جوبائیدن گوانتانامو بے جیل بند کر دیں گے؟

    کیا امریکی صدر جوبائیدن گوانتانامو بے جیل بند کر دیں گے؟

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن گوانتانامو بے جیل بند کرنا چاہتے ہیں، حکومت کا ارادہ اسے بند کرنے کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن اپنی مدت مکمل ہونے سے قبل گوانتانامو بے ڈیٹنشن کیمپ بند کرنا چاہتے ہیں۔

    پریس کانفرنس کے دوران ترجمان سے امریکی قید خانہ بند کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد اور ارادہ ہے کہ گوانتانامو بے کو بند کر دیا جائے، امریکی صدر مبینہ دہشت گردوں کے لیے اس جیل کو بند کرنا چاہتے ہیں۔

    ترجمان جین ساکی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت قومی سلامتی کونسل کے ذریعے اس سلسلے میں موجودہ حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔

    یاد رہے کہ سابق ڈیموکریٹک صدر باراك اوباما نے بھی صدارتی مہم کے دوران گوانتانامو بے بند کرنے کا وعدہ کیا تھا، اوباما نے جیل کے چند قیدیوں کو رہا کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا لیکن کانگریس نے ان کی راہ میں رکاوٹ ڈال دی تھی۔

    دوسری طرف 2016 میں صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے گوانتانامو بے جیل کو کھلا رکھنے کی آمادگی کا اظہار کیا تھا، اس وقت کے صدارتی امیدوار ٹرمپ نے مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ گوانتانامو بے کو ’برے‘ لوگوں سے بھر دیں گے۔ اور ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بننے کے بعد اپنا وعدہ پورا کیا۔

    واضح رہے کہ امریکا میں نائن الیون کے حملوں میں ملوث خالد شیخ محمد گوانتانامو بے میں قید ہیں، یہاں ابھی تقریباً 40 مبینہ دہشت گرد قید ہیں، جن میں سے 26 ایسے ہیں جنھیں انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ یہ جیل نائن الیون کے بعد صدر جارج بش کے دور میں امریکی فوج نے کیوبا میں تعمیر کروائی تھی۔