Tag: guard

  • لوڈو کا گیم ہارنے پر سیکیورٹی گارڈ نے ساتھی کا گلا کاٹ دیا

    لوڈو کا گیم ہارنے پر سیکیورٹی گارڈ نے ساتھی کا گلا کاٹ دیا

    ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں ایک سیکیورٹی گارڈ نے لوڈو کے گیم میں ہارنے کے بعد اپنے ساتھی کو قتل کر ڈالا۔

    پولیس کے مطابق 38 سالہ اوینش کمار پانڈے نے گزشتہ برس اکتوبر میں اپنے 22 سالہ ساتھی انکت سنگھ کو قتل کیا تھا، دونوں بطور سیکیورٹی گارڈ ایک کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ملزم کا یہ تیسرا قتل ہے، وہ اس سے قبل سنہ 2000 اور 2008 میں بھی دو قتل کر چکا ہے۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے اس نے ایک طویل عرصے سے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک اشیا کا استعمال چھوڑ رکھا تھا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتول اور قاتل دونوں کی رہائش اپنے دفتر میں ہی تھی۔ قتل سے قبل دونوں ایک آن لائن لوڈو گیم کھیل رہے تھے جس میں ہارنے کے بعد پانڈے نے چھری سے اپنے ساتھی کا نرخرہ کاٹ دیا۔

    ساتھی کو قتل کرنے کے بعد پانڈے وہاں سے فرار ہو کر پونا گیا اور اس کے بعد مختلف شہروں میں چھپتا رہا۔ اس کے بعد وہ دہلی آ کر سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرنے لگا۔

    پانڈے کے مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے اتر پردیش پولیس نے اس کے بارے میں معلومات دینے پر 10 ہزار روپے کا انعام رکھا تھا۔

    پولیس کو جلد ہی اس کے بارے میں معلومات موصول ہوگئیں جس کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

  • امریکا ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کا باقاعدہ اعلان آج کرے گا

    امریکا ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کا باقاعدہ اعلان آج کرے گا

    واشنگٹن : امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ امریکی انتظامیہ ایران پر دباؤ کو مزید بڑھانے کے لیے آج (پیر کو) پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی عہدیدار نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ طویل عرصے سے زیر غور فیصلے کا اعلان متوقع طور پر پیر تک کردے گی اور متعلقہ دفاعی عہدیدار اس کے اثرات سے آگاہ ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسلامی پاسداران انقلاب کی بنیاد 1979 میں رکھی گئی تھی جس کا مقصد دشمنان اسلام سے لڑنا اور انقلابی رہنماؤں کی سیکیورٹی تھا اور اب بھی روایتی فوجی یونٹ کے بجائے سیکیورٹی کی ذمہ داری پاسدران انقلاب کی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب کو ایران کی مسلح افواج میں اہم مقام حاصل ہے جس میں خاص معاشی فوائد بھی دیئے گئے۔

    ٹرمپ انتظامیہ پاسداران انقلاب کو بطور غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی تیاری کررہی ہے جس سے ایران پر امریکی دباو میں اضافہ ہوگا لیکن امریکی عہدیداران اس حوالے سے تقسیم ہیں۔

    امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ پینٹاگون اور سی آئی اے کو اس فیصلے پر تحفظات ہیں اور ان کا موقف ہے کہ اس اقدام سے امریکی فوجیوں کے لیے مشکلات بڑھیں گی۔

    رپورٹ کے مطابق پیر کو ہونے والا متوقع اعلان اس اعتبار سے پہلا موقع ہوگا کہ کسی بھی ملک کے ریاستی ادارے کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہو۔

    خیال رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ 2015 کے معاہدے سے دست برداری کے بعد ایرانی پر معاشی پابندیاں بھی عائد کرچکی ہے، ٹرمپ نے انتظامیہ نے 8 مئی 2018 کو ایران کے ساتھ دیگر عالمی طاقتوں کے ہمراہ کیے گئے عالمی جوہری معاہدے کو منسوخ کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 2015 میں اس وقت کے امریکی صدر باراک اوباما نے دستخط کیے تھے اور دیگر ممالک میں برطانیہ، جرمنی، روس، فرانس اور چین شامل تھے۔

    امریکی اخبار کے مطابق 5 نومبر 2018 کو ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی پابندیوں کا اعلان کردیا تھا جس میں ایران کے توانائی، فنانشل اور جہاز رانی کے شعبہ جات شامل تھے اور کہا گیا تھا کہ امریکی پابندیوں سے 700 سے زائد ایرانی کمپنیاں اور ہزاروں لوگ متاثر ہوں گے۔

    ایران پر معاشی پابندیوں کے حوالے سے امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر پابندی کا مقصد اس کے رویے میں تبدیلی لانا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران کو 12 نکات پر مشتمل لسٹ فراہم کردی گئی ہے اگر ایران پابندیوں سے بچنا چاہتا ہے تو اس کو مذکورہ نکات پر عمل کرنا ہوگا۔

  • نیوزی لینڈ میں جامع مساجد کی سیکیورٹی بائیکرز گینگ نے سنبھال لی

    نیوزی لینڈ میں جامع مساجد کی سیکیورٹی بائیکرز گینگ نے سنبھال لی

    ویلنگٹن : سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کے بائیکرز گینگ نے بھی مسلمانوں کی حفاظت اور جمعے کی نماز کے دوران مساجد کے باہر پہرہ دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعے مساجد پر فائرنگ کے افسوس ناک واقعے میں درجنوں افراد شہید ہوگئے تھے جس کے بعد نیوزی لینڈ کا ہر طبقہ و ادارہ مسلمانوں سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کررہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے بائیکرز گینگ کی جانب سے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی و خفاظت کےلیے جمعے کی نماز کے دوران مساجد کے باہر سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    مونگریل موب، کنگ کوبرا اور دی بلیک پاور نامی بائیکرز گینگ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں مسلمان برادری کے ساتھ تحفظ کےلیے موجود رہیں گے۔

    مونگریل موب کے صدر سونی فٹو کا کہنا تھا کہ ان کا گروپ ہیملٹن شہر کی جامع مسجد کی سیکیورٹی دیکھیں گے اور اس وقت تک اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کی معاونت کریں گے جب تک چاہیں گے۔

    سونی فٹو کا کہنا ہے کہ انہں اپنے گینگ ممبران کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مسلم برادری کو جمعے کی نماز کی ادائیگی کے دوران خدشات لاحق ہیں۔

    خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ نمازِ جمعہ ی ادائیگی کی گئی جبکہ جمعے کی اذان سرکاری ٹی وی و ریڈیو پر براہ راست نشر کی گئی۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلی نماز جمعہ مسجدالنور کے سامنے ادا کردی گئی، جمعے کی اذان کے بعد شہدا کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب میں حدیث نبوی بیان کی اور کہا کہ ہم ایک ہیں، مسلمانوں کےغم میں برابر کے شریک ہیں، سارا نیوزی لینڈ غمزدہ ہے۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔ مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔