Tag: Guards

  • لیبیا میں تارکین وطن پر فائرنگ، 6 ہلاک

    لیبیا میں تارکین وطن پر فائرنگ، 6 ہلاک

    طرابلس: لیبیا میں تارکین وطن کے لیے قائم حراستی مرکز میں افراتفری کے دوران گارڈز نے 6 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، اقوام متحدہ نے تارکین وطن کے ساتھ بدسلوکی اور ناروا سلوک کو انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف قرار دیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لیبیا میں تارکین وطن کے لیے قائم کردہ حراستی مرکز کے گارڈز نے افراتفری کے دوران کم از کم 6 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

    اقوام متحدہ حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ شمالی افریقی ملک میں تارکین وطن کے خلاف زیادتیوں کی بھرپور مذمت کی گئی ہے، لیبیا میں گزشتہ ہفتے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن میں 5 ہزار سے زائد تارکین وطن کو حراست میں لیا گیا تھا۔

    بین الاقوامی تنظیم برائے تارکین کے مطابق یہ فائرنگ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے مغرب میں مبانی حراستی مرکز میں جمعے کو ہوئی، حکام کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں 4 ہزار 187 نئے قیدیوں کو جن میں 511 خواتین اور 60 بچے شامل تھے، اس کیمپ میں بھیجا گیا تھا۔

    لیبیا کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے حراستی مرکز میں پیش آنے والے واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    تشدد کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم وسطی بحیرہ روم میں اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے خصوصی ایلچی ونسینٹ کوشیل کا کہنا ہےکہ لیبیا کے بھیڑ بھرے حراستی مراکز میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور غیر انسانی حالات اس کا سبب بنے۔

    کوشیل نے یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کے نتائج کے بعد تارکین وطن سے زیادتیوں میں ملوث افراد پر پابندیاں عائد کی جائیں۔

    لیبیا کے حکام نے اس کریک ڈاؤن کو غیر قانونی نقل مکانی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سیکیورٹی آپریشن قرار دیا۔ ادھر لیبیا میں آئی او ایم کے مشن کے سربراہ فیڈریکو سوڈا نے کہا کہ کم از کم 6 تارکین وطن کو محافظوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

    بتایا جاتا ہے کہ آن لائن وائرل فوٹیج میں سینکڑوں تارکین وطن کو حراستی مرکز سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جن میں کچھ افراد زخمی ساتھیوں کی مدد بھی کر رہے ہیں۔

    دیگر ویڈیوز میں تارکین وطن کی بڑی تعداد دارالحکومت طرابلس کی سڑکوں پر دوڑتی دیکھی جاسکتی ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے بیان دیا ہے کہ لیبیا میں تارکین وطن کے ساتھ بدسلوکی اور ناروا سلوک انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہے۔

  • نیب ٹیم پر تشدد، حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف مقدمہ درج

    نیب ٹیم پر تشدد، حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: گزشتہ روز حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے جانے والی نیب ٹیم پر تشدد کا مقدمہ حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں گارڈز کے خلاف کار سرکار میں مداخلت، تشدد اور سنگین نتائج کی دفعات شامل ہیں۔

    پولیس نے مقدمہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر درج کیا ہے۔

    نیب ٹیم نے گزشتہ روز حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا جس کا مقصد حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا تھا، نیب ٹیم کے پاس وارنٹ گرفتاری بھی موجود تھا۔

    تاہم اس موقع پر حمزہ شہباز کے محافظوں نے نیب اہلکاروں پر تشدد کیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، صورتحال ناخوشگوار ہونے پر نیب ٹیم گرفتاری کی کارروائی مکمل کیے بغیر ہی وہاں سے روانہ ہوگئی۔

    نیب اعلامیہ کے مطابق ٹیم سپریم کورٹ کے فیصلےکی روشنی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حمزہ کی گرفتاری کے لیے گئی تھی۔

    اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ نیب حکام ملزم حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ لے کر گئے تھے، نیب کو کسی ملزم کی گرفتاری کے لیے پہلے سے آگاہ کرنا ضروری نہیں، حمزہ شہباز کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔