Tag: Guinness Book Of world Records

  • دبئی نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، گنیز بک میں اندراج

    دبئی نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، گنیز بک میں اندراج

    دبئی : قدرتی گیس سے مالا مال دبئی میں قائم جبل علی کمپلیکس دنیا کا سب سے بڑا توانائی پیدا کرنے والا ادارہ بن گیا۔ بہترین کارکردگی کے باعث یہ ادارہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں گیس کی پیداوار کی ایک ایسی بڑی سہولت موجود ہے جس نے اس کا نام ایک بار پھر گنیز ورلڈ ریکارڈر میں شامل کر دیا ہے۔

    عرب نیوز نے ایمریٹس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے جبل علی کمپلکس کو دنیا میں سب سے بڑے واحد قدرتی گیس سے توانائی پیدا کرنے کا مقام قرار دیا گیا ہے۔

    دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے چیف ایکزیکٹیو سعید محمد کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے نے بجلی کے باقائدہ نظام کے منصوبے تیار کیے ہیں جو2030 تک اس کے طلب کو مدِ نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔

    اس کمپلیکس میں9547 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ ادارہ 10 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

    دبئی کی جنوب میں واقع اس پلانٹ میں2019 میں توسیع کی گئی تھی اور اب یہ دو ہزار885 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکتا ہے۔

    گنیز ورلڈ ریکارڈ میں دبئی کا نام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دبئی الیکٹرک اتھارٹی اپنے آپریشنز میں بہتری لارہی ہے۔ اس میں ٹیکنالوجی کی شمولیت جیساکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس وغیرہ شامل ہے۔

    سعید محمد نے بتایا کہ اس سے اتھارٹی کی پیداواری صلاحیت میں33.41 فیصد بہتری آئی ہے جس سے مالی بچت میں بھی بہت مدد ملی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بہتری سے6.4 کروڑ ٹن کاربن کا اخراج کم ہوا ہے جو کہ32 کروڑ سے زائد درخت لگانے کے برابر ہے۔

    اس سے نائٹروجن آکسائیڈ گیسز میں46 ہزار ٹن اور سلفر ڈائی آکسائیڈ میں تین ہزار ٹن کی کمی آئی ہے۔ ان دونوں سے سانس لینے کا نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ امارات کا نام اکثر گنیز بک آف ریکارڈز میں آتا رہتا ہے اور پہلی بار ایسا1955 میں ہوا تھا، سال 1955سے اب تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی 143 ملین کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔

  • پاکستانی طالب علم نے بھارتی ریکارڈ توڑ دیا، نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج

    پاکستانی طالب علم نے بھارتی ریکارڈ توڑ دیا، نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج

    کراچی : پاک وطن کے ایک اور سپوت نے بھارت کا ریکارڈ توڑ کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، کراچی کے گیارہ سالہ ایماز علی ابڑو کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی 11 سالہ ایماز علی ابڑو نے دنیا کے نقشے کو دیکھ کر ایک منٹ میں 57 ممالک کے نام بتا دیئے۔

    ایماز نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ ممالک کے نام لے کر بازی جیت لی۔ اس کارنامے کے بعد ایماز علی ابڑو کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا گیا، اس ساتھ ہی ایماز علی ابڑو نے بھارتی نوجوان واجو بھالو کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایماز علی ابڑو نے کہا کہ میری کامیابی کا کریڈٹ والدین اور اساتذہ کو جاتا ہے، اس میں میرے والدین کی دعائیں اور اساتذہ کی محنت شامل ہے، اللہ کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اللہ نے مجھے اتنی عزت دی۔

    بچے کا کہنا تھا کہ مجھے انہوں نے سکھایا کہ کیسے ریکارڈ توڑنا ہے، میرے دادا دادی کی دعاؤں سے اس مقام پر پہنچا ہوں۔

    ایماز کے والد بھی ورلڈ ریکارڈ پر پر جوش دکھائے دئیے، ان کا کہنا تھا کہ ایماز نے اس کامیابی سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

  • وزیرستان کے9سالہ رضوان محسود کا گننیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام شامل

    وزیرستان کے9سالہ رضوان محسود کا گننیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام شامل

    وزیرستان : نو سالہ رضوان محسود نے ہیلی کاپٹر اسپن میں عالمی ریکارڈ بنا کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا، گننیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    حوصلے بلند ہوں اورہمت جوان تو پھر حالات کچھ بھی ہوں، محنتی اور پرجوش کھلاڑی اپنی صلاحیت کا لوہا منوا ہی لیتے ہیں، وزیرستان کے نو سالہ رضوان محسود نے ہیلی کاپٹر اسپن میں عالمی ریکارڈ بنا کر دنیا کو حیران کر دیا۔

    رضوان چھوٹا ہے تو کیا ہوا اس کے حوصلے تو چٹانوں کی طرح بلند ہیں۔ نوسال کے ننھے رضوان محسود نے مشکل حالات کے باوجود پاکستان کا نام فخر سے بلند کردیا۔

    جنگ سے تباہ حال وزیرستان سے تعلق رکھنے والےرضوان محسود نے مایوسی کو مجبوری نہیں بنایا بلکہ اپنی انتھک محنت سے ورلڈ ریکارڈ بناد یا۔

    رضوان نے تیس سیکنڈز میں چھالیس بار ہیلی کاپٹر اسپن کرکے بھارت کے پربارکر ایڈی کا ریکارڈ توڑا، رضوان کا نام گینیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، رضوان محسود کی خواہش ہے کہ وہ ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں لیکن انہیں مارشل آرٹ سے بھی بے پناہ لگاؤ ہے۔

  • انڈا ہاتھ میں لے کر 30 سیکنڈز میں‌ 36 کین پھاڑنے کا ریکارڈ

    انڈا ہاتھ میں لے کر 30 سیکنڈز میں‌ 36 کین پھاڑنے کا ریکارڈ

    کراچی : مارشل آرٹ کے کھلاڑی ماسٹر راشد نسیم نے ایک اور عالمی ریکارڈ بنانے کا دعویٰ کردیا۔ ثابت انڈہ مُٹّھی میں لے کر تیس سکینڈ میں چھتیس کین پھاڑ ڈالے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹ کے کھلاڑی ماسٹر راشد نسیم نے ایک اور عالمی ریکارڈ بنانے کا دعویٰ کردیا۔ ریکارڈز کے شہنشاہ راشد نسیم نے عالمی ریکارڈ کا پہاڑ بھی سر کرلیا۔

    انہوں نے ثابت انڈہ مُٹّھی میں لے کر تیس سکینڈ میں چھتیس کین پھاڑڈالے۔ راشد نسیم کے ہاتھ میں موجود انڈا بھی سلامت رہا، تابڑ توڑ مکوں سے انڈہ تو نہ ٹوٹا لیکن کین ضرور ٹوٹ گئے۔

    چھیتس کین توڑ کر ماسٹر راشد گینز بک میں انیسواں ریکارڈ درج کرانے کیلئے پرعزم ہیں۔ راشد نسیم کے اس ریکارڈ کی ویڈیوز مختلف زاویوں سے ریکارڈ کرکے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو بھیج دی گئیں ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے محمد راشد نے روم میں 70 کین توڑ کر ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا

    ویڈیو کلیئر ہونےکی صورت میں راشد نسیم کے پاس ایک اور ورلڈ ریکارڈ آجائےگا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل راشد نسیم کا نام اٹھارہ بار گینز بگ میں شامل کیا جا چکا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی کے راشد نسیم نے ماتھے سے 43 ناریل توڑ کر ریکارڈ بنالیا