Tag: Gujranwala PP97

  • گوجرانوالہ، حلقہ پی پی 97 کے غیر حتمی نتائج، پی ٹی آئی کامیاب

    گوجرانوالہ، حلقہ پی پی 97 کے غیر حتمی نتائج، پی ٹی آئی کامیاب

    گوجرانوالہ : حلقے پی پی ستانوے کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ ناصر چیمہ فاتح قرار پائے، پی ٹی کے کارکنوں کے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور گو نواز گو کے نعرے لگائے۔

    گوجرانوالہ کے حلقے پی پی 97 پر ہونے والے ری الیکشن میں پی ٹی آئی نے ن لیگ سے اس کی جیتی ہوئی سیٹ چھین لی، پی پی 97 کے 119 پولنگ اسٹیشنوں پر پی ٹی آئی کے ناصر چیمہ مجموعی طور پر 27529 ووٹ لے کر فاتح رہے۔

    ن لیگ کے امیدوار اور اس حلقے سے اپنی سیٹ سے محروم ہونے والے سابق ایم پی اے اشرف وڑائچ 26216 ووٹ حاصل کرسکے۔

    غیر سرکاری نتائج کا اعلان ہوتے ہی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور گو نواز گو کے نعرے لگائے ، اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے موٹر سائیکل ریلی بھی نکالی، جو گکھڑ اسٹاپ سے شروع ہوئی اور نجی فلور مل کے قریب پہنچ کراختتام پذیر ہوگئی۔

    پی پی 97 گوجرانوالہ پر 2013 کے الیکشن میں ن لیگ کے اشرف وڑائچ کامیاب ہوئے تھے تاہم ق لیگ کے امیدوار ناصر چیمہ نے دھاندلی کا الزام عائد کیا اور الیکشن ٹربیونل میں رٹ دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اشرف وڑائچ نے 15 ہزار جعلی ووٹ ڈالے ہیں، الیکشن ٹربیونل کے جسٹس کاظم علی ملک نے 33 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم جاری کیا۔

    ناصر چیمہ ق لیگ کو چھوڑ کر تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں اور پی ٹی آئی نے انہیں اپنا امیدوار نامزد کیا ہے، تاہم ان کا انتخابی نشان سائیکل ہی رہا۔ ناصر چیمہ کو پی ٹی آئی کے علاوہ پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، عوامی تحریک ، چٹھہ لیگ اور سنی تحریک کی حمایت بھی حاصل تھی۔ 33 پولنگ اسٹیشنوں کے ووٹ حذف کرکے ناصر چیمہ کے ووٹ 17124 اور اشرف وڑائچ کے 16250 ووٹ تھے۔

    آج 33 پولنگ اسٹیشنوں پر ہونے والے دوبارہ الیکشن میں ناصر چیمہ نے 10405 اور اشرف وڑائچ نے 9966 ووٹ حاصل کئے۔ اسطرح کل 119 پولنگ اسٹیشنوں پر پی ٹی آئی کے ناصر چیمہ 27529 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ ن لیگ کے اشرف وڑائچ 26216 ووٹ لے سکے۔