Tag: gujranwala

  • گوجرانوالہ : دہشت گرد کو ریمانڈ پرسی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا

    گوجرانوالہ : دہشت گرد کو ریمانڈ پرسی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا

    گوجرانوالہ : سی ٹی ڈی پولیس نے گذشتہ شب گرفتار کئے جانے والے دہشت گرد کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کر دیا۔ فاضل جج نے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پرسی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیر ازم ڈپارٹمنٹ نے گذشتہ شب گرفتار کئے جانے والے دہشت گرد فیصل بابر کو آج سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو میں پیش کرتے ہوئے ملزم کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    استدعا پرفاضل جج نے ملزم کو سات روزہ جسمانی پر کاؤنٹر آف ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا ہے،۔

    واضح رہے کہ سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاعات ملنے پر گذشتہ شب شیخوپورہ موڑ منی اسٹیڈیم کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے کمانڈر فیصل بابر کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے ایک کلو سے زائد بارودی مواد ،پریشر کوکر بم ، ڈیٹو نیٹر، بال بیرنگ اور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کئے تھے۔

    سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گوجرانوالہ میں سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

     

  • واپڈا نے 62 ویں نیشنل ریسلنگ چیمپئین شپ جیت لی

    واپڈا نے 62 ویں نیشنل ریسلنگ چیمپئین شپ جیت لی

    گوجرانوالہ : پاکستان واپڈا نے 62 ویں نیشنل ریسلنگ چیمپئین شپ جیت لی، کھلاڑیوں نے ڈی جے براوو کے گانے پر ڈانس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں ہونے والی 62 ویں نیشنل ریسلنگ چیمپئین شپ پاکستان واپڈا نے چھ گولڈ اور براؤن میڈلز کے ساتھ اپنے نام کرلی جبکہ پاک آرمی اور پنجاب کی ٹیمیں ایک ایک گولڈ میڈل جیت سکیں۔

    جیت کی خوشی میں ریسلرز نے ڈی جے براوو ڈانس کر کے شائقین سے خوب داد حاصل کی، اس موقع پر پہلوانوں کاکہنا تھا کہ ایسے مقابلوں سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے اور انہیں اپنے آپ کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے فٹ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

    ، ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں شائقین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جو ہر داؤ پیچ پر پہلوانوں کو خوب داد دیتے رہے ہیں۔

    شائقین کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلوں سے فن پہلوانی میں جدّت کے ساتھ ساتھ بہتری بھی آئے گی۔

     

  • گوجرانوالہ : سرچ آپریشن کے دوران 5مشکوک افراد گرفتار

    گوجرانوالہ : سرچ آپریشن کے دوران 5مشکوک افراد گرفتار

    گوجرانوالہ : آرمی ،حساس ادارے اور پولیس نے گوجرانوالہ کینٹ سے ملحقہ علاقوں میں مشترکہ کارروائی کی 5مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کیخلاف قانون نافذ کرنے والوں کی کارروائیاں جاری ہیں۔

    گوجرانوالہ میں پاک آرمی ، حساس ادارے ، سی ٹی ڈی اور پولیس نے کینٹ سے ملحقہ علاقوں، بدو کی گوسائیاں ، امرت پورہ ، راہوالی ، ڈی سی کالونی ، گلاب پورہ سمیت متعدد مقامات پر سرچ آپریشن کیا۔

    آپریشن کےدوران 5 مشکوک ا فراد کو حراست میں لے لیا گیا، زیر حراست افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی ہے.

     

  • سندھ میں احتساب ہوسکتا ہے توپنجاب میں کیوں نہیں، راجہ پرویز اشرف

    سندھ میں احتساب ہوسکتا ہے توپنجاب میں کیوں نہیں، راجہ پرویز اشرف

    گوجرانوالہ : پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اگر سندھ میں احتساب ہوسکتا ہے تو پنجاب کو سینہ تان کر کہنا چاہئیے کہ آؤ ہمارا بھی احتساب کرو۔

    دودھ میں دھلے ہوئے افراد نیب سے کیوں پریشان ہیں، سندھ میں احتساب ہوسکتا ہے توپنجاب میں کیوں نہیں ،یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

    راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم نے بے قصورہوکر بھی عدالتوں کا سامنا کیا، پیپلز پارٹی نے سندھ میں رینجرزاور نیب سے مکمل تعاون کیا، پنجاب حکومت کو بھی چاہیے کہ نیب کے ساتھ تعاون کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر سندھ میں احتساب ہوسکتا ہے تو پنجاب کو سینہ تان کر کہنا چاہئیے کہ آؤ ہمارا احتساب کرو، پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی نیب کا سامنا کیا تھا لیکن ہم نے شور نہیں مچایا تھا تو اب نیب میں کسی بزنس مین کو دو گھنٹے بٹھانے پرحکومت کا شور مچانا درست نہیں۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب ہر شخص کا ہونا چاہئیے دودھ میں دھلے ہوئے افراد نیب سے کیوں پریشان ہیں؟

    پٹھان کوٹ کے واقعہ کی ایف آئی آر کے اندراج پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایف آئی اے درج کرنا حکومت پاکستان کی کمزوری ہے۔ پاکستان کا پٹھان کوٹ واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

  • آرمی ایوی ایشن کاتربیتی طیارہ گوجرانوالہ کے قریب گرکرتباہ

    آرمی ایوی ایشن کاتربیتی طیارہ گوجرانوالہ کے قریب گرکرتباہ

    گجرانوالہ: گجرانوالہ میں آرمی ایوی ایشن کا تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق گجرانوالہ میں چناپ پل کے قریب آرمی ایوی ایشن کا مشاق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ گوجرانوالہ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جب کہ حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ بھی شہید ہوگئے، ترجمان کے مطابق شہید ہونے والوں میں انسٹرکٹرپائلٹ میجراظہر اور تربیتی پائلٹ کیپٹن احمد شامل ہیں۔

    دوسری جانب ڈی پی او گجرانوالہ کا کہنا ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا مشاق طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا جس کے باعث طیارہ چناب پل کے قریب گرکر تباہ ہوا۔

  • گجرانوالہ میں سول اسپتال سے کارچورگرفتار

    گجرانوالہ میں سول اسپتال سے کارچورگرفتار

    گجرانوالہ: سول اسپتال کے احاطے سے ایک مبینہ کارچورکوگرفتارکرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی افراد اور سول اسپتال کی انتظامیہ نے علی رضا نامی اس 18 سالہ نوجوان کو اسپتال کے احاطے سے اس وقت گرفتار کیاجب کہ وہ ایک گاڑی چرارہا تھا۔

    مبینہ چور کو پکڑنے کے بعد اسپتال انتظامیہ جائے وقوعہ پر آئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار کے مالک نے علی رضا کو گاڑی چراتےدیکھا اور شورمچادیا جس کے نتیجے میں ارد گرد موجود افراد اور انتظامیہ نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

  • انسداد دہشتگردی کی عدالت سے الطاف حسین کیخلاف دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

    انسداد دہشتگردی کی عدالت سے الطاف حسین کیخلاف دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

    گوجرانوالہ:انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ا کے جج چوہدری امتیاز احمد نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ملک اور حساس اداروں کے خلاف نازیبا تقریر کرنے کے دو مقدمات میں دائمی وارنٹ جاری کردیئے ۔

    عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ الطاف حسین کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

    استغاثہ کے مطابق تھانہ سٹی منڈی بہاؤالدین ،منڈی بہاؤالدین میں پندرہ جولائی دو ہزار پندرہ کو مدعیان ظہیرعباس اور ظہیر خان کی مدعیت میں ملک اور حساس اداروں کے خلاف نازیبا تقریر کرنے کے خلاف ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • تحریک انصاف کے امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل میاں بابر اقبال ایڈووکیٹ اغواء

    تحریک انصاف کے امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل میاں بابر اقبال ایڈووکیٹ اغواء

    گوجرانوالہ: تحریک انصاف کے امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل اور ڈسٹرکٹ بار کے رکن میاں بابر اقبال ایڈووکیٹ کو اغوا کر لیا گیا، جائے وقوعہ سے مغوی کی گاڑی پولیس کو مل گئی.

    تفصیلات کے مطابق تھانہ جناح کے علاقہ رتہ باجوہ کا رہائشی میاں بابر اقبال جو کہ یونین کونسل نمبر13سے تحریک انصاف کی ٹکٹ پر چیئرمین کا الیکشن لڑرہے ہے، گزشتہ رات کو اپنی انتخابی مہم کے لیے گھر سے نکلے تو رات گئے تک گھر واپس نہ آئے۔

    جس کے بعد انکی گاڑی صبح بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کمپلیکس کے باہر سے پولیس کو مل گئی لیکن مغوی میاں بابر اقبال کا کچھ نہ معلوم ہو سکا۔

    میاں بابر کے بھائی حافظ جمیل کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی کو مخالف امیدوار وقار چیمہ اور لیگی امیدوار شیخ ناصر نے اغواء کیا ہے، ہمیں انصاف چاہیے پولیس ہمارے بھائی کو فورا بازیاب کروائے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • گوجرانوالہ:‌ووٹرز کو حراساں کرنے کا الزام، پی ٹی آئی کا ایم پی اے گرفتار

    گوجرانوالہ:‌ووٹرز کو حراساں کرنے کا الزام، پی ٹی آئی کا ایم پی اے گرفتار

    گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف صوبائی اسمبلی کے رکن ناصر چیمہ کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کر دیا گیا ہے.

    احمد نگر پولیس نے پی پی ستانوے کے حلقہ کلاسکے میں اسلحہ کے زور پر ووٹرز کو حراساں کرنے کے الزام میں عمران نامی شہری کی درخواست پر پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی ناصر چیمہ کو گرفتار کر کے تھانہ منتقل کر دیا ہے.

    اس مقدمہ میں ایم پی اے کے بیٹے جمال ناصر سمیت چھ نا معلوم ملزمان کے خلاف بھی مقدمہ درج ہے.

    ناصر چیمہ پر الزام ہے کہ انھوں نے بلدیاتی انتخابات کے دوران فائرنگ کی، پولیس نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے کو حراست میں لینے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے.

    احمد نگر پولیس کا کہنا ہے کہ ممبر صوبائی اسمبلی ناصر چیمہ کے خلاف کلاسکے میں فائرنگ سے مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے چئیرمین یونین کونسل نمبر پندرہ احسان چیمہ سمیت پانچ افراد کو زخمی کرنے کا مقدمہ بھی درج ہے، جس میں ناصر چیمہ ضمانت پر ہے.

  • چالان سے دلبرداشتہ ڈرائیور نے اپنے چنگ چی رکشے کو آگ لگا دی

    چالان سے دلبرداشتہ ڈرائیور نے اپنے چنگ چی رکشے کو آگ لگا دی

    گوجرانوالہ: بلا وجہ چالان کرنے سے دلبرداشتہ ہو کر محنت کش نے جی ٹی روڈ پر اپنے چنگ چی رکشے کو آگ لگا دی، ریسکیوٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں بلا وجہ چالان کرنے سے دلبرداشتہ ہو کر محنت کش عرفان نے اپنے چنگ چی رکشے کو آگ لگا لی جس سے چنگ چی بری طرح جھلس گیا۔

    واقعے کے بعد ریسکیو1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا۔

    چنگ چی مالک عرفان کے مطابق وہ سارا دن محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے لیکن ٹریفک وارڈن نے اس کا بلا وجہ چالان کیا۔

    اس نے بتایا کہ اس نے ٹریفک وارڈن کی منت سماجت کی لیکن اس نے اس کا 500 روپے کا چالان کردیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے اپنی چنگ چی کو آگ لگا لی۔

    تھانہ کوتوالی پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں