گجرات: مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام 25 جولائی کو نواز شریف کی سیاست کو دفن کردیں، الیکشن کے دن عوام ٹریکٹر اور بلے پر مہر لگائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ شریف فیملی اب جب پکڑ میں آئی ہے تو کہتی ہے گرمی لگ رہی ہے، نواز شریف کہتے ہیں جیل میں بیمار ہوگیا ہوں، میاں صاحب جیل میں کم کھائیں تو پیٹ نہیں بڑھے گا۔
رہنما مسلم لیگ ق نے کہا کہ شریفوں نے شوخی سے کہا تھا لندن فلیٹس ہمارے ہیں، نواز شریف نے ملکی ترقی کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا ہے، وہ مودی کے منشور پر کام کرتے رہے ہیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب کا ہر بندہ جنوبی پنجاب کی بات کررہا ہے، اپنے دور میں جنوبی پنجاب کارڈیالوجی اسپتال بنایا جبکہ کئی مرتبہ شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج کیا ہے۔
مزید پڑھیں: شریف خاندان کی فرعونیت اور تکبر کا دور ختم ہوگیا: پرویز الہیٰ
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی فرعونیت اور تکبر کا دور ختم ہوگیا ہے، شریف خاندان اور ان کے حواریوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی سزائیں ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو ہم گجرات میں کینسر اسپتال تعمیر کرائیں گے اور عوامی خدمت کی مثال قائم کریں گے، ہمارے دور کے عوامی مفاد کے منصوبے آج بھی چل رہے ہیں جبکہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں شریفوں کا خاندان پکڑا جارہا ہے۔