Tag: Gulistan Johar

  • گلستان جوہر میں لڑکی سے نازیبا حرکت کرنے والا 15 روز بعد بھی آزاد

    گلستان جوہر میں لڑکی سے نازیبا حرکت کرنے والا 15 روز بعد بھی آزاد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں لڑکی سے نازیبا حرکت کرنے والا 15 روز بعد بھی آزاد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 3 جولائی کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک راہ چلتی لڑکی پر جنسی حملہ کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا، نازیبا حرکت کرنے والا شخص تاحال قانون کی گرفت میں نہیں آ سکا ہے۔

    اس سلسلے میں درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا، لیکن پولیس اصل ملزم پکڑنے میں ناکام رہی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی لیکن فوٹیج میں حملہ آور اپنی شناخت چھپانے کے لیے سرجیکل ماسک لگایا ہوا نظر آیا۔

    پولیس نے متاثرہ لڑکی کو بھی تلاش کیا لیکن اس نے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا، جس پر پولیس نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، اور حملہ آور کا خاکہ بھی بنوایا گیا۔

    گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ، مزید فوٹیجز اور تفصیلات

    اس کیس میں تقریباً 250 افراد کے بیانات قلم بند کیے گئے ہیں، اور 100 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئیں، لیکن کسی بھی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کا چہرہ واضح نہیں ہو سکا۔

  • کراچی: گلستان جوہر میں نجی بینک میں آگ لگ گئی

    کراچی: گلستان جوہر میں نجی بینک میں آگ لگ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں نجی بینک میں آگ لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 19 میں نجی بینک میں آگ گئی، جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ نجی بینک میں لگی آگ بجھانے میں 2 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا، جب کہ بینک میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    آتش زدگی کے باعث بینک کے اندر ہونے والے نقصانات سمیت سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے آگ لگنے کی وجہ بھی معلوم کی جا رہی ہے۔

  • کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بے قابو ہو گئی ہیں، کراچی پولیس چیف نے بھی چند دن قبل وارداتوں میں اضافے کا اعتراف کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 3 میں کوریئر کمپنی کے ملازم کے ساتھ ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی۔

    فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو نے ملازم کو روکا، اور ا سے لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔

    گزشتہ روز کراچی شہر میں ڈاکو راج نظر آیا، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں وارداتیں ہوئیں، خواتین بھی اب اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں رہیں۔

    فیروز آباد میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک شہری کو لوٹ لیا گیا، شہری بینک سے 23 لاکھ روپے لے کر نکلا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر روکا اور رقم چھین لی۔

    بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک اور شہری سے بھی واردات ہوئی، کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں نجی کمپنی کے ملازمین کو لوٹا گیا، ڈاکو مبینہ طور پر 3 لاکھ 50 ہزار کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے۔

    ماڈل کالونی میں گھر کی دہلیز پر لٹیروں نے خاتون سے زیورات اتروا لیے، تینوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

  • کراچی : 3 بچوں کی پراسرار ہلاکت، ماں کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی : 3 بچوں کی پراسرار ہلاکت، ماں کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی : گلستان جوہر میں گزشتہ روز پراسرار طور پر ہلاک ہونے والے کی تین بچوں سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، بچوں کی ہلاکت میں ماں کو قصور وار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں تین بچوں کی پراسرار ہلاکت معمہ بن گئی۔ بچوں کی جان لی گئی یا کوئی حادثہ ہوا؟ متوفی بچوں کے والد نے ہلاکت کا ذمہ دار اپنی اہلیہ کو قرار دیا ہے۔

    مرنے والے بچوں کے والد کی مدعیت میں بچوں کی والدہ، خالہ اور خالو کے خلاف شاہراہ فیصل تھانے میں  مقدمہ درج  کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سےبچوں کے باپ عمران نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ بچوں کو اپنے ساتھ لاہور میں رکھنے کا پروگرام تھا۔ بچوں کے تایا کا کہنا ہے کہ مرنے والے بچوں کے والدین جھگڑے کے باعث علیحدہ رہتے تھے۔

    دوسری جانب پڑوسیوں کے مطابق بچوں کی والدہ نورین ایک بچے کو تشویشناک حالت میں گود میں لے کر عمارت سے نیچے آئی تھی، فلیٹ میں کھٹمل ماراسپرے کا بھی بتایا۔

    بعد ازاں ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے والد اور چچا بچوں کی میتوں کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے، لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں گھر کے باہر اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گلستان جوہر کے بلاک 19 میں مبینہ طور پر زہریلی چیز کھانے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ بچوں میں دو لڑکے اور ایک بچی شامل ہے، جن کی عمریں 8 تا 3 سال ہیں۔

  • گلستان جوہر میں ڈپارٹمنٹل اسٹور میں‌ لگی آگ پر قابو پالیا گیا

    گلستان جوہر میں ڈپارٹمنٹل اسٹور میں‌ لگی آگ پر قابو پالیا گیا

    کراچی : گلستان جوہر میں واقع ڈپارٹمنٹل اسٹور میں لگنے والی خوفناک آگ پر آٹھارہ گھنٹے بعد قابو پالیا، کروڑوں روپے کی اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں واقع نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور میں لگنے والی ہولناک آگ کئی گھنٹے قبل بھڑکی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسٹور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 12 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارکل کی مدد سے رسیکیو آپریشن کیا گیا تھا، اسٹور میں کیمیکلز موجود ہونے رسیکیو آپریشن میں وقت لگا۔

    چیف فائر افسر کا کہنا تھا کہ اسٹور انتظامیہ کی جانب سے اندر موجود سامان نہیں نکالا گیا ہے جس کے باعث آگ کے دوبارہ بھڑکنے کا خدشہ ہے۔

    چیف فائر افسر کا کہنا تھا کہ نجی اسٹور میں ہونے والے آتشزدگی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق بیسمنٹ کو پارکنگ کے لیے الاٹ کیا گیا تھا لیکن اسٹور انتظامیہ نے بیسمنٹ کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

    مزیدپڑھیں : شرشاہ میں آئل ٹینکر و گودام میں‌ لگی آگ پر قابو پالیا

    کراچی : عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، اسلحہ کا گودام جل کر خاکستر

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کی پانچوں منزلوں کو خالی کرا لیا گیا ہے جبکہ آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی پر قابو پانے کےلیے واٹر بورڈ کی جانب سے پانی فراہمی باتعطل جاری رکھی گئی جبکہ پاک بحریہ نے بھی آگ پر قابو پانے میں تعاون کیا۔

  • گلستان جوہر، نامعلوم ملزم سرگرم، چاقو کے وار سے 6 خواتین زخمی

    گلستان جوہر، نامعلوم ملزم سرگرم، چاقو کے وار سے 6 خواتین زخمی

    کراچی: گلستان جوہر میں چاقو کے وار سے خواتین کو زخمی کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ خواتین کی تعداد 6 ہوگئی، نامعلوم شخص یا گروہ کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

    تفصیلات کے مطابق نامعلوم ہیلمٹ سوار موٹر سائیکل سوار کی جانب سے گلستان جوہر میں خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کرنے کا سلسلہ 25 ستمبر سے جاری ہے، آج بھی ایک لڑکی کو زخمی کیا گیا جس کے بعد متاثرہ لڑکیوں کی تعداد 6 ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نذیر شاہ نے بتایا کہ 25 اور 26 تاریخ دوروز کے دوران چار لڑکیوں کو زخمی کیا گیا لیکن خود سے کسی بھی لڑکی کے گھر والوں نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔

    ایس پی گلشن مرتضی بھٹو نے ایک لڑکی کے گھر جا کر اس کا بیان ریکارڈ کیا ہے، ایس پی کے مطابق پہلے تین واقعات 25 ستمبر کو پیش آئے جس میں علیحدہ علیحدہ تین لڑکیوں کو زخمی کیا گیا، 26 ستمبر کو چوتھا واقعہ پیش آیا۔

    پولیس کا اندازہ ہے کہ یہ کوئی نفسیاتی مریض ہوسکتا ہے جو خواتین سے موبائل یا کوئی اور دیگر قیمتی چیز چھیننے کی کوشش نہیں کرتا محض پیچھے سے زخمی کرکے چلاجاتا ہے، پولیس نے کئی جگہ پر سادہ لباس اہلکاروں کو تعینات کردیا ہے۔

    اسی ضمن میں اے آر وائی نیوز کے ایک اور نمائندے سلمان لودھی نے بتایا کہ پانچواں اور چھٹا واقعہ بھی پیش آچکا ہے جس میں رابعہ سٹی کی رہائشی خاتون کو نشانہ بنایا گیا، سارے واقعات 25 ستمبر سے اب تک پیش آئے۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ رابعہ سٹی کی رہائشی ہے، بینک والی گلی سے گزرنے وقت موٹر سائیکل پر موجود ہیلمٹ پہنے ایک شخص نے چاقو سے حملہ کیا اور فرار ہوگیا۔


    کراچی: چاقو بردار گروہ سرگرم، خواتین پر حملوں کا انکشاف


    اسی طرح گلستان جوہر بلاک 12 میں ایک اور خاتون کو تیز دھار آلے سے زخمی کردیا  گیا جو کہ نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں انہوں نے بتایا کہ ہیلمٹ پہنے ایک موٹر سائیکل سوار نے اس پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور بھاگ نکلا۔

    تازہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے تین خواتین کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں جس کے مطابق ملزم تینوں واقعات کے دوران کالی قمیص اور کالا ہیلمٹ پہنا ہوا تھا۔

    ملزم نے پیپر کٹر استعمال کیا، ڈاکٹر

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نذیر شاہ کے مطابق چھری یا چاقو کے بجائے پیپر کٹر بلیڈ استعمال کیا ہے،  ملزم نے کسی کو بھی جان سے مارنے کی کوشش نہیں کی، کئی خواتین کو بائیک چلاتے ہوئے بلیڈ مارنے کے واقعات ہوئے۔

    نمائندے کے مطابق اس کیس پر پولیس سمیت، حساس ادارے اور رینجرز اہلکار بھی کام کررہے ہیں۔

    محبت میں دھوکا کھا کر نفسیاتی مریض بننے والا بھی ملوث ہوسکتا ہے، ڈاکٹر

    دوسری جانب ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ ایسے افراد نفسیاتی مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں۔

    ڈاکٹر وجاہت کے مطابق ایسے افراد جنہیں کسی لڑکی نے دھوکا دیا ہو تو وہ بقیہ خواتین کو بھی نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اگر ایسے کئی افراد ایک ساتھ جمع ہوں اور اگر وہ نشہ بھی کرتے ہوں تو عین ممکن ہے کہ وہ ایسے واقعات میں انتقاماً ملوث ہوں۔

    انہوں نے یہ بھی امکان ظاہر کیا کہ ممکن ہے کوئی نفسیات مریض محض سنسنی پھیلانا چاہتا ہو۔