Tag: Gulshan e Iqbal

  • ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی ڈاکوؤں نے چھین لی

    ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی ڈاکوؤں نے چھین لی

    کراچی : مسلح افراد نے متحدہ قومی موومنٹ کی حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ کشور زہرا کی گاڑی ٹویوٹا کرولا BCP 617  گلشن اقبال سے گن پوائنٹ پر چھین لی۔ کشور زہرا نے واقعہ کے خلاف رپورٹ درج کرانے کیلئے متعلقہ تھانے سے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کی رکن قومی ا سمبلی کشورزہرہ کی گاڑی گلشن اقبال سے چھین لی گئی، تاہم کشور زہرا اس وقت گاڑی میں موجود نہیں تھیں۔ پولیس کے مطابق گاڑی ڈرائیور سے اسلحے کے زور پر چھینی گئی ہے اور ملزمان گاڑی چھیننے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ کا کہنا ہے کہ وہ خود اسلام آباد میں ہیں، جبکہ گاڑی ان کے ڈرائیور سے چھینی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی کا ٹریکر سسٹم بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے گاڑی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کشور زہرہ کی گاڑی کے چھیننے کے واقعہ پراپنی شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی گن پوائنٹ پر چھینے جانا شہر میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گاڑی کو فی الفور بازیاب کرایا جائے اور اس میں ملوث عناصر کو قرا ر واقعی سزا دی جائے۔

     

  • گلشن اقبال میں پولیس کی کارروائی،38مشتبہ افراد گرفتار

    گلشن اقبال میں پولیس کی کارروائی،38مشتبہ افراد گرفتار

    کراچی : گلشن اقبال میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئےاڑتیس مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق  شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے اڑتیس مشتبہ افراد کوگرفتارکرلیا۔

    ایس پی گلشن اقبال عابد قائمخانی نے بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر گلشن کے علاقے شیر پاؤ بستی،درویش کالونی اور بہادرآباد میں پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔

    زیر حراست افراد میں پانچ جرائم پیشہ اور مفرور ملزمان بھی شامل ہیں جن سے اسلحہ ، منشیات،شراب اورچھینی ہوئی موٹر سائیکلیں برآمدکی گئیں۔

    گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، ادھر ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی جسے ضابطے کی کاروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • کے ڈی اے نے پلےلینڈ سندباد کو سیل کردیا

    کے ڈی اے نے پلےلینڈ سندباد کو سیل کردیا

    کراچی : کے ڈی اےنےرفاہی پلاٹ پرقائم مشہورپلےلینڈ سندباد سیل کر دیا۔اس کے علاوہ  کے ایم سی نے کلفٹن میں ایک بنگلہ کو بھی سربمہرکردیا ہے،ترجمان کا کہنا ہے کہ کرپٹ افسران نےجعلی لیز بناکرایک ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین فروخت کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع تفریحی پارک سند باد کو سیل کر دیا گیا۔ کے ڈی اے کی ٹیم نے چھاپے کے وقت وہاں تفریح کیلئے آئے ہوئے لوگوں کو باہر نکال دیا۔

    کے ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ رفاہی مقاصد کیلئے دیا گیا تھا جس کا استعمال تجارتی بنیادوں پر کیا جا رہا تھا، اس کے علاوہ سند باد انتظامیہ نے گزشتہ کئی سال سے اس کا چالان بھی نہیں بھرا تھا۔

    علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی کے احکامات پر کے ایم سی لینڈ اور انسداد تجاوزات سیل نے اولڈ کلفٹن میں ایک ارب روپے مالیت کا بنگلہ سیل کرکے قبضے میں لے لیا ۔

    چار ہزار گزاراضی پر قائم یہ بنگلہ جعلی لیزحاصل کرکے چالیس سال قبل فروخت کیا گیا تھا، بنگلے سے پہلے یہاں پر کے ایم سی کی نرسری قائم تھی تاہم سرکاری افسران نے نرسری کا خاتمہ کرکے غیر قانونی طریقے سے لیز حاصل کی اور یہاں پر بنگلہ تعمیر کرایا گیا ۔

    کے ایم سی لینڈ اور ڈائریکٹر انسداد تجاوزات نے آج کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار گز پر قائم نرسری اور دو ہزار گز پر قائم بنگلے کو سیل کرکے تالا لگا دیا اور قبضہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو دیدیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق بنگلے میں مقیم فیملی اس وقت دبئی میں موجود ہے جبکہ کاروائی کے وقت گھر میں ملازمین موجود تھے جنھیں گھر سے باہر نکال دیا گیا۔

    ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اے آروائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی کے یا دیگر اداروں کے سرکاری افسران اس غیر قانونی لیز میں ملوث پائے گئے تو ان کیخلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی۔

  • کراچی: گلشن اقبال میں ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: گلشن اقبال میں ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی: گلشن اقبال میں ڈکیتی کے لئے آنے والے ڈاکوؤں میں سے ایک کی شہریوں نے درگت بنادی۔

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کی نیت سے آنے والا ڈکیٹ شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، گلشن اقبال بلاک گیارہ میں دو ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے دکان میں داخل ہوئے اور دکان کے مالک کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنالیا، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر دکاندار کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کیا۔

    فائرنگ کی آوازسننی تھی کہ دکان کے باہر شہری جمع ہوگئے، دوڈاکوؤں میں سے ایک فرار ہوگیا جبکہ ایک کو شہریوں نے پکڑ کر وہ پٹائی لگائی کہ ڈاکو لہولہان ہوگیا۔

     درگت بنانے کے بعد شہریوں نے ڈاکو کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کا یہ گروپ اس علاقے میں پہلے بھی وارداتیں کرکے فرار ہوجاتے تھے، گرفتار کئے گئے ڈاکو کی تحویل سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

  • کراچی: گلشن اقبال کے 2اسکولوں پر دستی بم حملے

    کراچی: گلشن اقبال کے 2اسکولوں پر دستی بم حملے

    کراچی: صبح سویرے شہرِقائد  میں گلشن اقبال کے دو نجی اسکولز میں نامعلوم افراد کریکر پھینک کر فرار ہوگئے، اسکول بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک سیون میں صبح سویرے دو نجی اسکولز پر نامعلوم افراد نے کریکر حملے کیے، کریکر حملے کے وقت اسکولز بند ہونے کی وجہ سے کوئی بچہ موجود نہیں تھا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    حملے کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے اسکول کے اطراف میں دھمکی آمیز پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے، جس میں حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پھانسیاں بند کرو ورنہ مزید حملے بھی کیے جائیں گے۔

    کریکر حملوں کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری متاثرہ اسکولز پہنچ گئی، ڈی جی رینجرزمیجرجنرل بلال اکبر نے بھی اسکول کا دورہ کیا، ڈی جی رینجرز نے دونوں اسکولوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا، والدین سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

    ڈی آئی جی پولیس منیر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ دستی بم حملہ بظاہر اسکول پر نہیں کیا گیا تھا بلکہ ایک ہی اسکول کے 2 سیکشنز کی درمیانی سڑک پر دھماکا ہوا، سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد ملزمان کا تعین کرلیا جائے گا۔

    وزیرِ تعلیم سندھ نثار کھوڑو نے اسکولز پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں آج صبح سویرے 2 ملزمان اعظم اور عطااللہ کو پھانسی دی گئی ہے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    واضح رہے کہ وزیرِاعظم نے سانحہ پشاور کے بعد پھانسی پر عائد پابندی ختم کر دی تھی، جس کے بعد سے اب تک کئی خطرناک مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

    گزشتہ روز 16 دسمبر کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گرد حملے میں 130 سے زائد بچوں سمیت 150 افراد شہید ہوگئے تھے۔