Tag: Gulshan Hadid

  • اے وی ایل سی گاڑی چوروں کی سہولت کار بن گئی، شہری ٹریکر لگی گاڑیاں خود تلاش کرنے لگے

    اے وی ایل سی گاڑی چوروں کی سہولت کار بن گئی، شہری ٹریکر لگی گاڑیاں خود تلاش کرنے لگے

    کراچی: کراچی پولیس کا اسپیشلائزڈ یونٹ مسروقہ گاڑیاں برآمد کرنے میں ناکام ہو گیا ہے، اے وی ایل سی کی جانب سے شہریوں کی مسروقہ گاڑیوں کو برآمد کرنے میں روایتی سستی کا مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

    کراچی کے علاقے گلشن حدید میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) گاڑی چوروں کی سہولت کار بن گئی ہے، اور شہری ٹریکر لگی گاڑیاں خود تلاش کرنے لگے ہیں۔ گلشن حدید میں چور رات گئے گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں پر ہاتھ صاف کرنے لگے ہیں جب کہ شکایت پر اے وی ایل سی کی جانب سے ٹکا سا جواب ملتا ہے کہ ’’ہمارے پاس اور بھی کام ہیں تمھاری کار ہی ڈھونڈتے رہیں۔‘‘

    گلشن حدید سے حالیہ وارداتوں میں چوری ہونے والی گاڑیوں کے مالکان رل گئے ہیں، متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ اے وی ایل سی گلشن حدید گاڑی برآمد کرنے کے لیے رشوت طلب کر رہی ہے، مسروقہ گاڑیوں کی ٹریکر لوکیشن بھی فراہم کی گئی لیکن پھر بھی اے وی ایل سی کارروائی کرنے سے گریزاں رہی۔

    شہری اپنی گاڑی کی تلاش کے لیے اے وی ایل سی کی موبائلوں میں پیٹرول بھروانے پر بھی مجبور ہیں، ٹریکر کے باعث چوری شدہ گاڑیاں متعلقہ تھانے کی حدود میں ہی نظر آتی رہیں، شہریوں کی جانب سے گاڑی چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج مہیا کیے جانے کے باوجود اے وی ایل سی کارروائی نہیں کرتی، جس کی وجہ سے شہری اپنی مدد آپ اور اے وی ایل سی کو خرچہ دے کر گاڑیاں برآمد کرانے لگے ہیں۔

    انسپکٹر آصف میمن

    ایک ملزم شاہد حسین سے حیدر آباد میں کراچی گلشن حدید سے چوری شدہ کار برآمد ہوئی تھی، تاہم اسے انسپکٹر آصف نے رشوت لے کر اسے چھوڑ دیا، شہری نزاکت علی نے انسپکٹر آصف کی شکایت اعلیٰ افسران سے کی لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔

    قاتل نے 60 سالہ شخص کو کیوں قتل کیا؟ پولیس نے اگلوا لیا

    گاڑیوں سے محروم ہونے والے متاثرین کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد اے وی ایل سی موبلائزیشن کے نام پر رقم کا تقاضا کرتی ہے، ٹریکر کمپنیوں سے گاڑی کی آخری لوکیشن دکھائے جانے کے باوجود پولیس کوئیک رسپانس نہیں کرتی۔

    واضح رہے کہ شہر میں کار اور موٹر سائیکل کی چوری میں اضافے کے بعد حکومتی سطح پر بائیک میں بھی ٹریکر لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم کاروں میں ٹریکر لگے رہنے کے باوجود اے وی ایل سی مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق شہر میں رواں سال کی سہ ماہی میں 72 گاڑیاں چھینی گئیں اور 422 چوری کی گئیں ہیں۔

  • اپنے کیے پر شرمندہ ہوں سزائے موت دی جائے، اسکول پرنسپل

    اپنے کیے پر شرمندہ ہوں سزائے موت دی جائے، اسکول پرنسپل

    کراچی : گلشن حدید میں واقع نجی اسکول کے گرفتار پرنسپل نے کہا ہے کہ اپنے کیے پر شرمندہ ہوں مجھے سزائے موت دی جائے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملزم عرفان میمن کا کہنا تھا کہ اسکول کے کسی اسٹاف یا بچے کی کوئی ویڈیو نہیں ہے سب باہر کے لوگ ہیں۔

    اس کا مزید کہنا تھا کہ میری اپیل منظور کی جائے کہ مجھے موت کی سزا سنائی جائے اپنی حرکت پر بہت شرمندگی ہے۔

    علاوہ ازیں گلشن حدید میں ٹیچرز اور اسٹاف سے مبینہ زیادتی کرنے والے اسکول پرنسپل کو گرفتار کرنے کے بعد اسکول کو بند کروانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

    گلشن حدید

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ رعنا حسین کی ہدایت پر معاملے کی تحقیقات تک اسکول کو سیل کرنے کے لئے مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    صوبائی وزیر کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشن نے غیر رجسٹرڈ نجی اسکول کی عمارت کو سیل کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر ملیر کو خط لکھ دیا۔

    school

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اسکول رجسٹرڈ نہیں ہے لہٰذا ضلعی انتظامیہ غیر رجسٹرڈ نجی اسکول میں ہونے والے واقعے پر قانونی کارروائی کا آغاز کرے۔

    قبل ازیں ایس ایس پی ملیرحسن سردار نے میڈیا کو بتایا تھا کہ گرفتار اسکول پرنسپل ملزم عرفان غفور میمن کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزم خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنانے کے دوران ان کی خفیہ ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتا تھا۔

    آئی جی سندھ رفعت مختار نے میڈیا رپورٹس پر ایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ غیرجانبدار اور شفاف انکوائری کو یقینی بناتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔