Tag: gulshan iqbal

  • پیر کے روز اغوا ہونے والی 3 کم عمر لڑکیاں گلشن اقبال سے بازیاب

    پیر کے روز اغوا ہونے والی 3 کم عمر لڑکیاں گلشن اقبال سے بازیاب

    کراچی: شہر قائد میں پیر کے روز اغوا ہونے والی 3 کم عمر لڑکیاں گلشن اقبال سے بازیاب ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کے روز کراچی کے علاقے تھانہ سولجر بازار کی حدود سے تین کم عمر لڑکیاں مبینہ طور پر اغوا ہوئی تھیں، پولیس نے گزشتہ رات تینوں کو گلشن اقبال سے بازیاب کرا لیا۔

    مبینہ طور پر اغوا ہونے اور اب بازیاب ہونے والی بچیوں میں 12 سالہ نور، 14 سالہ عائشہ، اور 13 سالہ ماہین شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کی گمشدگی پر تھانہ سولجر بازار میں ورغلا کر اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، تینوں بچیاں آدم اسکوائر سولجر بازار نمبر 2 کے قریب سے اغوا ہوئیں، بچیوں کے مبینہ اغوا کا واقعہ پیر کی شام 5 بجے کے قریب پیش آیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق بچیاں بظاہر خود گھر سے گئی تھیں، ان کے پاس موبائل فون بھی تھا، جس کی لوکیشن ٹریس کر کے انھیں بازیاب کرایا گیا۔

  • کراچی : اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے جانے کی کوشش ناکام، ملزمان فرار

    کراچی : اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے جانے کی کوشش ناکام، ملزمان فرار

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتیں ایک بار پر بڑھتی جارہی ہیں، یہی نہیں اب ڈاکو اپنی وارداتیں اتنی دیدہ دلیری سے کرتے ہیں جیسے انہیں کوئی پکڑنے والا ہی نہیں۔

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک تھری میں واقع ایک نجی بینک میں واردات کرنے والے ملزمان نے اے ٹی ایم مشین ہی اُکھاڑ لی۔

    گلشن اقبال میں ڈسکو بیکری کے قریب ہونے والی واردات میں اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے جانے کی کوشش کرنے والے چوروں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    پولیس نے اطلاع ملتے ہیں موقع پر پہنچ کر ملزمان کی کوشش ناکام بنادی، پولیس کے پہنچنے پر ملزمان منی ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    شہری کی15مددگار پر بروقت اطلاع سے بڑی واردات ناکام بنائی گئی، پولیس نے منی ٹرک اور اے ٹی ایم تحویل میں لے لی، واقعہ ڈسکو بیکری کے قریب نجی بینک میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق اس امر کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ مشین سے چھیڑ چھاڑ یا اُکھاڑنے کے دوران کوئی الارم کیوں نہیں بجا۔

  • کراچی : گلشن اقبال میں عمارت میں آتشزدگی کا مقدمہ، کے الیکٹرک ذمہ دار قرار

    کراچی : گلشن اقبال میں عمارت میں آتشزدگی کا مقدمہ، کے الیکٹرک ذمہ دار قرار

    کراچی : گلشن اقبال میں عمارت میں آتشزدگی سے دو شہریوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ کی مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی آر میں کے الیکٹرک کو ذمہ دارقرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دو روز قبل17منزلہ عمارت میں لگنے والی آگ سے دو افراد کی ہلاکت کا مقدمہ پولیس نے اپنی مدعیت مین درج کرلیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمارت میں آگ شاٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس کا ذمہ دار کے الیکٹرک کا ادارہ ہے کیونکہ عمارت کی تعمیر بھی کے بی سی اے کے قوانین کے خلاف تھی اور اس خلاف ورزی کے باجود عمارت کی تعمیر کیلئے این او سی جاری کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ایس بی سی اے نے نقشہ اور فائر بریگیڈ نے فائر کلیئرنس کس طرح دی؟ ایف آئی آرکا متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ملی بھگت سے عمارت کی تعمیر خلاف قوانین کی گئی، عمارت میں بنیادی سہولتیں نہ ہونے سے دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

    مزید پڑھیں: گلشن اقبال میں واقع عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، 2 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ دو روز قبل آتش زدگی کا واقعہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال ممتاز منزل کے قریب پیش آیا تھا جہاں17منزلہ عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ عمارت میں دفاتر ہیں اور رہائشی منازل پر شہری بھی رہائش پذیر ہیں۔

    آگ لگنے کے باعث عمارت میں موجود متعدد افراد چھت پر چڑھ گئے۔ آگ لگنے کے فوراً بعد دو افراد جان بچانے کے لیے چھت سے کود گئے، تاہم دونوں اپنی جان کی بازی ہار گئے۔

  • پی پی کارکنان نے بدترین مثال قائم کی: علی زیدی، پی ٹی آئی واقعے کی ذمہ دار ہے: سعید غنی

    پی پی کارکنان نے بدترین مثال قائم کی: علی زیدی، پی ٹی آئی واقعے کی ذمہ دار ہے: سعید غنی

    کراچی: گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان کے درمیان خونریز تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد دنوں جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے واقعے کا ذمہ دار ایک دوسرے کو ٹھہرایا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما علی زیدی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی کارکنان نے آج کراچی میں بدترین مثال قائم کی، سعید غنی جھوٹ بول رہے ہیں، پتھراؤ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی جانب سے کیا گیا، ان کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی، علاوہ ازیں انہوں نے ہمارا کیمپ بھی اکھاڑ دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی نعرے بازی پر ہمارے کارکن پیچھے ہٹ گئے تھے، سعید غنی کو ایم کیو ایم فوبیا ہوگیا ہے، سعید غنی نے پولیس کی نگرانی میں کھڑے ہوکر حملہ کروایا، عزیز بھٹی تھانے میں مقدمہ درج کرانے آیا ہوں، پولیس کی موجودگی میں ہم پر تشدد اور پتھراؤ کیا گیا۔

    کراچی، پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم، تین گاڑیاں نذرآتش، پتھراؤ

    رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری موٹر سائیکلیں، گاڑیاں جلائی گئیں، پولیس کی موجودگی میں ہم پر تشدد اور پتھراؤ کیا گیا، سعید غنی گینگ وار کے لوگوں کو ساتھ لے کر کھڑے تھے اور لوگوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے تھے، پیپلز پارٹی رہنماؤں پر دہشتگردی اور اقدام قتل کا مقدمہ ہونا چاہیے۔

    پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سعید غنی نے واقعے کے ردعمل میں کہا کہ تحریک انصاف اس واقعے کی ذمہ دار ہے، پی ٹی آئی کے کچھ کارکنوں نے ہمارے کیمپ پر پتھراؤ کیا، تحریک انصاف کے کچھ لوگ اشتعال انگیزی پھیلانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پی پی کارکنوں کو مشتعل کیا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں نے زبردستی کیمپ لگا رکھا تھا، یہ جماعت کراچی میں ایم کیوایم کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے، تحریک انصاف والوں نے دادا گیری جیسا انداز اپنا رکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی : غیرقانونی حصہ گراتے ہوئے پوری عمارت گرگئی

    کراچی : غیرقانونی حصہ گراتے ہوئے پوری عمارت گرگئی

    کراچی : گلشن اقبال کراچی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے عمارت کا غیر قانونی حصہ گراتے ہوئے پوری عمارت زمیں بوس ہوگئی، لوگوں کے مشتعل ہونے پر ایس بی سی اے کی ٹیم گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئی، بلڈر اوراس کے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک ون میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے آپریشن میں تین منزلہ عمارت کا غیر قانونی حصہ گرانے کا کام شروع کیا، اس دوران ہیوی مشینری کے استعمال سے غیر قانونی حصے کےساتھ ساتھ پوری عمارت ہی ڈھے گئی۔

    اس موقع پرعمارت کو گرانے والی کرین بھی ملبے تلے دب گئی، عمارت گرنے سے آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں کے مشتعل ہونے پر ایس بی سی اے کی ٹیم گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہو گئی۔

    واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والےاداروں نے عمارت کوگھیرے میں لے لیا، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق مذکورہ عمارت ذاتی رہائش کے لیے منظور کی گئی تھی لیکن خلاف ضابطہ اس میں فلیٹس بنائے جارہے تھے۔

    بعد ازاں کار سرکار میں مداخلت پرگلشن اقبال تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں تعمیرات کرنے والے بلڈر شکیل احمد اور اس کے ساتھیوں کونامزد کیا گیاہے۔

    مقدمہ ایس ڈی سی اے کےسینئرافسرکی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے سرکاری کام میں مداخلت کرتے ہوئے پولیس موبائل سمیت دیگر گاڑیوں کونقصان پہنچایا۔

  • گلشن اقبال میں کار پرفائرنگ ایک شخص جاں بحق

    گلشن اقبال میں کار پرفائرنگ ایک شخص جاں بحق

    کراچی : گلشن اقبال میں کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے گاڑی کا آدھا دروازہ کھول کر مقتول کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال گلشن چورنگی پر کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت راشد لود نظر کے نام سے ہوئی ہے۔

    مقتول کے شناختی کارڈ پر لیاری کا پتہ درج ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول قومی ائیر لائن کے افسر کا ڈرائیور ہے جسے نامعلوم ملزمان نے موقع پربلایا اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    مقتول کی لاش کو ضروری کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان مقتول کو فائرنگ کا نشانہ بناکر باآسانی فرار ہوتے ہوئے گولی کے خول بھی ساتھ لے گئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کے ساتھ ہی عینی شاہد کے بیان بھی قلمبند کررہی ہے۔

    نعش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے مقامی اسپتال منقتل کردیا گیا تھا تاہم واقعے کا مقدمہ رات گئے تک درج نہیں ہوسکا تھا۔

  • گلشن اقبال میں پانچ منزلہ عمارت ٹیڑھی ہوگئی، گرانے کا فیصلہ

    گلشن اقبال میں پانچ منزلہ عمارت ٹیڑھی ہوگئی، گرانے کا فیصلہ

    کراچی : راشد منہاس روڈ سے متصل ملینیم مال کے قریب پانچ منزلہ عمارت دراڑیں پڑنے کے باعث ٹیڑھی ہوچکی ہے ، جس کے بعد عمارت کے مکینوں نے بلڈنگ کو خالی کردیا ہے ۔ جبکہ مذکورہ عمارت کو گرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں جس کے بعد عمارت کو خالی کرادیا گیا ۔

    جبکہ کمشنر کراچی نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ عمارت میں دراڑیں کیسے پڑیں۔

    ریسکیو حکام نے اطراف کی عمارتوں کو بھی خالی کرادیا ہے،واقعے کے بعد علاقہ مکینوں اور رہائشیوں میں خوف پایا جاتا ہے، تاہم کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    جبکہ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ نے عمارت کو گرانے کا فیصلہ کیا ہے، علاوہ ازیں فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او فیصل تنویر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمارت کی چار منزلہ اجازت تھی پانچویں منزل کی غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔

    دراڑیں پڑنے کے بعد عمارت کو خالی کرادیا گیا ہے اور پرائیویٹ کنٹریکٹر کے ذریعے عمارت کو مرحلہ وار توڑا جائے گا تاکہ نقصان سے بچا جاسکے ۔

    فیصل کنٹونمنٹ انتظامیہ کے مطابق عمارت کو 2011 میں سرٹیفائی کیا گیا تھا ، تاہم دراڑیں پڑنے کے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

    متاثرہ عمارت کے اطراف کے مکانوں اور فلیٹس کو خالی کرادیا گیا ہے ، جبکہ متاثرہ عمارت کے گیس اور بجلی کے کنکشنز منقطع کردیئے گئے ہیں۔

  • گلشن اقبال میں پھٹنے والی پائپ لائن کی مرمت تاحال نہ ہو سکی

    گلشن اقبال میں پھٹنے والی پائپ لائن کی مرمت تاحال نہ ہو سکی

    کراچی : گلشن اقبال کراچی میں پھٹنےوالی پائپ لائنوں کی مرمت شروع بھی نہ ہوسکی۔ واٹربورڈ کی کارکردگی صفر ہی رہی ۔ مزدور چائے پی کر وقت گُزارتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی واٹربورڈ کی اہلیت کاپول کھل گیا، گُلشن اقبال گلشن کے بجائے تالاب بن گیا ۔ایک دن گزرگیا پھٹنےوالی پائپ لائنوں کی مرمت تاحال شروع تک نہ ہوسکی۔

    مطلوبہ مشینری موجود ہے مزدور بھی دستیاب ہیں لیکن کام رُکا ہوا ہے۔ مزدورسرد موسم میں چائے کی چسکیاں لیتے ہوئے شاید پکنک منارہے ہیں۔

    ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کے مطابق پائپ لائن کی مرمت میں مزید چھتیس گھنٹے لگیں گے ۔ واٹر بورڈ ذرائع کے مطابق پائپ لائن پھٹنےسے اب تک چھ کروڑ گیلن پانی ضائع ہوچکا ہے۔

  • کراچی : گلشن اقبال میں رواں سال کی سب سے بڑی بینک ڈکیتی

    کراچی : گلشن اقبال میں رواں سال کی سب سے بڑی بینک ڈکیتی

    کراچی : گلشن اقبال میں رواں سال کی سب سے بڑی بینک ڈکیتی ہوئی جس میں مسلح ملزمان ایک کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    ایس پی گلشن عابد قائم خانی نے بتایا کہ ایک ملزم پہلے گلشن اقبال کے نجی بینک میں داخل ہوا جس کے کچھ دیر بعد تین مزید مسلح ملزمان بینک میں داخل ہوئے مزاحمت کرنے پر سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

    ایس ایس پی اسپیشل انوسٹی گیشن فاروق اعوان نے بتایا کہ بینک میں سیکورٹی کے انتظامات بہتر نہیں تھے دو گارڈز تھے جن کو اسلحہ چلانا ہی نہیں آتا تھا جس کی وجہ سے ملزمان باآسانی ایک کروڑروپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

  • کراچی : گلشن اقبال 13ڈی میں رینجرز مقابلہ، القاعدہ کمانڈر ساتھی سمیت مارا گیا

    کراچی : گلشن اقبال 13ڈی میں رینجرز مقابلہ، القاعدہ کمانڈر ساتھی سمیت مارا گیا

    کراچی : گلشن اقبال 13ڈی میں رینجرز سے مقابلے میں القاعدہ کمانڈر ساتھی سمیت مارا گیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے حساس ادارے کا ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق رات گئے گلشن اقبال 13ڈی میں رینجرز نے رہائشی عمارت پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں حساس ادارے کا افسر شدید زخمی ہوگیا، جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج شہید ہوگیا۔

    ترجمان رینجرز کےمطابق کارروائی کے دوران حساس ادارے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سجاد جان کی بازی ہارگئے،  قانون نافذ کرنے والےاداروں نے خفیہ اطلاع پر گلشن اقبال بلاک تیرہ ڈی کےفہدگارڈن میں سرچ آپریشن کیا۔ توعمارت کی دوسری منزل پر چھپےملزمان نے جوانوں پر فائرکھول دیا، گولیوں کی زد میں آکر حساس ادارے کا افسرشہیدہ وگیا  اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے گھر میں چھپا القاعدہ کمانڈر ساتھی سمیت مارا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک ہونیوالوں میں القاعدہ کا کمانڈر بھی شامل ہے، جو اپنے ساتھی سمیت مارا گیا، فلیٹ کی تلاشی کے دوران اسلحہ اور جہادی لٹریچر بھی برآمد ہوا جبکہ تلاشی کے دوران فلیٹ سے دوخواتین کوحراست میں لیا گیا، ابتدائی تفیش کے مطابق فلیٹ انور نامی شخص کا ہے۔