Tag: Gulu butt

  • لاہور: گلو بٹ کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور

    لاہور: گلو بٹ کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے  سانحہ ماڈل ٹاون کے اہم  کردار گلو بٹ کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ہے۔

    ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے گلو بٹ کی جانب سے سزا کے خلاف اور درخواست ضمانت کی سماعت کی گلوبٹ نے موقف اختیار کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے اس کا کوئی تعلق نہیں معمولی نوعیت کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے گیارہ سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جو انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے لہذا عدالت سزا کو کالعدم قرار دے جبکہ اپیل کے فیصلے تک ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ہوئے پنجاب حکومت سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

    گلو بٹ کی جانب سے درخواست ضمانت بھی دائر کی گئی تھی جسے عدالت نے قبل از وقت قرار دے دیا ہے بعد ازاں عدالت کے ریمارکس پر گلوبٹ کے وکلاء نے درخواست ضمانت واپس لے لی ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ماڈل ٹاؤن میں گاڑیاں توڑنے کے مجرم گلو بٹ کو گیارہ سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

  • سانحۂ ماڈل ٹاؤن کا اہم کردار گلو بٹ رہا

    سانحۂ ماڈل ٹاؤن کا اہم کردار گلو بٹ رہا

    لاہور: سانحۂ ماڈل ٹاؤن میں عوامی املاک کو نقصان پہنچانےکامشہورترین ملزم گلوبٹ آج صبح عدالت نے رہا کردیا گیا، اس کی رہائی کےموقع پرعوام کی جانب سے انتہائی غم وغصہ کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلوبٹ جو کہ 17 جون کو سانحۂ ماڈل ٹاؤن کاسب سے واضح کردارتھا لاہورہائیکورٹ کے حکم پر رہا کردیا گیا ، گلوبٹ کی رہائی کیمپ جیل لاہور سے عمل میں آئی۔

    گلو بٹ کی رہائی کے موقع پر شہریوں کی ایک بڑی تعداد جیل کے دروازے کے باہر جمع تھی اورمشتعل مظاہرین نے شدید غم وغصہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت مخالف نعرے لگائے۔

    اے آر وائی نیوزکے نمائندے بابرخان کےمطابق گلوبٹ کو جیل کےوی آئی پی دروازے سے باہر نکالا گیا جہاں اس کا کزن راشد بٹ اسے نئے ماڈل کی سفید کار میں بٹھا کر لے گیا، جیل انتظامیہ کے مطابق قید کے دوران گلوبٹ سے کسی بھی شخص نے ملاقات نہیں کی اور یہ پہلا موقع ہے کہ اس کے خاندان سے کوئی شخص جیل آیا ہو۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے اس موقع پرموجودہ حکومتی نظام پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ’’گلو کریسی‘‘ قراردے دیا۔

  • سانحہ ماڈل ٹاون کے مرکزی کردار گلو بٹ کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری

    سانحہ ماڈل ٹاون کے مرکزی کردار گلو بٹ کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون کے مرکزی کردار گلو بٹ کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

    جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، گلو بٹ کے وکیل نے دلائل دیئے کہ منہاج القرآن کے باہر گاڑیوں کی توڑ پھوڑ پر اس کے خلاف درج مقدمے میں تمام دفعات قابل ضمانت تھیں تاہم پولیس نے بدنیتی سے اس میں دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات شامل کیں جس کا پولیس کے پاس نہ تو ثبوت موجود ہے اور نہ ہی گواہ ہے۔

    گلو بٹ کے مطابق اس نے گاڑیوں کی توڑ پھوڑ منہاج القرآن کے کارکنوں کے تشدد کی وجہ سے طیش میں آکر کی، جس پر دہشت گردی کی دفعات لاگو نہیں ہوسکتیں، انسداد دہشت گردی عدالت نے حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کر دی جبکہ گلو بٹ کی ذہنی حالت درست نہیں اس لیے ہائی کورٹ ضمانت منظور کرے۔

    عدالت نے درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرتے ہوئے پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔