Tag: gunfire

  • باپ نے بچوں کو فائرنگ سے بچانے کیلئے گود میں چھپالیا، خود زخمی ہوگیا، ویڈیو وائرل

    باپ نے بچوں کو فائرنگ سے بچانے کیلئے گود میں چھپالیا، خود زخمی ہوگیا، ویڈیو وائرل

    نیو یارک : امریکہ میں ایک دفتر میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک باپ نے اپنے تین بچوں کو گولیوں سے بچالیا لیکن وہ خود زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے شہر نیو یارک میں ایک باپ کی اپنے بچوں پر شفقت دیکھ کر ویڈیو دیکھنے والوں کی آنکھیں نم ہوگئیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیو یارک کے علاقے میں قائم ایک کار ڈیلر کے دفتر میں ایک 39سالہ شخص اپنے تین بچوں کے ساتھ موجود تھا کہ اس دوران تین نقاب پوش مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔

    پولیس کی جاری کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جب فائرنگ شروع ہوتی ہے تو والد اپنے بچوں کو زمین پر دھکیل دیتا ہے اور انہیں اپنی آغوش میں لے کر زمین پر لیٹ جاتا ہے،اس دوران فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک گولی باپ کی ٹانگ پر بھی لگ جاتی ہے پر وہ ہمت نہیں ہارتا اور بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے انہیں خود میں سموئے رکھتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ باپ کو دائیں ران میں گولی لگی اسے طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور واقعہ میں اس کا کوئی بچہ زخمی نہیں ہوا۔

    ڈبلیو سی بی ایس کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تعلق جرائم پیشہ گینگ سے تھا، ملزمان مبینہ طور پر ایک کار کو چوری کرکے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، پولیس حکام ان ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کررہی ہے۔

  • مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، دو افراد ہلاک دو زخمی، دولہا فرار

    مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، دو افراد ہلاک دو زخمی، دولہا فرار

    شیخوپورہ : مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے دو افراد ہلاک دو زخمی ہوگئے، دولہا اور اس کے دوست موقع سے فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے نواحی علاقے فیروز وٹواں میں رات گئے مہندی کی تقریب میں دولہا کے دوستوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو افراد اظہر  اور عاطف موقع پر ہلاک ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے افراد دولہا کے عزیز و اقارب ہیں۔

    اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد طبی امداد کیلیے دونوں زخمیوں کو انتہائی تشویش ناک حالت میں میو اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا۔

    تھانہ سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ شراب کے نشے میں دھت دولہا کے دوستوں کی جانب سے گئی، گولیاں تقریب میں موجود افراد کو لگنے کے بعد دولہا اور اسکے دوست موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش تاحال جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : لاہور: شادی میں ہوائی فائرنگ، چھت پر کھڑی لڑکی موقع پر جاں بحق، ملزمان فرار

    دولہا کے سر پر سہرا گلے میں نوٹوں کے ہار اور دل میں سہانے خواب سجائے اس وقت چکنا چور ہوگئے جب دوستوں غلطی سے حسرتوں پر پانی پھر گیا اور اسے شادی سے فرار اختیار کرنا پڑتا۔

  • اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 7 فلسطینی شہید، 500 سے زائد زخمی

    اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 7 فلسطینی شہید، 500 سے زائد زخمی

    یروشلم : تحریک حق واپسی کے تحت احتجاج کرنے والے مظاہرین پر اسرائیلی فورسز کی بے دریغ فائرنگ سے 7 فلسطینی نوجوان شہید جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے غزہ کی پٹی پر تحریک حق واپسی کے تحت جمعے کے روز احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر بے دریغ فائرنگ اور شیلنگ کرکے 7 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صیہونی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی عمر 14 سے 26 برس ہے، جن کی شناخت محمد الحوم، ایاد خلیل، محمد بسام، محمد علی، محمد اشرف شامل ہیں، جبکہ دیگر دو شہداء کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

    فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج کی گولیوں کی زد میں آکر 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، صیہونی ریاست کے درندوں کی ظلم و بربریت کا نشانہ بننے والوں میں 35 بچے، 4 خواتین، 4 امدادی کارکن اور صحافی بھی شامل ہیں۔

    فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں برس مارچ سے شروع ہونے والی حق واپسی کی احتجاجی تحریک کے تحت مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ کے رہائشی باالخصوص اور دیگر شہروں کے افراد باالعموم ہر جمعے غاصب ریاست اسرائیل کی سرحدوں کی جانب مارچ کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں برس مارچ سے اب تک اسرائیل اور غزہ کی سرحد پر احتجاج کرنے والے مظاہرین پر صیہونی افواج کی فائرنگ سے 191 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ مظاہروں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل قابض صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع تاریخی شہر الخلیل کے نواحی علاقے صوریف میں سرچ آپریشن کے بہانے خاتون صحافی اسراء حضر لافی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔

    فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف اشعار اور نظمیں کہنے کے جرم میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والی فلسطینی شاعرہ کو دو روز قبل 2 ماہ قید میں گزارنے کے بعد صیہونی حکام کی جانب سے رہا کیا گیا تھا۔