Tag: Gunpoint

  • حکام کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر سڑک کی مرمت کروائی گئی

    حکام کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر سڑک کی مرمت کروائی گئی

    بھارت کے ایک گاؤں میں مقامی افراد نے خراب سڑک پہ ہونے والے حادثات سے تنگ آ کر حکام کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اور ان سے سڑک کی مرمت کروائی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بھارتی شہر گرو گرام سے ملحقہ ایک گاؤں نورنگ پور میں پیش آیا جو گروگرام کی مقامی انتظامیہ کے زیر اتنظام ہے۔

    گروگرام میٹرو پولیٹن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سرکاری اہلکار ایک پرائیوٹ کنٹریکٹر کے ساتھ ایک اور قریبی سڑک کی تعمیر میں مصروف تھے جب 30 کے قریب گاؤں والے وہاں پہنچے اور سرکاری اہلکاروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔

    اس کے بعد وہ انہیں اپنے گاؤں کے قریب لے گئے اور وہاں کی ٹوٹی ہوئی سڑک کی راتوں رات مرمت کروائی۔

    واقعے کے بعد پولیس نے 30 افراد پر مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مرکزی کردار ہوشیار سنگھ نامی شخص ہے جو ایک پیٹرول پمپ کا مالک ہے اور وہ اپنے پمپ کے سامنے کی سڑک تعمیر کروانا چاہتا تھا۔

    تاہم ہوشیار سنگھ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاؤں والے خستہ حال سڑک سے پریشان تھے، پچھلے چند ماہ میں ٹوٹی سڑک پر 20 کے قریب حادثات پیش آچکے ہیں۔

    ہوشیار سنگھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ کو بارہا سڑک تعمیر کرنے کی درخواست دی گئی لیکن انہوں نے توجہ نہیں دی۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے ذمہ دار افراد نے سرکاری اہلکاروں پر تشدد بھی کیا ہے لہٰذا ان پر سنگین نوعیت کے چارجز عائد کیے گئے ہیں۔ مذکورہ افراد سرکاری مشینری کو اپنے ساتھ لے گئے اور اہلکاروں سے زبردستی کام کروایا۔

  • گھر میں گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر رکھ لیا

    گھر میں گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر رکھ لیا

    گھر میں چوری کی نیت سے گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر چور کی جان چھڑائی۔

    پولیس کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو میں چور برف ہٹانے والے کھانچے کے ذریعے گھروں کے تالے توڑ کر ان میں گھستا تھا اور قیمتی سامان اٹھا کر فرار ہوجاتا تھا۔

    تاہم ایک گھر میں نقب زنی کے دوران وہ اہلخانہ کے ہاتھ آگیا، چور نے بھاگ کر قریبی جنگل میں چھپنے کی کوشش کی لیکن گھر والوں نے تعاقب کر کے اسے پکڑا اور گن پوائنٹ پر رکھ لیا۔

    پولیس کے پہنچنے کے بعد اہلخانہ نے چور کی جان چھوڑی اور اسے پولیس کے حوالے کردیا۔ تلاشی لینے پر چور کے پاس سے قریبی گھروں سے چرایا ہوا سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چور علاقے میں سلسلہ وار چوریاں کر رہا تھا اور وہ کافی عرصے سے اس کی تلاش میں تھے۔