Tag: gutka Factory

  • گھر میں قائم گٹکا بنانے والے کارخانے پر چھاپہ

    گھر میں قائم گٹکا بنانے والے کارخانے پر چھاپہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کچی آبادی کے ایک گھر سے گٹکا بنانے والا کارخانہ پکڑا گیا، چھاپے کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کی خصوصی ٹاسک فورس نے کراچی کے علاقے سچل میں چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران گھر میں گٹکا بنانے والا چھوٹا کارخانہ پکڑا گیا۔

    کارخانے سے 25 من گٹکا برآمد کیا گیا ہے۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جس کے متن کے مطابق حاجی رمضان گبول گوٹھ کی کچی آبادی میں منظم کام کیا جا رہا تھا، گٹکے میں نشہ آور کیمیکل کا استعمال کیا جارہا تھا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو دیکھ کر 3 اہم ملزمان سمیت 8 فرار ہوگئے جبکہ ایک ملزم تاج محمد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی جانب سے اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔ ملزم نے بتایا کہ گٹکے کا منظم کاروبار طاہر برفت نامی ملزم کر رہا تھا، مفرور طاہر برفت سمیت 3 ملزمان کا تعلق سیاسی پارٹی سے ہے۔

    گرفتار ملزم کے مطابق طاہر برفت کے ساتھی زبیر، نور نبی، جہانزیب، مہتاب بلادی، غلام حسین بلادی اور ندیم عباسی عابد عرف مارشل منظم کاروبار میں شامل ہیں۔

  • کراچی میں پولیس کا گٹکا فیکٹری پر چھاپہ، درجنوں ٹن گٹکا برآمد

    کراچی میں پولیس کا گٹکا فیکٹری پر چھاپہ، درجنوں ٹن گٹکا برآمد

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک غیر قانونی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 30 ٹن سے زائد گٹکا اور اس کی تیاری کا سامان برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے حسرت موہانی کالونی کی ایک فیکٹری پر پاک کالونی پولیس نے ٹارگٹڈ چھاپہ مار کارروائی کی۔

    ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے بھاری مالیت کا 30 ٹن سے زائد گٹکا اور دیگر اجزا برآمد کرلیے گئے جبکہ منظم گروہ کے 3 ملزمان بلال علی، حسین اور باسط کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، گٹکے کا کارخانہ منگھو پیر روڈ پر واقع تھا۔

    ایس ایس پی کے مطابق کارخانے سے بڑی مقدار میں دیگر مضر صحت اجزا بھی برآمد ہوئے، برآمد سامان میں 21 سو 90 کلو چھالیہ کے 97 کٹے، 400 کلو چونا، 23 کٹے پتی، 32 گٹکے پیکنگ کے ریپر برآمد، چار کٹے پاؤڈر، 1 کٹا ربڑ بینڈ اور 52 بڑے ٹب برآمد ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے روزانہ لاکھوں مالیت کا گٹکا تیار ہو رہا تھا، ملزمان چوری چھپے اپنا کام کر کے گٹکا سپلائی کرتے تھے۔

    گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

  • جمشید ٹاؤن : کارخانے سے لاکھوں مالیت کا گٹکا برآمد، 3ملزمان گرفتار، ایس ایچ او معطل

    جمشید ٹاؤن : کارخانے سے لاکھوں مالیت کا گٹکا برآمد، 3ملزمان گرفتار، ایس ایچ او معطل

    کراچی : پولیس نے جمشید کوارٹر میں چھاپہ مارکر تین ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کا گٹکا برآمد کرلیا، علاقہ ایس ایچ او کو معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس پی جمشید ٹاؤن شمائل ریاض نے شہر قائد میں پولیس کی مختلف کارروائیوں سے متعلق پریس کانفرنس کی جس میں بتایا گیا کہ پولیس نے جمشید کوارٹر میں خفیہ طور پر قائم گٹکے کے کارخانے پر چھاپہ مارا، کارروائی میں3ملزمان گرفتار اور لاکھوں روپے مالیت کا گٹکابرآمد ہوا۔

    اس کے علاوہ کارخانے سے بڑی مقدار میں گٹکے میں استعمال ہونے والا بیٹری کا تیزاب بھی برآمد ہوا ہے، ایس پی جمشید ٹاؤن کے مطابق گٹکا مافیا کی سرپرستی کرنے پر ایس ایچ او کو معطل کرکے اس کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں کچھ دیر قبل کے ڈی اے ملازم کو قتل کیا گیا ہے، فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کےکچھ کاروباری معاملات تھے، واقعے کے حقائق تک پہنچنے کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج تلاش کررہے ہیں اس حوالے سے مختلف پہلوؤں سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ایس پی جمشید ٹاؤن کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز سولجر بازار میں ٹریفک اہلکار کے قتل میں بھی پیشرفت ہوئی ہے، ٹریفک پولیس اہلکار کو ذاتی رنجش کی بناء پر قتل کیا گیا، ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل میں متعدد گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔