Tag: Gwadar power and water crisis

  • وزیراعظم نے گوادر میں بجلی و پانی بحران کا نوٹس لے لیا، خصوصی کمیٹی قائم

    وزیراعظم نے گوادر میں بجلی و پانی بحران کا نوٹس لے لیا، خصوصی کمیٹی قائم

    اسلام آباد(13 اگست 2025): وزیراعظم شہبازشریف نے گوادر میں بجلی اور پانی بحران کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے گوادر میں بجلی اور پانی کے بحران کا نوٹس لے لیا ہے۔

    انوار چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گوادر کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، کمیٹی میں وزیراعلیٰ بلوچستان، وزارتِ منصوبہ بندی، بحری امور، توانائی کے وزرا اور سیکریٹریز شامل ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کے مطابق کمیٹی مقررہ مدت میں اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی تاکہ گوادر کے بجلی و پانی کے مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے، جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کوئٹہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے گوادر کے پانی اور بجلی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری اور مربوط کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    وزیراعلیٰ نے شہر کی پانی کی فراہمی کو درپیش سنگین چیلنجوں پر زور دیا، اس بات پر زور دیا کہ بجلی کی جاری بندش موثر تقسیم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ بروقت بارش نہ ہوئی تو اگلے سات ماہ میں گوادر میں پانی کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔