Tag: hacked

  • ٹرمپ کا سوشل نیٹ ورک ہیک کرلیا گیا

    ٹرمپ کا سوشل نیٹ ورک ہیک کرلیا گیا

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اعلان کردہ سوشل میڈیا ویب سائٹ متعارف کروائے جانے سے قبل ہی ہیک کرلی گئی، ویب سائٹ ابھی عوامی سطح پر دستیاب نہیں اور اس پر کام جاری ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ سوشل میڈیا ویب سائٹ کو متعارف کروائے جانے سے قبل ہی ہیک کرلیا گیا۔

    نفرت انگیز اور غلط معلومات پھیلانے کے خلاف کام کرنے والے ہیکرز کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے تیار ہونے والی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ تک رسائی کرکے اسے ہیک کیا۔

    ہیکرز نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ٹروتھ سوشل میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہی ذاتی اکاؤنٹ کو ہیک کرکے اس پر سوئر کی تصویر شیئر کرنے سمیت اس پر ڈونلڈ جے ٹرمپ بھی لکھا۔

    نیویارک ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں متعدد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیکرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تیار ہونے والی سوشل میڈیا نیٹ ورک کی ویب سائٹس کے متعدد اکاؤنٹس کو ہیک کیا۔

    ہیکرز کے گروپ کے مطابق ٹروتھ سوشل کی ویب سائٹ ابھی عوامی سطح پر دستیاب نہیں اور اس پر کام جاری ہے، تاہم انہوں نے ویب سائٹ کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر وہاں ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو ہیک کرنے سمیت وہاں فرضی اکاؤنٹ بھی بنائے۔

    یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 21 اکتوبر کو نیا سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹروتھ سوشل متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

    ٹرمپ کی ٹیم کے مطابق ٹروتھ سوشل کا آزمائشی ورژن نومبر کے اختتام تک امریکی صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا جب کہ اسے مکمل طور پر 2022 کی پہلی سہ ماہی میں متعارف کرایا جائے گا۔

    ٹروتھ سوشل کو ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) اور ایک خصوصی کمپنی (ایس پی اے سی) کے انضمام سے بننے والی ایک نئی کمپنی کے ذریعے تیار کیا جائے گا۔

    ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ کس طرح کی سوشل ویب سائٹ ہوگی، امکان ہے کہ مذکورہ نیٹ ورک فیس بک کی طرح کا ہوگا، تاہم بعض افراد کا خیال ہے کہ ٹویٹر کی طرح مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ہوگا۔

  • امریکا پر خطرناک سائبر حملے، اہم راز فاش ہونے کا خدشہ

    امریکا پر خطرناک سائبر حملے، اہم راز فاش ہونے کا خدشہ

    واشنگٹن : امریکہ کے سرکاری اور نجی اداروں کو باقاعدہ مہم کے تحت سائبر حملوں کا نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے, جس کے نتیجے میں 30 ہزار اداروں کا ڈیٹا غیر محفوظ ہوگیا ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں کم از کم 30 ہزار امریکی اداروں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جن میں سرکاری ادارے بھی شامل ہیں۔

    کمپیوٹر سیکیورٹی کے ماہر برائن کریبز کے مطابق اس مہم کے تحت مائیکرو سافٹ کے ایکسچینج سافٹ ویئر میں خامیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ای میلز چرائی گئی ہیں اور کمپیوٹر سرورز کو متاثر کیا گیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے سائبر سیکیورٹی کے ان حملوں کو فعال خطرہ قرار دیا ہے۔ ترجمان جینیفر پساکی کا کہنا تھا کہ سائبر حملے سے متعدد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    گزشتہ روز مائیکروسافٹ کمپنی کی جانب سے سافٹ ویئر میں خامیوں کی نشاندہی کے بعد سائبر حملوں کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہو گیا تھا۔

    متاثر ہونے والی 30ہزار کمپنیوں میں چھوٹے کاروباری اداروں کے علاوہ مقامی حکومتوں کے دفاتر بھی شامل ہیں۔

    مائیکروسافٹ نے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ حکومت کی سرپرستی میں ہیکنگ گروپ حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جو ایکسچینج ای میل سروس کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیٹا چوری کر رہا ہے۔

    مائیکروسافٹ کے مطابق ہافنیئم نامی ہیکنگ گروہ اس کام میں انتہائی مہارت رکھتا ہے۔ مائیکرو سافٹ نے مزید کہا ہے کہ یہ گروہ چین میں موجود ہے لیکن امریکہ میں لیز شدہ نجی کمپیوٹر سرورز کے تحت حملے کر رہے ہیں۔

    ماضی میں بھی ہافنیئم نامی یہ گروہ یونیورسٹیوں، تھنک ٹینکس، این جی اوز، دفاعی کنٹریکٹر، وبائی امراض کے محققین اور لا فرمز کو سائبر حملوں کا نشانہ بنا چکا ہے۔

    کمپیوٹر سیکیورٹی کے ماہر برائن کریبز کا کہنا تھا کہ مذکورہ ہیکرز نے دنیا بھر میں ہزاروں کی تعداد میں کمپیوٹرز کو اپنے قابو میں کیا ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں امریکی حساس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سولر ونڈز ہیک کا ذمہ دار روس کو ٹھہرایا تھا۔

    سولر ونڈز نامی سافٹ ویئر کے تحت امریکی محکمہ خزانہ اور کامرس کے علاوہ دیگر اداروں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک

    کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک

    کراچی : کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی ، جس کے باعث کے الیکٹرک کا شہر بھر میں بلنگ سمیت دیگر نیٹ ورک منقطع ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی ، جس کے باعث شہریوں کو بجلی کےبلوں کے حصول  میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ سائیڈ ہیک ہونے سے بلنگ کی ادائیگی بندہے ، ویب سائٹ کل دوپہر سےکام نہیں کررہیں، جس سے کے الیکٹرک کا شہر بھر میں بلنگ سمیت دیگر نیٹ ورک منقطع ہوگیا ہے۔

    گذشتہ روز کےالیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پرسائبر حملہ ہوا تھا ، جس کے باعث کےالیکٹرک کا نظام مفلوج ہوگیا اور بینکوں سے رابطے سمیت انٹرنل کمیونیکیشن رک گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : کے الیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر حملہ ، نظام مفلوج

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سسٹم بحال کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ حساس اداروں نے بھارتی سائبر اٹیک کا سراغ لگا لیا،بھارتی خفیہ ادارے متعدد سائبر کرائم کرنے والے تھے، جس کا مقصد سرکاری اور دفاعی حکام کے موبائل اور آلات ہیک کرنا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا دشمن ایجنسیوں کے مختلف ٹارگٹ کی تحقیقات کی گئیں،پاک فوج نے سائبر حملے روکنے کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات بڑھا دیے جبکہ تمام حکومتی اداروں کو سائبر سیکیورٹی کے اقدامات کی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسی کوششوں سے بچا جاسکے۔

  • بھارت کا سب سے بڑا ایٹمی پلانٹ  ہیکرز کے نشانے پر

    بھارت کا سب سے بڑا ایٹمی پلانٹ ہیکرز کے نشانے پر

    نئی دہلی : بھارتی حکام نے اعتراف کرلیا کہ سب سے بڑا ایٹمی پلانٹ ہیکرز کے نشانے پر ہیں ،وائرس ایٹمی پلانٹ کے انتظامی کمپیوٹر میں پایا گیا ہے تاہم پاور پلانٹ کے نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے سب سے بڑے ایٹمی پلانٹ کڈان کلام کے نیٹ ورک پر ہیکرز نے حملہ کرکے کمپیوٹرز کو نقصان پہنچایا ، بھارتی حکام کی جانب سے پہلے اس کی تردید کی جاتی رہی تاہم گزشتہ روز انہوں نے اس بات کا اعتراف کرلیا کہ ریاست تامل ناڈو میں قائم بھارت کے سب سے بڑے ایٹمی پلانٹ کڈان کلام کے نیٹ ورک پر سائبر حملہ ہوا ہے۔

    حکام نے اس کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ وائرس ایٹمی پلانٹ کے انتظامی کمپیوٹر میں پایا گیا ہے تاہم ایٹمی پلانٹ کو کنٹرول کرنے والے سسٹم اس سے محفوظ رہے ہیں۔

    نیوکلیئر پاور پلانٹ کارپوریشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جس کمپیوٹر میں وائرس آیا وہ ایک ایسے یوزر کا تھا جو انتظامی امور کے نیٹ ورک سے منسلک رہتا ہے، پاور پلانٹ کے نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی ہو رہی ہے۔

    بھارتی ماہرین کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ڈی ٹریک نامی وائرس کا استعمال کیا گیا ہے، جس کا تعلق ایک ہیکر گروپ لزارس سے ہے۔

    دوسری جانب امریکی حکام کا ماننا ہے کہ لزارس نامی اس ہیکنگ کے گروہ کو شمالی کوریا کی حکومت استعمال کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ یہ افواہیں اس وقت منظر عام پر آئیں جب خفیہ ادارے کے ایک تجزیہ کار پکھراج سنگھ نے ٹوئٹر پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ بھارت کے ’مشن کریٹیکل ٹارگیٹس‘ پر سائبر حملہ ہوا ہے۔

    ابتدائی بیان میں حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت کے نیوکلیئر پلانٹ پر سائبر حملہ ہو ہی نہیں سکتا جبکہ اس کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ ایٹمی پلانٹ کا اپنا نیٹ ورک ہے اور یہ عالمی نیٹ ورک سے جڑا ہوا نہیں ہے۔تاہم ایک روز بعد بھارتی حکام نے اعتراف کرلیا کہ ملک کے سب سے بڑے ایٹمی پلانٹ پر سائبر حملہ ہوا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت کی نیوکلیئر پاور پلانٹ کارپوریشن نے امکان ظاہر کیا کہ پاور پلانٹ کے کمپیوٹر میں موجود وائرس کا تعلق شمالی کوریا سے ہوسکتا ہے، یہ گزشتہ ماہ سامنے آیا جس کی تحقیقات جاری ہے۔