Tag: Hafiz e Quran

  • بلال سعید نے حافظ قرآن کے بعد گلوکار بننے پر کیا کہا؟

    بلال سعید نے حافظ قرآن کے بعد گلوکار بننے پر کیا کہا؟

    پاکستان کے معروف پنجابی گلوکار بلال سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ حافظ قرآن ہیں۔

    بلال سعید اردو اور پنجابی گلوکار ہیں جنہیں مداحوں نے ان کے منفرد انداز کے گانوں کی وجہ سے بے حد پسند کیا ہے، حال ہی میں گلوکار نے ایک پروگرام میں شرکت کی۔

    پروگرام میں بلال سعید نے انکشاف کیا کہ میں حافظِ قرآن ہوں لیکن بعد میں انہوں نے گلوکاری میں اپنا کیریئر بنایا، گلوکاری کرنے کی اجازت میرے والد نے دی۔

    بلال سعید نے کہا کہ میرے والد نے مجھے اس فیصلے کی اجازت دی کیونکہ میرے والد نہیں چاہتے تھے کہ میں کسی بھی موقع سے محروم رہوں۔

    گلوکار بلال سعید نے کہا کہ اب بھی جب میں سیالکوٹ جاتا ہو تو مجھے عجیب سا محسوس ہوتا ہے مجھے اب بھی ڈر لگتا ہے کہ کہیں میرے استاد مجھے گلوکاری کرتے نہ دیکھ لیں۔

    بھارت میں کام کرنے کے اپنے تجربے کے حوالے سے بلال سعید نے کہا کہ بھارتی انڈسٹری میں چاہے کوئی سپر اسٹار ہو یا جونیئر آرٹسٹ، سب کو اپنے معاہدوں کی مکمل پاسداری کرنی ہوتی ہے اور یہ ایک اچھا اصول ہے جسے ہماری انڈسٹری کو بھی اپنانا چاہیے۔

  • اضافی نمبر نہ ملنے پر حافظ قرآن طالبہ عدالت پہنچ گئی

    اضافی نمبر نہ ملنے پر حافظ قرآن طالبہ عدالت پہنچ گئی

    کراچی  : کوئٹہ کی بولان یونیورسٹی میں داخلہ نہ ملنے پر طالبہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت نے وفاق اور پی ایم سی ودیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

    بولان یونیورسٹی کوئٹہ میں طالبہ کی جانب سے میڈیکل میں داخلہ نہ ملنے کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار مسماۃ شہلا کا کہنا تھا کہ حافظہ قرآن کوٹہ کے 20نمبرز اضافی مل جاتے تو میرٹ پر داخلہ ہوجاتا۔

    سپریم کورٹ نے حفظ قرآن کی بنیاد پر تعلیمی اداروں میں داخلوں پر اہم سوال اٹھا دیا، عدالت کا کہنا تھا کہ حفظ قرآن کی بنیاد پر میڈیکل و دیگر جامعات داخلہ میں اضافی نمبرز کیوں دیئے جائیں؟ عدالت نے وفاق، پاکستان میڈیکل کمیشن ودیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

    جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے فریقین کو سن کر ہی فیصلہ دیں گے، حافظ قرآن کو 20نمبرز زیادہ کیوں دیں؟ امام مسجد لگانا ہو یا لیکچرر رکھنا ہو یہ قابلیت دیکھی جاسکتی ہے۔

    درخواست گزار مسماۃ شہلا کا مؤقف تھا کہ میرٹ کیلئے حافظ قرآن کوٹہ کے20اضافی نمبرزنہیں دیئے گئے، جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ بتائیں کیا حافظ قرآن طالب علم بہتر ڈاکٹر بن جائے گا؟

    عدالت کا کہنا تھا کہ حافظ قرآن ہونا مقدس ہے مگر اس بنیاد پر میڈیکل میں داخلہ کیوں دیا جائے؟ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ بہت حساس معاملہ ہوجائے گا۔

    جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ گھبراتے کیوں ہیں؟ مذہب تو آسانی پیدا کرتا ہے، بعد ازاں سپریم کورٹ رجسٹری نے مسمات شہلا کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ حفظ قرآن کو داخلے کیلئے اضافی نمبروں سے متعلق سماعت الگ ہوگی۔