Tag: hafiz-hamdullah

  • شیخ وقاص اکرم کل بانی پی ٹی آئی کو بھی گالیاں دیں گے، حافظ حمداللہ

    شیخ وقاص اکرم کل بانی پی ٹی آئی کو بھی گالیاں دیں گے، حافظ حمداللہ

    کراچی : جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ  نے کہا ہے کہ شیخ وقاص اکرم کل بانی پی ٹی آئی کو بھی گالیاں دیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم پر کڑی تنقید کی۔

    پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کی جانب سے مولانا فضل الرحمان پر کی جانے والی تنقید کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شیخ وقاص اکرم کی سیاسی لوٹے ہونے کے علاوہ کوئی حیثیت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل یہ بانی پی ٹی آئی کو بھی گالیاں دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت یہ بتائے اگر ان کا بھی یہی موقف ہے تو پھر ہم بھی جواب دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پشتو میں یہ کہاوت مشہور ہے کہ پتھر اسی درخت کو مارا جاتا ہے جس میں پھل ہو،
    مولانا فضل الرحمان ایک پھل دار درخت کی مانند ہیں اس لیے ان کیخلاف بیانات داغے جارہے ہیں، پی ٹی آئی والے ہمارے بھائی ہیں تنقید کرسکتے ہیں، پی ٹی آئی والے بتائیں کہ وہ شیخ وقاص کے بیان کے ساتھ کھڑے ہیں یا نہیں؟

    پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کے فیصلے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے پہلے جو فیصلہ دیا اب دوبارہ سپریم کورٹ نے بھی وہی فیصلہ دیا ہے، تینوں فیصلوں یا کیس میں جے یو آئی ف فریق نہیں تھی۔

    حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے کہا ہے کہ انہوں نے قانون کے مطابق فیصلہ دیا ہے، قانونی فیصلے کے مطابق ہمیں مخصوص نشستیں مل رہی ہیں تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔

    جے یو آئی رہنما نے کہا کہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرنا کس کی خواہش ہے؟ پی ٹی آئی کی حکومت ختم کی جاتی ہے تو یقیناً ان ہی کی خواہش ہوگی جنہوں نے بنائی، اب آگے کس کی حکومت ہوگی کچھ نہیں سوچا۔

    دریائے سوات سانحے کے حوالے سے انہوں نے وضاحت دی کہ سوات کا واقعہ کے پی میں ہوا جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اس لیے اس پر تنقید کی، سوات واقعہ جے یو آئی حکومت میں ہوتا تو اس پر بھی تنقید کرتا، کیا کےپی کی حکومت صرف بسکٹ کھانے کیلئے بیٹھی ہے۔

  • نئے الیکشن میں جانا ضروری ہے: جے یو آئی کا مطالبہ

    نئے الیکشن میں جانا ضروری ہے: جے یو آئی کا مطالبہ

    جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ نمائندہ منتخب اسمبلی اور حکومت چاہتے  ہیں اس کے لیے نئے الیکشن میں جانا ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ حمد اللہ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، صرف مشاورت ہوئی ہے، ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان باقاعدہ الائنس یا اتحاد بنے۔

    انہوں نے کہا کہ اسد قیصرکےگھر پر ایک بیٹھک ہوئی ہے جہاں سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی، مولانافضل الرحمان سمیت پوری سیاسی قیادت ملاقات میں شریک تھی، ملاقات میں اتفاق ہوا کہ ملک میں سیاست ہے اور نہ ہی جمہوریت۔

    ’’ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل ایک اتحاد ہو، ابھی تک تو یہ مشاورت کی حد تک ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک اتحاد ہو، لیکن چند چیزوں پر اپوزیشن ایک ذہن بناچکی ہے‘‘۔

    رہنما جےیوآئی نے کہا کہ 8 فروری کو ہونیوالا الیکشن نہیں تھا وہ آکشن تھا، ہم ملک میں سیاسی اور جمہوری استحکام چاہتے ہیں، نمائندہ منتخب اسمبلی اور حکومت چاہتے  ہیں اس کے لیے نئے الیکشن میں جانا ضروری ہے کیوں کہ موجودہ حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں، ملک میں رول آف لا نہیں۔

    حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہو جو نہیں ہے، ملک میں کوئی آئین بھی نہیں ہے، مطالبہ یہی ہوگا کہ ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں۔

  • مدارس بل کے معاملے پر حکومت سیاسی اور اخلاقی طور پر ہار چکی ہے: حافظ حمداللہ

    مدارس بل کے معاملے پر حکومت سیاسی اور اخلاقی طور پر ہار چکی ہے: حافظ حمداللہ

    جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ مدارس بل کے معاملے پر حکومت سیاسی اور اخلاقی طور پر ہار چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابقجمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے مدارس رجسٹریشن بل پر کہا کہ مدارس بل کے معاملے پر حکومت سیاسی، اخلاقی، قانونی طور پر ہار چکی ہے، تنظیمات مدارس، جے یو آئی کو مدارس رجسٹریشن بل میں ترمیم قبول نہیں۔

    حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ قانون میں تبدیلی کی گئی تو پھر فیصلہ ایوان نہیں میدان میں ہوگا، مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا گزٹ نوٹی فکیشن جاری کیا جائے، جے یو آئی اور تنظیمات مدارس کا حکومت سے یہی مطالبہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریمیسی کا تقاضا ہے پاس کردہ بل قانون تسلیم کیا جائے، اب گیند حکومت کی کورٹ میں ہے فیصلہ کریں ورنہ دیر ہوجائیگی، پارلیمنٹ کے فیصلے کوئی اور نہ کرے یا حکومت تسلیم کرلے عوام کا راج نہیں۔

  • حافظ حمد اللہ کی گاڑی پر دھماکا خود کش ہو سکتا ہے، ڈپٹی کمشنر مستونگ

    حافظ حمد اللہ کی گاڑی پر دھماکا خود کش ہو سکتا ہے، ڈپٹی کمشنر مستونگ

    مستونگ: ڈپٹی کمشنر مستونگ رزاق ساسولی نے کہا ہے کہ حافظ حمداللہ کی گاڑی پر دھماکا خود کش ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک پروگرام میں شرکت کے لیے کوئٹہ سے منگوچر جانے والے پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمداللہ مستونگ میں قومی شاہراہ کے قریب سڑک کنارے دھماکے کا نشانہ بن گئے، جس سے اُن سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ڈی سی رزاق ساسولی نے ایک بیان میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہو سکتا ہے حافظ حمد اللہ کو خودکش دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’دھماکا حافظ حمداللہ کی گاڑی سے موٹر سائیکل سوار کے ٹکرانے سے ہوا۔‘‘

    جے یو آئی رہنما اور ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ سڑک کنارے دھماکے میں زخمی

    ڈی سی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے وقت خضدار سے کوئٹہ جانے والی ایک کوسٹر بھی زد میں آئی، جس میں بیٹھے کئی افراد بھی زخمی ہوئے، حافظ حمداللہ کو زیادہ چوٹیں نہیں آئیں، تاہم سیکیورٹی گارڈ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ ترجمان سول اسپتال نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

  • جے یو آئی رہنما اور ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ سڑک کنارے دھماکے میں زخمی

    جے یو آئی رہنما اور ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ سڑک کنارے دھماکے میں زخمی

    کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سڑک کنارے دھماکے میں جے یو آئی رہنما و ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مستونگ ضلع میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ سمیت گیارہ افراد زخمی ہو گئے ہیں، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔

    دھماکا حافظ حمد اللہ کی گاڑی کے قریب ہوا، وہ کوئٹہ سے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے منگوچر جا رہے تھے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس موقع پر پہنچ گئی، اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    زخمیوں میں حافظ حمد اللہ کے ساتھی اور گن مین بھی شامل ہیں، جنھیں ابتدائی طور پر میر غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ حافظ حمداللہ کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

    ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ حافظ حمد اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کا حکم معطل کردیا

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کا حکم معطل کردیا

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کا حکم معطل کردیا اور نادرا سے 14 روز جواب طلب کرلیا ، نادرا نے حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ منسوخ کردیا تھا، ریکارڈ کے مطابق وہ غیر ملکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت کی، وکیل حافظ حمد اللہ نے عدالت کو بتایا کہ حافظ حمد اللہ سنیٹر ہیں، چھ بار الیکشن لڑا ہے اور ممبر صوبائی اسمبلی بھہ رہ چکے ہیں۔ پورا خاندان پاکستانی پاسپورٹ رکھتا ہے۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس نے شناختی کارڈ بند کردیا ہے؟ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہریت نادرا نے ختم کیل، حافظ حمد اللہ کا ایک بیٹا آرمی میں بھی ہے۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اپنا خون اس ملک کے لئے قربان کرسکتا ہے تو وہ کیسے محب وطن شہری نہیں۔

    نادرا حکام نے عدالت کو بتایا کہ دسمبر 2018 میں پہلی بار حافظ حمد اللہ کو خط لکھ کر بلاک کیا تھا اور ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی کو آگاہ کیا گیا تھا جبکہ حافظ حمد اللہ اس کمیٹی میں پیش بھی ہوئے تھے اور حافظ حمد اللہ سے اس کمیٹی نے دستاویزات طلب کیں۔ جو دستاویزات حافظ حمد اللہ نے پیش کیں وہ بوگس نکلیں۔

    مزید پڑھیں : نادرا نے حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ منسوخ کردیا

    عدالت نے حافظ حمداللہ کی شہریت منسوخی کا حکم معطل کرتے ہوئے حافظ حمداللہ کےخلاف مزیدکارروائی سےروک دیا اور نادرا سے 14 روز جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتے تک ملتوی کے لیے ملتوی کر دی۔

    یاد رہے چند روز قبل پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سینیٹرحافظ حمد اللہ سے متعلق تمام ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا نادرا نے حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ منسوخ کردیا، ریکارڈ کے مطابق وہ غیر ملکی ہیں۔

    پیمرانے ہدایت کی تھی کہ تمام ٹی وی چینلزحافظ حمداللہ کو پروگراموں میں مدعونہ کریں، ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹرحافظ حمداللہ افغان شہریت کے حامل ہیں۔

  • سینیٹ اجلاس، رضا ربانی اورحافظ حمداللہ کے درمیان گرما گرمی

    سینیٹ اجلاس، رضا ربانی اورحافظ حمداللہ کے درمیان گرما گرمی

    اسلام آباد: ایوان بالا میں اجلاس کے دوران گرما گرمی کا معاملہ پیش آیا، نقطہ اعتراض پر بات کرنے سے روکنے پر سینیٹر حافظ حمد اللہ نے ایجنڈے کی کاپی پھاڑ کر اجلاس  سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق رضا ربانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں حافظ حمد اللہ نقطہ اعتراض پر بات کرنا چاہتے تھے مگر چیئرمین سینیٹ نے انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں دی مگر وہ مسلسل اپنی بات کرتے رہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے حافظ حمد اللہ کو بات کرنے سے روکا اور نشست پر بیٹھنے کا حکم کیا تاہم سینیٹر نے اپنے احتجاج کو جاری رکھا جس کے بعد سینیٹر نہال ہاشمی، فرحت اللہ بابر نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی۔

    سینیٹر حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ’کوئی ایوان کو یرغمال نہیں بنا سکتا کیونکہ یہاں بیٹھے اراکین بھیڑ بکریاں نہیں ہیں‘۔

    رضا ربانی نے جب سینیٹر کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا تو حافط حمد اللہ نے ایجنڈے کی کاپی پھاڑی اور اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔

    چیئرمین سینیٹ نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا کام نہیں کہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کو مشورہ دوں، بحیثیت چیئرمین سینیٹ ایوان بالا کی رکھوالی میری ذمہ داری ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم نے پہلے بھی ایک قانون کے تحت سب کے احتساب کا موقع ضائع کیا تاہم اب ایوان وقت پر الیکشن کرانے کا تاریخی موقع ضائع نہ کرے‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔