Tag: Hafiz Naeemur Rehman

  • کراچی : انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کا رزلٹ ، حافظ نعیم نے حقیقت بیان کردی

    کراچی : انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کا رزلٹ ، حافظ نعیم نے حقیقت بیان کردی

    کراچی : امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 64 فیصد طلبہ کا فیل ہونا سندھ حکومت پر سوالیہ نشان ہے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کے نتائج میں 64 فیصد طلباء و طالبات کو فیل کردیا گیا، یہ سندھ حکومت پر سوالیہ نشان ہے کہ یہ نظام کیسے چل رہا ہے؟

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اگر یہ بچے واقعی فیل ہوئے ہیں تو یہ پورے تعلیمی نظام پر سوالیہ نشان ہے اور اگر زبردستی فیل کیا گیا ہے تو یہ ایک انتہائی مکروہ قسم کا کام ہے، جو حکومت کی جانب سے کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے انٹر بورڈ میں تبدیلی کی تھی، اپنی مرضی کے چیئرمین لاکر بٹھایا تھا، ان کے جانے کے بعد نگراں حکومت تھی، انہوں نے معاملات کو کمشنر کے حوالے کردیا۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تعلیم سے دشمنی والے رویے نے کراچی اور طلباء و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بہت سنجیدہ نوعیت کا ہے، کیونکہ ہمارے بچوں کے مستقبل اور ان کے روزگار کا مسئلہ ہے، پورے شہر کا انحصار ان نواجوں پر ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ سندھ ہائی کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور اس بات کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ 312ارب روپے میں سے کتنے پیسے تعلیم، بچوں کی ڈویلپمنٹ پر لگائےجاتے ہیں؟

    حافظ نعیم نے بتایا کہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے 13لاکھ بچے زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں جبکہ زرداری، بلاول بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں کہ ہم پنجاب کو سندھ جیسی ترقی دیں گے۔

    انٹرمیڈیٹ سال اول پری میڈیکل میں 19ہزار طلبا فیل

    واضح رہے کہ کراچی انٹرمیڈیٹ سال اول پری میڈیکل، پری اینجینئرنگ کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق پری میڈیکل میں 19 ہزار طلبا فیل ہوئے اور کامیابی کا تناسب 33 فیصد رہا۔

    پری انجینئرنگ میں 22 ہزار میں سے صرف 6ہزار طلبا کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 29 فیصد طلبا کامیاب ہوسکے۔

  • پیپلزپارٹی نے بلدیاتی الیکشن میں بدترین دھاندلی کی، حافظ نعیم الرحمان

    پیپلزپارٹی نے بلدیاتی الیکشن میں بدترین دھاندلی کی، حافظ نعیم الرحمان

    کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا الزام پیپلزپارٹی پر عائد کردیا، انہوں الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھا دیا۔

    کراچی میں ہونے والی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ کل کے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی اور الیکشن کمیشن صاف وشفاف الیکشن کرانے میں بری طرح ناکام ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے دو سے تین اہم مقامات پر صبح کے وقت ہنگامہ آرائی ہوتی رہی، پیپلزپارٹی نے جتھوں کی صورت میں غیرمقامی لوگوں کو استعمال کیا اور نہتے شہریوں پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے حملے کرائے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ریاستی جبر کو ایک طرح سے سپورٹ کرنے کا کام کیا، اس کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، پریذائیڈنگ افسران حساب دینے کے لیے تیار نہیں ہورہے تھے۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ نیوکراچی کی یوسی فور میں پیپلزپارٹی کے لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے جنہیں بعد میں پولیس نے چھوڑ دیا، پی پی نے طے کیا ہوا تھا کہ اللہ والا ٹاؤن کسی بھی صورت جیتنا ہے۔

    امیر کراچی نے کہا کہ کل کے بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی نے فسطائیت کا نیا باب رقم کیا ہے ٓس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن کی نااہلی اور جانبداری بھی کھل کر سامنے آگئی ہے، یوسی13نیو کراچی میں صبح سے ہی پیپلزپارٹی دھاندلی کروا رہی تھی، لوگوں نے پیپلزپارٹی کو مسترد کیا۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی شاید اپنی تاریخ دہرارہی ہے، کل یہ سارا دن ہمارے لوگوں کو مارتے رہے، کل پولیس والے بھی ہمارے کارکنان کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالتے رہے، گرین ٹاؤن میں ہمارے لوگوں پر اینٹوں سے حملہ کیا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے جعلی مینڈیٹ حاصل کیا ہے، پیپلزپارٹی نے الیکشن پر قبضہ کیا اور دھاندلی کی تاریخ دہرائی ہے۔