Tag: hair

  • بالوں کو گھنگھریالا بنانے کا آسان طریقہ

    بالوں کو گھنگھریالا بنانے کا آسان طریقہ

    گھنگھریالے بالوں کو سیدھا کرنا ہو، یا سیدھے بالوں کو گھنگھریالا بنا ہو، دونوں صورتوں میں مشینوں سے یہ کام ہو تو جاتا ہے، لیکن ان مشینوں سے نکلنے والی گرم ہوا سے بال خراب ہونے لگتے ہیں اور ٹوٹ جاتے ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو باخبر سویرا میں ندا یاسر نے بالوں کو کرل کرنے کا آسان طریقہ بتایا۔

    انہوں نے ایک آٹو میٹک مشین استعمال کر کے دکھائی کہ کس طرح وہ مشین خود ہی بالوں کو اپنے گرد رول کرلیتی ہے۔

    گرم ہوا سے بالوں کو گھنگھریالا بنانے کے بعد ٹھنڈی ہوا سے اسے لاک کردیا جاتا ہے جس سے بالوں کا مصنوعی کرل خاصی دیر تک برقرار رہتا ہے۔

  • سردیوں میں بالوں کو ٹوٹنے سے بچانے کے طریقے

    سردیوں میں بالوں کو ٹوٹنے سے بچانے کے طریقے

    سرد موسم میں جلد اور بال اپنی قدرتی شادابی کھونے لگتے ہیں اور اضافی توجہ مانگتے ہیں، لہٰذا اس موسم میں جلد اور بالوں کا زیادہ خیال رکھنا چاہیئے۔

    اس موسم میں بالوں میں خشکی ہونے لگتی ہے اور اس وجہ سے بال جھڑنے بھی لگتے ہیں۔

    کچھ طریقے ہیں جنہیں اپنا کر بالوں کی حفاظت کی جاسکتی ہے اور ان کے ٹوٹنے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    کیفین کا استعمال کم سے کم کریں

    سردیوں میں پانی کا استعمال کم اور گرم رہنے کے لیے کیفین زیادہ استعمال ہونے لگتی ہے جس کی وجہ سے بالوں اور سر کی جلد میں خشکی بڑھ جاتی ہے۔

    کوشش کریں کہ چائے کافی کا استعمال بہت کم کیا جائے اور اس کے بجائے سادہ پانی اور موسمی سبزیاں اور پھلوں کا استعمال کیا جائے۔

    تیل لگائیں

    بالوں میں خشکی نہ پیدا ہونے دیں، اس کے لیے سرسوں یا ناریل کا تیل رات میں لگایا جائے اور صبح سر دھولیں اور اس کے بعد کنڈیشنر کا استعمال بھی لازمی کریں۔

    تیل اور پانی کا اسپرے

    کیسٹر آئل اور کوکونٹ آئل کو تھوڑا تھوڑا لے کر اسپرے بوتل میں ڈالیں اور پھر پانی بھر کر ہلائیں، نہانے کے بعد بالوں میں اسپرے کرلیں تو بال ٹوٹیں گے نہیں، مکمل خشک نہیں ہوں گے اور چمکدار بھی ہوجائیں گے۔

    زیتون کا تیل اور انڈا

    ہفتے میں کم سے کم ایک بار انڈا اور زیتون کا تیل ملا کر سر میں لگائیں اور ایک گھنٹے بعد سر دھوئیں، اس سے بالوں میں پروٹین کی کمی نہیں ہوگی۔

    گرم پانی کم استعمال کریں

    کوشش کریں کہ سر سادے پانی سے دھوئیں، اگر سردی بہت زیادہ ہو تو بھی سر دھوتے ہوئے تیز گرم پانی کے بجائے نیم گرم پانی استعمال کریں۔

  • بالوں کو گھنا اور چمکدار بنانے کا نسخہ آپ کے فریج میں موجود

    بالوں کو گھنا اور چمکدار بنانے کا نسخہ آپ کے فریج میں موجود

    موسم گرما میں بال خشک اور روکھے ہوجاتے ہیں لہٰذا انہیں اضافی حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے جس میں وقت اور محنت دونوں صرف ہوتے ہیں۔

    تاہم صرف ایک انڈے کی زردی سے بالوں کو گھنا، لمبا اور چمکدار بنایا جاسکتا ہے۔

    خشک بالوں کے لیے انڈے کی زردی کا ماسک بہترین ہے۔

    اس ماسک کے لیے 2 انڈوں کی زردی کو 3 کھانے کے چمچ پانی میں ملا کر استعمال کیا جاتا ہے، جب یہ آمیزہ ایک دوسرے کے ساتھ یک جان ہو جائے تو اسے بالوں پر 30 منٹ تک لگا کر رکھ دیں۔

    پھر بالوں کو ٹھنڈے پانی سے اچھی طرح دھولیں، یہ ماسک بالوں کو ہائیڈریشن اور نئی زندگی دینے میں مدد دے گا۔

    اس کے ساتھ ہی آپ دہی میں ایک انڈا ملا کر اس میں تھوڑا سا زیتون کا تیل ملا کر بالوں میں ماسک لگائیں، جب خشک ہو جائے تو اسے دھو لیں۔ اس سے بالوں کی حیرت انگیز نشوونما ہوتی ہے۔

  • کھارے پانی سے خراب ہونے والے بالوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    کھارے پانی سے خراب ہونے والے بالوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    پانی کی قلت کی وجہ سے ملک کی بڑی آبادی کھارا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے، لیکن یہ کھارا پانی چیزوں کو بہت نقصان پہنچاتا ہے۔

    اس کی وجہ سے گھریلو اشیا زنگ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں۔

    اگر اس پانی کو نہانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہو تو یہ جلد اور بالوں کے لیے بھی بے حد نقصان دہ ہے۔

    کھارے پانی میں نمکیات کی شرح زیادہ ہوتی ہے اور یہ پانی ایسے ٹھوس نمکیات سے بھرپور ہوتا ہے جو گھل نہیں سکتے، اسی وجہ سے کھارے پانی سے نہانے سے جسم پر خارش اور خشکی پیدا ہوتی ہے اور بال بھی روکھے اور بے جان ہو کر جھڑنے لگتے ہیں۔

    یہ پانی اتنا زہریلا ہوتا ہے کہ اس سے مل کر اچھے سے اچھا شیمپو بھی اپنا اثر کھو دیتا ہے۔

    اس کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے ایک طریقہ یہ ہے کہ کھارے پانی سے نہانے کے بعد صاف میٹھا پانی بالوں اور جسم پر بہا لیا جائے۔

    علاوہ ازیں ایک بڑا ٹکڑا پھٹکری لیں اور پانی سے بھری ہوئی بالٹی میں کچھ دیر اچھی طرح پھیریں، پھٹکری نمکیات کو پانی سے کاٹ دیتی ہے جس کے بعد وہ بالٹی کی نچلی سطح پر بیٹھ جاتے ہیں اور اوپر والا پانی صاف ہوجاتا ہے۔

    کھارے پانی سے خراب ہوئے بالوں کو ہفتے میں 2 بار بادام یا کھوپرے کے تیل سے مساج کریں اور انڈے اور دہی کا ماسک بھی لگائیں۔

  • بچوں کے بال تیزی سے کیسے بڑھائے جاسکتے ہیں؟

    بچوں کے بال تیزی سے کیسے بڑھائے جاسکتے ہیں؟

    اکثر والدین بچوں کے بالوں کے حوالے سے پریشان رہتے ہیں، خصوصاً بچیوں کے بالوں کے لیے کہ انہیں کیسے بڑھایا جائے، تاہم یہ بات یاد رکھنی ضروری ہے کہ بال بڑھانے کے لیے بچپن ہی سے صحت مند غذا اور بھرپور خیال رکھنا ضروری ہے۔

    بالوں کی نشونما کے لیے سب پہلے بچوں کی غذا کا خیال رکھیں، بال چونکہ کیروٹین سے بنے ہوتے ہیں لہٰذا اسی کی مناسبت سے غذا کا انتخاب کریں۔

    یہاں چھوٹے بچوں کے بال بڑھانے کے لیے کچھ ایسے طریقے بتا ئے جارہے ہیں جن پر عمل کر کے بچوں کے بال بڑھنے کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    نرمی سے برش کریں

    بالوں کو تیزی سے بڑھانے کے لیے بچپن ہی سے خیال رکھنا شروع کریں، اکثر بچے جب چند ماہ کے ہوتے ہیں تو ان کے بال بہت کم ہوتے ہیں جنہیں دیکھ والدین پریشان ہوجاتے ہیں کہ یہ کس طرح بڑھیں گے تو یہ بات جان لیں کہ چھوٹے بچوں کے بال کم ہوتے ہیں۔

    چند ماہ کے بچوں کے بالوں میں نرم برش پھیریں، اس طرح سر میں خون کی روانی بڑھے گی جس سے بالوں کی نشوونما میں اضافہ ہوگا۔

    چھوٹے بچوں کے بالوں میں کنگھی کرنے سے پہلے تیل ضرور لگائیں اور ہلکے ہاتھوں سے مساج بھی کریں۔

    ناریل کا تیل

    ناریل کا تیل ہر عمر کے افراد کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔

    بچوں کے سر میں روز ناریل کا تیل لگائیں، یہ بال بڑھانے کے ساتھ بچوں کے سر کے دیگر مسائل سے بھی نجات دے گا۔

    کوشش کریں روز تیل لگا کر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں، اس طرح بالوں کی مضبوطی کے ساتھ چمک میں بھی اضافہ ہوگا۔

    بالوں کی پونی نہ بنائیں

    بچیوں کے بال بڑے ہوتے ہیں تو مائیں ان کی پونی یا کلپ لگا دیتی ہیں، اس طرح بال کمزور ہونے لگتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹے بچوں کی بالوں کی جڑیں نہایت کمزور ہوتی ہیں، انہیں اس طرح باندھنے سے گریز کریں۔

    شیمپو

    بچوں میں بال بڑھانے کے لیے ان کا صاف ہونا بھی نہایت ضروری ہے، اس کے لیے بے بی شیمپو کی مدد سے بچوں کا سر دھوئیں اور سر کو صاف رکھیں۔

    اگر ڈاکٹر باقاعدگی سے دھونے سے منع کریں تو ان کی ہدایت کے مطابق سر دھلوائیں تاکہ میل اور خشکی جمع نہ ہونے پائے۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا جلد کے ساتھ بالوں کے لیے بھی بہت افادیت رکھتا ہے، ایلو ویرا کاجیل تھوڑا سا ہاتھوں میں لے کر بچوں کے سر پہ مساج کریں، اس سے بال تیزی سے بڑھنے لگیں گے۔

  • موسم سرما میں بالوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    موسم سرما میں بالوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    موسم سرما میں بالوں کا خشک اور خراب ہوجانا عام بات ہے تاہم کچھ طریقوں سے سردیوں میں بھی بالوں کو خوبصورت اور چمکدار رکھا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں بیوٹی ایکسپرٹس نے سردیوں میں بالوں کو صحت مند رکھنے کے طریقے بتائے۔

    کڑی پتہ، بادیان کے پھول، السی کے بیج، ادرک کا تیل اور اسپغول ملا کر پانی میں ابال لیں، یہ جیل سا بن جائے گا، اس میں 1 چمچ گاجر کا پیسٹ ملائیں اور سر میں لگا لیں۔

    2 سے 3 گھنٹے بعد نارمل شیمپو سے دھو لیں۔

    ڈاکٹر بتول نے بتایا کہ رات میں سوتے ہوئے بالوں کو باندھنا انہیں خراب ہونے سے بچاتا ہے، آپ کا تکیہ بھی سلک کا ہونا چاہیئے کیونکہ کاٹن بالوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور بال پھٹنے لگتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ نہانے سے قبل ہلدی، شہد اور کالی مرچ کا آمیزہ بنائیں اور بالوں پر لگائیں۔ یہ تمام اشیا بالوں کو نمی فراہم کریں گی اور انہیں نرم و ملائم بنائیں گی۔

  • بے رونق اور جھڑتے بالوں کے لیے کون سی ٹریٹمنٹ کروائی جاسکتی ہے؟

    بے رونق اور جھڑتے بالوں کے لیے کون سی ٹریٹمنٹ کروائی جاسکتی ہے؟

    کراچی: بالوں کی اگر حفاظت نہ جائے تو وہ جلد بے رونق ہوجاتے ہیں اور جھڑنے لگتے ہیں تاہم مختلف ٹریٹمنٹس کے ذریعے ان کا علاج کیا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر شائستہ لودھی نے شرکت کی۔

    ڈاکٹر شائستہ نے بالوں کے مختلف مسائل اور ان کے علاج کے لیے مختلف ٹریٹمنٹس کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے ایک ٹریٹمنٹ بھی کر کے بتائی جس میں بالوں کے جھڑنے اور کم ہوجانے کا علاج کیا گیا۔ مائیکرو نیڈلنگ نامی اس ٹریٹمنٹ کے ذریعے بالوں کو ملٹی وٹامن فراہم کیے جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر شائستہ نے بتایا کہ ایک ٹریٹمنٹ میں مریض کے جسم کا ہی خون لے کر اسے ایکوپمنٹ کے ذریعے بالوں کی جڑوں تک پہنچایا جاتا ہے جس سے بالوں میں رونق آجاتی ہے۔

    بالوں کے لیے مزید ٹریٹ منٹس کے بارے میں ڈاکٹر شائستہ کی زبانی جانیئے۔

  • جانوروں کے بال چرا کر اپنا گھونسلہ بنانے والا پرندہ

    جانوروں کے بال چرا کر اپنا گھونسلہ بنانے والا پرندہ

    مختلف جانوروں اور پرندوں کی بعض عادات نہایت عجیب ہوتی ہیں جو وہ اپنی بقا کے لیے اختیار کرتے ہیں تاہم حال ہی میں دریافت ہونے والے ایک پرندے کی نہایت انوکھی حرکت سامنے آئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یونیورسٹی آف الی نوائے کے سائنس دانوں نے ایک عجیب و غریب پرندہ دریافت کیا ہے جو ممالیوں کے بال نوچنے میں اپنا جواب نہیں رکھتا۔

    یہ سیاہ سینے والا ٹٹ ماؤس پرندہ ہے جو دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتا ہے لیکن اس کی بھولی صورت پر نہ جائیں کیونکہ یہ دیگر بال والے جانوروں سے بغض رکھتا ہے اور ان کے بال نوچنے میں بہت تیز ہے۔ سائنس دانوں نے یوٹیوب پر موجود درجنوں ویڈیو دیکھنے کے بعد اس پرندے پر تحقیق شروع کی۔

    یہ تحقیق ایکولوجی نامی جرنل میں شائع ہوئی ہے اور اس پرندے کو کلیپٹو ٹرائیکی کا عادی بتایا ہے۔ اس لفظ کا مطلب ہے بال چرانا جو قدیم یونانی زبان کا ایک لفظ ہے اور ان کی دیو مالائی کہانیوں میں دوسرے کے بال چوری کرنے والے کئی کردار ملتے ہیں۔

    اس پرندے کو انسانوں، گائے، بکری، گلہری، کتوں، بلیوں اور خار پشت جیسی مخلوق کے بال توڑتے اور چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ یہ پرندے ان بالوں سے اپنا گھونسلہ بناتے ہیں۔

    اربانا شیمپین میں الی نوائے یونیورسٹی سے وابستہ ارتقا اور جانوروں کے رویے کے ماہر پروفیسر مارک ہوبر کہتے ہیں کہ اگرچہ گھونسلے بنانے کے رجحان پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن دنیا کے معتدل علاقوں میں پرندوں کی جانب سے دوسرے جانوروں کے بالوں سے گھونسلہ سازی کے عام واقعات دیکھے گئے ہیں۔

    اس کی وجہ یہ ہے پرندے اپنے انڈوں کو گرم رکھنے کے لیے دوسرے جانوروں کے بالوں کو نوچتے اور چراتے ہیں، بالخصوص سردیوں میں یہ رجحان عام ہوجاتا ہے۔

  • گرتے بالوں کو روکنا نہایت آسان

    گرتے بالوں کو روکنا نہایت آسان

    بالوں کا گرنا آج کل ایک عام مسئلہ بن چکا ہے جس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں، بالوں کا گرنا روکنے کے لیے ڈاکٹرز کی مہنگی دوائیں کھانے کے بجائے گھر میں ہی اس مسئلے کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں رانی آپا نے بال گرنے کا آسان علاج بتایا۔

    ایلو ویرا جیل میں میتھی دانہ، دار چینی اور کمیلا بوٹی (تمام اشیا کا پاؤڈر) ایک ایک چائے کا چمچ ملا لیں، ان سب اشیا کو پیاز کے عرق میں مکس کریں۔

    اب تل کا تیل یا سرسوں کا تیل 1 سے 2 چمچ فرائی پین میں ڈالیں اور یہ آمیزہ اس میں ڈال کر ہلکا سا گرم کرلیں۔

    اب اسے سر پر لگائیں، پہلے بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح سے لگا کر مساج کریں، اس کے بعد سروں پر لگا کر 2 گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد صاف پانی سے دھو لیں۔

  • بارش کا پانی آپ کے بالوں کے لیے فائدہ مند

    بارش کا پانی آپ کے بالوں کے لیے فائدہ مند

    خوبصورت اور چمکدار زلفیں ہر انسان کو پسند ہوتی ہیں خصوصاً خواتین اپنے بالوں کو چمکدار اور صحت مند بنانے کے لیے ہر طرح کے جتن اور ٹوٹکے کرتی ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں بارش کا پانی ان تمام ٹوٹکوں پر حاوی ہے؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش میں نہانے سے ہمارے بال چمکدار اور نرم و ملائم ہوجاتے ہیں، اس کے لیے صرف بارش میں نہانا ہی ضروری نہیں بلکہ آپ بارش کے پانی کو محفوظ کر کے بعد میں بھی اس سے نہا سکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کا پانی عام پانی سے مختلف ہوتا ہے، بارش کے پانی کو سافٹ واٹر جبکہ عام پانی کو ہارڈ واٹر کہا جاتا ہے کیوں کے بارش کا پانی نمک اور دیگر معدنیات سے پاک و صاف ہوتا ہے۔

    گو کہ اس پانی میں بھی کچھ کیمیکلز موجود ہوسکتے ہیں تاہم ان کی مقدار اور شدت عام پانی سے کم ہوتی ہے۔

    البتہ اگر آپ بارش کے پانی کو اپنے بالوں کے لیے آزمانا چاہتے ہیں تو خیال رکھیں کہ پہلی بارش میں نہانے سے گریز کریں۔ پہلی بارش فضا میں موجود زہریلی اور مضر گیسوں اور اجزا کو ساتھ لے کر آتی ہے۔

    پہلی بارش کے بعد فضا صاف اور نکھر جاتی ہے جس کے بعد ہونے والی بارشوں کا پانی صاف ہوتا ہے اور یہی پانی آپ کے بالوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہوتا ہے۔