Tag: Hair Care

  • سردیوں میں بالوں کو ٹوٹنے سے بچانے کے طریقے

    سردیوں میں بالوں کو ٹوٹنے سے بچانے کے طریقے

    سرد موسم میں جلد اور بال اپنی قدرتی شادابی کھونے لگتے ہیں اور اضافی توجہ مانگتے ہیں، لہٰذا اس موسم میں جلد اور بالوں کا زیادہ خیال رکھنا چاہیئے۔

    اس موسم میں بالوں میں خشکی ہونے لگتی ہے اور اس وجہ سے بال جھڑنے بھی لگتے ہیں۔

    کچھ طریقے ہیں جنہیں اپنا کر بالوں کی حفاظت کی جاسکتی ہے اور ان کے ٹوٹنے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    کیفین کا استعمال کم سے کم کریں

    سردیوں میں پانی کا استعمال کم اور گرم رہنے کے لیے کیفین زیادہ استعمال ہونے لگتی ہے جس کی وجہ سے بالوں اور سر کی جلد میں خشکی بڑھ جاتی ہے۔

    کوشش کریں کہ چائے کافی کا استعمال بہت کم کیا جائے اور اس کے بجائے سادہ پانی اور موسمی سبزیاں اور پھلوں کا استعمال کیا جائے۔

    تیل لگائیں

    بالوں میں خشکی نہ پیدا ہونے دیں، اس کے لیے سرسوں یا ناریل کا تیل رات میں لگایا جائے اور صبح سر دھولیں اور اس کے بعد کنڈیشنر کا استعمال بھی لازمی کریں۔

    تیل اور پانی کا اسپرے

    کیسٹر آئل اور کوکونٹ آئل کو تھوڑا تھوڑا لے کر اسپرے بوتل میں ڈالیں اور پھر پانی بھر کر ہلائیں، نہانے کے بعد بالوں میں اسپرے کرلیں تو بال ٹوٹیں گے نہیں، مکمل خشک نہیں ہوں گے اور چمکدار بھی ہوجائیں گے۔

    زیتون کا تیل اور انڈا

    ہفتے میں کم سے کم ایک بار انڈا اور زیتون کا تیل ملا کر سر میں لگائیں اور ایک گھنٹے بعد سر دھوئیں، اس سے بالوں میں پروٹین کی کمی نہیں ہوگی۔

    گرم پانی کم استعمال کریں

    کوشش کریں کہ سر سادے پانی سے دھوئیں، اگر سردی بہت زیادہ ہو تو بھی سر دھوتے ہوئے تیز گرم پانی کے بجائے نیم گرم پانی استعمال کریں۔

  • بالوں کی نگہداشت گرمیوں میں بھی آسان

    بالوں کی نگہداشت گرمیوں میں بھی آسان

    بال آپ کی شخصیت کو خوبصورتی عطا کرنے والا اہم جز ہیں۔ خوبصورت بال کسی کی مجموعی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں، اسی طرح روکھے اور بے جان بال پوری شخصیت کا تاثر خراب کرسکتے ہیں۔

    موسم گرما میں خصوصاً بالوں کی حفاظت و نگہداشت کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے جب تیز دھوپ اور گرد و غبار بالوں کو نقصان پہنچانے لگتا ہے۔ لیکن گرمیوں میں بالوں کا خیال رکھنا کچھ زیادہ مشکل بھی نہیں۔

    یہاں ہم آپ کو بالوں کی حفاظت کے ایسے ہی کچھ آسان طریقے بتا رہے ہیں جو موسم گرما میں بھی آپ کے بالوں کو دلکش اور خوبصورت بنا سکتے ہیں۔

    شیمپو کا کم استعمال

    سر کی جلد سے قدرتی طور پر خارج ہونے والی چکنائی بالوں کو دھوپ سے حفاظت فراہم کرتی ہے۔ اگر آپ انہیں روز دھوئیں گے تو ان کی یہ حفاظتی تہہ ختم ہوجائے گی جس کے بعد آپ کے بال دھوپ کی براہ راست زد میں آجائیں گے۔ لہٰذا روزانہ شیمپو کے استعمال سے گریز کریں۔

    البتہ اگر آپ نے سارا دن دھوپ میں گزارا ہے تو دن کے اختتام پر بالوں کو ضرور دھوئیں کیونکہ دھوپ میں سارا تیل خشک ہوچکا ہوگا اور بال نہایت روکھے ہوجائیں گے۔

    بالوں کو ڈھانپیں

    تیز دھوپ میں نکلنے سے پہلے بالوں کو ڈھانپ لینا بہتر ہے۔ اس سے سورج کی تیز شعاعوں اور گرد و غبار سے حفاظت ہوسکتی ہے۔ ڈوپٹے، خوبصورت اسکارف، پی کیپ، یا ہیٹ سے سر کو ڈھانپا جا سکتا ہے۔

    بالوں کو نم رکھیں

    بالوں کو موائسچرائز کرنا بہت ضروری ہے۔ اس کے لیے کسی اچھی قابل اعتماد کمپنی کا موئسچرائزر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    اس ضمن میں بالوں پر تیل لگانا بھی مؤثر ہے لیکن اسے ایک دن سے زیادہ بالوں میں نہ لگا رہنے دیا جائے۔ علاوہ ازیں نہانے کے بعد ایلو ویرا لگا کر سادے پانی سے بالوں کو دھو لینا بھی بالوں کو نم اور صحت مند رکھتا ہے۔

    بلو ڈرائی سے بچیں

    گرمیوں میں ہیئر اسٹائلنگ کے لیے بلو ڈرائنگ نہایت نقصان دہ عمل ہے۔

    گرمیوں میں خشک ہوا اور تیز دھوپ کی وجہ سے بال ویسے ہی خشک ہوجاتے ہیں، مزید بلو ڈرائی کرنا انہیں بہت نازک بنا دیتا ہے جس کے بعد یہ سورج کی تیز شعاعوں سے محفوظ نہیں رہ سکتے اور کمزور ہو کر گرنے لگتے ہیں۔

    کلورین سے حفاظت

    تیراکی کرتے ہوئے سوئمنگ پولز میں ڈالے جانے والے کلورین سے حد درجہ محتاط رہیں۔ یہ بالوں کے لیے زہر قاتل کی حیثیت رکھتا ہے۔ سوئمنگ کرتے ہوئے لازمی طور پر شاور کیپ یا سوئمنگ کیپ کا استعمال کریں۔

    مساج

    سر کی جلد کا مساج دوران خون کو تیز کرتا ہے جس سے بالوں میں چمک پیدا ہوتی ہے۔ سر میں تیل لگا کر مساج کرنے سے تیل بالوں کے تمام حصوں تک پہنچتا ہے جو بالوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

    متوازن غذا کا استعمال

    بالوں کو صرف بیرونی طور پر نگہداشت کی ضرورت نہیں بلکہ اندرونی طور پر بھی حفاظت کی ضرورت ہے۔ بالوں کو جاندار بنانے کے لیے متوازن غذا کا استعمال ضروری ہے۔

    دلیہ، دہی، انڈے، مچھلی اور بادام وغیرہ بالوں کے لیے بہترین غذائیں ہیں۔ اس کے برعکس جنک فوڈ اور سوڈا مشروبات جسمانی طور پر اور بالوں کے لیے یکساں نقصان دہ ہیں۔

    اس کے علاوہ ذہنی تناؤ سے گریز اور بھرپور نیند بھی بالوں کی صحت کے لیے ضروری ہے۔