Tag: hajj-2018

  • لاکھوں عازمین حج رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ پہنچ گئے

    لاکھوں عازمین حج رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ پہنچ گئے

    مکہ المکرمہ : لاکھوں عازمین حج رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ پہنچ گئے،  نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے، قربانی کے بعد پہلے دن شیطانوں کو کنکریاںماری جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اکھوں عازمین حج رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ پہنچ گئے، نماز مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کرنے کے بعد عبادات میں مصروف ہیں۔

    عازمین حج آج رات مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے گزاریں گے، نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے، قربانی کے بعد پہلے دن شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔

    اس سے قبل خطیب حج نے مسجد نمرہ میں خطبہ دیا، خطبہ حج میں ڈاکٹرشیخ حسین کا کہنا تھا توحید اور رسالت کے بعد نماز اسلام کا سب سے بڑا رکن ہے، نماز قائم کرنا تقویٰ ہے، امت مسلمہ اخلاقیات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھے، نبی کریم نے بتایا بہترین شخص وہ ہے جس کے اخلاق اچھے ہوں۔

    ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز آل الشیخ کا کہنا تھا، اسلام ہمیں حکم دیتا ہے کسی پرظلم نہ کریں، والدین کی عزت کریں ،بچوں سے شفقت سے پیش آئیں۔ اسلام بے حیائی سے روکتاہے۔

    مزید پڑھیں: آج وہ مبارک دن ہے، جب اللہ نےدین اسلام کومکمل کیا: خطبۂ حج

    خطیب حج کا کہنا تھا اللہ نے دھوکے سے منع فرمایا اور ناپ تول درست کرنے کا حکم دیا، امانت میں خیانت نہ کرنے کا حکم فرمایا۔ اللہ توبہ کرنے والوں کے گناہ ثواب میں بدل دیتا ہے۔

    مزید پڑھیں: مکۃالمکرمہ میں غلاف کعبہ تبدیل

    نیکی کا حکم دیں اور برائی سے روکیں اسی لیے ہمیں بہترین امت کہا گیا کہ اللہ کے حکم اور نبی کریم کی ہدایت پر عمل میں ہماری کامیابی ہے، خطبہ حج میں امت مسلمہ کے لیےخصوصی دعا بھی کی گئی۔

  • مکۃالمکرمہ میں غلاف کعبہ تبدیل

    مکۃالمکرمہ میں غلاف کعبہ تبدیل

    ریاض : حرم شریف میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب میں پُرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تندیلی کی روح پرور تقریب کا آغاز نماز فجر کے فوراً بعد ہوا تھا اور پرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کردیا گیا۔ تقریب میں گورنر مکہ سمیت ممتاز شخصیات شریک ہیں۔

    غلاف کعبہ خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے جس میں 670 کلو ریشم استعمال ہوا ہے اور اس کی تیاری میں 20 لاکھ ریال لاگت آئی ہے، نئے غلاف کو حرم میں لانے کے اہتمام میں کسوہ فیکٹری کے اہلکار پیش پیش تھے۔

    نئے غلافِ کعبہ کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100 چاندی استعمال ہوا ہے اور اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔

    نئے غلافِ کعبہ کی تیاری کے لیے 200 افراد بیک وقت کام کرتے ہیں۔

    غلاف کعبہ ہرسال 9 ذوالحج کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ کعبہ کو غسل ہر سال دو مرتبہ شعبان اور ذوالحجہ کے مہینوں میں دیا جاتا ہے۔

    اتارے جانے والے غلافِ کعبہ کسوہ کو ٹکڑوں کی شکل میں بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگر معززین کو بطور تحفہ پیش کردیا جاتا ہے۔

  • حج 2018: جنگ سے متاثرشامی بھائیوں کی 7 برس بعد اچانک ملاقات، رقت آمیز مناظر

    حج 2018: جنگ سے متاثرشامی بھائیوں کی 7 برس بعد اچانک ملاقات، رقت آمیز مناظر

    ریاض: شام جنگ سے متاثر ہوکر 7 برس قبل بچھڑنے والے بھائیوں کی سعودی عرب میں اچانک ملاقات ہوئی جس کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، دونوں بھائی حج ادا کرنے پہنچے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے لاکھوں فرزندان اسلام حج کی ادئیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ اسلام کا بنیادی رکن ادا کریں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق اب تک دنیا کے مختلف ممالک سے 20 لاکھ کے قریب عازمین حج سعودی عرب پہنچے۔

    شام جنگ سے متاثر ہوکر 7 برس قبل بچھڑنے والے دو سگے بھائی بھی فریضہ مقدس ادا کرنے کے لیے ایک روز قبل ریاض پہنچے جہاں اُن کی اچانک ملاقات ہوئی۔

    مزید پڑھیں: غلاف کعبہ تیار، 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جائے گا

    دونوں بھائیوں کی 7 سال بعد اچانک ملاقات پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، اس موقع پر ایئرپورٹ پر موجود شہری نے جذباتی ملاقات کی ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی بھائیوں نے ایک دوسرے کو دیکھا تو وہ گلے لگے اور زاروقطار رونے لگے جبکہ اُن کی بیگمات بھی ایک دوسرے سے مل کر جذباتی ہوگئیں، اسی دوران انہیں دیکھنے والے بھی اپنے اشکوں کو نہ روک سکے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب پہنچنے والے لاکھوں فرزندان اسلام حج کا رکن اعظم پیر 20 اگست کو ادا کریں گے اور اگلے روز یعنی  21 اگست کو وہ قربانی کرکے سر منڈوائیں گے اور پھر احرام بھی اتار سکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر حسین بن عبدالعزیزآل الشیخ خطبۂ حج دیں گے

    دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ نے ہرسال کی طرح امسال بھی خانہ کعبہ کے لیے نیا غلاف تیار کرلیا جو  9 ذی الحج بروز پیر کو اسے تبدیل کیا جائے گا۔

  • حج آپریشن، 68 ہزار عازمین پی آئی اے کے ذریعے سعودی عرب پہنچ گئے

    حج آپریشن، 68 ہزار عازمین پی آئی اے کے ذریعے سعودی عرب پہنچ گئے

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) نے حج آپریشن کے تحت 225 پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد عازمین کو سعودی عرب پہنچا دیا۔

    ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی آئی اے نے قبل ازحج آپریشن95فیصد مکمل کرلیا، قومی ایئر لائن نے کراچی سے فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے 21 ہزار 400 عازمین کو 71 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا۔

    اعلامیے کے مطابق اسلام آباد سے50پروازوں میں5148عازمین جبکہ لاہور سے 43پروازوں کے ذریعے 13960 عازمین کو سعودی عرب پہنچایاگیا، اسی طرح ملتان سے 19 پروازوں کے ذریعے 4 ہزار 571 فیصل آباد اور سیالکوٹ سے 1ہزار 178 عازمین کو سعودی عرب پہنچایا گیا۔

    قومی ایئر لائن نے پشاور سے 24پروازوں سے8418عازمین کو حجاج مقدس پہنچایا جبکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کو کراچی اور دیگر شہروں سے سعودی عرب پہنچایا گیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پاکستانی حجاج کرام کی واپسی کا عمل 27 اگست سے شروع ہوگا جو 25 ستمبر تک جاری رہے گا جس کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے، پہلی پرواز  سے آنے عازمین کا استقبال قومی ایئر لائن کے حکام کریں گے۔

    دوسری جانب نجی ایئرلائنوں کے ذریعے 8 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچے۔

    واضح رہے کہ رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار سرکاری اسکیم جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی اسکیم کے تحت فریضہ مقدسہ ادا کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے رواں سال بھی حج آپریشن کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے گئے تھے، قومی ایئرلائن نے بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کیں۔

    عازمین حج کی سعودی عرب روانگی 14 جولائی سے شروع ہوئی جو 15 اگست تک جاری رہی جبکہ فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے آپریشن 27 اگست سے شروع ہوگا۔

  • سعودی عرب: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عید قرباں 21 اگست کو ہوگی

    سعودی عرب: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عید قرباں 21 اگست کو ہوگی

    ریاض: سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک سمیت میں ذو الحج 1439 ہجری کا چاند نظر آگیا جس کے بعد حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 20 اگست  کو جبکہ عید قرباں 21 اگست کو  منائی جائے گی۔

    عرب میڈیا کے میڈیا کے مطابق ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے سعودی سپریم کونسل کا اجلاس ہوا جس نے اب سے کچھ دیر قبل رویت کا اعلان کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق کل یعنی 12 اگست کو یکم ذوالحج ہوگی اورفرزندان اسلام حج کا رکن اعظم پیر 20 اگست کو ادا کریں گے جبکہ عید قرباں کا پہلا روز  21 اگست کو ہوگا۔

    دریں اثناء سعودی سپریم کونسل نے شہریوں سے چاند دیکھنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد عوام کی جانب سے شہادتیں موصول ہوئیں تو سرکاری سطح پر اعلان کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں‌ کا اعلان کردیا گیا

    علاوہ ازیں خلیجی ممالک، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی چاند ذوالحج نظر آگیا ہے۔

    دوسری جانب ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی، یونان سمیت مختلف ممالک کی حکومتوں نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد وہاں یکم ذوالحجۃ 13 اگست بروز پیر اور عید الضحیٰ 22 اگست کو منائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سعودی حکومت نے حج اور عید قرباں کے پیش نظر 11 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان پہلے ہی کررکھا ہے جبکہ دبئی حکومت نے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کو 5 روز کی چھٹیاں دینے کی منظوری دی ہے۔

  • حج 2018:‌ ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

    حج 2018:‌ ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

    اسلام آباد: وفاقی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 35 ہزار 834 عازمین مناسک حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جن میں سے اب تک 13 کی اموات ہوچکیں۔

    ترجمان وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 93 ہزار 613 عازمین حج مکہ المکرمۃ جبکہ پرائیوٹ کوٹے سے 42 ہزار 221 فرزندانِ توحید سعودی عرب پہنچے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  سعودی عرب میں پاکستانیوں کی خدمت کے لیے تعینات عملہ اُن کو ہر قسم کی مدد فراہم کررہا ہے ، اب تک 1597 عازمین کا گمشدہ سامان تلاش کر کے اُن کے حوالے کیا گیا جبکہ 212 راستہ بھولنے والے لوگوں کو اُن کی رہائش گاہ تک پہنچایا۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    ترجمان کے مطابق 551 ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف عازمین کی طبی سہولتوں کے لیے 24 گھنٹے ڈیوٹیاں انجام دے رہاہے جبکہ پاکستان حج میڈیکل مشن سے اب تک 62 ہزار 2سو 99 لوگوں سے استفادہ کیا۔

    وفاقی مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پہنچنے والے ایک لاکھ35 ہزار 834 عازمین سے اب تک 13 افراد کا انتقال ہوچکا جن میں سے 12 کی طبعی اور 1 کی ٹریفک حادثے میں موت واقع ہوئی‘۔

    ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستانی عملے کی جانب سے اب تک 725 عازمین کو وہیل چیئرز جاری کی گئیں تاکہ وہ آرام و سکون کے ساتھ عبادات کرسکیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفیرکا ’حج مشن‘ کے انتظامات پراظہارِاطمینان

    واضح رہے کہ رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار سرکاری اسکیم جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے رواں سال بھی حج آپریشن کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، قومی ایئرلائن کے حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔

    عازمین حج کی سعودی عرب روانگی 14 جولائی سے شروع ہوئی جو 15 اگست تک جاری رہے گی جبکہ فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے آپریشن 27 اگست سے شروع ہوگا۔

  • پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    ریاض : پاکستانی نوجوانوں نے حج مناسک کی ادائیگی کے دوران لاکھوں انسانوں کے سمندر میں لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی۔ جس کی مدد سے بچھڑجانے والے شخص کا فوری طور پر پتہ لگایا جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس مقصد کے لیے سعودی عرب نے اپنے تمام تر وسائل حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے لیے وقف کردیے ہیں تاکہ وہ اپنے فرائض باآسانی ادا کرسکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ریاست سمیت دنیا بھر سے سافٹ ویئر کے ماہرین کو سعودیہ بلوایا تھا تاکہ ایسی اپلیکیشنز بنوائی جاسکیں جو حج کی ادائیگی کے دوران عازمین کو پیش آنے والی مشکلات سے بچا سکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودیہ جانے والے سافٹ ویئرز ماہرین میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جنہوں نے دو ایشیائی طالب علموں کے ساتھ مل کر ایک ایسی ایپلی کیشن بنائی ہے جو دوران حج انسانوں کے سمندر میں لاپتہ ہونے والے عازمین حج کا پتہ لگائے گی۔

    پاکستانی ماہرین سافٹ ویئرز کے مطابق مذکورہ ایپلیکیشن بلوتوتھ رسٹ بینڈ کے ذریعے کام کرے گی جو عازمین حج اپنے ہاتھوں میں گھڑیوں کی طرح پہنیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی خواتین کے ایک گروپ نے ایسا آلہ تیار کیا ہے جس کی مدد نے عجم عازمین حج عربی زبان کو باآسانی سمجھ سکیں گے۔

    سعودی، یمنی اور ایریٹیریا کی 5 خواتین پر مشتمل ایک گروپ نے باہمی طور پر میڈیکل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایپلی کیشن تیار کی ہے جو جیو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے متاثرہ کو فوری تلاش کرے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے 4 سعودی نوجوانوں نے کچرے کے ڈبوں پر لگانے کے لیے سنسر بنایا ہے جس کی مدد نے حکام کو ڈسٹ بن کے بھرجانے کا فوری علم ہوجائے گا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے دنیا بھر سے 3 ہزار ماہرین سافٹ ویئرز کو متعدد ایپلی کیشز کی تیاری کے لیے مدعو کیا گیا تھا، بہترین ایپلیکیشن بنانے والے کو تقریب کے اختتام پر 20 لاکھ سعودی ریال انعام میں دیئے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2015 میں حج مناسک کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2300 سے زائد عازمین حج جبکہ مکۃ المکرمہ میں کرین گرنے سے 100 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور  بھگڈر کے دوران بچھڑنے والے افراد کا کچھ پتہ نہیں لگا تھا۔ جس کے بعد سعودی حکام کو شدید تنقید نشانہ گیا تھا۔

  • حج 2018: سرکاری قرعہ اندازی، 17921 عازمین کے ناموں کا اعلان

    حج 2018: سرکاری قرعہ اندازی، 17921 عازمین کے ناموں کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے سرکاری حج اسکیم کے دوسرے مرحلے کی قرعہ اندازی میں 17921 خوش نصیب عازمین کے ناموں کا اعلان کردیا جو رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے ، اسکیم کے تحت 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو قرعہ اندازی سے مستشنیٰ قرار دے کر کامیاب قرار دیا گیا۔

    وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق تین سال یا زائد بار  حج درخواستیں دینے والے 12237 افراد کو اس بار بغیر قرعہ اندازی کے حج پر بھیجا جارہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ 80 سال سے زائد عمر والے 4928 زائرین کو بمع معاون بھی سرکاری کوٹے پر بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا گیا ایسے معمر افراد بھی رواں سال حج پر جاسکیں گے جبکہ اگر 7 فیصد کوٹے کا عدالتی فیصلہ وزارت کے حق میں آیا تو 17562 درخواستوں کی قرعہ اندازی بھی کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، حج پالیسی میں بہتر سہولیات کی ہدایت

    سردار یوسف کا کہنا تھا کہ 10 فیصد سرکاری اسکیم میں قرعہ اندازی کے بعد ناکام رہنے والے افراد بینکوں سے رقم واپس لے سکتے ہیں اور جو لوگ رقوم واپس نہیں لیں گے انہیں اگلی بار 7 فیصد کی قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔

    وفاقی مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیم کے تحت 10 فیصد عازمین حجازِ مقدسہ جائیں گے جبکہ ڈالر ریٹ کی قدر میں ہونے والے اضافے کی 4 ارب سے زائد رقم حکومت حاجیوں کو خود سے ادا کرے گی۔

    عازمین کی فنگر پرنٹس لینے کی پالیسی کے حوالے سے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ایسا کوئی حکم وزارت کو موصول نہیں ہوا، وزارتِ خارجہ نے فنگر پرنٹس کے استشنیٰ کی درخواست بھی سعودی حکام کے حوالے کردی اُس کا بھی تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں: حج 2018: سرکاری کوٹے کی پہلی قرعہ اندازی، 87 ہزار خوش نصیب عازمین

    خوش نصیب افراد کو بذریعہ موبائل میسج آگاہ کیا جائے گا جبکہ مذہبی امور کی ویب سائٹ http://www.hajjinfo.org پر بھی نتائج دیکھے جاسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔