Tag: Hajj 2020

  • حج 2020، وقوفِ عرفہ کی تصویری جھلکیاں

    حج 2020، وقوفِ عرفہ کی تصویری جھلکیاں

    ریاض: فریضہ مقدسہ ادا کرنے والے عازمین نے آج حج کا رکن اعظم ادا کیا اور عرفات کے میدان میں حج کا خطبہ سنا۔ کرونا وبا کے پیش نظر عازمین نے اس دوران سماجی فاصلے کی احتیاطی تدبیر پر سختی سے عمل کیا۔

    اسلام کا پانچواں فرض ادا کرنے والے خوش نصیب عازمین  گزشتہ روز یعنی 8 ذوالحجۃ کو منیٰ میں قیام کیا اور رب کی تعریف و تسبیح بیان کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کی، عازمین نے 8 ذوالحجۃ کی نمازِ ظہر ، عصر اور مغرب پھر 9 ذوالحجۃ شروع ہونے کے بعد عشاء اور فجر کی نماز منیٰ میں ہی ادا کی اور احکاماتِ شریعہ کے مطابق رات وہیں گزاری۔

    فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد عازمین تلبیہ (لَبَّیک، اَللّٰهمَّ لَبَّیک، لَبَّیکَ لَا شَرِیکَ لَکَ لَبَّیک، اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْم لَکَ وَالْمُلْک لَاشَرِيکَ لَک) باآواز بلند پڑھتے وقوفِ عرفہ کے لیے میدان عرفات پہنچے۔

    عرفات پہنچنے کے بعد عازمین نے خطبہ حج سُنا اور ظہر عصر کی نمازیں ادا کیں، بعد ازاں غروبِ آفتاب تک قبلۂ رخ کھڑے ہوکر خوب دعائیں کیں۔

    مزید پڑھیں: اللہ پاک انسانوں کو وباؤں اورآفات سے دور رکھے، خطبہ حج

    غروبِ آفتاب کے بعد عازمین تلبیہ پڑھتے ہوئے عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوئے اور اب سے کچھ دیر قبل وہاں پہنچ کر مغرب و عشاء کی نمازیں ایک اذان و اقامت کے ساتھ عشاء کے وقت ادا کیں۔

    عازمین آج یعنی 9 اور 10 ذوالحجۃ کی رات  مزدلفہ میں گزاریں گے اور فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد دعائیں کر کے منیٰ کے لیے روانہ ہوجائیں گے، جہاں وہ بڑے یعنی آخری جمرات (شیطان) کو کنکریاں ماریں گے۔

    بعد ازاں قربانی کر کے  بال منڈوائیں گے اور احرام اتار دیں گے اور پھر طوافِ زیارت (حج کا طواف یا سعی) کا رکن ادا کریں گے۔

    گیارہوں اور 12 ویں ذوالحجۃ کو عازمین منی میں قیام کریں گے اور زوال کے بعد جمرات کو 7، 7 کنکریاں ماریں گے،  جمرات کو کنکریاں مارنے کے بعد عازم کو منیٰ چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔

    تیرہوں ذوالحجۃ کو اگر کوئی عازم منیٰ سے روانہ نہیں ہوسکا تو اُس کو حکم ہے کہ وہ زوال کے بعد تینوں جمرات کو کنکریاں مارے۔

    خیال رہے سعودی عرب نے کرونا کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا ہے۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادا کرنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔

    عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں، منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچایا گیا، جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم رہے۔

    حج کے رکن شروع ہونے سے قبل تمام عازمین کا کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ بھی کیا گیا، محکمہ صحت نے تصدیق کی کہ کسی بھی حاجی کو کرونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔

  • حج کا خطبہ دینے کا اعزاز کس کے حصے میں آیا؟ نام کا اعلان ہوگیا

    حج کا خطبہ دینے کا اعزاز کس کے حصے میں آیا؟ نام کا اعلان ہوگیا

    ریاض: سعودی عرب کے فرمانروا اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رواں سال خطبہ حج کے لیے علامہ عبداللہ بن سلیمان کے نام کی منظوری دے دی۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی صدارتی کمیٹی نے خطبہ حج کے لیے چند علمائے کرام کے نام خادم الحرمین شریفین کو ارسال کیے تھے۔

    صدارتی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ سلمان نے رواں سال میدان عرفات سے حج کا خطبہ دینے کے لیے شیخ عبداللہ المنیع کے نام کی منظوری دی۔

    مزید پڑھیں: مناسک حج کی ادائیگی آج سے شروع ہورہی ہے

    یاد رہے کہ دنیا بھر کے مسلمان حج کا خطبہ مذہبی عقیدت اور احترام سے سنتے ہیں، سعودی حکومت نے رواں سال خطبہ حج کو اردو سمیت دس زبانوں میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    شیخ عبداللہ المنیع کون ہیں؟

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق  شیخ عبداللہ المنیع سعودی عرب کے ممتاز علما بورڈ کے رکن اور ایوان شاہی کے مشیر ہیں۔  انہوں نے ابتدائی تعلیم شقرا کے پرائمری اسکول سے حاصل کی جس کے بعد  تجارت سے منسلک ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: خطبۂ حج، اردو سمیت 10 زبانوں میں نشر کیا جائے گا، سعودی حکومت کا اعلان

    بعد ازاں شیخ عبداللہ نے   شقرا کے پرائمری سکول میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیے۔ 1377ھ میں امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا، وہ متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔ عبداللہ بن سلیمان المنیع الوشم کے شقرا علاقے میں 1349ھ کو مطابق 6 دسمبر 1930 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کی عمر 89 برس ہے۔

    خیال رہے سعودی عرب نے کورونا کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا ہے۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: حج 2020: صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات

    اسے بھی پڑھیں: حجاج کے درمیان سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات

    عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں، منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے، جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم ہیں۔

  • حج ایام میں‌ غیرملکی یہ غلطی نہ کریں‌ ورنہ ڈی پورٹ‌ ہوں‌ گے، سعودی حکومت کی وارننگ

    حج ایام میں‌ غیرملکی یہ غلطی نہ کریں‌ ورنہ ڈی پورٹ‌ ہوں‌ گے، سعودی حکومت کی وارننگ

    ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ حج کے مقامات پر بغیر اجازت جانے والے تارکین وطن کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ امن عامہ نے مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو بغیر اجازت حج مقامات پر جانے کے سنگین نتائج سے خبردار کردیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو غیرملکی حج ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا اسے کڑی سزا دی جائے گی، حج اجازت نامے کے بغیر منٰی، مزدلفہ، عرفات یا مکہ جانے پر غیر ملکی کارکن کو سعودی عرب سے بے دخل کردیا جائے گا۔

    اعلامیے کے مطابق ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو ڈی پورٹ کرنے کے ساتھ خاص مدت کے لیے بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا، جس کے بعد وہ کسی بھی ویزے پر سعودی عرب نہیں آسکے گا‘۔

    مزید پڑھیں: خطبۂ حج، اردو سمیت 10 زبانوں میں نشر کیا جائے گا، سعودی حکومت کا اعلان

    حج کو محدود کرنے یا مقامات پر غیر متعلقہ افراد کی پابندی کا مقصد بین الاقوامی برادری کو بھی کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچانا ہے۔  یاد رہے کہ ہفتے کو بغیراجازت حج مقامات پر جانے والے 16 تارکین پر جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

    ترجمان امن عامہ کے مطابق تارکین وطن کو پہلے ہی متنبہ کیا جاچکا ہے کہ وہ اجازت نامے کے بغیر حج کے کسی بھی مقام پر نہ جائیں، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 16 تارکین پر فی کس دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ حج مقامات پر داخلے کی پابندی کا نفاذ گزشہ ماہ ذوالقعدہ کی 28 تاریخ سے کیا گیا ہے جو 12 ذوالحجۃ تک نافذ العمل ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب نے  کرونا کی وبا کے پیش نظر  محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں۔ منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے۔ جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم ہیں۔

  • خطبۂ حج، اردو  سمیت 10 زبانوں میں نشر کیا جائے گا، سعودی حکومت کا اعلان

    خطبۂ حج، اردو سمیت 10 زبانوں میں نشر کیا جائے گا، سعودی حکومت کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے امسال حج کا خطبہ اردو سمیت دس زبانوں میں نشر کرنے کا اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین کے امور کی کمیٹی کے سربراہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے اعلان کیا کہ اسلام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے خطبۂ حج کو دس عالمی زبانوں میں نشرکیا جائے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد حج کے خطبے کی اہمیت اور اس کے ذریعے دیے جانے والے پیغام کو دنیا بھر کے مسلمانوں میں پہنچانا ہے۔

    الشیخ عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا تھا کہ امسال عربی میں دیے جانے والے خطبے کو اردو، انگریزی، فارسی، بنگلا، ترکش، فرانسیسی، چینی، روسی، ہاؤسا اور مالے زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ برس سعودی حکومت نے اردو سمیت پانچ زبانوں میں نشر کیا تھا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب نے  کرونا کی وبا کے پیش نظر  محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہوگی۔

    عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں۔ منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے۔ جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم ہیں۔

  • عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    ریاض: رواں برس حج کے لیے عازمین کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا، سعودی حکام نے حج کے تمام انتظامات ہر سال کی طرح بہترین طریقے سے مکمل کرلیے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق اندرون مملکت سے عازمین حج کا پہلا کاررواں جمعے کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا، وزارت حج و عمرہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوا بازی کے تعاون سے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیر مقدم کیا۔

    سعودی عرب میں تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کر لیا ہے جہاں وہ منیٰ جانے سے قبل قیام کریں گے، 4 ذی الحج سے 8 ذی الحج تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔ کمرے میں آب زم زم کی سینی ٹائز بوتلوں سے لے کر اسنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان بھی جاری کردیا ہے، اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی کا کہنا ہے کہ ہمارا سارا زور کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔

    کعکی کے مطابق جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں) کی اصلاح و مرمت اور اسے استعمال کرنے کے طور طریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام سسٹمز چیک کرلیے گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے روم مؤثر ہیں، حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی اسکیمیں تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے، الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔

  • اس سال کون خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے؟

    اس سال کون خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے؟

    ریاض: سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن کا کہنا ہے کہ رواں برس حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں اور فیلڈ میں کام کرنے والے اس صحت عملے کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کروائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا ہے کہ صحت ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی۔

    وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن کا کہنا ہے کہ حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں اور فیلڈ میں کام کرنے والے صحت عملے کو ترجیح دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے شہریوں اور تعداد کا تعین صحت شرائط و ضوابط کے تحت کیا جائے گا، اس سال ہر ایک کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔

    وزیر حج کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے سفارتی مشنوں، سفارتخانوں اور ان ممالک کے حج اداروں کے ساتھ بات چیت کر کے حج کے لیے صحت ضوابط مقرر کیے ہیں، اس سال مختلف ممالک کے عازمین کو حج پر بھیجا جائے گا جو صحت ضوابط پر پورے اترتے ہوں۔

    ان کے مطابق جہاں تک سعودیوں کا تعلق ہے ان کے زمرے متعین کر دیے گئے ہیں، اس حوالے سے ترجیح وزارت صحت کے فیلڈ عملے اور امن عامہ کے ان اہلکاروں کو دی جائے گی جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کروائے۔

    دوسری جانب حرمین جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ نے بتایا کہ عازمین حج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مشاورتی کونسل کا اجلاس منعقد کیا، اجلاس میں پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس اور کونسل کے ارکان شریک ہوئے۔

    اجلاس میں السدیس کا کہنا تھا کہ ہمیں صحت و سلامتی کی خاطر اپنی یومیہ سرگرمیوں اور دفاتر میں حفاظتی اقدامات کی پابندی جاری رکھنا ہوگی۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار حج کوٹہ مختص کردیا گیا، نور الحق قادری

    اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار حج کوٹہ مختص کردیا گیا، نور الحق قادری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار حج کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2020 کی منظوری دے دی، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ رواں سال سعودی عرب نے 1 لاکھ 89 ہزار 210 کا حج کوٹہ دیا ہے۔

    نور الحق قادری نے کہا کہ 60 فیصد حجاج سرکاری اسکیم اور 40 فیصد پرائیویٹ جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حج قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم عمران خان کو تشویش ہے، رواں سال حج کی کل قیمت 4 لاکھ 90 ہزار ہوگی۔

    نور الحق قادری نے کہا کہ 70 سال یا زائد عمر والے حجاج کے نام بغیر قرعہ اندازی شامل ہوں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

    وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے حجاج کے لیے عارضی کیمپ قائم کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: حج 2020، وزارت مذہبی امور کا عازمین حج کے لیے اہم اقدام

    واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی تربیت کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عازمین کی تربیت کے لیے تھری ڈی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔

    وزارت مذہبی امور نے تھری ڈی ٹیکنالوجی کی حامل کمپنیوں سے اظہار دلچسپی طلب کرلی، تربیت میں حج، عمرہ اور مشاعر کے دنوں سے متعلق تربیت شامل ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ تھری ڈی ٹیکنالوجی سے مل کے مختلف اضلاع میں تربیت کا اہتمام کیا جائے گا، تھری ڈی ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ وزیر مذہبی امور کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔

  • مہنگے حج اخراجات، ترجمان مذہبی امور نے خبروں کی تردید کردی

    مہنگے حج اخراجات، ترجمان مذہبی امور نے خبروں کی تردید کردی

    اسلام آباد: ترجمان مذہبی امور نے مہنگے حج اخراجات سے متعلق تمام خبروں کی تردید کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان مذہبی امور نے مہنگے حج اخراجات سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج پالیسی سےمتعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    ترجمان مذہبی امور کے مطابق حج پالیسی 2020 ابھی تک کابینہ میں پیش نہیں ہوئی، مناسب اخراجات اور بہترین سہولیات کی حامل حج پالیسی تشکیل دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں سیکریٹری وزارت مذہبی امور نے بتایا تھا کہ رواں سال حج کے سرکاری اخراجات میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے اضافہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: حج اخراجات معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھے گئے: وزیر مذہبی امور

    سیکریٹری وزارت مذہبی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ حج پیکیج میں ایک لاکھ 15 ہزار کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    نارتھ ریجن کا حج پیکیج 5 لاکھ 50 ہزار جبکہ ساؤتھ ریجن کا حج پیکیج 5 لاکھ 45 ہزار روپے ہوگا، حج اخراجات میں اضافہ روپے کی قدر میں کمی اور ایئرلائنز کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

  • حج 2020، وزارت مذہبی امور کا عازمین حج کے لیے اہم اقدام

    حج 2020، وزارت مذہبی امور کا عازمین حج کے لیے اہم اقدام

    اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی تربیت کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت حج کے دوران عازمین کو کیا کیا اقدامات کرنے ہیں اصلی طرز پر سکھایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی تربیت کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عازمین کی تربیت کے لیے تھری ڈی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔

    وزارت مذہبی امور نے تھری ڈی ٹیکنالوجی کی حامل کمپنیوں سے اظہار دلچسپی طلب کرلی، تربیت میں حج، عمرہ اور مشاعر کے دنوں سے متعلق تربیت شامل ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تھری ڈی ٹیکنالوجی سے مل کے مختلف اضلاع میں تربیت کا اہتمام کیا جائے گا، تھری ڈی ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ وزیر مذہبی امور کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: حج 2020 کے اخراجات گزشتہ سال سے زیادہ ہونے کا امکان

    واضح رہے کہ حج 2020 کے اخراجات گزشتہ سال سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، آئندہ سال حج اخراجات میں 60 ہزار روپے اضافہ متوقع ہے۔

    سیکریٹری مذہبی امور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حج 2020 کے اخراجات گزشتہ سال سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات 4 لاکھ 89 ہزار روپے متوقع ہیں، گزشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔

    سیکریٹری مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے عائد ٹیکسز کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے، سعودی عرب نے حج اخراجات 2400 سے 2650 ریال کردئیے ہیں۔