Tag: Hajj flight

  • پی آئی اے حج آپریشن کا آغاز، پہلی حج پرواز کراچی سے روانہ

    پی آئی اے حج آپریشن کا آغاز، پہلی حج پرواز کراچی سے روانہ

    کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے حج آپریشن کا آغاز ہو گیا، پہلی حج پرواز کراچی سے روانہ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کے حج آپریشن کے سلسلے میں پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کے ذریعے 328 عازمین کو لے کرمدینہ کے لیے روانہ ہو گئی۔

    ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، ڈی جی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ نے کراچی ایئرپورٹ پر عازمین کو رخصت کیا، سی اے اے اور پی آئی اے کے حکام بھی موجود تھے۔

    لاہور سے حج 2023 کی پہلی فلائٹ سیرین ایئر ER2921 کے ذریعے صبح 05 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے مقدس سرزمین کے لیے روانہ ہوئی، افتتاحی پرواز پر 279 حجاج سوار ہیں، وزیر اعظم کے اعزازی کوآرڈینیٹر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی علامہ شبیر احمد عثمانی، ڈائریکٹر حج اقرار احمد اور ایئرپورٹ مینیجر نذیر احمد خان نے عازمین کو رخصت کیا۔

    اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 9 بجکر 15 منٹ پر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کے لیے پی آئی اے بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے، پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں سے 65 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔ قبل از حج فلائٹ آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا، جب کہ بعد از حج فلائٹ آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر، رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔

  • حج فلائٹ کے کرائے کتنے ہوں گے؟

    حج فلائٹ کے کرائے کتنے ہوں گے؟

    کراچی: حج آپریشن برائے سال 2022 کے لیے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے کرایہ اور قواعد جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے حج آپریشن برائے سال 2022 سے متعلق کرائے اور قواعد جاری کر دیے، قومی ایئر لائن کا حج آپریشن 6 جون سے متوقع ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے نے حج آپریشن پروازوں کا کرایہ نارتھ اور ساؤتھ ریجن کے تحت مقرر کر دیا ہے، تمام کرائے امریکی ڈالر کی کرنسی کے مساوی روپے میں ادا کرنا ہوں گے۔

    کوئٹہ کراچی پر مشتمل ساؤتھ ریجن سے کم سے کم کرایہ 810 ڈالر جب کہ کوئٹہ، کراچی ساؤتھ ریجن میں زیادہ سے زیادہ 1100 ڈالر کے مساوی کرایہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

    لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاور پر مشتمل نارتھ سیکٹر کے لیے کم سے کم کرایہ 860 ڈالر، جب کہ زیادہ سے زیادہ کرایہ 1150 ڈالر کے مساوی مقرر کیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 31 مئی کو شروع ہونا تھا تاہم وزارت مذہبی امور کی جانب سے فلائٹ شیڈول جاری نہ ہونے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، اور اب 6 جون سے فلائٹ آپریشن متوقع ہے۔

    پاکستان سے مدینہ، جدہ کے لیے پروازیں 3 جولائی تک جاری رہیں گی، جب کہ بعد از حج آپریشن 14 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔

    ایگزیکٹو اکانومی کلاس حجاج کو 40 کلو بیگج، 7 کلو ہینڈ کیری کی اجازت ہوگی، جب کہ اکانومی کلاس حجاج کو 35 کلو بیگج، 7 کلو سامان ہینڈ کیری کی اجازت ہوگی۔

  • پی آئی اے کا حج فلائٹ آپریشن :  عازمین  کیلئے اہم خبر

    پی آئی اے کا حج فلائٹ آپریشن : عازمین کیلئے اہم خبر

    کراچی : قومی ائیرلائن (پی آئی اے ) لاہور سمیت 8 ائیرپورٹس سے حج فلائٹ آپریشن چلائے گی، حکام نے ائیرپورٹس پر عملے کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن نے حج آپریشن 2022 کا شیڈول جاری کردیا ، پی آئی اے لاہورسمیت 8ایئرپورٹس سے فلائٹ آپریشن چلائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے لاہور، سیالکوٹ،اسلام آباد ، ملتان،رحیم یار خان،سکھر، پشاور ، کراچی سےحج فلائیٹ آپریٹ کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے حکام نے آٹھ ائیرپورٹس پر عملے کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ، پی آئی اے کے ساتھ ائیربلیو اور سیرین ائیر بھی حج آپریشن میں شرکت کرے گی۔

    نجی ایئرلائن ائیربلیو لاہور، ملتان، اسلام آباد، پشاور اور کراچی سے حج پروازیں آپریٹ کرے گی جبکہ نجی ایئرلائن سیرین ائیر لاہور، اسلام آباد اور کراچی سے حج پروازیں چلانے پر غور کررہی ہے۔

    حج آپریشن کو حتمی شکل دینے کے لیے ائیرلائینز انتظامیہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج فلائٹ شیڈول اور کوٹے کی منتظر ہیں ، ذرائع کے مطابق پاکستان سے 31مئی سے حج فلائٹ آپریشن کاا آغاز متوقع ہے۔

  • ایک لاکھ 29 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، وزارت مذہبی امور

    ایک لاکھ 29 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، وزارت مذہبی امور

    اسلام آباد : وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ اب تک ایک لاکھ 29 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، سرکاری حج اسکیم کے تحت مکہ پہنچنے والےعازمین کی تعداد81ہزارہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اب تک ایک لاکھ 29 ہزار پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں،93ہزار سرکاری اور36 ہزار عازمین نجی حج اسکیم کے ذریعے سعودی عرب پہنچے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے47 ہزار عازمین مدینہ کی زیارت مکمل کرکے مکہ پہنچ گئے ہیں جبکہ سرکاری حج اسکیم کے 12 ہزار عازمین حج ابھی مدینہ منورہ میں مقیم ہیں۔

    سرکاری حج اسکیم کے تحت مکہ پہنچنے والےعازمین کی تعداد81ہزارہوگئی ہے، مذہبی امور کی ٹیمیں نجی حج کمپنیز کی مانیٹرنگ کررہی ہیں۔

    علاوہ ازیں پشاور سے جدہ جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، پرواز پی اے670 طیارہ نہ ہونے پر جدہ روانہ نہیں ہوسکی۔

    اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کو عازمین حج کو لے کر جدہ جانا تھا، پرواز کی روانگی کی درست معلومات نہ ملنے پر مسافروں نے ایئرپورٹ پر احتجاج بھی کیا۔

    کئی گھنٹے احتجاج کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو مقامی ہوٹل منتقل کردیا گیا، تاخیر کا شکار پرواز اب کل صبح روانہ ہوگی۔

  • پہلی حج پرواز 325 حجاج کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی

    پہلی حج پرواز 325 حجاج کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی

    اسلام آباد: فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد پی آئی اے نے سعودی عرب سے پاکستان کے لیے حج پروازوں کا آغاز کر دیا، 325 حجاج کرام کو لے کر پہلی حج پرواز پی کے 3002 اسلام آباد بر وقت پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے پہلی حج پرواز 325 حجاج کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی، پرواز کی آمد پر پی آئی اے اعلیٰ حکام نے حجاج کا استقبال کیا۔

    صدر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر استقبال کرتے ہوئے حجاج کرام کو مبارک باد دی۔

    پی آئی اے حج ٹیم کے ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ فریضۂ حج کی ادائیگی کرکے وطن لوٹنے والے حجاج کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    قومی ایئر لائن حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے جدہ اور مدینہ منوّرہ سے 225 خصوصی اور شیڈول پروازیں چلائے گی۔ خیال رہے کہ پی آئی اے 68 ہزار سے زائد حجاج کرام کو اسلام آباد، کراچی اور دیگر شہروں میں پہنچائے گی۔

    دریں اثنا کراچی کے لیے بھی حج پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے، پہلی حج پرواز پی کے 3006 کراچی ایئر پورٹ پہنچ گئی جس کے ذریعے 390 حجاج کرام وطن واپس پہنچے۔

    کراچی کے لیے پہلی حج پرواز کی آمد پر پی آئی اے کے چیف کارپوریٹ سیکرٹری محمد شعیب اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔


    مزید پڑھیں:  پی آئی اے حج آپریشن : حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل آج سے شروع ہوگا


    ترجمان قومی ایئر لائن نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کا اختتام 25 ستمبر کو ہوگا۔