Tag: Hajj Pilgrims

  • سعودی عرب سے حاجیوں کا آخری قافلہ بھی روانہ

    سعودی عرب سے حاجیوں کا آخری قافلہ بھی روانہ

    سعودی عرب سے حاجیوں کا آخری قافلہ بھی حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد انڈونیشیا کے لئے روانہ ہوگیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حاجیوں کا آخری قافلہ شہزادہ محمد عبدالعزیز بین الاقوامی ایئر پورٹ سے اتوار کو واپس اپنے ملک کے لئے روانہ ہوگیا۔

    انڈونیشیا کے لیے واپس روانہ ہونے والے اس قافلے کے اعزاز میں الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی، اس قافلے میں کُل 320 حجاج شامل تھے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ حاجیوں کے اس آخری قافلے کی انڈونیشیا روانگی کے ساتھ ہی سعودی عرب کی وزارت حج کا ترتیب دیا گیا حج منصوبہ 2024ء اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حج پر آنے والے ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے مقررہ وقت پر وطن واپس چلے جائیں۔

    وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حج ویزے پر آنے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کریں، ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد مملکت میں قیام کرنا غیرقانونی عمل شمار کیا جائے گا۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مزید وضاحت کی گئی کہ حج ویزا مخصوص ایام کے لیے ہی جاری کیا جاتا ہے۔ مدت ختم ہونے کے بعد ہر وہ شخص جو حج ویزے پر مملکت میں پایا جائے گا غیرقانونی شمار کیا جاتا ہے جو قید اور جرمانے کی سزا کا مستحق ہوگا۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے خبردار کردیا!

    یاد رہے حج یا عمرہ ویزے پر آنے والے افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے مقررہ وقت کے اندر مملکت سے روانہ ہوں، ایسے افراد کو قیام کی سہولت فراہم کرنے والے بھی قانون شکنی کے زمرے میں آئیں گے۔

  • جدہ ایئرپورٹ سے ڈھائی لاکھ عازمین حج روانہ

    جدہ ایئرپورٹ سے ڈھائی لاکھ عازمین حج روانہ

    حج سیزن 2024 اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے، جبکہ حجام کرام کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک ڈھائی لاکھ حاجی اپنے آبانی وطن روانہ ہوچکے ہیں۔ جبکہ آئندہ دنوں میں مزید حجاج کی روانگی اس ایئرپورٹ کے ذریعے ہوگی اور یہ تعداد دس لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

    رپورٹس کے مطابق عازمین کی روانگی کا سلسلہ مدینہ منورہ ایئرپورٹ سے بھی شروع ہوچکا ہے۔

    حجاج کے لیے مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر محکمہ پاسپورٹ کے کاؤنٹرز کے قریب قرآن پاک کا نسخہ ان کی اپنی زبان میں رکھا گیا ہے۔ جو روانگی کے وقت ہر حاجیوں کو دیا جائے گا۔

    مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے ترجمان میجر ناصر العتیبی کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر کاؤنٹرز 24 گھنٹے پوری طرح سے امور انجام دے رہے ہیں، ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے پوری تندہی سے حجاج کی روانگی کے عمل کو تیز اور آسان بنائیں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں رواں حج سیزن کے دوران شدید گرمی سے جاں بحق ہونے والے حجاج کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ایام تشریق کا اختتام ہوتے ہی حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا، مکہ مکرمہ میں رواں حج سیزن کے دوران گرمی سے تقریباََ 900 سے زائد عازمین حج جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 922 مرنے والوں میں سے 68 ہلاکتیں ہندوستان سے تھیں، جن کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گا۔

    پاکستان نے حج کے لیے سعودی عرب جانے والے 35 عازمین کی اموات کی تصدیق کی ہے۔

    پاکستان کے حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عبد الوہاب سومرو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 18 جون تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 35 پاکستانیوں کی اموات ہوئی ہیں، مکہ میں 20 اور مدینہ میں چھ اموات ہوئی ہیں۔ ان کے بقول منیٰ میں چار، عرفات میں تین اور مزدلفہ میں دو اموات ہوئی تھیں۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گرمی سے جاں بحق حاجیوں میں سے 600 کا تعلق مصرسے ہے، جبکہ 144 کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔

    حج مزید کتنے سال گرمیوں میں اور کب سردیوں میں ہوگا، سعودی محکمہ موسمیات

    اردن کے ساٹھ اور تیونس کے پینتیس حاجی جاں بحق ہوئے، جبکہ دوران حج گرمی سے ایران کے گیارہ اور سینیگال کے تین حاجی جاں بحق ہوئے۔

  • سعودی عرب: عازمین کیلئے وائی فائی کی سہولت

    سعودی عرب: عازمین کیلئے وائی فائی کی سہولت

    حج سیزن کے لیے سعودی ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سے آپریشنل پلان پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، اتھارٹی کی جانب سے اس سال فائیو جی کوریج میں 37 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق اتھارٹی کے کمشنر ڈاکٹر محمد التمیمی کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرنے والوں کی جانب سے فراہم کردہ خدمات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر محمد التمیمی نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں متوسط ڈاؤن لوڈنگ اسپیڈ 255 میگا بائٹ فی سیکنڈ جبکہ مدینہ منورہ میں 292 میگا بائٹ ہے۔

    ’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کی سہولت کے لئے 10 ہزار 500 مقامات پر وائی فائی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال ٹیلی کمیونیکیشن کے 6200 ٹاورز کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ فائیوجی ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرنے کیلیے 4 ہزار ٹاورز کو نصب کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سعودی وزارت اسلامی امور نے خادم حرمین شریفین کے پروگرام کے تحت حج کے لیے آنے والے 9ممالک کے مزید 145 شاہی مہمانوں کو خوش آمدید کہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اب تک 75 ملکوں کے ایک ہزار 75 شاہی مہمان مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر دنیا بھر کے 88 ممالک کے 3 ہزار 322 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

    خصوصی دعوت پر پہنچنے والوں میں دو ہزار عازمین فلسطین میں شہید ہونے اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین میں سے ہوں گے جبکہ 22 عازمین سعودی عرب میں علیحدہ ہونے والے سیامی بچوں کے والدین ہوں گے۔

    خطبہ حج اردو سمیت 20 زبانوں میں نشر ہوگا

    سعودی وزیر اسلامی امور کے مطابق وزارت نے پروگرام کے جنرل سیکرٹریٹ کے ذریعے شاہی فرمان کے نفاذ کے تمام طریقہ کار کو سفارت خانوں اور بیرون ملک وزارت کے مذہبی اتاشیوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔

  • سعودی عرب: 9 لاکھ 35 ہزار عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ گئے

    سعودی عرب: 9 لاکھ 35 ہزار عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ گئے

    سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کی جانب سے عازمین کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ حج سیزن 2024 کے لیے اتوار دو جون تک فضائی، بحری اور زمینی راستے سے 9 لاکھ 35 ہزار966 عازمین کی مملکت میں آمد ہوچکی ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ وہ عازمین کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے، 8 لاکھ 96 ہزار287 عازمین فضائی راستے، 37 ہزار 280 زمینی اور دو ہزار 399 بحری راستے سے مملکت میں داخل ہوچکے ہیں۔

    قبل ازیں ’جوازات‘ کے ترجمان میجر ناصر العتیبی کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کی خدمت کیلیے 138 زبانوں میں فوری ترجمہ کرنے کی ڈیوائسز فراہم کردی گئی ہیں۔

    دوسری جانب سعودی وزارتِ امور نے عازمینِ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر نُسک کارڈ کھویا تو دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    وزارت مذہبی امور نے حجاج کے لیے خصوصی پیغام میں عازمین کو خبردار کیا ہے کہ عازمین کو نُسک کارڈ کی گمشدگی کی صورت میں دس ہزار سعودی ریال جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

    وزارت کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج نسک کارڈ کی حفاظت یقینی بنائیں کیونکہ اس کے گم ہونے کی وجہ سے فریضہ حج میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے ’نُسک حجاج کارڈ‘ کا اجرا کیا تھا، نُسک حجاج کارڈ کا مقصد حج سیزن کے لیے آپریشنل طریقہ کار کی صلاحیت بڑھانا ہے تاکہ حج کو بہت زیادہ آسان بنایا جا سکے اورغیر قانونی طریقے سے حج کرنے کے واقعات کو کم کیا جا سکے۔

  • سعودی عرب، عازمین حج کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی

    سعودی عرب، عازمین حج کو بڑی سہولت فراہم کردی گئی

    سعودی عرب میں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، عازمین حج کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لئے خاص اقدامات کئے گئے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے سبق نیوز کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے ترجمان میجر ناصر العتیبی نے اس حوالے سے بتایا کہ ’مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کی خدمت کیلیے 138 زبانوں میں فوری ترجمہ کرنے کی ڈیوائسز اہلکاروں کو فراہم کی گئی ہیں‘۔

    میجر ناصر العتیبی کا کہنا تھا کہ جوازات میں بہتری کے عمل کو جاری رکھنے کے بعد ہرحج سیزن کے بعد آئندہ سیزن کے لیے تیاریاں شروع کردی جاتی ہیں تاکہ سابقہ تجربے کی روشنی میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر کیا جاسکے۔

    میجر ناصر العتیبی نے کہا کہ اب تک مختلف ممالک سے 2 لاکھ 67 ہزار سے زائد عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں جن میں فضائی، بری اور سمندری راستے سے آنے والے شامل ہیں۔

    دوسری جانب حرمین شریفین انتطامیہ کی جانب سے حج سیزن کے آغاز پر غلاف کعبہ کو بلند کردیا گیا جس کا مقصد حج کے رش میں اسے نقصان سے بچانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برسوں سے جاری روایت پر عمل کرتے ہوئے غلاف کعبہ تقریباً 3 میٹر اونچا کرکے نیچے والے حصے کو سفید کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے جسے ’احرام‘ کہا جاتا ہے۔

    ’سعودی عرب دنیا کی اہم ترین طاقت ہے‘

    گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی یہ عمل حج سے قبل احتیاطی تدابیر کے ساتھ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس کی زیر نگرانی مکمل کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب، غیر ملکی عازمین حج کیلئے نئی سہولت

    سعودی عرب، غیر ملکی عازمین حج کیلئے نئی سہولت

    سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے رواں سال غیر ملکی عازمین حج کے لیے ڈیجیٹل آئی ڈی کا آغاز کیا ہے۔ دیگر ممالک سے آنے والے عازمین حج اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل آئی ڈی سے عازمین حج کو ابشر اور توکلنا ایپس پر اپنا اکاونٹ بنانے میں سہولت مل جائے گی۔

    اس اقدام سے دیگر ممالک سے آنے والے عازمین حج سفر حج و مملکت میں قیام کے دوران ہر قسم کی دشواری سے بچ جائیں گے۔

    متحدہ عرب امارات: غیر ملکیوں کے لیے 10 سالہ رہائشی ویزا متعارف

    سعودی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل شناختی سروس وژن 2030 کے اہداف کے مطابق لوگوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیکنالوجی کو فعال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

  • سعودی عرب، عازمین حج کو خاص ہدایت جاری

    سعودی عرب، عازمین حج کو خاص ہدایت جاری

    سعودی وزارت صحت نے عازمین حج کو خاص ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ اس سال حج کا ارادہ رکھتے ہیں تو اپنے اور دیگر عازمین کے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانے کا اہتمام کریں تاکہ آپ اور اطراف میں موجود عازمین صحت مند رہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے سبق ویب کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ حج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ’صحتی‘ ایپ پر ویکسین لگوانے کے لیے دن، تاریخ اور ٹائم کی بکنگ کرالیں۔

    وزارت صحت کے مطابق حج 2024 کے لیے داخلی عازمین کو کووڈ 19 ویکسین کی ایک خوراک، انفلوائنزا ویکسین کی ایک خوراک اور اگر پانچ سال کے دوران گردن توڑ بخار کی ویکسین نہیں لی تو اس کی ایک خوراک ضروری ہوگی۔ یہ تمام ویکسین لینے کے بعد صحتی ایپ پر اسٹیٹس اپ ڈیٹ ہوجائے گا۔

    حج 2024: منیٰ میں خیمہ بستی آباد کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں

    وزارت صحت کے مطابق اس سال اندرون مملکت سے حج کرنے کے خواہشمند افراد کیلیے ویکسین لینا ضروری ہیں۔

  • عازمین حج کو مسجد نبویؐ میں کلامِ پاک اور دینی کتب کے تحفے

    عازمین حج کو مسجد نبویؐ میں کلامِ پاک اور دینی کتب کے تحفے

    سعودی عرب میں حج سیزن 2024 کا آغاز ہو چکا ہے۔ دنیا بھر سے عازمین حج کے ابتدائی قافلے روزانہ کی بنیاد پر مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دیگر سرکاری اداروں کی طرح مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادارہ دینی امور کی جانب سے مملکت پہنچنے والے عازمین حج کا استقبال تحائف سے کیا جارہا ہے۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحنوں میں ادارہ دینی امور کے اہلکار عازمین حج کو دینی معلومات پرمبنی ان کی زبانوں میں ترجمہ شدہ کتابچے فراہم کررہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی میں دینی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد الخضیری نے عازمین حج کے مختلف گروپس سے ملاقات کی اور انہیں قرآن کریم و دیگر دینی امور کی ترجمے شدہ کتابیں تحفے میں پیش کئے۔

    واضح رہے ادارے دینی امور کی جانب سے عازمین حج کی خدمت کے لئے مثالی امور انجام دیے جارہے ہیں جن کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں رواں سال حج سیزن کے دوران ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس انجینئرصالح الجاسر کا کہنا ہے کہ امسال حج سیزن میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔

    عازمین حج کے لئے آب زم زم سے متعلق اہم خبر

    وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس انجینئر صالح الجاسر کا کہنا تھا کہ حج 2024 میں جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے فضائی ٹیکسیاں اور ڈرونز کو استعمال کیا جائے گا۔

  • پاکستانیوں سمیت عازمینِ حج کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ جاری

    پاکستانیوں سمیت عازمینِ حج کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ جاری

    ریاض: مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی سفیر احمدفاروق، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے عازمین حج کا پرتپاک استقبال کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مدینہ منورہ پہنچنے پر سرکاری عازمین حج کو تحائف اور پھول پیش کئے گئے۔

    پاکستانی سفیر احمد فاروق کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا کہ عازمین حج بہترین نظم وضبط کے ذریعے ملکی وقار میں اضافہ کریں۔

    ڈی جی حج عبدالوہاب کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تمام عازمین کو مدینہ مرکزیہ میں ٹھہرایا جائیگا،پاک حج ایپ کے ذریعے عازمین حج سے سہولیات سے متعلق فیڈ بیک لیا جائیگا۔

    ڈی جی حج نے کہا کہ پاکستان سے مدینہ منورہ کیلئے حج فلائٹ آپریشن کامیابی سے جاری ہے، عازمین حج کی سہولت کیلئے وزارت نے متعدد شعبہ جات قائم کیے ہیں۔

    کراچی سے حج آپریشن کا آغاز، پہلی دو پروازیں مدینہ روانہ

    ڈی جی حج عبد الوہاب کا مزید کہنا تھا کہ عازمین رہنمائی کیلئے بلڈنگ معاون یاپاک حج موبائل ایپ سے رجوع کریں۔

  • سعودی عرب، عازمین حج کیلئے اہم خبر

    سعودی عرب، عازمین حج کیلئے اہم خبر

    سعودی وزارت حج و عمرہ رواں برس حج سیزن 2024 کے لیے داخلی عازمین (شہریوں اور غیر ملکیوں) کیلیے پرمٹ کا اجرا آج سے شروع کرے گی۔

    خبر رساں ادارے سبق نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ ابشر پلیٹ فارم اور وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے پرمٹ جاری کئے جائیں گے۔

    سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق داخلی عازمین کے لیے مخصوص الیکڑانک پلیٹ فارم یا نسک کے ذریعے درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    داخلی عازمین حج کے لیے وزارت کی جانب سے چار پیکیجز متعارف کرائے ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے داخلی عازمین حج کے لیے 11 فروری سے رجسٹریشن کا آغاز کیا تھا۔

    حج فلائٹ آپریشن کب شروع ہو رہا ہے؟ تاریخ کا اعلان ہو گیا

    سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیر ملکی جو حج کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں وہ وزارت کی ویب سائٹ یا نسک ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔