Tag: Hajj Pilgrims

  • عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری

    عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: پرائیویٹ حج اسکیم کے عازمین کو پاسپورٹ کے اجرا کے حوالے سے پالیسی مرتب کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ کا اجرا نہ ہونے کے سبب عازمین حج شدید پریشانی کا شکار تھے، اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کی کوششیں رنگ لے آئیں، اب پاسپورٹ کا اجرا جلد شروع ہو جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت دہری شہریت کے حامل عازمین حج کی کلیئرنس 7 دن میں کرنا ہوگی، سات دن میں کلیئرنس نہ ہونے پر خود بخود کلیئرنس تصور کی جائے گی اور عارضی پاسپورٹ جاری ہوگا۔

    وزارت مذہبی امور نے محکمہ پاسپورٹ کے حکام سے رابطہ کر کے صورت حال سے آگاہ کیا تھا، 28 ہزار سرکاری عازمین حج کو گزشتہ ماہ 3 روز میں پاسپورٹ فراہمی ممکن بنائی گئی تھی، بر وقت پاسپورٹ نہ ملنے سے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل متاثر ہو رہا تھا۔

    ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ حکام نے عازمین حج کو فوری پاسپورٹ فراہمی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

  • سعودی عرب، عازمین حج کی رہائش کیلئے اجازت نامے جاری

    سعودی عرب، عازمین حج کی رہائش کیلئے اجازت نامے جاری

    مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ عازمین حج کی رہائش کے لیے اب تک 2330 عمارتوں کو اجازت نامے جاری کئے گئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے بتایا کہ ’ان عمارتوں میں 360 کمرے ہیں جن میں 15 لاکھ عازمین کی رہائش کی گنجائش موجود ہے‘۔

    مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو رہائش فراہم کرنے والی کمیٹی کی پوری کوشش ہے کہ عازمین کو سلامتی کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے آرام دہ رہائش فراہم کی جائے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ایک ہزار عمارتوں کے مالکان اور سرمایہ دار درخواست جمع کرچکے ہیں جن کا کمیٹی کے ذمہ داران معائنہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ معائنہ مکمل ہونے کے بعد جو عمارتیں ضابطوں پر پورا اتریں گی انہیں اجازت نامے جاری کردیئے جائیں گے۔

    دوسری جانب وزارت حج و عمرہ نے داخلی عازمین حج کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ پیکیجز متعارف کرادیئے۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی جو حج کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں وہ وزارت کی ویب سائٹ یا نسک ایپ کے ذریعہ رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    وزارت حج وعمرہ کی جانب سے امسال داخلی عازمین حج کے لیے 4 پیکیجز متعارف کرائے ہیں، سب سے سستا پیکیج 4099.75 ریال کا ہے جس میں واٹ شامل ہے۔

    9 دن میں 94 ہزار عراقی عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ گئے

    دوسرا واٹ سمیت حج پیکیج 8092.55 ریال کا ہے اور تیسرا پیکیج 10366.10 ریال ہے جس میں عازمین کو جدید خیموں میں رہائش کے ساتھ لکژری سروس مہیا کی جائے گی۔

  • حاجیوں کی پہلی پرواز پاکستان پہنچ گئی

    حاجیوں کی پہلی پرواز پاکستان پہنچ گئی

    کراچی : پی آئی اے کی پہلی پرواز لاہور اور دوسری پرواز کراچی اور تیسری اسلام آباد پہنچ گئی، جس میں حجاج کرام کو وطن واپس لایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز ہوگیا جس کے تحت حجاج کرام کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

    پی آئی اے کی پہلی پرواز 329 حجاج کو لے کرلاہور پہنچ گئی، حجاج کو پی آئی اے کی جانب سے پھولوں کے ہار پہنائے گئے

    اس کے علاوہ پی آئی اے کی دوسری پرواز360 حجاج کرام کو لے کر کراچی پہنچ گئی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔

    پی آئی اے کی تیسری پرواز حجاج کرام کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی اس موقع پر پی آئی اے حکام نے حجاج کرام کا پرتپاک استقبال کیا۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا۔

  • حجاج کرام کی وطن واپسی اتوار سے شروع ہوگی

    حجاج کرام کی وطن واپسی اتوار سے شروع ہوگی

    اسلام آباد : پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی 2 جولائی بروز اتوار سے شروع ہوگی، جدہ ایئرپورٹ سے پہلی تین حج پروازوں کے ذریعے693 حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے،

    اس حوالے سے ترجمان مذہبی امور کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق پہلی حج پروازیں جدہ سے کراچی، فیصل آباد اور اسلام آباد پہنچیں گی۔

    ترجمان نے کہا کہ جدہ سے حج فلائٹ آپریشن20 جولائی تک جاری رہے گا، حجاج کرام کی مکہ سے مدینہ روانگی کا آغاز5 جولائی سے ہو گا،38 ہزار حجاج کرام کو مدینہ منورہ بھجوایا جائے گا۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کا مزید کہنا ہے کہ مدینہ منورہ سے آخری حج پرواز 2 اگست کو وطن واپس پہنچے گی۔

    علاوہ ازیں وفاقی وزیرمذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حج مشن کی ٹیم نے بہت قلیل وقت میں بہتر انتظامات کیے۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حج مشن بعد از حج بھی حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر سے بہتر کرے، مکہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی ہر طرح سے خدمت کی جائے۔

    انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں کہ حج مشن اگلے حج کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کر دے تاکہ اگلے سال عازمین کو بہتر رہائش ،خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

  • حجاز مقدس آنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا حاجی، خوبصورت ویڈیو وائرل

    حجاز مقدس آنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا حاجی، خوبصورت ویڈیو وائرل

    رواں سال سعودی عرب میں دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج کی تعداد 18 لاکھ سے زائد ہے، جو دنیا کے ڈیڑھ سو سے زائد ممالک سے تشریف لائے، ان عازمین میں ایک 11ماہ کا بچہ بھی ہے جسے سب سے کم عمر حاجی قرار دیا گیا۔

    سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے مطابق رواں سال حج میں 18 لاکھ 45 ہزار 45 مرد و خواتین حجاز مقدس آئے ان عازمین میں ہر عمر کے مرد و خواتین اور بچے شامل ہیں، گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال حاجیوں کی تعداد میں 9 لاکھ 26ہزار کا اضافہ ہوا۔

    یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان عازمین میں ایک 11ماہ کا بچہ بھی شامل ہے جسے سب سے کم عمر حاجی قرار دیا جارہا ہے۔ تاہم اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ اس بچے کا تعلق کس ملک سے ہے۔

    اس حوالے سے سعودی اخبار نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ والدین کے ہمراہ آیا ہوا 11 ماہ کا بچہ رواں سال کا سب سے کم عمر حاجی ہے، مذکورہ ننھے حاجی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ عازمین حج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد مزدلفہ کے لیے روانہ ہوگئے۔

    عازمین حج وقوف عرفہ کے بعد آج کی رات مزدلفہ میں گزاریں گے، مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرینگے۔

  • وقوف عرفہ کے بعد عازمین حج مزدلفہ کے لیے روانہ

    وقوف عرفہ کے بعد عازمین حج مزدلفہ کے لیے روانہ

    مکہ المکرمہ : عازمین حج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد مزدلفہ کے لیے روانہ ہوگئے۔

    عازمین حج وقوف عرفہ کے بعد آج کی رات مزدلفہ میں گزاریں گے، مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرینگے۔

    سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے میدان عرفات میں پریس کانفرنس کی اور میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ رواں برس 150 سے زائد ممالک سے آئے ہوئے عازمین کی تعداد 18 لاکھ 45 ہزار 45 رہی، عازمین کی عرفات منتقلی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ میدان عرفات میں ہر طرف لبیک اللھم لبیک، لبيك لا شريك لك لبيك، ان الحمد والنعمۃ لك والملك، لا شريك لك کی صدائیں گونجتی رہیں، لاکھوں مسلمان میدان عرفات میں اللہ کے حضور دعاؤں میں مصروف ہیں اور گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگ رہے ہیں۔

    قبل ازیں عازمین حج نے مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ سُنا جس کا ترجمہ اردو سمیت 20 زبانوں میں نشر بھی کیا گیا۔

    شیخ یوسف بن سعید نے کہا کہ زبان، رنگ اور نسل کا فرق لڑائی جھگڑے کی وجہ نہیں بلکہ یہ کائنات میں خدا کی نشانیوں میں سے ایک ہے۔ قرآنی احکامات اتفاق، باہمی محبت اور قلبی ربط کی تاکید اور فرقہ بندیوں اور اختلاف سے منع کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ 8 ذی الحج جسے عربی میں یوم ترویہ کہا جاتا ہے حجاج نے منی میں خیمہ بستی میں قیام کیا اور پانچوں وقت کی نمازیں ادا کرنے کے بعد میدان عرفات کے لیے روانہ ہوئے۔

  • منیٰ کی خیمہ بستی عازمین حج سے آباد، روح پرور مناظر

    منیٰ کی خیمہ بستی عازمین حج سے آباد، روح پرور مناظر

    مکہ المکرمہ : حج 2023 کا آغاز ہوچکا ہے، دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان قافلوں کی صورت میں منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق منیٰ کی عارضی خیمہ بستی مکمل طور پرعازمین حج سے آباد ہوگئی، 8ذوالحجہ کو عازمین حج سارا دن منیٰ میں ہی قیام کریں گے۔

    mina

    عازمین یہاں5وقت کی نمازیں ادا کرنے کے بعد9ذوالحجہ کو عرفات روانہ ہونگے، عرفات میں لاکھوں فرزندان اسلام حج کارکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

    منیٰ میں عازمین کی آمد7ذوالحجہ کی نصف شب کے بعد سےہی شروع ہوگئی تھی، دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ8ذوالحجہ کی دوپہر تک جاری رہا۔

    hajj

    سعودی حکومت کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں کیے گئے انتظامات پر حجاج کرام نے انتہائی اطمینان کا اظہار کیا، عازمین حج کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے انتہائی شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تھوڑے تھوڑے فاصلے پر مستعد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جو عازمین رہنمائی کررہے ہیں،جمرات پل کے اطراف خاص طور پر پیدل چلنے کیلئے مخصوص سایہ دار راستہ بنایا گیا ہے۔

    harmain

    اس بات کا خاص خیال رکھا جارہا ہے کہ پیدل چلنے والے راستوں کو ایک سمت میں ہی رکھا جائے، ماضی میں 2رویہ راستہ ہونے کی وجہ سے عازمین کو آمدورفت میں کافی مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔

    منیٰ میں جگہ،جگہ متعین سکیورٹی اہلکار عازمین کا خوش دلی سے استقبال اور رہنمائی کرتے ہیں, منیٰ کی سڑکوں پر بیشتر اہلکار گرمی سے پریشان عازمین حج پر پانی کی پھوار برساتے ہیں۔

  • سعودی حکام نے عازمین حج کو بڑی سہولت دیدی

    سعودی حکام نے عازمین حج کو بڑی سہولت دیدی

    سعودی حکام نے اس سخت گرمی میں حجاج کرام کو  مقدس مقامات تک پہچانے کے لئے نئی سہولت متعارف کرادی۔

    رپورٹ کے مطابق سخت گرمی میں حجاج کو مقدس مقامات تک آمد و رفت کے لئے بغیر ڈرائیور کے "سیلف ڈرائیونگ” بسیں فراہم کر دی گئیں ہیں۔

     سعودی حکومت نے پہلی بار ان بس کو حجاج کے لئے متعارف کروایا ہے، بس میں گیارہ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

    حکام نے بتایا کہ آرٹیفیشل انٹیلجنس سے چلنے والی یہ گاڑیاں 6 گھنٹے بیٹری پر چلائی جاسکتی ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ یہ پہلا منصوبہ ہے کہ پہلی بار حج کے دوران اس طرح کی سیلف ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کو لاگو کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے گزشتہ سال کے کامیاب تجربے کے بعد اس سال عازمین حج کو ایام حج کے دوران آمدورفت میں آسانی کے لیے الیکٹرک اسکوٹر مہیا کیے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ الیکٹرک اسکوٹر ایک ہزار کی تعداد میں مہیا کیے گئے ہیں۔ اس سروس کی فراہمی سے عازمین کو حج مقامات پر آمدورفت میں آسانی ہوگی اور وہ مناسک حج کی ادائیگی کے لیے آمدورفت کا وقت بچا سکیں گے۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر سے 20 لاکھ عازمین حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔

  • عازمین حج کے لیے ایک اور سہولت

    عازمین حج کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں عازمین حج کے لیے دنیا کی مختلف زبانوں میں کتابچے تیار کیے گئے ہیں جنہیں عازمین میں تقسیم کیا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمین حج میں معلوماتی کتابچوں کی تقسیم کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

    جدہ کے کنگ عبد العزیز بین الاقوامی حج ٹرمینل پر وزارت اسلامی امور نے اپنے کاؤنٹرز کھول دیے ہیں۔

    وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمین حج کی آگاہی کے لیے دینی امور پر مشتمل مختلف زبانوں میں کتابچوں کی تقسیم کی جاتی ہے۔

    وزارت اسلامی امور کی جانب سے 104 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جس میں خواتین اہلکار اور نگران شامل ہیں۔

    خواتین اہلکار خواتین عازمین حج کو کتابچے تقسیم کرتی ہیں۔

    خیال رہے اسلامی امور کی وزارت کی جانب سے اس وقت 20 ہزار سے زائد کتابچے تیار کیے گئے ہیں جنہیں حج ٹرمینل پر عازمین حج میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری

    کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری

    کراچی: ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون عبدالسلام شیخ نے حج آپریشن 2023 کی نگرانی کے لیے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، انھوں نے امیگریشن علاقوں کی روانگی/آمد پر ایف آئی اے کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر علی مراد نے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے دورے کے دوران امیگریشن کی روانگی/آمد اور کیم سکینر کے حوالے سے ڈائریکٹر کو بریفنگ بھی دی۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے پاکستان کسٹمز، سول ایوی ایشن اتھارٹیز، اینٹی نارکوٹک فورس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے حکام کے ساتھ عازمین حج کی سہولت اور امیگریشن کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے لیے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے نے امیگریشن عملے کو عازمین حج کو مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں، اور کہا کہ حج پروازوں کے دوران خصوصی کاوٴنٹرز چلائے جائیں۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ عازمین حج کو امیگریشن کلیئرنس کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے، اور کہا کہ ہم نے بزرگ شہریوں کے لیے ان کے مذہبی سفر کے لیے سہولت کو یقینی بنانا ہے۔