Tag: Hajj Pilgrims

  • جدہ و مدینہ ایئرپورٹس پر پاکستانی عازمین حج کیلئے بڑی سہولت

    جدہ و مدینہ ایئرپورٹس پر پاکستانی عازمین حج کیلئے بڑی سہولت

    اسلام آباد : وزیرمذہبی امور سینیٹر طلحہٰ محمود کا کہنا ہے کہ جدہ و مدینہ ایئرپورٹس پر پاکستانی عازمین کیلئے استقبالیہ ڈیسک قائم ہوں گے اور شعبہ گمشدگی و بازیابی، رہنمائی، شکایات کا سیل بھی قائم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمذہبی امورسینیٹرطلحہٰ محمود کی زیرصدارت حج انتظامات اور معاونین کی تربیت پر اجلاس ہوا‌۔

    اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ جدہ و مدینہ ایئرپورٹس پر پاکستانی عازمین کیلئے استقبالیہ ڈیسک قائم ہوں گی جبکہ شعبہ گمشدگی و بازیابی، رہنمائی، شکایات کا سیل قائم کیا جائے گا۔

    سینیٹرطلحہٰ محمود نے کہا کہ رہائش ،خوراک ، سفری سہولیات، نجی حج اسکیم کی مانیٹرنگ کے شعبے قائم کیے جائیں گے جبکہ مکہ ،مدینہ میں مرکزی اسپتال سمیت 14 ڈسپنسریاں قائم کی جائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ حج میڈیکل مشن 500 تجربہ کار افراد پر مشتمل ہے،حج میڈیکل مشن میں آرمی و سول ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف شامل ہے، میڈیکل مشن میں 180ڈاکٹرزاور 320پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہے، جہاں مفت ادویات، ایکسرے، لیبارٹری، پاکستانی طبی عملہ 24 گھنٹے دستیاب ہو گا۔

    وزیر مذہبی امورنے کہا کہ حج2023 کیلئے معاونین کی تربیت کا آّغاز کردیا گیا ہے، معاونین کی تربیت اور مشقوں کا اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں کیا گیا ہے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر سے 550 بہترین معاونین حج کا انتخاب کیا گیاہے، وزارت کا 220افراد پر مشتمل عملہ و افسران بھی عازمین کی معاونت کریں گے۔

  • حجاج کی رہائش کے حوالے سے اہم ہدایت

    حجاج کی رہائش کے حوالے سے اہم ہدایت

    سعودی عرب: سعودی حکام نے حجاج کے لیے رہائشی عمارتوں کو مختص کرنے کے پرمٹ کے حوالے سے اہم ہدایت جاری کردی ہے، مذکورہ عمارتوں میں سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد ہی رہائش کا پرمٹ فراہم کیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی امور کی نگران کمیٹی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ عمارتوں اور مکانوں کے پرمٹ جاری کروانے کے لیے درخواستیں رواں ماہ کے آخر تک جمع کروائی جاسکتی ہیں۔

    کمیٹی کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں عمارتوں اور مکانوں کے مالکان جو پرمٹ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں وہ جلد از جلد کمیٹی سے رجوع کریں۔

    حجاج کے رہائشی امور کی نگران کمیٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عمارتیں مقررہ معیار کی ہونا ضروری ہیں جن کی تصدیق مکہ بلدیہ اور شہری دفاع کے منظور شدہ کنسلٹنگ انجینئرنگ فرمز سے کروائی جائے۔

    رہائشی امور کی کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کی رہائش کے لیے جو عمارتیں فراہم کی جائیں گی ان کے لیے بنیادی شرائط متعلقہ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جا چکی ہیں جن میں حفاظتی امور کو مقدم رکھا گیا ہے۔

    متعلقہ منظور شدہ انجینئرنگ فرمز کے نمائندے عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد فراہم کی گئی سہولتوں اور معیار کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کریں گے جن کی بنیاد پر عمارتوں کے پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ اسکان حجاج کمیٹی کی جانب سے حجاج کے لیے عمارتوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسی حوالے سے پرمٹ کے اجرا کے لیے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔

  • سعودی حکومت کا عازمین حج کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    سعودی حکومت کا عازمین حج کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال بھی فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے بیرون ممالک سے آنے والے عازمین حج کی سہولت کیلئے ان کی خدمات کیلئے خصوصی اسکواڈ مقرر کیا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مسلسل تیسرے سال بھی معذور افراد اور یتیموں کے حج کے لیے قومی اقدام کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت یہ افراد آرام اور سکون کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں گے۔

    یہ اقدام معذور افراد کے عالمی دن کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سعودی وژن 2030 کے مطابق معذوروں اور یتیم افراد کو آسانی سے حج کرنے کے قابل بنانا ہے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے خدمت ایجنسیوں کے ساتھ مل کر معذور افراد کیلئے مناسک ادا کرنے کے مقامات مخصوص کرنے اور جمرات کی رمی کرنے کے لیے خصوصی راستے مختص کیے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت مفتی اور رضاکاروں کو چوبیس گھنٹے خدمت کرنے کے لیے فراہم کیا جائے گا۔

  • حجاج کرام کی سہولت کے لیے "حج اسمارٹ کارڈ” کا اجراء

    حجاج کرام کی سہولت کے لیے "حج اسمارٹ کارڈ” کا اجراء

    ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ کے عہدیدار محمد ساعاتی نے کہا ہے کہ حجاج اور ان کی خدمت پر مامور اہلکاروں کے لیے اسمارٹ کارڈ بے حد ضروری ہے۔

    سمارٹ کارڈ سے حج کرنے والوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے اور ان کی خدمت کرنے والے اہلکار بھی اسمارٹ کارڈ کی بدولت کئی مسائل سے بچ جاتے ہیں۔

    عاجل ویب سائٹ کے مطابق محمد ساعاتی نے وزارت کے ٹوئٹرپر وڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ کارڈ اور اس سے متعلق ایپلی کیشنز حج اور ان کے خدمت گاروں کے سفر حج میں بڑی سہولت کا باعث بن رہے ہیں۔

    محمد ساعاتی نے کہا کہ حج کرنے اور ان کی خدمت کرنے والوں کی تمام تفصیلات ڈیجیٹل کارڈ میں محفوظ ہوتی ہے۔ اسمارٹ کارڈ سے مشاعر مقدسہ اورمکہ مکرمہ میں حاجی کی رہائش کے علاوہ دیگر اہم معلومات حاصل ہوتی ہیں۔

  • عازمین حج کے لئے بڑی خوشخبری، سعودی عرب کا اہم اعلان

    عازمین حج کے لئے بڑی خوشخبری، سعودی عرب کا اہم اعلان

    کراچی: ویزے تاخیر سےجاری ہونے والےعازمین حج کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ سعودی حکومت نےعازمین حج کی آمد کے اوقات میں توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی سول ایوی ایشن گاکا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے تحت عازمین حج کو جمعرات سات جولائی رات بارہ بجے تک داخلے کی اجازت ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق حج ویزے سال 2022 کے لیے غیر معمولی تبدیلی کی جا رہی ہے، عازمین کو کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے مملکت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: قربانی کیلیے عازمین حج کو ایک اور سہولت فراہم

    گاکا سرکلر کی تعمیل میں ناکامی حکومتی احکامات کی خلاف ورزی ہے، نئے حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کی خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    نئے قانون کے تحت پاکستان میں گزشتہ روز سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پھنسے مسافر بھی سفر کریں گیے، عازمین حج کو پشاور، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے مختلف پروازوں کی ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی حج پرواز 24 عازمین کوچھوڑ کر سعودی عرب روانہ ہوگئی تھی اس کے علاوہ بارش کے باعث پھنسے سعودی ایئ رلائن کے 14عازمین بھی نہ حجاز مقدس نہیں جاسکے تھے۔

  • سعودی عرب : عازمین حج کے ناموں کی قرعہ اندازی آج ہوگی

    سعودی عرب : عازمین حج کے ناموں کی قرعہ اندازی آج ہوگی

    ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ حج درخواستیں جمع کرانے والوں کے ناموں کی قرعہ اندازی آج ہوگی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق داخلی عازمین کی درخواستیں جمع کرانے کا آخری دن پیر تھا جبکہ وزارت کا کہنا ہے کہ قرعہ اندازی کے ذریعہ نام نکالے جائیں گے جس کے بعد ان کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق جن عازمین حج کا نام نکل آیا اور اگر وہ حج کے اہل ہیں تو انہیں ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعہ مطلع کردیا جائے گا۔

    ترجمان وزارت نے کہا کہ بعد ازاں ان عازمین سے مطالبہ کیا جائے گا کہ پیکیج بک کرانے کے لیے فیس جمع کرائیں جس کے بعد انہیں حج اجازت نامہ جاری ہوگا۔

    وزارت نے کہا ہے کہ جن حج کمپنیوں کے ساتھ بکنگ ہوئی ہے وہ خود اپنے عازمین سے رابطہ کرکے بقیہ تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

  • مکہ المکرمہ : حجاج کرام کیلئے ہوٹلوں کے ڈھائی لاکھ کمرے مختص

    مکہ المکرمہ : حجاج کرام کیلئے ہوٹلوں کے ڈھائی لاکھ کمرے مختص

    مکہ مکرمہ : مکہ المکرمہ میں عازمین حج کی رہائش کے لیے مختص کردہ ہاؤسنگ یونٹس کے مالکان کا کہنا ہے کہ رواں سال حج کے سیزن میں رہائشی کمرے کرایہ پر لینے کے لیے زیادہ سے زیادہ عازمین حج رابطہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب عازمین کے استقبال کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

    اس تناظرمیں قومی کمیٹی برائے حج، عمرہ اور زیارت کے رکن اور مکہ مکرمہ میں ہوٹلز کمیٹی کے رکن ہانی العمیری نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ” کو بتایا کہ مکہ المکرمہ میں 3000 گھر اور 250,000 ہوٹلوں کے کمرے تیار کیے گئے ہیں تاکہ 10 لاکھ عازمین اس سال حج ادا کرسکیں۔

    انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں ہوٹلوں کے تقریباً2 لاکھ 50 ہزار کمرے حجاج کرام کے قیام کے لیے تیار ہیں۔ ان کمروں میں حجاج کرام کی آسانی کے لیے بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

    حفظان صحت کے اصولوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور ہوٹلوں میں مالکان کی طرف سے اللہ کے مہمانوں کی صحت کے پیش نظر سینی ٹائزر کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف حجاج کی رہائش کی ذمہ دار کمیٹی نے عازمین حج کی رہائش کے لیے عمارتوں کے اجازت نامے جاری کرنے کی مدت ختم کر دی ہے۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ مقدس شہر مکہ اور سول ڈیفنس کے سیکرٹریٹ کی طرف سے منظور شدہ متعدد مشاورتی انجینیرنگ دفاتر کو عازمین کے لیے تیار کی گئی قیام گاہوں معائنہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی تاکہ جن ضوابط اور اصولوں پرمٹ جاری کیا گیا تھا ان پرپر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔

    دوسری جانب کرونا وبا کی وجہ سے دو سال کی غیر حاضری کے بعد مکہ مکرمہ کے مختلف رہائشی محلوں میں عازمین کی رہائش کے لیے مختص کئی عمارتیں حج سیزن کے لیے کرائے کے بینروں سے سج گئی ہیں۔

     

  • روڈ ٹو مکہ : پاکستانی عازمین حج کو نئی پریشانی نے گھیرلیا

    روڈ ٹو مکہ : پاکستانی عازمین حج کو نئی پریشانی نے گھیرلیا

    کراچی : عازمین حج کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور  سے حجاز مقدس پہنچانے والا روڈ ٹو مکہ منصوبہ منسوخ کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عازمین حج لاہور سے روڈ ٹو مکہ منصوبے سے استفادہ حاصل نہیں کرسکیں گے، عازمین حج کی امیگریشن اور پری کلیئرنس بھی روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت نہیں ہوسکے گی۔

    ذرائع کے مطابق سعودی امیگریشن حکام کے وفد نے وقت کی کمی کے باعث منصوبے کے فوری آغاز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔،

    سعودی امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے سسٹم آنے اور لگانے میں وقت لگتا ہے لہٰذا فوری سسٹم اسٹال نہیں ہوسکتے۔

    ذرائع کے مطابق سعودی حکام نے لاہور ائیرپورٹ دورے کے بعد منصوبہ اس سال کی بجائے اگلے سال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی امیگریشن وفد نے لاہور ائیرپورٹ حکام سے منصوبہ شروع کر نے سے معذرت کرلی،  سعودی امیگریشن کے سسٹم کی تنصیب نہ ہونے سے عازمین حج کا امیگریشن لاہور میں نہیں ہوسکے گا۔

    اس حوالے سے ائیرپورٹ ذرائع نے کہا کہ روڈ ٹومکہ منصوبہ کے تحت عازمین حج کو جو سہولیات میسر ہوتی ہیں وہ اب نہیں مل سکیں گی۔ سی اے اے حکام کی جانب سے لاہور ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق اس اقدام سے عازمین کے سعودی عرب پہنچنے سے پہلے ای حج ویزا دینے اور ان کے داخلے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے کر عازمین کے سفر میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔

    سعودی عرب میں عازمین حج کا داخلہ ڈومیسٹک پرواز کی طرح ہوتا ہے بعد ازاں ان کا سامان وزارت حج کے ذریعے ان کی رہائش گاہوں پر بھیجا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے پر عمل درآمد شروع

    یاد رہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کیلئے "روڈ ٹو مکہ منصوبے” پر 15روز قبل عمل درآمد شروع کردیا گیا تھا۔

    ایئرپورٹ منیجر عدنان خان کے مطابق کوویڈ19کی وجہ سے 2سال تک حج آپریشن نہیں ہوا تھا اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کے لئے سعودی ایمی گریشن عملے کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت 2019میں اسلام آباد سے عازمین حج نے استفادہ حاصل کیا تھا۔

  • مکہ المکرمہ :  منیٰ میں خیموں کی تقسیم :عازمین حج کیلئے اہم خبر

    مکہ المکرمہ : منیٰ میں خیموں کی تقسیم :عازمین حج کیلئے اہم خبر

    مکہ المکرمہ : سعودی عرب میں ایام حج کے موقع پر عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جاتے ہیں۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ منیٰ میں حج کمپنیوں کو خیمے الاٹ کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت کے صدر دفتر ریاض میں نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط اور بڑے عہدیداروں کی موجودگی میں اہم اجتماع ہوا ہے۔

    وزارت نے کہا ہے کہ سب سے پہلے منیٰ ٹاورز کمپنیوں کو الاٹ کئے گئے ہیں جس کے بعد دوسری اور تیسری کیٹگری کے خیموں کی تقسیم ہوئی ہے۔

    نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ حج کے خواہشمندوں کی رجسٹریشن کا آغاز 10 دن کے اندر شروع ہوگا۔

    انہوں نے کہا ہے کہ رجسٹریشن کے بعد درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گااور اس کے بعد حتمی نتائج کا اعلان ہوگا۔

    انہوں نے کہا ہے کہ امسال حج کے لیے مشاعر مقدسہ میں تیاریوں کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ وزارت اور اس کے ماتحت ادارے عازمین کو بہترین خدمات فراہم کریں گے۔

  • سعودی عرب کی نئی شرط ، عازمین حج کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہوگئی

    کراچی : سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا اور پی آئی اے سمیت تمام ائیرلائنز کو نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حج برائے سال 2022 کے معاملے پر سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے عازمین حج کے لیے کورونا وائرس ٹیسٹ سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن میں تبدیلی کردی۔

    اس حوالے سے سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے پی آئی اے سمیت تمام ائیرلائنز کو نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

    ہدایت نامے میں حج کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کیلئے سعودی عرب روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل ٹیسٹ لازمی قرار دیا۔

    سعودی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ کورونا سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی پر سعودی وزارت صحت کے قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔

    اس سے قبل سعودی ایوی ایشن نے عازمین حج کے لیے 48 گھنٹے قبل کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط رکھی تھی۔

    یاد رہے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حج ادائیگی کے لیے آنے والے مسافروں کی عمر 65 سال سے زائد نہ ہو۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے منظور شدہ کویڈ ویکسین لازمی ہوگی جبکہ سعودی عرب پہنچنے سے 48 گھنٹے قبل منفی کورونا رپورٹ دکھانی ہوگی۔

    سعودی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئرلائنز ہدایت نامے پر سختی سے عملدرآمد کرائیں خلاف ورزی پر ایئرلائنز پر جرمانے بھی کیے جائیں گے۔