Tag: hajj-season

  • حج سیزن کے دوران روبوٹک سرجری کی سہولت فراہم کردی گئی

    حج سیزن کے دوران روبوٹک سرجری کی سہولت فراہم کردی گئی

    سعودی عرب میں کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کی جانب سے مکہ مکرمہ میں طبی خدمات میں جدت پیدا کرتے ہوئے پہلی بار روبوٹک سرجری کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ہیلتھ کمپلیکس کی جانب سے سینے کے پیچیدہ آپریشنز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کمپلیکس میں پہلی مرتبہ روبوٹک سرجری کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے مختلف بیماریوں کے آپریشنز کیے جائیں گے۔

    رپورٹس کے مطابق ان آپریشنز میں مختلف اقسام کے ٹیومرز، یورولوجیکل آپریشنز اور اعضا کی پیوند کاری وغیرہ شامل ہیں۔

    سرجری کے لیے روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے جدید ترین سسٹم کو اپنایا گیا ہے جس سے آپریشن آسان اور مزید محفوظ ہوں گے۔

    جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی حساس اورمحفوظ ترین ’تھری ڈی‘ کیمروں کے ذریعے سرجری کی جاتی ہے جس سے آپریشن انتہائی محفوظ ہوتا ہے اور وقت بھی روایتی سرجری سے کم لگتا ہے۔

    سینے کی روایتی سرجری کے لیے 10 سینٹی میٹر تک کا سوراخ کیا جاتا ہے جبکہ روبوٹک سرجری میں ہونے والا سوراخ ایک سینٹی میٹر سے زیادہ نہیں ہوتا۔

    خاص بات یہ ہے کہ اس آپریشن کے بعد صحت یات ہونے کا دورانیہ بھی بہت کم ہو جاتا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج عمرہ نے کہا ہے کہ اب تک مختلف ممالک سے 42 فیصد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں جن کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔

    رپورٹس کے مطابق زمینی راستے سے 17 ہزار جبکہ فضائی ذریعے سے 5 لاکھ 89 ہزار 200 اور بحری ذریعے سے ایک لاکھ 4 ہزارعازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

    سعودی عرب: عازمین حج کی سہولت کے لیے ’اثرا المشاعر‘ پروجیکٹ لانچ

    جوازات کے مطابق عازمین کے استقبال اور انہیں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اہلکاروں کو مختلف زبانوں کی ٹریننگ دی گئی ہے، تاکہ عازمین کو بہتر انداز میں رہنمائی فراہم کی جاسکے۔

  • سعودی عرب : حج سیزن میں غیرملکیوں کے لیے ملازمت کے مواقع

    سعودی عرب : حج سیزن میں غیرملکیوں کے لیے ملازمت کے مواقع

    سعودی عرب کی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے مکہ المکرمہ گورنری کے تعاون سے سعودی شہریوں اور غیرملکی رہائشیوں کو حج کے موسم میں مشاعرمقدسہ میں ملازمت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، خواہش مند حضرات "اجیر پلیٹ فارم” سے حج ورک پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

    سعودی پریس ایجنسی "ایس پی اے” کے مطابق وزارت انسانی وسائل اس سروس کے ذریعے حج کے سیزن کے دوران کام کرنے والے اداروں کو مقدس مقامات پر ورک اجازت نامے جاری کرنے اور عارضی طور پر سعودیوں اور تارکین وطن کو ملازمت دینے کی اجازت دینے کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ ان کی انفرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرسکیں۔

    حج سیزن سیزن پلیٹ فارم کی "ورچوئل لیبر مارکیٹ” کے طور پر یہ اداروں کو محدود سطح پر ملازمت کی اجازت دے دیتا ہے۔ مشاعر مقدس میں کام کرنے والے ادارے ایک الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے حج سیزن کے دوران ملازمت کے خالی مواقع ظاہر کرسکتے ہیں۔

    قابل ذکر ہے کہ "اجیر” سعودی مارکیٹ میں افرادی قوت کے حوالے سے لچک اور نقل و حرکت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ اداروں کی افرادی قوت کی ضروریات پورا کی جا سکے۔

    مارکیٹ میں افرادی قوت کی پیداواری صلاحیت اور تاثیر کو بڑھایا جا سکیں، کاروباری مالکان کے لیے لچک دار حل فراہم کیا جا سکے، سعودی لیبر مارکیٹ میں مقامی ٹیلنٹ کو موقع دیتے ہوئے غیرملکی بھرتیوں پر انحصار کم کیا جاسکے۔

    ادارے اور افراد مندرجہ ذیل لنک (https://www.ajeer.com.sa) کے ذریعے آن لائن طریقے سے "اجیر حج” سروس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

    یہ سروس حج کے موسم کے دوران کام کو منظم کرنے اور اس میں حصہ لینے والے اداروں اور کارکنوں کو سہولت فراہم کرنے کی وزارت کی کوششوں کا حصہ ہے جس سے حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی خدمات کی سطح میں اضافہ ہوگا اور بابرکت موسم کے دوران ان کے تجربے کو بہتر بنایا جائے گا۔

  • حج انتظامات ، سعودی حکومت نے تیاریاں شروع کردیں

    حج انتظامات ، سعودی حکومت نے تیاریاں شروع کردیں

    مکرمہ: سعودی حکومت نے حج سیزن کے لیے تیاریاں شروع کردیں ، اس سلسلے میں 13اسپتال مخصوص کئے جائیں گے جب کہ تمام حجاج کوکھانا انکے کمروں میں ہی پہنچایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت کی جانب سے حج سیزن کے لیے تیاریاں شروع کردی گئیں ، ڈائریکٹرامورصحت نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 13اسپتال مخصوص کیے جائیں گے اور حجاج کے رہائشی خیموں میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا جبکہ تمام حجاج کوکھانا ان کے کمروں میں ہی پہنچایا جائے گا۔

    یاد رہے سعودی عرب نے کورونا کی صورتحال کے پیش ںظر رواں سال بھی حج محدود رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے بیرون ملک زائرین کو حج کی اجازت نہیں دی۔

    سعودی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ رواں سال مجموعی طور پر 60 ہزار سعودی عرب کے شہریوں اور رہائش پذیر افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی، لوگوں کی حفاظت اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس وقت کچھ احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔

    خیال رہے سعودی عرب میں مقیم ملکی و غیر ملکی شہریوں کی جانب سے اب تک حج کے لیے 4 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، ملنے والی درخواستوں میں سے 60 فیصد مرد حضرات کی ہیں جبکہ 40 فیصد خواتین کی ہیں۔

    درخواستوں کی حتمی منظوری کا مرحلہ 13 ذی القعد تک جاری رہے گا جس کے بعد صرف 60 ہزار افراد کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔