Tag: Hajj

حج اسلام کا ایک بنیادی رکن ہے، جو ہر بالغ اور جسمانی طور پر صحت مند مسلمان پر فرض ہے، جس کے پاس اس کی ادائیگی کے لیے ضروری مالی وسائل موجود ہوں۔ حج مکہ مکرمہ میں انجام دیا جاتا ہے، جو مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے۔

  • حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم سعودی عرب پہنچ چکی، سردار یوسف

    حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم سعودی عرب پہنچ چکی، سردار یوسف

    ریاض: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اس بار حج پیکج 2 لاکھ 80 ہزار کے قریب ہے جس میں رہائش، کھانا، ٹرانسپورٹ اور علاج و معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی گئی ہیں، پاکستان سے ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    وہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں کاروباری شخصیت شیخ سعید احمد کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

    وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے حج 2017 کے انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر 1 لاکھ 80 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 70 ہزار درخواستیں وصول ہوئیں اس مرتبہ 60 فیصد افراد سرکاری حج اسکیم کے تحت جبکہ 40 فیصد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ حجاج کو دی جانے والی تمام سہولیات کے حوالے سے ایگریمنٹ کرلیے گئے ہیں، اس مرتبہ حج پیکج 2 لاکھ 80 ہزار کے قریب ہے جس میں رہائش، کھانا، ٹرانسپورٹ اور علاج و معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی گئی ہیں، پاکستان سے ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جو حج کے قریب بھی تمام انتظامات کا بھرپور جائزہ لیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ حجاج کو ایسی سہولیات فراہم کی جائیں کہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک اور دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کو فروغ دے، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کی حکومت کے ساتھ ہمارے بھرپور اچھے مراسم ہیں بلکہ وزیراعظم نواز شریف کے شاہی خاندان کے ساتھ ذاتی نوعیت کی دوستی بھی قائم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی بالکل آزاد ہے اور اسی کے تحت مفاہمت کی بھی کوشش کی جاتی ہے قطر اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی بحالی کے لیے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف نے بھی دورہ کیا اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کرکے انہیں اپنے ہر طرح کے تعاون کی پیشکش بھی کی۔

    سردار یوسف نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعلقات کو دوبارہ بحال کیا جائے تاہم سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف موقف قابل ستائش ہے اور جس طرح سعودی عرب دنیا میں امن کو قائم کرنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور دنیا کو دہشت گردی کے خطرے سے باور کروا رہا ہے اس کی کہیں اور مثال نہیں ملتی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسی طرح پاکستان بھی کافی عرصے تک دہشت گردی کا شکار رہا ہے اس لیے پاکستان بھی اس لعنت کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کی جانب کی جانے والی تمام تر کوششوں کی تائید کرتا ہے۔

    سیاسی گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے پانامہ پیپر اور جے آئی ٹی سے متعلق کہا کہ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حسن اور حسین نواز اور دیگر خاندان کے اہم افراد کے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے قانون کی بالا دستی قائم ہوئی، وزیراعظم نواز شریف کا خاندان گزشتہ کئی دہائیوں سے احتساب کے مختلف مراحل سے گزرتا چلا آ رہا ہے جبکہ اس کے برعکس کوئی بھی بدعنوانی ثابت نہیں کرسکا اب بھی چند مخالفین پانامہ کیس کی آڑ میں الیکشن 2018 میں سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے ان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔

    افطار ڈنر کے میزبان شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کیمونٹی نے ہمیشہ اپنے کردار سے اپنے سعودی بھائیوں کے درمیان ایک اچھا مقام پایا ہے اور وہ گورنمنٹ پاکستان کے بھی شکر گزار ہیں جو ہماری خواہشات کے مطابق حرمین شریفین کے تحفظ اور پاک سعودی تعلقات کو اولیت بخشتے ہیں۔

  • سعودی حکومت نے ایرانی شہریوں کو حج ادائیگی کی اجازت دے دی

    سعودی حکومت نے ایرانی شہریوں کو حج ادائیگی کی اجازت دے دی

    ریاض: ایرانی حکام سے کامیاب مذاکرات کے بعد سعودی حکومت نے رواں برس ایرانیوں کو حج کی ادائیگی کے لیے اجازت دے دی۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارتِ حج اور سعودی حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یہ معاہدہ طے پایا کہ ایرانی شہری رواں سال 1438 ہجری کے حج کی ادائیگی کر سکیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے کہ ایرانی شہری بھی دیگر ممالک کی طرح سعودی قوانین کی مکمل پاسداری بھی کریں گے۔

    سعودی وزیر نے کہاکہ ’’خانہ کعبہ اسلامی اثاثہ ہے اور یہاں آکر فریضہ مقدس ادا کرنے والوں کو حکومت خوش آمدید کہے گی چاہیے اُن کا تعلق کسی بھی رنگ و نسل یا قوم سے ہو‘‘۔

    یاد رہے گزشتہ برس ایران اور سعودیہ کے درمیان تنازعات شدت اختیار کرگئے تھے جس کے بعد 60 ہزار سے زائد ایرانی حجاج مقدس فریضہ ادا نہیں کرسکے تھے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات بھی ناکام رہے تھے۔

    شام اور یمن میں جاری جنگ کے باعث ایران اور سعودیہ کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے تھے کیونکہ دونوں ممالک ایک دوسرے پر عسکریت پسندوں کی مدد کا الزام عائد کررہے تھے۔

  • حجاجِ کرام آج شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے

    حجاجِ کرام آج شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے

    مزدلفہ : حجاج کرام آج مزدلفہ سے منیٰ جائیں گے ، شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کر کے سر کے بال منڈوائیں گے اور احرام کھول کر عام لباس میں طواف اور سعی کریں گے۔

    حجاج کرام نے رات مزدلفہ میں کھلے میدان میں گزاری اور مزدلفہ میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ روانہ ہوئے، جہاں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری ہے، رمی کے بعد حجاج جانور کی قربانی اور سر منڈواکر احرام کھولیں گے۔


    مزید پڑھیں : شام کے مسلمانوں کی مدد اور نصرت کی جائے،امام کعبہ الرحمن السدیس


    اس کے بعد مکہ مکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے اور واپس منیٰ آجائیں گے اور مزید 2 دن قیام کریں گے،جہاں تینوں شیاطین کو کنکریاں ماریں گے۔


    مزید پڑھیں : مکہ مکرمہ:غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب


    سعودی حکومت نے رمی کے دوران بھگدڑ یا کسی اور حادثے سے بچنے کے لئےخصوصی انتظامات کئے ہیں اور رمی کے اوقات میں کمی کردی ہے، جس کے مطابق حج میں عازمین کی حفاظتی تدابیر کے طور پر پہلے روز صبح چھ سے دن 10 بجے تک رمی جمرات پر پابندی ہوگی، دوسرے روز 2 بجے سے شام 6 بجے تک جب کہ تیسرے روز ساڑھے تین گھنٹے کی پابندی ہوگی اور یہ پابندی دن ساڑھے صبح دس بجے سے 2 بجے تک برقرار رہے گی۔


    مزید پڑھیں : سعودی حکومت کی حج میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے اوقات میں کمی


    گذشتہ روز لاکھوں حجاج میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنا اور رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال منیٰ میں بھگدڑ کے واقعہ میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں 100 سے زائد پاکستانی بھی تھے۔

  • پی آئی اے کی پہلی پرواز حجاج کرام کولیکر کراچی پہنچ گئی

    پی آئی اے کی پہلی پرواز حجاج کرام کولیکر کراچی پہنچ گئی

    کراچی : فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی واپسی شروع ہوگئی ہے، نجی ائیرلائن اور قومی ائیرلائن کی دو پروازوں کے ذریعے ڈیڑھ سو سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

    کراچی ائیرپورٹ پر نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے پچاس حجاج کرام وطن پہنچے جبکہ قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 732کے ذریعے سو سے زائد حجاج کرام واپس آئے، جن کا استقبال کرنے کے لئے انکے اہل خانہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو میں حجاج کرام کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور اور حج مشن کی ناقص انتظامات کے باعث حجاج کرام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    سانحہ منیٰ کے بعد سعودی حکام نے بروقت اقدامات کئے تاہم سعوی عرب میں ملکی سفارتخانے کا کوئی کردار نظر نہیں آیا۔

    وطن لوٹنے والے حجاج کرام نے آب زم زم کے کین نہ ملنے کا شکوہ بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ نجی ائیرلائنز کے ذریعے لوٹنے والے حاجیوں کو آب زم زم نہیں فراہم کیا جارہا۔

  • حجاج کرام کی پہلی پرواز جدہ سے لاہورایئرپورٹ پہنچ گئی

    حجاج کرام کی پہلی پرواز جدہ سے لاہورایئرپورٹ پہنچ گئی

    لاہور : نجی ایئر لائن کی پہلی حج پروازتین سو سے زائد حاجیوں کو لے کر جدہ سے لاہور پہنچ گئی، لاہورایئرپورٹ پر حاجیوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    اس موقع پررقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، حجاج کرام سانحہ منٰی پر افسردہ نظر آئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ حادثے کے وقت لوگوں کا بہت رش تھا۔

    تفصیلات کے مطابق تین سو سے زائد حجاج کرام کی پہلی پرواز جدہ سے لاہور پہنچ گئی۔

    نجی ایئرلائن کی پرواز جدہ سے لاہور ایئرپورٹ پہنچی تو ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔

    حجاج کرام حج کی سعادت حاصل ہونے پر انتہائی خوش لیکن سانحہ منٰی کے حوالے سے غمزدہ بھی تھے۔

    ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ وہ سانحہ کے وقت منٰی میں موجود تھا، دل خراش مناظر کو وہ کبھی بھلا نہیں پائے گا۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کی پہلی حج پرواز آج شب لاہور پہنچے گی۔

  • سانحہ منیٰ : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےبھانجےاسدگیلانی شہید

    سانحہ منیٰ : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےبھانجےاسدگیلانی شہید

    منیٰ : سانحہ منیٰ میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےبھانجےاسدگیلانی شہید ہوگئے، شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد آٹھ ہو گئی.

    جبکہ سانحہ منیٰ کے بعد76پاکستانیوں کو تلاش کرلیا گیا، جبکہ تین سوسولہ پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں،

    تفصیلات کے مطابق اسد مرتضٰی گیلانی کےوالد وجاہت نے ان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں کچھ دیر قبل ہی اسد مرتضی گیلانی کے شہید ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔

    اسد مرتضی گیلانی رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں اس کے علاوہ وہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ سانحہ اسد مرتضی گیلانی منیٰ میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں لاپتہ ہو گئے تھے اور پاکستانی حکام کی جانب سے ان کی تلاش جاری تھی تاہم اب اسد مرتضیٰ گیلانی کے اہلخانہ کو ان کی شہادت سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    اسد مرتضی گیلانی کے بھائی ابوالحسن گیلانی نے بھی اسد مرتضی گیلانی کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    واضح رہے کہ سانحہ منیٰ میں اب تک 7 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 316 لاپتہ ہے جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہیں،پاکستانیوں کی تفصیلات معلوم کررہے ہیں.

    سانحہ منیٰ کے بعد سیکڑوں حجاج ایسے ہیں جن کا کچھ پتہ نہیں کہ وہ کہاں ہیں لاپتہ حجاج میں تین سو گیارہ پاکستانی بھی شامل ہیں.

    ڈی جی حج ابو احمد عاکف کے مطابق تین سو ستاسی پاکستانی لاپتہ تھے جن میں سے چھہتر پاکستانیوں نے رابطہ کرلیا ہے جبکہ دیگر کی معلومات حاصل کی جارہی ہے.

    سانحہ منیٰ میں اب تک سات پاکستانی شہداءکی تصدیق ہوئی ہے جو ان کےاپنےرشتےداروں نےکی ہے، سعودی حکام نےپاکستانیوں سے متعلق معلومات جلد فراہم کرنے کاوعدہ کیاہے،

    واضح رہے کہ منی میں مناسک حج کے دوران شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانیوں سمیت سات سو سے زائد حجاج کرام شہید جبکہ آٹھ سو تریسٹھ حجاج زخمی ہوگئے تھے.

  • دوران حج پاکستانی خاندان کے ہاں بیٹے کی پیدائش

    دوران حج پاکستانی خاندان کے ہاں بیٹے کی پیدائش

    ریاض: حج کے لئے جانے والے پاکستانی خاندان کودہری خوشیاں مل گئیں، ایک حج کی اوردوسری بیٹے کی پیدائش کی۔

    عرب میڈیا کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی کے لئے گذشتہ روزمنی پہنچنے والے پاکستانی خاندان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

    بچے کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کوطبیعت خراب ہونے پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ ماں اوربیٹا دونوں خیریت سے ہیں، بچے کا نام محمد علی رکھا گیا ہے۔

  • عازمینِ آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے

    عازمینِ آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے

    مکہ مکرم: عازمین آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کررہے ہیں، حج بیت اللہ کی ادائیگی کیلئے لاکھوں عازمین حج نماز فجر کے بعد حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کیلئے عرفات روانہ ہوگئے ،جہاں وہ خطبہ حج سنیں گے

    رنگ و نسل ، زبان اور خطے کی قید سے آزاد اسلامی مساوات کی مثال بنے عازمین کے سفر حج کی انتہا کا دن آ گیا ہے، لاکھوں فرزندانِ اسلام آج حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں، خیموں کے منفرد شہر منیٰ میں قیام پذیر عازمین حج کا رکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کریں گے، سعودی عرب کے مفتی اعظم مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیں گے۔

    عازمینِ حج ظہر اور عصر کی نمازیں عرفات میں اکٹھی ادا کریں گے،  سارے دن میدان عرفات میں قیام کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں نماز مغرب اور عشاء ملا کر ادا کریں گے،  کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔

    دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد عازمین حج منیٰ لوٹیں گے جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور جانوروں کی قربانی کے بعد سر منڈوا کر اپنے احرام کھول دیں گے، حجاج خانہ کعبہ جا کر طواف زیارت کریں گے اور شکرانے کے نفل ادا کر کے منیٰ واپس لوٹ جائیں گے۔

    گزشتہ روز مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز ہوا، منٰی میں بارش کے باوجود عازمین کے جذبے میں جوش تھا۔ برستی بارش میں عازمین نے رات منیٰ میں قیام کیا اور نماز فجر کے بعد میدان عرفات کی جانب روانہ ہوئے۔

  • مکہ مکرمہ میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھاربارش

    مکہ مکرمہ میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھاربارش

    ریاض: منٰی میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے جس کے بعد ایک حصے میں بجلی کا بڑا بریک ڈاﺅن ہو گیا ہے ۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق عازمین حج منٰی میں قائم دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی میں مشاعر مقدسہ کے مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔

    محکمہ شہری دفاع نے عازمین حج کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔دوسری جانب منٰی کے ایک حصے کی بجلی کا بھی بریک ڈاﺅن ہو گیا ہے جہاں گزشتہ ایک گھنٹے سے بجلی منقطع ہے۔

  • مناسکِ حج کا آغاز آج سے ہو رہا ہے

    مناسکِ حج کا آغاز آج سے ہو رہا ہے

    ریاض: مناسک حج کا آغاز آج سے ہو رہا ہے ، دنیا بھر سے آئے تیس لاکھ سے زائد فرزندان اسلام مناسک حج ادا کریں گے، منیٰ میں خیموں کا شہر آباد ہوگیا۔

     مکہ میں موجود تقریباً 30 لاکھ عازمین آج منیٰ میں قیام کریں گے، یہاں سے عازمین میدان عرفات کے لئے روانہ ہوجائیں گے اوربدھ کو میدان عرفات میں وقوف ادا کریں گے۔ وقوف عرفہ جو حج کا رکن اعظم ہے۔

    عازمین میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے اس کے ساتھ ہی خطبۂ حج شروع ہوجائے گا جو سورج غروب ہونے تک جاری رہے گا۔ میدان عرفات میں حاجی بارگاہ رب العزت میں عجزوانکساری کے ساتھ دعا مانگیں گے۔

    غروب آفتاب کے ساتھ ہی حاجی مزدلفہ کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔ رات کھلے آسمان تلے قیام کے بعد جمعرات کو رمی جمرات کریں گے۔ شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دیں گے۔ اس کے بعد سرمنڈوا کر طواف زیارت کریں گے۔

    حرم شریف کی طرف آنے والی تمام شاہراؤں اور مقدس مقامات تک عازمین کو لے جانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، حج کے موقع پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کرین حادثے سے حج متاثر نہیں ہوگا۔

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف نے کہا ہے کہ عازمین کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا دوران حج کسی شرپسند کو مناسک حج کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔