Tag: Hajj

حج اسلام کا ایک بنیادی رکن ہے، جو ہر بالغ اور جسمانی طور پر صحت مند مسلمان پر فرض ہے، جس کے پاس اس کی ادائیگی کے لیے ضروری مالی وسائل موجود ہوں۔ حج مکہ مکرمہ میں انجام دیا جاتا ہے، جو مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے۔

  • لاکھوں عازمین آج میدان عرفات میں حج کا رُکن اعظم ادا کریں گے

    لاکھوں عازمین آج میدان عرفات میں حج کا رُکن اعظم ادا کریں گے

    لاکھوں عازمین آج میدان عرفات میں حج کا رُکن اعظم ادا کریں گے۔

    لبیک اللٰہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ عازمین حج منیٰ سے عرفات کی جانب رواں دواں ہیں، عازمین کو بسوں اور ٹرینوں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔

    ٹرین پر سوار ہونے والے عازمین کے لیے خصوصی ٹکٹ کے بینڈ دیے گئے ہیں، عازمین حج کی میدان عرفات کے لیے روانگی دن گیارہ بجے تک جاری رہے گی، جہاں وہ حج کا رُکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

    عازمین آج رب کے حضور اپنی مناجات پیش کریں گے، مسجد نمرہ اور میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز قصر کر کے پڑھیں گے، خطبہ حج کے بعد حجاج کرام غروب آفتاب تک وقوف عرفہ کرینں گے۔

    غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے، حجاج کرام مزدلفہ میں آرام کریں گے اور 70 عدد کنکریاں جمع کریں گے۔

    حجاج کرام وقوف مزدلفہ کے بعد 10 ذی الحج کو رمی جمرات کریں گے۔ واضح رہے کہ رواں سال 20 لاکھ سے زائد افراد حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

  • عازمین حج کی امیگریشن کارروائی کتنی دیر میں ہوگی؟

    عازمین حج کی امیگریشن کارروائی کتنی دیر میں ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں رواں برس حج کے لیے آنے والے عازمین کی امیگریشن کارروائی صرف 20 منٹ میں مکمل کی جارہی ہے، جدہ کے ایئر پورٹ پر 15 سے زیادہ زبانیں جاننے والے اہلکار تعینات ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق جدہ حج ٹرمنل حکام نے کہا ہے کہ عازمین حج کی امیگریشن کارروائی 20 منٹ میں مکمل کی جارہی ہے۔

    جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف ممالک سے 90 حج پروازیں پہنچیں جن سے آنے والے عازمین حج کی سفری کارروائی 20 منٹ میں مکمل کردی گئی۔

    اس سے قبل محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان الیحییٰ نے حج ٹرمینل پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا۔

    الیحییٰ نے محکمہ پاسپورٹ کے اہلکاروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ عازمین حج کو معیاری اور اعلیٰ درجے کی سہولیات فراہم کریں، ایئر پورٹ پر 15 سے زیادہ زبانیں جاننے والے اہلکار تعینات ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال صنعا ایئرپورٹ سے جدہ کے کنگ عبد العزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ آنے والے یمنی عازمین حج کا بھی خیر مقدم کیا جارہا ہے۔

  • سعودی فرامانروا کی جانب سے ایک ہزار فلسطینیوں کو حج کی دعوت

    سعودی فرامانروا کی جانب سے ایک ہزار فلسطینیوں کو حج کی دعوت

    ریاض: سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے 1 ہزار فلسطینیوں کے لیے فریضہ حج کی سہولت پیش کی گئی ہے، یہ افراد فلسطینی شہدا کے لواحقین، زخمی اور اسیران کے اہلخانہ ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہدا کے لواحقین، زخمیوں اور اسیران کے ایک ہزار اہلخانہ کو شاہی مہمان کے طور پر حج کروانے کے احکامات دیے ہیں۔

    ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کا حصہ ہے جس کی نگرانی ہر سال مملکت میں وزارت اسلامی امور کرتی ہے۔

    ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے فسلطینی شہدا کے لواحقین کو شاہی مہمان کے طور پر حج کروانے کے احکامات پر شاہ سلمان بن عبد العزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔

  • اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے؟

    اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے؟

    اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اب تک 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، مکہ اور مدینہ منورہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اب تک 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی تعداد 30 ہزار اور مدینہ منورہ میں 16 ہزار ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان سے مدینہ منورہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے، اب سے 21 جون تک تمام سرکاری حج پروازیں جدہ میں اتریں گی۔

    حج سے قبل 42 ہزار سے زائد عازمین کرام کو مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کروائی جائے گی، پرائیوٹ حج اسکیم کی جانب سے بھی عازمین کی آمد شروع ہوچکی ہے اور اب تک 3 ہزار سے زائد عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق 35 حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی ہے، نجی حج اسکیم کی 2 شکایات کا ازالہ کیا گیا، شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنے والے 18 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حج میڈیکل مشن کے تحت مکہ اور مدینہ میں 2 اسپتال اور 12 ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے، مکہ اور مدینہ منورہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

  • عازمین حج کے لیے ایک اور سہولت

    عازمین حج کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں عازمین حج کے لیے دنیا کی مختلف زبانوں میں کتابچے تیار کیے گئے ہیں جنہیں عازمین میں تقسیم کیا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمین حج میں معلوماتی کتابچوں کی تقسیم کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

    جدہ کے کنگ عبد العزیز بین الاقوامی حج ٹرمینل پر وزارت اسلامی امور نے اپنے کاؤنٹرز کھول دیے ہیں۔

    وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمین حج کی آگاہی کے لیے دینی امور پر مشتمل مختلف زبانوں میں کتابچوں کی تقسیم کی جاتی ہے۔

    وزارت اسلامی امور کی جانب سے 104 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جس میں خواتین اہلکار اور نگران شامل ہیں۔

    خواتین اہلکار خواتین عازمین حج کو کتابچے تقسیم کرتی ہیں۔

    خیال رہے اسلامی امور کی وزارت کی جانب سے اس وقت 20 ہزار سے زائد کتابچے تیار کیے گئے ہیں جنہیں حج ٹرمینل پر عازمین حج میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

  • عازمین حج کی خدمات میں کوئی کوتاہی نہیں: سعودی حکام

    عازمین حج کی خدمات میں کوئی کوتاہی نہیں: سعودی حکام

    ریاض: رواں برس حج کے لیے آنے والے عازمین کا ہر سال کی طرح اس سال بھی شاندار استقبال کیا جارہا ہے اور انہیں بھرپور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف آل الشیخ کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی خدمات میں کوتاہی کرنے والے کسی بھی اہلکار کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

    آل الشیخ نے یہ بھی کہا کہ حج سیزن کے دورن تمام اہلکاروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لیے نگران ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں جو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں، مملکت سے آخری حاجی کی روانگی تک نگرانی جاری رکھی جائے گی۔

    آل الشیخ نے مذکورہ انتباہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں اپنی وزارت کے اداروں کے دورے کے موقع پر جاری کیا، وہ وزارت اسلامی امور میں حج، عمرہ و زیارت خدمات کی اعلیٰ کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔

    آل الشیخ نے اپنے دورے کا آغاز عرفات کی مسجد نمرہ، وہاں وزارت کے صدر دفتر اور دعوۃ کیبنز سے کیا، وہ مزدلفہ میں مسجد المشعر الحرام کے انتظامات دیکھنے کے لیے پہنچے تھے۔

    انہوں نے منیٰ میں مسجد الخیف کا بھی دورہ کیا۔

    آل لشیخ نے کہا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں اصلاح و مرمت کا کام 100 فیصد مکمل ہو چکا ہے، اس حوالے سے ہمیں مطلوبہ بجٹ قیادت کی جانب سے دیا گیا ہے۔

    آل الشیخ نے کہا کہ ہماری وزارت نے حجاج کو ان کی اپنی زبان میں دینی و حج آگہی فراہم کرنے کے لیے دگنی تعداد میں مبلغ اور مترجم مہیا کیے ہیں، ترجمے اور دعوت کا کام خواتین سے بھی لیا جا رہا ہے۔

    وزارت نے ٹیلی فون کے ذریعے 32 ملین آگہی پروگراموں کی بھی منظوری دی ہے، ایس ایم ایس کے ذریعے بھی دعوتی پیغامات دیے جا رہے ہیں اور کیبنز کے ذریعے بھی حج آگاہی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

  • پی آئی اے حج آپریشن: 9 ہزار عازمین سفر مقدس کے لیے روانہ

    پی آئی اے حج آپریشن: 9 ہزار عازمین سفر مقدس کے لیے روانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رواں برس کی پہلی حج پرواز 327 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا قبل از حج آپریشن جاری ہے، ہفتہ 27 مئی کی صبح تک 33 پروازوں کے ذریعے 9 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا۔

    لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 743 کے ذریعے 327 عازمین حج مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئے، لاہور ایئرپورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے موقع پر ایک سادہ پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

    پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی اور جنرل مینیجر پیسنجر ہینڈلنگ ذوالقرنین مہدی نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

    عازمین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے ملک بھر کے ایئر پورٹس پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لاہور سے 41 پروازوں کے ذریعے 11 ہزار سے زائد عازمین حج کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچایا جائے گا۔

    پی آئی اے کا روانگی حج آپریشن 22 جون کو مکمل ہوگا جبکہ سعودی عرب سے حجاج کی واپسی 2 جولائی سے شروع ہوگی جو 2 اگست تک جاری رہے گی۔

  • حجاج کی رہائش کے حوالے سے اہم ہدایت

    حجاج کی رہائش کے حوالے سے اہم ہدایت

    سعودی عرب: سعودی حکام نے حجاج کے لیے رہائشی عمارتوں کو مختص کرنے کے پرمٹ کے حوالے سے اہم ہدایت جاری کردی ہے، مذکورہ عمارتوں میں سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد ہی رہائش کا پرمٹ فراہم کیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی امور کی نگران کمیٹی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ عمارتوں اور مکانوں کے پرمٹ جاری کروانے کے لیے درخواستیں رواں ماہ کے آخر تک جمع کروائی جاسکتی ہیں۔

    کمیٹی کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں عمارتوں اور مکانوں کے مالکان جو پرمٹ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں وہ جلد از جلد کمیٹی سے رجوع کریں۔

    حجاج کے رہائشی امور کی نگران کمیٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عمارتیں مقررہ معیار کی ہونا ضروری ہیں جن کی تصدیق مکہ بلدیہ اور شہری دفاع کے منظور شدہ کنسلٹنگ انجینئرنگ فرمز سے کروائی جائے۔

    رہائشی امور کی کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کی رہائش کے لیے جو عمارتیں فراہم کی جائیں گی ان کے لیے بنیادی شرائط متعلقہ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جا چکی ہیں جن میں حفاظتی امور کو مقدم رکھا گیا ہے۔

    متعلقہ منظور شدہ انجینئرنگ فرمز کے نمائندے عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد فراہم کی گئی سہولتوں اور معیار کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کریں گے جن کی بنیاد پر عمارتوں کے پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ اسکان حجاج کمیٹی کی جانب سے حجاج کے لیے عمارتوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسی حوالے سے پرمٹ کے اجرا کے لیے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔

  • اسپانسر شپ حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی تاریخ بڑھا دی گئی

    اسپانسر شپ حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی تاریخ بڑھا دی گئی

    اسلام آباد: اسپانسر شپ حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی مدت بڑھا کر 7 اپریل کر دی گئی۔

    ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی تاریخ بڑھا دی گئی ہے، درخواستوں پر قرعہ اندازی 5 اپریل کو ہوگی۔

    رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

    اسپانسرشپ حج اسکیم کے تحت بیرون ملک سے درخواستیں جمع کرانے میں تیزی آ گئی ہے، حکومت کو ایک ہی روز میں 34 لاکھ 3 ہزار 775 ڈالرز موصول ہو گئے ہیں۔

    بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک روز میں 787 درخواستیں جمع کرا دیں، بیرون ملک سے 5 ہزار 890 حج درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

    ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق اسپانسرشپ حج اسکیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ملک میں ان کے رشتہ داروں کے لیے ہے، بیرون ملک سے درخواست کے ہمراہ 4325 ڈالرز وصول کیے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور نے اسکیم کے تحت درخواستوں پر وزرات خارجہ سے مدد طلب کی تھی۔

  • وزیر خزانہ کی حج انتظامات کے لیے تعاون کی یقین دہانی

    وزیر خزانہ کی حج انتظامات کے لیے تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد: وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات ہوئی، وزیر خزانہ نے حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کو تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں حج پالیسی، اسپانسر شپ اسکیم، سعودیہ میں رقوم کی ادائیگی اور فاٹا اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خزانہ نے معاشی صورتحال کے باوجود حجاج کے لیے زر مبادلہ کے انتظام کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔

    اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اللہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔

    وزیر خزانہ نے حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کو تعاون کی یقین دہانی بھی کروا دی۔

    ذرائع کے مطابق حج اسپانسر شپ اسکیم صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے عزیز و اقارب کے لیے ہے، غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازم ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹہ 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے، دیگر 50 فیصد حج کوٹہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیا جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ریگولر حج اسکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حسب سابق حج درخواستیں جمع ہوں گی، ڈالر ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

    وزیر مذہبی امور اگلے ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی حج درخواستوں کی وصولی کا اعلان کریں گے، سرکاری حج اسکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کرنے کا امکان ہے۔