Tag: Hajj

حج اسلام کا ایک بنیادی رکن ہے، جو ہر بالغ اور جسمانی طور پر صحت مند مسلمان پر فرض ہے، جس کے پاس اس کی ادائیگی کے لیے ضروری مالی وسائل موجود ہوں۔ حج مکہ مکرمہ میں انجام دیا جاتا ہے، جو مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے۔

  • حجاج کرام کے لیے مسجد الخیف کے حوالے سے اچھی خبر

    حجاج کرام کے لیے مسجد الخیف کے حوالے سے اچھی خبر

    ریاض: سعودی عرب نے منیٰ میں مسجد الخیف دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی نے عازمین حج کے لیے منیٰ میں مسجد الخیف باقاعدہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

    2 سال سے کرونا وبا کے دوران محدود حج کے باعث مسجد کو نہیں کھولا گیا تھا، اب دو سالہ بندش کے بعد مسجد کو زائرین کے استقبال کے لیے تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ 8، 10، 11، 12اور 13 ذی الحجہ کو عازمین مسجد الخیف میں نماز ادا کر سکیں گے، اس سلسلے میں حجاج کی آسانی کے لیے تمام سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں۔

    محرم قوانین پر عمل نہ کرنے والی خواتین عازمین حج کیلئے اہم فیصلہ

    مسجد الخیف میں تاریخ کی سب سے بڑی توسیع 1407 ہجری میں کرائی گئی تھی، اس مسجد کا رقبہ 23 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے، اور اس میں 25 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔

    وزارت کی جانب سے مسجد میں کی جانے والی تیاریوں میں فرنشنگ، صفائی، سینیٹائزیشن، ایئر کنڈیشننگ سسٹم کی دیکھ بھال، لائٹنگ، ایک ہزار سے زائد بیت الخلاؤں کی تیاری، اسلامی معلومات کے لیے کاؤنٹر، فتویٰ کیبنٹ، الیکٹرانک مانیٹر کی تعداد میں اضافہ، اور چوبیس گھنٹے کام کرنے کے لیے مینٹیننس کمپنیوں کی تعیناتی اور مینٹیننس اور بحالی کے کاموں پر فیلڈ سپروائزرز کو بھیجنا شامل ہیں۔

  • حج کے لیے جاتے ہوئے کون سی اشیا ساتھ لے جائیں؟

    حج کے لیے جاتے ہوئے کون سی اشیا ساتھ لے جائیں؟

    کرونا وبا کی وجہ سے 2 سال کے تعطل کے بعد بالآخر حج کی رونقیں بحال ہوگئیں، اب تک 7 ہزار سے زائد حجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    حجاج کی سعودی عرب روانگی سے قبل پاکستان کے مختلف شہروں میں قائم حاجی کیمپس میں زائرین کو تربیت دی جا رہی ہے جس میں حج کے فرائض کی ادائیگیوں، سفر کے دوران ضروری اقدامات اور تمام اشیا کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے۔

    حج ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کے ڈائریکٹر حسیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ حاجی کیمپ میں حجاج کو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کون سی اشیا ساتھ لے کر جانی چاہئیں۔

    حسیب احمد کے مطابق سفر حج کے دوران کم سے کم سامان ساتھ لے کر جانا چاہیئے جو باآسانی ساتھ رکھا جاسکے، بالخصوص زائد عمر کے حجاج جتنا کم سامان ساتھ لے کر جائیں گے اتنی ہی آسانی ہوگی کیونکہ وہاں عام رہائش کی طرح رہائش نہیں ہوتی اور جگہ کی بھی کمی ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حجاج سفری دستاویزات کے لیے اپنے ساتھ ایک چھوٹا بیگ رکھیں، اس کے علاوہ احرام کے دو جوڑے بھی رکھیں اور ویسے پہننے کے لیے کپڑوں کے چار جوڑے ساتھ لے کر جائیں۔

    حسیب احمد کا کہنا ہے کہ ایسا بیگ ساتھ رکھیں جو زیادہ بڑا بھی نہ ہو اور جس میں سارا سامان بھی پورا آجائے، اس کے علاوہ چھتری، جوتے اور پانی کی بوتل ساتھ لازمی رکھیں تاکہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار نہ ہوں۔

    انہوں نے بتایا کہ حج سے متعلق تربیت کے دوران ضروری اشیا کے حوالے سے باقاعدہ بریفنگ کے ساتھ ایک کتابچہ بھی فراہم کیا جاتا ہے جس میں ضروری اشیا کی ایک فہرست دی جاتی ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • بینکوں اوروزارت مذہبی امور کی نااہلی: حج  کیلئے درخواست دینے والے سینکڑوں افراد  رل گئے

    بینکوں اوروزارت مذہبی امور کی نااہلی: حج کیلئے درخواست دینے والے سینکڑوں افراد رل گئے

    اسلام آباد : بینکوں اور وزارت مذہبی امور کی نااہلی کے باعث حج کیلئے درخواست دینے والے سینکڑوں افراد رل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حج 2022 کے لیے بینکوں اور وزارت مذہبی امور کی نااہلی کے باعث سینکڑوں درخواست گزار رل گئے۔

    حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونیوالے عازمین حج نے کوہسار بلاک میں احتجاج کیا ، احتجاج میں درجنوں حج درخواست گزار شریک ہوئے۔

    متاثرین نے کہا کہ ہم نے کامیابی کا پیغام ملنے پر بینکوں میں واجبات جمع کرائے، 30 مئی کو بینکوں کے منیجرز سے پتہ چلا درخواست عدم ادائیگی پرمسترد ہو گئی ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ بینکوں اور وزارت سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، سینکڑوں درخواست گزار حج فلائٹس کے انتظار میں ہیں لیکن پتہ چلا نااہل ہوگئے۔

    متاثرین نے مزید کہا کہ ہمارے مسئلے ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، درخواستوں کو کامیاب قرار دے کر فلائٹس کا شیڈول جاری کیا جائے، حاجی کیمپس میں تربیت بھی حاصل کر چکے ہیں۔

  • لازمی حج اخراجات کی تفصیل کا اعلان کب ہوگا؟

    لازمی حج اخراجات کی تفصیل کا اعلان کب ہوگا؟

    اسلام آباد: بینکوں کے ذریعے سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانے کا عمل جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جوائنٹ سیکریٹری حج نے ایک بیان میں حج 2022 سے متعلق کہا ہے کہ بینکوں کے ذریعے 2 دن میں 14 ہزار 247 حج درخواستیں موصول ہو گئی ہیں، جب کہ حج درخواستیں 13 مئی بروز جمعہ تک وصول کی جائیں گی۔

    انھوں نے کہا سعودی عرب نے لازمی حج اخراجات کی تفصیل نہیں دی ہے، لازمی حج اخراجات کی تفصیل ملنے کے بعد اخراجات کا اعلان ہوگا۔

    واضح رہے کہ حج درخواستوں کی وصولی 9 مئی سے شروع ہوئی ہے، جو 13 مئی تک نامزد 14 بینکوں میں جمع کرائی جائیں گی، 15 مئی کو حج درخواستوں پر قرعہ اندازی ہوگی، ہر درخواست کے ساتھ 50 ہزار روپے ٹوکن جمع کرانا لازمی ہے۔

    گورنمنٹ حج 2022 کے لیے سرکاری اسکیم کا حج پیکج ابھی تک جاری نہیں ہو سکا ہے، وزارت مذہبی امور نے سعودی تعلیمات نہ آنے کی وجہ سے آن لائن درخواستوں کی وصولی شروع کر دی تھی۔

    اس سال سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات 7 سے 10 لاکھ روپے ہو سکتے ہیں، نجی حج اسکیم کے تحت حج کوٹہ کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا ہے، نجی حج ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج اخراجات 14 لاکھ یا اس سے بڑھ سکتے ہیں۔

  • سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج کوٹے کی تفصیلات جاری کر دی

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج کوٹے کی تفصیلات جاری کر دی

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں برس تمام ممالک کے لیے حج کوٹے کی تفصیلات جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت اس سال ساڑھے 8 لاکھ عازمین حج پر آئیں گے جو کل تعداد کا 85 فی صد ہیں۔

    اس سال اندرون و بیرون مملکت سے عازمین کی تعداد 10 لاکھ مقرر کی گئی ہے، رواں برس پاکستان سے 81 ہزار 132 عازمین حج کے لیے آئیں گے۔

    وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران جس ملک کے لیے جتنا حج کوٹہ مقرر تھا، رواں برس اس کا 45.2 فی صد حصہ مختص کیا گیا ہے، اس اصول کے مطابق سب سے زیادہ ایک لاکھ 51 ہزار عازمین حج انڈونیشیا سے آئیں گے، انڈونیشیا کے بعد سب سے زیادہ عازمین پاکستان سے آئیں گے۔

    سب سے کم عازمین انگولا سے آئیں گے ان کی کل تعداد 23 ہوگی، عرب ممالک میں سب سے زیادہ حج پر آنے والے مصر سے ہوں گے جن کی تعداد 35 ہزار 375 ہوگی۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 58 ہزار 745 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا، کرونا کی وبا سے قبل اکثر حجاج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر جاتی تھی، یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے گزشتہ 2 برسوں میں حج کے موقع پر عازمین کی تعداد بہت کم تھی۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال 65 سال سے کم عمر افراد حج کر سکیں گے، اور تمام عازمین کو مملکت روانگی سے 72 گھنٹے قبل کرونا کی نیگٹیو پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنی ہوگی، عازمین کے پاس سعودی وزارت صحت سے منظور شدہ ویکسین سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے۔

  • حج قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی پورٹیشن، حکام کی وضاحت

    حج قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی پورٹیشن، حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے حج کے قوانین کی خلاف ورزی، ڈی پورٹ ہونے اور دوبارہ مملکت واپس آنے کے حوالے سے وضاحتیں پیش کی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں امیگریشن قوانین کے تحت وہ افراد جو عمرہ، حج یا وزٹ ویزے پر مملکت آتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ مدت سے زیادہ مملکت میں قیام نہ کریں۔

    ایسے افراد جو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں انہیں مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جاتا ہے، قانون کے مطابق سعودی شہری اور اقامہ ہولڈر غیر ملکیوں کے لیے بھی حج قوانین کی پابندی کرنا ضروری ہے۔

    ایک شخص نے حج خلاف ورزی کے حوالے سے دریافت کیا کہ حج خلاف ورزی پر ڈی پورٹ کیے جانے والے دوبارہ مملکت ورک ویزے پر آسکتے ہیں؟

    جواب میں اسے بتایا گیا کہ سعودی امیگریشن قوانین میں تبدیلی کے بعد ایسے غیر ملکی جنہیں حج خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ کسی بھی قانون شکنی کے نتیجے میں ڈی پورٹ کیا جاتا ہے ان پر تاحیات سعودی عرب آنے پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔

    وزارت حج کے قانون کے مطابق سعودی شہری ہو یا اقامہ ہولڈر غیر ملکی، سب حج قانون کی پابندی کرنے کے پابند ہیں، اعلیٰ حج کمیٹی کے قانون کے مطابق ایک حج سے دوسرے حج کے لیے پانچ برس کا وقفہ لازمی ہے۔

    حج کرنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے میں رجسٹرڈ ہو کر حج پرمٹ حاصل کیا جائے۔ حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے عازمین کو تمام سہولتیں فراہم کرتے ہیں جن میں مشاعر مقدسہ میں قیام و طعام کے علاوہ نقل و حمل کی جملہ سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

    حج پرمٹ کے بغیر کسی کو ایام حج کے دوران مکہ مکرمہ جانے کی اجازت نہیں ہوتی، پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ جانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

    ایسےافراد جو پرمٹ کے بغیر مکہ جاتے ہیں انہیں گرفتار کر کے فنگرپرنٹ فیڈ کرلیے جاتے ہیں جس کے بعد جوازات کے مرکزی کنٹرول روم میں ان افراد کی فائل سیز کردی جاتی ہے۔

    پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ جانے کی کوشش کرنے والے افراد کے فنگر پرنٹ فیڈ کیے جانے کے بعد اقامہ کی تجدید کے وقت یا اس سے قبل انہیں ڈی پورٹ کرنے کے احکامات صادر کر دیے جاتے ہیں۔

  • وزٹ ویزے پر حج کی ادائیگی کے خوائش مندوں کیلیے اہم خبر

    وزٹ ویزے پر حج کی ادائیگی کے خوائش مندوں کیلیے اہم خبر

    ریاض: وزٹ ویزے پر حج کی ادائیگی کے خواہش مند افراد کے لیے سعودی وزارت حج و عمرہ کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ وزٹ ویزے رکھنے والے افراد حج ادا نہیں کر سکتے۔

    وزارت نے کہا کہ حج کی ادائیگی کے لیے حج ویزہ حاصل کرنا لازمی ہے، حج پرمٹ کا حصول اقامہ سے مشروط ہے، قواعد و ضوابط کے مطابق مملکت میں مقیم غیر ملکی اور سعودی شہری بھی مقررہ ضوابط کے پابند ہیں۔

    حج پرمٹ کے بغیر کوئی بھی شخص خواہ وہ ملکی اور غیر ملکی حج نہیں کر سکتا۔ حج پرمٹ حاصل کرنے کے لیے منظورشدہ حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔

    یہ بھی واضح رہے کہ وزٹ اور عمرہ ویزے حج ویزے میں تبدیل نہیں کروائے جا سکتے۔

    دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ نے توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت نامے جاری کرانے والوں کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ اگر زائرین اجازت نامے کی تاریخ میں کوئی ترمیم کرنا چاہتے ہوں تو اس کا مقررہ وقت شروع ہونے سے پہلے کروا سکتے ہیں، اجازت نامے کا وقت شروع ہونے پر ترمیم نہیں کرائی جا سکتی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے توجہ دلائی ہے کہ عمرہ اجازت ناموں کی تاریخ میں ترمیم کی سہولت میسر نہیں ہے۔ اگر پرمٹ ہولڈر اجازت نامہ منسوخ کرانا چاہتا ہو تو اجازت نامے کا وقت شروع ہونے سے چار گھنٹے قبل منسوخ کرا سکتے ہیں اور نیا اجازت نامہ جاری کرا سکتے ہیں۔

  • عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، اللہ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا: خطبہ حج 2021

    عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، اللہ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا: خطبہ حج 2021

    مکہ مکرمہ: دین اسلام کے اہم ترین رکن حج 2021 کا خطبہ میدان عرفات میں دیا گیا، خطبہ حج کے بعد حجاج کرام نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں سال 1442 ہجری کے حج کا خطبہ میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں دیا گیا۔ خطبہ حج مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ بندر بن عبد العزیز دیا۔

    شیخ بندر بن عبد العزیز نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا، اللہ کے سوا کسی اور کو نہ پکارو، اللہ تعالیٰ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔ اپنی نمازوں کی حفاظت کرو۔ ایسے عبادت کرو جیسے تم اللہ کو دیکھ رہے ہو، اللہ نے لوگوں کے ساتھ نیکی کرنے کا حکم دیا ہے، قرآن میں ہے جس نے تمہیں اللہ کے آگے جھکایا وہ محسن ہے۔ اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، پرہیز گاری اختیار کرو، ایمان کا تقاضہ یہ بھی ہے کہ زکوٰة کی ادائیگی کرو۔

    خطبے میں کہا گیا، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، اللہ نے انسانوں کی اعلیٰ معیارکی تخلیق کی اور دنیا میں بھیجا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا زمین پر فساد نہ پھیلاؤ، بے شک اللہ فساد پھیلانے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا والدین کے ساتھ احسان کا معاملہ کرو، بے شک اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔

    خطبے میں کہا گیا کہ اللہ ہمیشہ اچھائی کا درس دیتا ہے، گواہی دیتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، اللہ نے فرمایا میری رحمت سب کے لیے وسیع ہے۔ رمضان المبارک کے روزے مسلمانوں پر فرض کیے گئے ہیں، اللہ نے فرمایا، اے ایمان والو، اپنے وعدوں اور حقوق کو پورا کرو۔ رشتے داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ احسان کرو، آپس میں مساوات اور اخوت سے رہیں۔

    خطبے میں کہا گیا، اللہ نے فرمایا یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ احسان کرو، اللہ نے فرمایا تمام مخلوقات کے ساتھ احسان کا معاملہ کرو۔ اللہ کی اطاعت کرو اور اسی سے ہی مدد مانگو، اللہ تعالیٰ ہمارے ہر عمل کے مطابق حساب لے گا، عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، حج اسلام کا پانچواں رکن ہے جو استطاعت رکھتا ہے وہ حج کرے۔

    خطبے میں کہا گیا کہ جب جانور کو ذبح کرو تو اچھے سے کرو تاکہ اسے تکلیف نہ ہو، معاشرے اور معاشرتی معاملات میں احسان قائم کرو، اللہ تعالیٰ نے فرمایا، تقویٰ اختیار کرنے والے ہمیشہ جنت میں رہیں گے۔ قرآن میں حکم ہے اپنی بیویوں کے ساتھ اچھا رویہ رکھو، دنیا میں جو احسان کرے گا تو آخرت میں اس کا بھلا ہوگا، اللہ نے توبہ کا دروازہ بندوں کے لیے ہمیشہ کھول رکھا ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، لوگوں کی طرف سے آنے والی تکالیف اور مسائل پر صبر کرو، تم احسان کرو اللہ احسان کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، اللہ کی رحمت بہت قریب ہے۔ موت اور زندگی کو اس لیے پیدا کیا گیا تاکہ آزمایا جا سکے کون اچھے عمل کرتا ہے۔

    خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ایک وقت میں قصر کر کے پڑھی جائیں گی اور پھر غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔

    یاد رہے کہ رواں برس کرونا وائرس کی وجہ سے صرف سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار ملکی اور غیر ملکی افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب: وقوف عرفہ اور عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟

    سعودی عرب: وقوف عرفہ اور عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں وقوف عرفہ 19 اور عیدالاضحیٰ 20 جولائی کو ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر فلکیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت میں عیدالاضحیٰ 20 جولائی بروز پیر، حج 19 جولائی بروز اتوار کو ہو گا، جب کہ یکم ذوالحجہ بروز اتوار 11 جولائی کو ہوگا۔

    ماہر فلکیات کے مطابق جمعہ کے روز سورج غروب ہونے سے قبل چاند بھی ڈوب جائے گا، جس کی پیدائش ہفتے کی صبح ہو گی، اس طرح ہفتے کی شام ہلال دیکھا جا سکے گا، جو تقریباً 36 منٹ تک رہے گا۔

    پاکستان میں عید الاضحیٰ کس تاریخ کو ہوگی ؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

    انھوں نے مزید کہا کہ اس حساب سے 11 جولائی بروز اتوار ذوالحجہ کی پہلی تاریخ ہوگی، جب کہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 19 جولائی بروز اتواراور عیدالاضحیٰ 20 جولائی کو ہوگی۔

    واضح رہے کہ سعودی عدالت کی جانب سے آج جمعہ کی شام، ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں ڈائریکٹراسپیس سائنسز جامعہ کراچی پروفیسرجاوید اقبال نے عیدالاضحیٰ 21 جولائی کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے، انھوں نے آج کہا ہے کہ ہفتہ کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔

  • اسمارٹ کارڈ میں خواتین عازمین کی تصویر ضروری ہے یا نہیں؟ سعودی وزارت حج و عمرہ کی وضاحت

    اسمارٹ کارڈ میں خواتین عازمین کی تصویر ضروری ہے یا نہیں؟ سعودی وزارت حج و عمرہ کی وضاحت

    ریاض: اسمارٹ کارڈ میں خواتین عازمین کی تصویر ضروری ہے یا نہیں؟ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے وضاحت جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اسمارٹ کارڈ میں خواتین عازمین کی تصویر ضروری نہیں ہے، خواتین عازمین کو شناخت کے لیے دستاویزات دکھانے ہوں گے۔

    وزارت کے مطابق اسمارٹ کارڈ عازمین کی سہولت کے لیے تیار کیا گیا ہے، عازمین کو مشاعر مقدسہ میں دستاویزی ثبوت ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی، وزارت نے مزید کہا کہ اسمارٹ کارڈ سے عازمین کو متعدد سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    گزشتہ روز بھی سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اہم فیصلے میں کہا گیا تھا کہ محرم کے ساتھ حج درخواست دینے والی خاتون تنہا درخواست منسوخ نہیں کرا سکتی، بطور محرم حج درخواست دینے والے مرد بھی تنہا اسے منسوخ نہیں کرا سکتے۔

    سعودی وزارت نے کہا تھا کہ ارادہ بدلنے کی صورت میں محرم، درخواست گزار دونوں کی درخواست منسوخ ہوگی، خاتون کا محرم شوہر، بھائی، بیٹا اور والد ہو سکتے ہیں۔

    حج انتظامات سے متعلق سعودی وزارت حج کی جانب سے تفصیلات جاری

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں عازمین حج کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق حج سے متعلق 30 سے زائد اداروں کے تعاون سے اسٹریٹیجک اور آپریشنل منصوبے تیار کیے گئے ہیں، حجاج کرام کے لیے کرونا وائرس سے محفوظ رہائش گاہیں تیار کی گئی ہیں۔

    عرفات کے خیموں کے ساتھ منیٰ اور مزدلفہ کی سہولیات بھی تسلی بخش طریقے سے فراہم کی گئی ہیں، دوران حج صحت مند ماحول کی فراہمی اور معاشرتی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا، عازمین حج کو رہائش گاہ سے مطلوبہ مقامات تک لے جانے کے لیے بسوں کا انتظام کر لیا گیا ہے، 50 حاجیوں کی گنجائش والی ایک بس 20 حاجیوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔

    عازمین حج 17 اور 18 جولائی کو پہنچنا شروع ہوں گے۔