Tag: Hajj

حج اسلام کا ایک بنیادی رکن ہے، جو ہر بالغ اور جسمانی طور پر صحت مند مسلمان پر فرض ہے، جس کے پاس اس کی ادائیگی کے لیے ضروری مالی وسائل موجود ہوں۔ حج مکہ مکرمہ میں انجام دیا جاتا ہے، جو مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے۔

  • حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن

    حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن 23 جون یعنی آج ہے، جمعے کو عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن 23 جون یعنی آج ہے، آج رات 10 بجے تک درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا، 25 جون دوپہر 1 بجے سے بکنگ اور حج پیکج کے حصول کی کارروائی شروع ہوجائے گی۔

    وزارت کے مطابق منتخب افراد کو میسج موصول ہونے کے 3 گھنٹے کے اندر اپنا پیکج خریدنا ہوگا، مقررہ وقت میں پیکج نہ لینے والے افراد کا نام فہرست سے نکال دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے 15 جون کو حج کی درخواستوں کے لیے لنک جاری کیا اور صرف 24 گھنٹے کے اندر وہاں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئی تھیں۔

  • سعودی عرب : حج کیلئے کن کاغذات کا ہونا بےحد ضروری ہے؟؟

    سعودی عرب : حج کیلئے کن کاغذات کا ہونا بےحد ضروری ہے؟؟

    ریاض : سعودی حکومت نے عازمین حج کیلئے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمارٹ کارڈ اور پرمٹ کے بغیر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کی حج اور عمرہ کی وزارت نے تصدیق کی ہے کہ کسی شخص کو بھی اسمارٹ کارڈ اور سرکاری پرمٹ کے بغیر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔

    حج اور عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ اجازت نامہ (پرمٹ) الیکٹرانک کارڈ اور حجاج کے آئی ڈی کارڈ کے ساتھ ہوگا اور وزارت کی ویب سائٹ کے علاوہ ایسا کوئی پلیٹ فارم نہیں جس کے ذریعے حج کے لیے درخواست دی جاسکے۔‘

    کوئی بھی کمپنی جو وزارت کے پلیٹ فارم سے باہر حج کے لیے خدمات کے پیکجز پیش کر رہی ہے، وہ نظام کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رواں برس کا حج صرف "ابشر” پلیٹ فارم کے ذریعے اجازت نامے استعمال کرے گا، اور جنہوں نے حج کے پیکجز  وزارت کے پلیٹ فارم سے خریدے ہیں اس کو ابشر اور ان کی آئی ڈی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

    حج اور عمرہ کے نائب وزیر کے مطابق بدھ کو پانچ بجے تک چار لاکھ 70 ہزار سے زائد حج کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخواست دینے والے ویکسینیشن کی شرائط پر پورا اترتے ہیں اور انہوں نے اس سے قبل حج کی ادائیگی نہیں کی۔

    مکہ اور مدینہ میں مختص ہوٹلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وزارت سیاحت، وزارت حج اور عمرہ اور دیگر اداروں کے حفاظتی احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

    احتیاطی اقدامات کے تحت عازمین حج کے لیے صحت سے متعلق ایک گائیڈ بھی ہوگی۔ اگر عازمین حج کو کورونا وائرس کی کی علامات سے متعلق شک ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔

    حکام کے مطابق حج کے دوران، دونوں مقدس مساجد، مکہ اور مدینہ کے مرکزی علاقوں میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جائے گا۔ اسی طرح عازمین کے سامان کو بھی وقتاً فوقتاً ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔

  • حج 2021: صرف 24 گھنٹے میں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول

    حج 2021: صرف 24 گھنٹے میں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ روز رواں برس حج کی درخواستوں کے لیے لنک جاری کیا اور صرف 24 گھنٹے کے اندر وہاں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم ملکی و غیر ملکی شہریوں کی جانب سے اب تک حج کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

    موصول ہونے والی درخواستیں صرف 24 گھنٹوں میں ملی ہیں، وزارت حج و عمرہ نے لنک 24 گھنٹے قبل جاری کیا تھا۔

    سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے مطابق ملنے والی درخواستوں میں سے 60 فیصد مرد حضرات کی ہیں جبکہ 40 فیصد خواتین کی ہیں۔

    حج کی درخواستیں جمع کروانے کا ابتدائی مرحلہ غیر حتمی ہے جس میں خواہشمند افراد اپنے کوائف کا اندراج کرائیں گے، درخواستوں کی حتمی منظوری کا مرحلہ 13 ذی القعد تک جاری رہے گا جس کے بعد صرف 60 ہزار افراد کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

  • سعودی حکومت نے حج کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا

    سعودی حکومت نے حج کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا

    ریاض : سعودی وزارت حج وعمرہ نے امسال فریضہ حج کی ادائیگی اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ سال رواں کے حج میں صرف 60 ہزار شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو فریضے کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وبا کی صورتحال اور  وائرس کی نئی اقسام ظاہر ہونے کے باعث فریضے کی ادائیگی اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز سعودی وزیر حج و عمرہ کا وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ٹیلفونک رابطہ ہوا تھا، جس میں ‏حج 2021 کے آپریشن اور تیاریوں سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

    ٹیلیفونک رابطے کے بعد وفاقی وزیر نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ عازمین کی ‏تعداد اور ایس او پیز ابھی طے ہونا باقی ہیں، سعودی حکومت حتمی فیصلے سے قبل پاکستان کو ‏اعتماد میں لے گی سعودی حکومت کی جانب سے حتمی اعلان کے بعد حج پالیسی کا اعلان کیا ‏جائے گا۔

    سعودی سفارتخانہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کتنے عازمین شریک ہوں گے،حج پالیسی کیا ‏ہوگی، فیصلہ ہونا ہے، حج سےمتعلق کوئی سرکاری فیصلہ نہیں ہوا صرف مختلف تجاویز پر غور جاری ‏ہے۔ تاہم اب فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

  • حج کے لیے ویکسینیشن، پاکستان کی سعودی حکومت سے اہم درخواست

    حج کے لیے ویکسینیشن، پاکستان کی سعودی حکومت سے اہم درخواست

    اسلام آباد: سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کے لیے کرونا ویکسینیشن کی شرط کے سلسلے میں پاکستانی وزارت خارجہ نے سعودی حکومت سے رابطہ کر کے اہم درخواست کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حج کے لیے عازمین کے سلسلے میں پاکستان نے سعودی حکومت سے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کر دی ہے، پاکستان نے سعودی حکام کے سامنے یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے چین کے علاوہ دیگر ممالک کی ویکسینز فوری لگوانا مشکل قرار دے دیا۔

    پاکستان نے مؤقف پیش کیا ہے کہ پاکستانیوں نے چینی ویکسین لگوائی ہے، اور ڈاکٹرز دوبارہ کوئی اور ویکسین لگوانے کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے عازمین حج کے لیے سعودی وزارت صحت چینی ویکسین کی اجازت دے۔

    پاکستان نے درخواست میں یہ بھی کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چینی ویکسین کو منظور کر لیا ہے، اس لیے چینی ویکسینیشن کو تسلیم کیا جائے۔

    حج ادائیگی کی اجازت، پاکستانی عازمین کے لیے اچھی خبر

    یاد رہے کہ دو دن قبل وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری نے بتایا تھا کہ رواں سال محدود پیمانے پر ایس او پیز کے ساتھ فریضہ حج ادا کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں وہ سعودی وزارت حج کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا حج سے متعلق انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، حج کی تاریخ اور عازمین کی تعداد سے متعلق اہم اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے، اگر زیادہ تعداد میں عازمین کی اجازت دی گئی تو سرکاری حج پالیسی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ 9 مئی کو سعودی عرب نے سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ رواں سال حج پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

  • اللہ پاک انسانوں کو وباؤں اورآفات سے دور رکھے، خطبہ حج

    اللہ پاک انسانوں کو وباؤں اورآفات سے دور رکھے، خطبہ حج

    مکہ مکرمہ : میدان عرفات میں خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ عبداللہ بن سلیمان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انسانوں کو وباؤں اورآفات سے دور رکھے، تقویٰ اختیار کرنے والے کی ہرتنگ دستی دورکردی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو ایک دوسرے کاحق ہے وہ دیا جائے، بدن کی سلامتی کیلئے اپنی صحت کاخیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے، ہم پر امراض کو پھیلنے سے روکنا لازمی امر ہے۔

    اللہ نے جو بیماری دی ہے اس کی دوا بھی رکھی ہے، نبی کریم نے فرمایا جہاں طاعون پھیلے وہاں سے باہر نہ نکلو، امراض کو پھیلنے سے بچانے کے لیے حکومت کے اقدام سب کے سامنے ہیں ،

    حج کارکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا ہوگا، میدان عرفات میں سعودی عرب کے مفتیِ اعظم خطبہ حج دیں گے، عازمین منی پہنچ گئے، خطبہ حج مسجد نمرہ میں دیا جائے گا۔

    شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ ہم گواہی دیتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور وہ واحد ہے، اللہ کےسوا کوئی شریک نہیں، اللہ شرک کرنیوالے کی زندگی کے تمام اعمال کوضائع کردیتاہے۔

    شیخ عبداللہ بن سلیمان نے خطبہ حج دیتے ہوئے تقویٰ اختیار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہیں کرنی چاہیے اور صرف اسی سے مدد مانگنی چاہیے۔

    شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد پاک ہے کہ میری عبادت کرو اور میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو، اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد کو آخری نبی بنا کر بھیجا ہے۔

    مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ اپنے بندوں کا امتحان لیتا ہے اور اگر وہ آزمائش میں پورے ہوجائیں تو اللہ کی جانب سے انہیں نوازا جاتا ہے، قرآن میں اللہ نے ارشاد فرمایا کہ تم میرے نعمتوں کو گننا چاہو تو گن نہیں سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے امراض کو پھیلنے سے روکنے کے بہترین اقدام کیے، بیماری کو پھیلنے سے بچاؤ کے لیے اقدام کیے گیے ہیں، حفاظتی اقدامات کا سہرا شاہ سلمان کے سرجاتا ہے۔

    ضروری ہے کہ ہم اپنے لیے اور اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے دعا کریں، آج کے دن دعا کی جائے جہاں وبا ہے وہاں اللہ سلامتی رکھے،

    آج کے دن اللہ حاجیوں کے عمل پر فرشتوں کے سامنے فخر فرماتا ہے، آج کے دن اللہ کے نبی نے حضرت بلال کو اذان کا حکم دیا، نماز ادا کی گئی، احادیث میں ہمیں تمام مناسک حج نظر آتے ہیں۔

    شیخ عبداللہ بن سلیمان نے خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کریں، اللہ تعالیٰ کے ساتھ ساتھ والدین کے حقوق بھی ادا کرنے چاہئیں،رشتہ داروں کے ساتھ صلح رحمی سے پیش آؤ ، ہمیشہ سیدھی اور صاف بات کیا کریں، اللہ تعالیٰ نے عدل اوراحسان کا حکم فرمایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آؤ، ناحق قتل پر اللہ کا غضب نازل ہوتا ہے۔ اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آؤ، اپنے بھائی بہنوں اور رشتہ داروں کا خیال کیا جائے، اللہ رب العزت نے قتل کو حرام قرار دیا، ناحق قتل کرنے والوں کیلئے اللہ نے دردناک عذاب رکھا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سال مزدلفہ میں حاجی شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں نہیں چنیں گے، کنکریاں حکومت کی جانب سے دی جائیں گی، کل صبح نماز فجر کے بعد حجاج کرام شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے اوربال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔

    حج کے موقع پر مکہ مکرمہ اور منیٰ،عرفات کے میدان میں باران رحمت برس گئی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے دوران مسجدالحرام میں خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کیا گیا، سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حج کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    حج کے موقع پر کوروناوائرس سےبچاؤ کیلئےایس اوپیز پرسختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے، سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بغیر اجازت حج مقامات میں داخل ہونے پر اب تک 244افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    بغیراجازت حج مقامات پرداخلے پر12 ذوالحج تک پابندی ہے، بغیراجازت نامہ مشاعر مقدسہ جانے پر 10ہزار ریال جرمانے کی سزا ہے۔ ترجمان سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ حفاظتی تدابیر کی پابندی سب پر لازم ہے۔

    میدان عرفات میں مسجد نمرہ کو پہلے ہی سینیٹائز کردیا گیا تھا اور صفائی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کے لیے نشانات بھی لگے ہوئے ہیں، قافلے سورج غروب ہونے کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، مغرب اور عشا کی نمازیں ایک اذان اور دو تکبیروں کے ساتھ مزدلفہ میں ادا کی جائیں گی۔

  • حج 2020: صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات

    حج 2020: صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات

    ریاض: حج 2020 کی میڈیا کوریج کے لیے میڈیا گیٹ کا افتتاح کردیا گیا، راوں برس حج کی کوریج کے لیے وزارت اطلاعات کی جانب سے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے قائم مقام وزیرطاطلاعات ماجد القصبی نے حج کی کوریج کے لیے میڈیا گیٹ کا افتتاح کردیا۔

    ماجد القصبی کا کہنا تھا کہ میڈیا گیٹ سعودی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو حج کی خبریں، رپورٹیں اور تمام ضروری معلومات فراہم کرے گا، حج میڈیا گیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں موجود صحافی حج سے متعلق ابلاغی معلومات اور مواد آسانی سے حاصل کر سکیں گے۔

    راوں برس حج کوریج کے لیے وزارت اطلاعات کی جانب سے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت میڈیا سے متعلق افراد وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے تصاویر اور ویڈیو فوٹیج کے علاوہ آن لائن پریس کانفرنس کا مواد حاصل کرسکیں گے۔

    وزارت اطلاعات نے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی رجسٹریشن کے لیے بھی خصوصی لنک جاری کیا ہے جس کے ذریعے پریس کانفرنس کی آن لائن کوریج اور ذمہ داروں سے سوالات بھی پوچھے جا سکتے ہیں۔

    حج کوریج کرنے والی ویب سائٹ کو ’امن وسلامتی کے ساتھ‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سے سینکڑوں صحافی جبکہ بیرون ملک سے 25 سو میڈیا سے متعلق افراد ویب سائٹ پر خود کو رجسٹر کروا چکے ہیں۔

  • عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    ریاض: رواں برس حج کے لیے عازمین کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا، سعودی حکام نے حج کے تمام انتظامات ہر سال کی طرح بہترین طریقے سے مکمل کرلیے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق اندرون مملکت سے عازمین حج کا پہلا کاررواں جمعے کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا، وزارت حج و عمرہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوا بازی کے تعاون سے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیر مقدم کیا۔

    سعودی عرب میں تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کر لیا ہے جہاں وہ منیٰ جانے سے قبل قیام کریں گے، 4 ذی الحج سے 8 ذی الحج تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔ کمرے میں آب زم زم کی سینی ٹائز بوتلوں سے لے کر اسنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان بھی جاری کردیا ہے، اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی کا کہنا ہے کہ ہمارا سارا زور کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔

    کعکی کے مطابق جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں) کی اصلاح و مرمت اور اسے استعمال کرنے کے طور طریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام سسٹمز چیک کرلیے گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے روم مؤثر ہیں، حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی اسکیمیں تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے، الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔

  • سعودی عرب: حج درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل

    سعودی عرب: حج درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے حج درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل کرلی، رواں برس 70 فیصد حاجی سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں سے لیے جائیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال آن لائن حج درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل کرلی، مملکت میں مقیم 160 ممالک کے شہریوں نے درخواستیں دی ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ دی گئی درخواستوں میں سے منتخب غیر ملکیوں ہی کو حج پر بھیجا جائے گا، سعودی وزارت حج و عمرہ ان غیر ملکیوں کے ناموں کی فہرست جاری کرے گی جو اس سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    اس سال 70 فیصد حاجی سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں سے لیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ عازمین سے حج درخواستیں آن لائن لی گئی ہیں، ایس ایم ایس عازم حج کے موبائل نمبر پر بمعہ تعارف بھیجا جائے گا، وزارت حج نے اس سے قبل مقیم غیر ملکیوں سے کہا تھا کہ جو اس سال حج پر جانا چاہتے ہیں وہ آن لائن لنک کے ذریعے درخواستیں دیں۔

    درخواستوں کی منظوری اصولی ہوگی اور اسے حتمی منظوری کے بعد ہی شمار کیا جائے گا۔ امیدواروں میں سے وہی حج پر جا سکیں گے جو صحت اور انتظامی ضوابط پر پورے اتریں گے۔

    وزارت حج کے مطابق حج کے لیے صرف انہی امیدواروں کا انتخاب ہوگا جو لاعلاج امراض سے پاک ہوں گے اور جو کرونا وائرس سے محفوظ ہونے سے متعلق لیبارٹری ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کریں گے۔

    ترجیح ان کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے کبھی حج نہیں کیا ہوگا، جن کی عمریں 20 سے 50 کے درمیان ہوں گی اور جو حج سے قبل اور حج کے بعد قرنطینہ کی پابندی کریں گے۔

  • اس سال کون خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے؟

    اس سال کون خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے؟

    ریاض: سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن کا کہنا ہے کہ رواں برس حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں اور فیلڈ میں کام کرنے والے اس صحت عملے کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کروائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا ہے کہ صحت ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی۔

    وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن کا کہنا ہے کہ حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں اور فیلڈ میں کام کرنے والے صحت عملے کو ترجیح دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے شہریوں اور تعداد کا تعین صحت شرائط و ضوابط کے تحت کیا جائے گا، اس سال ہر ایک کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔

    وزیر حج کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے سفارتی مشنوں، سفارتخانوں اور ان ممالک کے حج اداروں کے ساتھ بات چیت کر کے حج کے لیے صحت ضوابط مقرر کیے ہیں، اس سال مختلف ممالک کے عازمین کو حج پر بھیجا جائے گا جو صحت ضوابط پر پورے اترتے ہوں۔

    ان کے مطابق جہاں تک سعودیوں کا تعلق ہے ان کے زمرے متعین کر دیے گئے ہیں، اس حوالے سے ترجیح وزارت صحت کے فیلڈ عملے اور امن عامہ کے ان اہلکاروں کو دی جائے گی جنہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات نافذ کروائے۔

    دوسری جانب حرمین جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ نے بتایا کہ عازمین حج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مشاورتی کونسل کا اجلاس منعقد کیا، اجلاس میں پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس اور کونسل کے ارکان شریک ہوئے۔

    اجلاس میں السدیس کا کہنا تھا کہ ہمیں صحت و سلامتی کی خاطر اپنی یومیہ سرگرمیوں اور دفاتر میں حفاظتی اقدامات کی پابندی جاری رکھنا ہوگی۔